Tag: DONALD TRUMP

  • امریکی صدر کا واشنگٹن کو بے گھر افراد سے پاک کرنے کا فیصلہ

    امریکی صدر کا واشنگٹن کو بے گھر افراد سے پاک کرنے کا فیصلہ

    واشنگٹن(11 اگست 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی کو بےگھر افراد سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں اعلان کیا ہے واشنگٹن کو محفوظ اور خوبصورت بنائیں گے اور بےگھر افراد کو فوری دارالحکومت سے ہٹایا جائے گا۔

    امریکی صدر نے کہا کہ بے گھر افراد کو شہر سے دور رہائش فراہم کی جائے گی، جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں، انہیں سیدھا جیل بھیجا جائے گا اور یہ تمام اقدامات تیزی سے کیے جائیں گے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اب کوئی مسٹر نائس گائے نہیں ہوگا، ہم اپنا دارالحکومت واپس چاہتے ہیں، دوسری جانب ٹرمپ کے اس بیان نے انسانی حقوق اور سماجی حلقوں میں نئی بحث چھیڑدی ہے۔

    امریکی سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے پر عمل درآمد کے دوران امن وامان یقینی بنانے کے لیے نیشنل گارڈ کو تعینات کرنے کا بھی امکان ہے۔

  • 50 فی صد ٹیرف کے 8 گھنٹے بعد ٹرمپ نے بھارت کو ایک اور بڑی دھمکی دے دی

    50 فی صد ٹیرف کے 8 گھنٹے بعد ٹرمپ نے بھارت کو ایک اور بڑی دھمکی دے دی

    واشنگٹن (07 اگست 2025): بھارت پر 50 فی صد ٹیرف عائد کرنے کے 8 گھنٹے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور بڑی دھمکی دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت پر پچاس فیصد ٹیرف لگایا ہے، اضافی ٹیرف لگائے ابھی آٹھ گھنٹے ہوئے ہیں، بھارت پر مزید پابندیاں لگائی جائیں گی۔

    ٹرمپ نے کہا کہ ٹیرف کے ذریعے امریکا میں اربوں ڈالر آئیں گے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے اپنے بڑے تجارتی پارٹنر بھارت پر پہلے 25 فی صد ٹیکس عائد کیا، اور پھر گزشتہ روز اضافی 25 فی صد اضافی ٹیرف لاگو کر دیا، ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر میں وجہ بتائی کہ انھیں مجھے معلوم ہوا تھا کہ حکومت ہند فی الحال براہ راست یا بالواسطہ طور پر روسی فیڈریشن کا تیل درآمد کر رہی ہے۔


    ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا


    سی این بی سی کو ایک انٹرویو میں منگل کو ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان پر بہت زیادہ ٹیرف بڑھائیں گے، کیوں کہ وہ روسی تیل خرید رہے ہیں، اور جنگی مشین کو ایندھن دے رہے ہیں۔

    دریں اثنا، ٹرمپ نے ایلچی اسٹیو وٹکوف کے دورہ روس کے حوالے سے کہا روسی صدر پیوٹن کے ساتھ بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے، آج کی ملاقات کو بڑا بریک تھرو نہیں کہوں گا، یوکرین میں اب بھی اموات ہو رہی ہیں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ پر قبضے سے متعلق بڑا بیان

    ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ پر قبضے سے متعلق بڑا بیان

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر قبضے کے معاملے کو اسرائیل پر چھوڑ دیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پورے غزہ پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے سے متعلق سوال پر کہا کہ انکی حکومت کی توجہ فلسطینیوں کے محصور علاقوں میں زیادہ غذا پہنچانے پر ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ غزہ کے باقی معاملے پر وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔ یہ زیادہ تر اسرائیل پر منحصر ہوگا۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے منگل کو سینئر سیکیورٹی حکام سے ملاقات کی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے غزہ پر مکمل فوجی قبضے کی حمایت کی جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کا غزہ میں امداد کا انتظام امریکا کے زیرانتظام لینے کا منصوبہ ہے۔

    دوسری جانب حماس کی جانب سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ تشکیل دی جانے والی حکومتی انتظامیہ میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔

