Tag: Dominican Republic

  • ڈومینیکن ریپبلک: نائٹ کلب کی چھت گرنے سے 79 افراد ہلاک، 150 سے زائد زخمی

    ڈومینیکن ریپبلک: نائٹ کلب کی چھت گرنے سے 79 افراد ہلاک، 150 سے زائد زخمی

    جمہوریہ ڈومینیکن کے نائٹ کلب کی چھت گرنے سے سابق بیس بال کھلاڑی سمیت 79 افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق منگل کی علی الصبح دارالحکومت سینٹو ڈومنگو میں واقع ایک نائٹ کلب کی چھت گرنے کے واقعے میں کم از کم 79 افراد ہلاک اور 150زخمی ہو گئے، مرنے والوں میں ایک صوبائی گورنر اور سابق بیس بال کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

    جمہوریہ ڈومینیکن حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کیلیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے اور شہریوں سے خون عطیہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے جبکہ ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق منگل کی علی الصبح معروف گلوکار ربی پیریز کے کنسرٹ کے دوران پیش آیا، حادثے کے وقت نائٹ کلب میں جاری کنسرٹ میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، حادثے کے بعد کلب میں افرا تفری مچ گئی۔

    سنٹرل ایمرجنسی آپریشنز کے ڈائریکٹر جوان مینوئل مینڈیز نے بتایا ہے کہ ملبہ کے نیچے اب بھی کئی لوگوں کے دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔ ہمارا اندازہ ہے کہ کچھ لوگ اب بھی زندہ ہیں، ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے مزید افراد کو نکالنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

    اس حوالے سے صدر لوئیس ابی نادر نے تصدیق کی ہے کہ مرنے والوں میں شمالی صوبے مونٹے کرسٹی کی گورنر نیلسی کروز بھی شامل ہیں۔

    انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ہم اس سانحے پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہیں، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہماری دعائیں ہیں۔ حکام متاثرین کی بازیابی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

  • پالتو کتے کی وجہ سے پولیس نے ملزم کو رہا کردیا

    پالتو کتے کی وجہ سے پولیس نے ملزم کو رہا کردیا

    کتے کی وفاداری اور اپنے مالک سے محبت مشہور ہے اور اس کی حالیہ مثال یہ واقعہ ہے جو ڈومینکن ری پبلک میں پیش آیا۔

    کیربیئن ملک ڈومینکن ری پبلک میں کرفیو کی خلاف ورزی پر ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا تاہم جلد ہی اس شخص کے ایک معصوم سے ’دوست‘ نے پولیس پر اس قدر دباؤ ڈالا کہ پولیس نے مجبوراً اس شخص کو چھوڑ دیا۔

    یہ دوست کوئی اور نہیں بلکہ اس شخص کا پالتو کتا تھا۔

    پولیس کے مطابق کتا پولیس اسٹیشن میں داخل ہوا اور پولیس کی کارروائی میں خلل ڈالنے لگا، وہ بار بار اپنے مالک کی شرٹ کھینچ رہا تھا جسے پولیس نے ہتھکڑیوں میں جکڑ رکھا تھا۔

    پولیس والوں کو اس کتے پر ترس آگیا جو اپنے مالک کے لیے نہایت بے قرار اور پریشان تھا اور انہوں نے اس شخص کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ایک پولیس افسر نے مذاقاً کہا کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پولیس کسی ملزم کو ایک کتے کے حوالے کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ ڈومینکن ری پبلک میں کرونا وائرس کے باعث ملگ گیر کرفیو نافذ ہے، ملک بھر میں سوموار سے جمعہ رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد ہے، ویک اینڈ پر یہ کرفیو شام 7 بجے سے صبح 5 بجے تک جاری رہتا ہے۔

    ڈومینکن ری پبلک میں اب تک کرونا وائرس کے 1 لاکھ 24 ہزار 843 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 19 ہزار 537 ہے۔ ملک میں کوویڈ 19 سے اب تک 2 ہزار 225 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