Tag: Domestic Abuse

  • ٹک ٹاک کی وائرل ویڈیو نے 16 سالہ لڑکی کی جان بچا لی

    ٹک ٹاک کی وائرل ویڈیو نے 16 سالہ لڑکی کی جان بچا لی

    امریکا میں ٹک ٹاک کی ایک وائرل ویڈیو ایک 16 سالہ لڑکی کی جان بچانے کا سبب بن گئی، ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ خطرے کی زد میں ہونے کی صورت میں کس طرح سگنل دیا جائے۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست شمالی کیرولینا میں پیش آیا، 911 کو موصول ہونے والی کال میں ایک شخص نے کہا کہ اس کے سامنے جاتی کار میں ایک کم عمر لڑکی موجود ہے جو خطرے کا سگنل دے رہی ہے۔

    پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ گاڑی کو روکا اور گاڑی چلانے والے 61 سالہ ہربرٹ برک نامی شخص کو گرفتار کرلیا۔

    کار میں موجود لڑکی چند روز قبل لاپتہ ہوئی تھی جس کی گمشدگی کی رپورٹ اس کے والدین نے پولیس کو درج کروائی تھی۔

    61 سالہ ملزم کی تلاشی کے بعد اس کے پاس سے چائلڈ پورنوگرافی کا مواد برآمد ہوا جبکہ اس نے 16 سالہ لڑکی کو بھی غیر قانونی طور پر حبس بے جا میں رکھا تھا۔

    لڑکی کی جان بچانے والی یہ ویڈیو گزشتہ برس جون میں ٹک ٹاک پر وائرل ہوئی تھی، ویڈیو میں ایک خاتون اپنی دوست سے ویڈیو کال کے دوران ہاتھ سے چند مخصوص اشارے کرتی ہیں۔

    ان اشاروں کا مطلب گھریلو تشدد یا گھر میں کسی خطرے کی نشاندہی کرنا، یا مدد طلب کرنا ہے۔

    اس وقت یہ ویڈیو اس لیے بھی وائرل ہوئی کیونکہ لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو تشدد میں بے پناہ اضافہ ہوگیا تھا۔ لاک ڈاؤن کے 8 ماہ کے دوران کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے مردوں نے گھروں پر رہنا شروع کیا تو گھریلو تشدد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    اقوام متحدہ کے مطابق خواتین اپنے پرتشدد شوہر یا پارٹنرز کے ساتھ گھروں میں قید ہوگئیں اور ان کے لیے کوئی جائے فرار نہیں بچی۔

    صرف برطانیہ میں گھریلو تشدد کے سبب ہاٹ لائن پر مدد مانگنے والوں کی تعداد میں 120 فیصد اضافہ ہوا، امریکا میں یہ شرح 20 فیصد زیادہ رہی۔

    سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ اس ویڈیو کو زیادہ سے زیادہ وائرل کیا جانا چاہیئے تاکہ یہ ویڈیو گھروں میں تشدد کا شکار خواتین تک پہنچے اور وہ مدد طلب کرسکیں۔

  • ماہرہ خان گھریلو تشدد کے خلاف عالمی مہم کا حصہ بن گئیں

    ماہرہ خان گھریلو تشدد کے خلاف عالمی مہم کا حصہ بن گئیں

    کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان گھریلو تشدد اور جنسی استحصال کے خلاف عالمی مہم کا حصہ بن گئیں، وہ اس سے قبل بھی بچوں اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف مہمات کا حصہ رہ چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ ماہرہ خان گھریلو تشدد اور جنسی استحصال کے خلاف کامن ویلتھ کی عالمی مہم کا حصہ بن گئیں۔

    اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ کامن ویلتھ اور جینٹل فورسز نامی تنظیم کے تعاون سے چلنے والی عالمی مہم کا حصہ بن گئیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Mahira Khan (@mahirahkhan)

    ماہرہ نے انسٹاگرام پر مذکورہ مہم کا حصہ بننے کے حوالے سے متعدد پوسٹس کیں، جن میں انہوں نے تصدیق کی کہ وہ کامن ویلتھ کے تحت شروع کی گئی مہم جوائن دی کورس کا حصہ بن چکی ہیں۔

    انہوں نے ویڈیو میں اپنا تعارف کروانے کے بعد کامن ویلتھ ارکان ممالک کے افراد کو مہم کا حصہ بننے کی دعوت بھی دی۔

    اسی طرح ماہرہ نے جوائن دی کورس نامی مہم سے متعلق دیگر دو پوسٹس بھی کیں، جن میں سے ایک ویڈیو میں انہوں نے لوگوں کو پیغام دیا کہ وہ گھریلو تشدد اور جنسی استحصال سمیت دیگر مسائل پر خاموش رہنے کی روایات کو ختم کرکے آواز بلند کریں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Mahira Khan (@mahirahkhan)

    ماہرہ خان جس مہم کا حصہ بنی ہیں، اسی مہم میں برطانوی، آسٹریلوی اور دیگر ممالک کی شوبز، اسپورٹس اور متعدد معروف شخصیات شامل ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Mahira Khan (@mahirahkhan)

    جوائن دی کورس نامی مہم پاکستان، بھارت، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور کینیڈا سمیت دنیا کے 54 ممالک ارکان پر مشتمل تنظیم کامن ویلتھ نے سماجی ادارے جینٹل فورس کے تعاون سے شروع کی ہے۔

    کامن ویلتھ کے ارکان ممالک میں زیادہ تر وہ ملک شامل ہیں جو ماضی میں سلطنت برطانیہ کے زیر کنٹرول تھے۔ جوائن دی کورس نامی مہم کے تحت دنیا بھر سے گھریلو تشدد اور جنسی استحصال کے خاتمے کی مہم چلائی جا رہی ہے۔