    حماس رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر عرب ٹی وی کو انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ حماس کو غزہ پٹی کی گزرگاہیں اور امدادی کارروائیوں کا کنٹرول سنبھالنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی اپنی سرزمین سے بے دخلی روکنے کیلئے بین الاقوامی برادری کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

    ٹرمپ کا روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر پابندیاں لگانے کا اعلان

    حماس رہنما کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام اور حماس پر بہت زیادہ دباؤ ہے، جنگ بندی کے لئے مثبت رویہ اختیار کرلیا گیا ہے۔

    حماس رہنماء نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کی غزہ پٹی پر قبضے کی دھمکی اسرائیل کی بدنیتی کی عکاسی کرتی ہے، اسرائیلی یرغمالیوں کے اہلخانہ کے جذبات سے بخوبی آگاہ ہیں۔

  • ٹرمپ نے امریکی ایلچی وٹکوف کے دورہ روس کی تصدیق کر دی

    ٹرمپ نے امریکی ایلچی وٹکوف کے دورہ روس کی تصدیق کر دی

    نیو جرسی (04 اگست 2025): امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے اگلے ہفتے دورہ روس کی تصدیق کر دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے اتوار کو روس امریکی تعلقات میں بڑھتے تناؤ کے تناظر میں امریکی ایلچی کے دورہ روس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وٹکوف بدھ یا جمعرات کو روس کا دورہ کر سکتے ہیں۔

    امریکی صدر کی جانب سے ماسکو پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے لیے تاریخ بھی مقرر کی جا چکی ہے، مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی وٹکوف کا یہ دورہ اس آخری تاریخ سے قبل ہوگا۔


    یوکرین جنگ : بھارت روس کو مالی امداد فراہم کررہا ہے، امریکا


    صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ دو جوہری آبدوزیں جو انھوں نے سابق روسی صدر دمتری میدویدیف کے ساتھ آن لائن تنازع کے بعد تعینات کی تھیں، وہ اب امریکی خطے میں ہیں۔

    خیال رہے کہ ٹرمپ نے یہ وضاحت بالکل نہیں کی ہے کہ آیا ان کی مراد جوہری طاقت سے چلنے والی آبدوزیں تھیں یا جوہری ہتھیاروں سے لیس آب دوزیں۔ انھوں نے تعیناتی کے صحیح مقامات کے بارے میں بھی وضاحت نہیں کی، جنھیں امریکی فوج نے خفیہ رکھا ہے۔

    ٹرمپ کی کریملن کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششیں رکنے سے قبل روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ماسکو میں وٹکوف سے متعدد بار ملاقات کی ہے۔

    میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ یوکرین سے جنگ میں روس کو بھاری نقصان ہو رہا ہے، روس نے جنگ نہ روکی تو پابندیاں عائد کریں گے۔ اس موقع پر انھوں نے پاک بھارت جنگ رکوانے کی بات بھی دہرائی۔

  • ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو مردہ قرار دے دیا

    ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو مردہ قرار دے دیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ بھارت روس کے ساتھ کیا کررہا ہے، دونوں اپنی مردہ معیشتوں کو ایک ساتھ نیچے لے جا سکتے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ ہم نے بھارت کے ساتھ بہت کم کاروبار کیا ہے، ان کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں، بلکہ دنیا میں سب سے زیادہ ہیں، اسی طرح، روس اور امریکہ مل کر تقریباً کوئی کاروبار نہیں کرتے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آئیے اسے اسی طرح رکھیں، اور روس کے ناکام سابق صدر میدویدیف کو بتائیں، جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اب بھی صدر ہیں، ان کے الفاظ پر نظر رکھیں۔ ٹرمپ نے روس بھارت تعلقات پر سخت تنقید کی اور کہا وہ بہت خطرناک علاقے میں داخل ہو رہا ہے۔

