Tag: Donald Tramp

  • سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فائرنگ سے زخمی

    سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فائرنگ سے زخمی

    پنسلوینیا : امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ان کے گولی لگنے سے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ پر پنسلوینیا میں ان کی انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔

    موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور ہر ڈونلڈ ٹرمپ کو حفاظتی حصار میں لیا اور انہیں اسٹیج سے لے کر تیزی سے روانہ ہوگئے۔

    امریکی ٹی وی چینل سی این این کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ریلی کے شرکاء سے خطاب کیلئے اسٹیج پر موجود تھے، جیسے ہی انہوں نے اپنے حامیوں سے خطاب کا آغاز کیا تو گولیاں چلنا شروع ہوگئیں۔

    اس حوالے سے امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار کی ریلی میں فائرنگ کے واقعے میں سابق امریکی صدر زخمی ہوئے ہیں لیکن ان کے کان پر خون کے نشانات دیکھے گئے ہیں۔

    ٹرمپ خفیہ سروس اہلکاروں کے حصار میں اسٹیج سے خود چلتے ہوئے گاڑی تک گئے، اسٹیج سے واپسی پر ٹرمپ نے حامیوں کی طرف فضا میں مکا بھی لہرایا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بظاہر ڈونلڈ ٹرمپ کو واقعے میں شدید چوٹیں نہیں آئیں، تاہم یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ٹرمپ گولی لگنے سے زخمی ہوئے یا اسٹیج پر نیچے جھکتے ہوئے چوٹ لگی ابھی واضح نہیں ہوا۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سابق امریکی صدرٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ،ری پبلکن رہنماؤں نے عوام سے ڈونلڈٹرمپ کیلئے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

    سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ترجمان اسٹیون چنگ نے اس کی تفصیلات بیان کی ہیں، انہوں ںے بتایا کہ کہ ڈیمو کریٹ نلڈ ٹرمپ ٹھیک ہیں، مقامی طبی سہولت میں معائنہ کیا جا رہا ہے، ٹرمپ نے گھناؤنے فعل میں فوری کارروائی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سابق صدر ٹرمپ کی انتخابی ریلی میں 5 فائر کیے گئے، مجمع میں سے گولی نہیں چلائی گئی، ٹرمپ کو دور سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی،

    اس کے علاوہ بٹلر کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والا مبینہ حملہ آور ہلاک ہوگیا ہے، فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا ہے۔

    ٹرمپ کی انتخابی ٹیم نے بھی کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بالکل ٹھیک ہیں، سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی معلومات حاصل ہوں گی، عوام کو آگاہ کردیا جائے گا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ رہے، سیکرٹ سروس

    بعد ازاں سیکرٹ سروس انتظامیہ نے صدر جوبائیڈن کو ٹرمپ پر حملے سے متعلق بریفنگ میں بتایا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں سابق امریکی صدر ٹرمپ محفوظ رہے ہیں۔

    حملہ آور نے کہاں بیٹھ کر فائرنگ کی؟ 

    امریکی سیکرٹ سروس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ریلی پر فائرنگ کرنے والا شوٹر ریلی کے مقام سے باہر ایک بلند مقام پر موجود تھا۔

    سیکرٹ سروس عہدیدار کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے اسٹیج کی طرف متعدد مرتبہ فائر کیے، اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا، انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک اور2شدید زخمی ہوئے۔

  • کبھی ہار نہیں مانوں گا، ڈونلڈ ٹرمپ ڈٹ گئے

    کبھی ہار نہیں مانوں گا، ڈونلڈ ٹرمپ ڈٹ گئے

    جارجیا : سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف فرد جرم کو مضحکہ خیز اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں کبھی ہار نہیں مانوں گا۔

    جارجیا میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرد جرم عائد کرنا ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کی انتخاب میں مداخلت کے مترادف ہے۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کبھی ہار نہیں مانوں گا، اپنے مشن سے باز نہیں آؤں گا، حساس دستاویزات کو جاسوسی ایکٹ کے بجائے صدارتی ریکارڈ ایکٹ کے تحت آنا چاہیے تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے امریکا کے جوہری راز سے متعلق حساس فائلیں اپنے باتھ روم اور شاور روم میں چھپائی تھیں۔

    ایسا پہلی بار ہے کہ جب کسی موجودہ یا سابق کمانڈر انچیف کو وفاقی فرد جرم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو ، دوسری جانب مجرمانہ تحقیقات کے طوفان نے وائٹ ہاؤس میں دوسری مدت کے لیے ٹرمپ کی کوششوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر گزشتہ روز دوسری بار فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ نئی فرد جرم خفیہ دستاویزات سے متعلق لاپروائی پر عائد کی گئی، وہ منگل کو میامی کی وفاقی عدالت میں پیش ہوں گے۔

    دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو بے قصور اور مقدمے کو جھوٹا قرار دیدیا، انہوں نے کہا کہ مجھے فرد جرم سے آگاہ کیا گیا، مقدمہ افواہوں پر مبنی ہے۔

  • سابق امریکی صدر نے تیسری عالمی جنگ کا اشارہ دے دیا

    سابق امریکی صدر نے تیسری عالمی جنگ کا اشارہ دے دیا

    نیو یارک : سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جو بائیڈن اپنے متنازع اقدام سے دنیا کو تیسری جنگ عظیم کی جانب دھکیل رہے ہیں۔

    انہوں نے خبردار کیا ہے کہ جو بائیڈن کی یوکرین کے حوالے سے پالیسی تیسری عالمی جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونے کے فوراً بعد وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور اپنے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی کو فون کریں گے اور ان سے ملاقات کرکے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

    ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں خبردار کیا کہ اگر آپ ان اقدامات پر نظر رکھیں جو بائیڈن یوکرین کے حوالے سے کر رہے ہیں، تو آپ کی سمجھ میں آجائے گا کہ وہ منظم اورمنظم طریقے سے تیسری عالمی جنگ کی جانب لے جا رہے ہیں، یہ کتنا بڑا پاگل پن ہے۔

    رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ میں آپ کو ضمانت دیتا ہوں کہ میں اس مسئلے کو حل کرسکتا ہوں، انہوں نے فلوریڈا میں مداحوں کے ایک ہجوم سے کہا کہ ہم 24 گھنٹوں کے اندر ایک معاہدے تک پہنچ جائیں گے۔

    سال 2020 کے انتخابات میں اپنے ڈیموکریٹک حریف جو بائیڈن سے ہارنے والے متنازعہ سابق امریکی صدر نے 15 نومبر 2022 کو کہا تھا کہ وہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گے۔

  • جوبائیڈن یوکرین کے بجائے اپنے اسکولوں کے بچوں کو محفوظ بنائیں، ٹرمپ

    جوبائیڈن یوکرین کے بجائے اپنے اسکولوں کے بچوں کو محفوظ بنائیں، ٹرمپ

    واشنگٹن : سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ملک کے بچوں کو اسکولوں میں فائرنگ سے بچانے کے لیے مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

    ٹرمپ نے یہ بات حال ہی میں امریکی کانگریس کی طرف سے منظور کیے گئے 40 بلین ڈالر کے یوکرین امدادی پیکج کا حوالہ دیتے ہوئے کہی۔

    ہیوسٹن، ٹیکساس صوبے میں نیشنل رائفل ایسوسی ایشن کے سالانہ کنونشن سے خطاب کے دوران انہوں کہا کہ جہاں امریکہ یوکرین کو 40 بلین ڈالر کا امدادی پیکج فراہم کرسکتا ہے تو پہلے اسے اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہرممکن کوشش کرنی چاہیے۔

    سابق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے عراق اور افغانستان میں کھربوں ڈالر خرچ کیے لیکن بدلے میں کچھ نہیں ملا، اس سے پہلے کہ ہم باقی دنیا کو بنائیں، ہمیں اپنے بچوں کے لیے ملک میں محفوظ اسکول بنانا چاہیے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ ایسے امریکیوں کو بندوق رکھنے کی اجازت دی جانی چاہیے جو مہذب ہوں۔ انہوں نے ٹیکساس کے ایک ایلیمنٹری اسکول میں طلباء کے ایک گروپ پر فائرنگ کو جنگلی اور وحشیانہ ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے ہر امریکی کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ فائرنگ کے اس واقعہ میں 19 بچے اور دو اساتذہ ہلاک ہوئے تھے۔ کوویڈ 19 کی وجہ سے ملک کے سب سے طاقتور "گن لابی گروپ” نیشنل رائفل ایسوسی ایشن کی سالانہ کانفرنس دو سال بعد منعقد ہو رہی ہے۔

    ٹیکساس قتل عام کے تناظر میں ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ اور لیفٹیننٹ گورنر ڈین پیٹرک دونوں نے کنونشن کا حصہ بننے سے انکار کر دیا تھا، پیٹرک نے جمعہ کو کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ میری موجودگی خاندان اور یووالڈے میں رہنے والوں کے لیے درد یا غم کا باعث بنے۔

  • "دو کروڑ کے ڈونلڈ ٹرمپ”

    "دو کروڑ کے ڈونلڈ ٹرمپ”

