میلبرن : آسٹریلیا کے میڈیا نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو کھیلوں کا ڈونلڈ ٹرمپ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق بنگلور ٹیسٹ میں لگی آگ نہیں بجھی، آسٹریلوی میڈیا نے پھر چنگاری کو ہوا دے دی، بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو کھیلوں کا ڈونلڈ ٹرمپ قرار دے دیا۔
آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میڈیا کو ٹارگٹ کرتے رہتے ہیں، کوہلی بھی ان کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، رانچھی ٹیسٹ میں بھی کوہلی کھلاڑیوں کی نقل اتارتے دکھائی دیئے، بولے یہ فن تھا، میڈیا اسے متنازع بنارہا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک کپتان کیسے کھیل کا مذاق اڑا سکتا ہے، آئی سی سی نے کوئی ایکشن نہیں لیا جو حیران کن ہے۔
اخبار نے لکھا ہے کہ اس سے قبل بھارتی کپتان نے اسمتھ اور آسٹریلیا کے کھلاڑیوں پر چیٹنگ کا الزام لگا کر بیان بازی کا سلسلہ شروع کیا اور میچ کے بعد پریس کانفرنس میں معذرت کرنے یا ثبوت دینے سے بھی انکار کیا تھا۔
امیتابھ بچن کا کوہلی کو ٹرمپ کی طرح فاتح ماننے پر آسٹریلوی میڈیا کا شکریہ
دوسری جانب بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن بھی لڑائی میں کود پڑے، انہوں نے کوہلی کو ٹرمپ کی طرح فاتح ماننے پر آسٹریلوی میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔
T 2471 – Aussi media calls Virat, Donald Trump of sports !! … thank you Aussi media for accepting that he is a winner and the PRESIDENT !! pic.twitter.com/ZOoNtuhtC2
— Amitabh Bachchan (@SrBachchan) March 21, 2017
خیال رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے مابین کھیلی جا نیوالی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور آسٹریلوی کپتان کے درمیان تنازع اس وقت سامنے آیا جب ویرات کوہلی نے کینگروز ٹیم پر الزام لگایا تھا کہ سمتھ نے ریویو لینے کیلئے ڈریسنگ روم سے رجوع کیا تھا جس پر ویرات کوہلی ناراض ہوگئے اور کہا کہ یہ اقدام کرکٹ کے اصولوں کے منافی ہے اور وہ اسے چیٹنگ قراردیتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت اور آسڑیلیا کے درمیان 4 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، آسٹریلیا نے سیریز کا پہلا میچ اپنے نام کیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