    میکسیکو : سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چاہنے والوں کی تعداد بھی کم نہیں، کنزرویٹو پولیٹیکل ایکشن کانفرنس کے موقع پر سابق صدر کی شرکت کو ان کے حامیوں کی جانب سے اتنی اہمیت دی جارہی ہے کہ اس کے لیے ان کا سنہرا مجسمہ بھی تیار کیا گیا۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سنہری مجسمہ جو گذشتہ ہفتے کے آخر میں کنزرویٹو پولیٹیکل ایکشن کانفرنس میں منظر عام پر لایا گیا تھا ، میکسیکو میں نہیں بلکہ چین میں تیار  کیا گیا ہے۔

    پولیٹیکو کی پلے بوک نے بدھ کے روز انکشاف کیا کہ 100،000 ڈالر (پاکستانی تقریباً 2 کروڑ روپے) کے مجسمے کے آرٹسٹ ٹومی زیگن نے سونے سے بنا ہوا یہ مجسمہ میکسیکو میں نہیں بنایا۔

    یہ حقیت بھی سامنے آئی کہ مجسمہ دراصل میکسیکو نہیں بلکہ چین کی شیجیہ جوانگ ڈی اینڈ زیڈ مجسمہ کمپنی میں بنایا گیا تھا۔

    زیگن نے پولیٹیکو کو بتایا تھا کہ وہ میکسیکو میں رہتے ہیں اور میکسیکو کے روساریتو میں ہی انہوں نے ہاتھ سے یہ مجسمہ بنایا تھا۔

    زیگن کے بزنس پارٹنر نے جو موریکو نے اس خبر رساں ادارے سے رابطہ کیا اور بتایا کہ یہ مجسمہ چین میں تیار کیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ میں سچ ہی کہوں گا کیونکہ میں نے یہ مجسمہ فروخت کرنا ہے اس لیے مجھے سچ ہی بولنا چاہیئے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کردیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کردیا

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فی الحال ان کا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین انجکشن لگوانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وہائٹ ​​ہاؤس میں کام کرنے والوں کو جب تک خاص طور سے ضروری نہ ہو تو کچھ عرصے بعد انجکشن لگوانا چاہئیے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے یہ ایڈجسٹمنٹ کرنے کو کہا ہے تاہم فی الحال میرا ویکسین لگوانے کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔ لیکن میں منتظر ہوں کہ مناسب وقت پر ویکسین لگواؤں گا۔

    واضح رہے کہ امریکی میڈیا میں گزشتہ روز یہ خبر آئی تھی کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہی نائب صدر مائیک پینس اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو کورونا ویکیسن کا انجکشن لگایا جائے گا۔

    یاد  رہے کہ امریکہ میں بیماریوں پر کنٹرول اور روک تھام کرنے والی سی ڈی سی کمیٹی نے سب سے پہلے ہیلتھ ورکروں اور نرسنگ ہوم کے ملازمین کو ٹیکہ لگانے کی سفارش کی تھی۔

    سی ڈی سی کے مطابق دسمبر کے آخر تک ایجنسی کو تقریباً 4 کروڑ کوویڈ۔19 ویکسین کی خوراک کے تیار کرنے کی امید ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک 6.64ملین سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اس وبا کی وجہ سے 15.28 لاکھ سے زیادہ افراد کی اموات ہوچکی ہیں۔

  • الیکشن کو چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

    الیکشن کو چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جیتنا آسان ہے لیکن ہارنا کبھی آسان نہیں ہوتا، الیکشن چوری نہیں کرنے دیں  گے، اپنی کامیابی کا اعلان آج کروں گا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکی صدر کا کہنا ہے کہ بڑی کامیابی کا اعلان آج کروں گا، ہماری کامیابی یقینی ہے لیکن الیکشن کو چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہم انہیں الیکشن چوری نہیں کرنے دیں گے، پولنگ کا عمل بند ہونے کے بعد ووٹ کاسٹ نہیں کیا جاسکتا۔

    اس سے قبل آرلنگٹن میں ریپبلکن انتخابی مہم کے مرکزی دفتر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ جیتنا آسان ہے لیکن ہارنا کبھی آسان نہیں ہوتا۔

    اپنے حامیوں سے گفتگو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف ریاستوں میں ہماری پوزیشن مستحکم ہے، آج ایک بہترین رات ہوگی لیکن سیاست میں یقین سے کچھ نہیں کہاجاسکتا۔

  • امیر کویت کے لیے امریکہ کی جانب سے اعلیٰ عسکری اعزاز

    امیر کویت کے لیے امریکہ کی جانب سے اعلیٰ عسکری اعزاز

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کو امریکہ کے اعلیٰ ترین عسکری تمغے سے نوازا ہے۔

    کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر نے یہ تمغہ وائٹ ہاؤس میں خصوصی تقریب کے دوران شیخ ناصر صباح الاحمد الجابر الصباح کے حوالے کیا۔

    امریکہ نے خطے سمیت دنیا بھر میں امیر کویت کے عظیم کردار اور انتھک جدوجہد کے اعتراف میں دیا ہے۔ یہ تمغہ کئی عشروں سے کویت اور امریکہ کی منفرد تاریخی شراکت کی تاجپوشی بھی ہے۔

    امیر کویت کو یہ تمغہ ایسے وقت میں دیا گیا ہے جبکہ دونوں ملک سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ منانے جارہے ہیں۔

    کویتی خبررساں ادارے کونا کے مطابق امریکی صدر نے اعلی کمانڈر کے درجے کا جو عسکری تمغہ امیر کویت کو دیا ہے وہ تاریخ میں اتحادی ممالک کے صرف گیارہ رہنماؤں کو پیش کیا گیا ہے۔ یہ اعلی درجے کا تمغہ آخری بار 1991 میں دیا گیا تھا۔

  • کورونا وائرس : امریکی میڈیا صدر پر برس پڑا، ٹرمپ نے رپورٹس مسترد کردیں

    کورونا وائرس : امریکی میڈیا صدر پر برس پڑا، ٹرمپ نے رپورٹس مسترد کردیں

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کو نظرانداز کرنے کی میڈیا رپورٹس مسترد کردیں، ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 340ہوگئی،26ہزار سے زائد افراد تاحال متاثر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے سلسلے میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کی، بلاجواز تنقید کی جارہی ہے، کورونا وائرس کو نظرانداز کرنے کی میڈیا رپورٹس مسترد کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں کہا ہے کہ صدرٹرمپ نے کوروناوائرس پر ابتدائی رپورٹس کو سنجیدہ نہیں لیا تھا، امریکی خفیہ ایجنسیز کی جانب سے کورونا وائرس کے متعلق جنوری اور پھر فروری میں خبردار کیا گیا تھا۔

    خفیہ ایجنسیز نے صدرٹرمپ کو اپنی تشویش سے بھی آگاہ کیا تھا، ٹرمپ نے25فروری کو ٹویٹر پیغام میں بھی صورتحال کنٹرول میں ہونے کا دعویٰ کیا جبکہ اب تک کورونا وائرس سے امریکا میں340افراد ہلاک اور26ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ٹرمپ نے کرونا وائرس کو ‘چینی وائرس’ کا نام دے دیا

    اس کے علاوہ ،ڈیموکریٹ پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے بھی امریکی صدر کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ جانتے ہیں وہ ناکام ہوچکے ہیں۔

  • ٹرمپ کے وکلاء نے مواخذے کو عوام پر خطرناک حملہ قرار دے دیا

    ٹرمپ کے وکلاء نے مواخذے کو عوام پر خطرناک حملہ قرار دے دیا

    واشنگٹن : امریکی صدر کے وکلاء نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی کارروائی عوام پر خطرناک حملہ اور آئندہ ہونے والے صدارتی الیکشن کو متاثر کرنے کی شرمناک حرکت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکلاء نے مواخذے کو عوام پر خطرناک حملہ قرار دے دیا، اس حوالے سے وکلا نے6 صفحات پر مشتمل خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف ڈیمو کریٹس الزامات ثابت نہیں کرسکتے۔

    وکلاء کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی کارروائی عوام کے حقوق پر خطرناک حملہ اور آئندہ صدارتی الیکشن کو متاثر کرنے کی شرمناک حرکت ہے۔

    واضح رہے کہ سینیٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کا آغاز21 جنوری سے ہوگا، ٹرمپ کے دفاعی ٹیم میں کلنٹن سے مواخذے میں تفتیش کرنے والے وکلاء شامل ہیں، امریکی ایوان نمائندگان مواخذے کی پہلے ہی منظوری دے چکا ہے۔

    اس سسلے میں امریکی ایوان نمائندگان میں تین روز قبل صدر ٹرمپ کے مواخذے کے آرٹیکلز سینیٹ کو بھجوانے کی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ہے۔

    اسپیکر ایوان نمائندگان نینسی پلوسی نے صدارتی مواخذے کی قرارداد پر دستخط کر دیے، امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد کے حق میں 228جب کہ مخالفت میں193 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

    نینسی پلوسی نے ٹرمپ کے مواخذے کی قرارداد پر دستخط کر دیے

    یاد رہے کہ صدر ٹرمپ کے مواخذے کی قرارداد گزشتہ ماہ ایوان نمائندگان میں منظور کی گئی تھی، ان پر اختیارات سے تجاوز اور کانگریس کو روکنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ کوئی قانون سے بالا تر نہیں ہے، صدرڈونلڈ ٹرمپ بھی اپنی قوم کے سامنے جواب دہ ہیں۔