    قبل ازیں ٹرمپ نے بھارت کو آئینہ دیکھاتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ٹروتھ سوشل” پر لکھا تھا کہ بھارت ہمارا دوست ہے لیکن برسوں سے امریکا نے اس کے ساتھ بہت کم تجارت کی ہے کیونکہ ان کے ٹیرف دنیا میں سب سے زیادہ ہیں، اور ان کی غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں نہایت سخت اور ناقابلِ قبول ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق اُن کا مزید کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ امریکا کا بھارت کے ساتھ تجارتی خسارہ بہت زیادہ ہوتا جا رہا ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ اپنی زیادہ تر فوجی ضروریات روس سے پوری کی ہیں اور وہ چین کے ساتھ مل کر روس سے توانائی کا سب سے بڑا خریدار ہے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ بھارت ایسا اس وقت کر رہا ہے جب پوری دنیا چاہتی ہے کہ روس یوکرین میں قتل و غارت بند کرے۔ یہ سب چیزیں اچھی نہیں ہیں۔

    ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو نہ صرف 25 فیصد ٹیرف دینا ہوگا بلکہ روس سے تجارت کی بنیاد پر اضافی جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے جس کا اطلاق یکم اگست سے کیا جائے گا۔

    کینیڈا کے فلسطین کو تسلیم کرنے سے متعلق اعلان پر امریکا اور اسرائیل کا ردعمل

    ان اقدامات کا مقصد امریکا کے تجارتی خسارے کو کم کرنا ہے، خاص طور پر ان ممالک کے ساتھ جن سے امریکا درآمد کرتا ہے۔

    ٹرمپ نے بھارت میں ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے کا اعلان ابھی سوشل میڈیا پر کیا ہے تاہم وائٹ ہاؤس نے اس ممکنہ ”جرمانے” کی تفصیلات یا ردِعمل پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

  • ٹرمپ کا خط عالمی توجہ کا مرکز، امریکی صدر نے گرپتونت سنگھ کو کیا لکھا؟

    ٹرمپ کا خط عالمی توجہ کا مرکز، امریکی صدر نے گرپتونت سنگھ کو کیا لکھا؟

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو خط لکھا ہے، بھارت کی جانب سے دہشت گرد قرار دیے گئے پنوں کو صدر ٹرمپ کا خط عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے خط میں لکھا میں اپنے شہریوں، اپنی قوم اور اپنی اقدار کو سب سے پہلے رکھتا ہوں، جب امریکا محفوظ ہوگا تو دنیا بھی محفوظ ہوگی، اپنے شہریوں کے لیے لڑنا کبھی نہیں چھوڑوں گا۔

    خالصتان ریفرنڈم سے چند ہفتے قبل امریکی صدر کا پنوں کو خط اہمیت اختیار کر گیا ہے، سکھ فار جسٹس 17 اگست کو واشنگٹن ڈی سی میں خالصتان ریفرنڈم کروا رہا ہے، صدر ٹرمپ نے بھارت سے تجارتی معاہدے سے پہلے گرپتونت سنگھ پنوں کو خط لکھا۔

    ٹرمپ کے خط کے نکات میں تجارت، ٹیرف، دفاعی اخراجات اور امریکی اقدار کی پالیسی شامل رہی، گرپتونت سنگھ پنوں کی خالصتان مہم کے جواب میں ٹرمپ کا یہ باضابطہ تحریری ردعمل ہے، انھوں نے لکھا بہ طور صدر، ان اقدار کے لیے لڑوں گا جو ہمیں امریکی بناتی ہیں۔


    ’ایران کی جانب سے اچھے اشارے نہیں مل رہے‘


    پنوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایس ایف جے کے ساتھ رسمی تعلقات کا عزم ظاہر کر دیا ہے، ٹرمپ نے لکھا کہ میری انتظامیہ امریکا کو امن اور خوش حالی کے نئے دور میں لے کر جائے گی۔

    یاد رہے کہ ایس ایف جے کی مہم 20 جنوری کو شروع ہوئی ہے، سکھ فار جسٹس کے رہنما نے صدر ٹرمپ کی حلف برداری تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

  • تھائی لینڈ، کمبوڈیا کو کہا جب تک معاملہ سلجھا نہیں لیتے تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے، ٹرمپ

    تھائی لینڈ، کمبوڈیا کو کہا جب تک معاملہ سلجھا نہیں لیتے تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے، ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا پر واضح کیا ہے کہ جب تک وہ آپس کا معاملہ سلجھا نہیں دیتے، امریکا ان کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر امریکا ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور کیس میں دو پڑوسی ممالک کے درمیان لڑائی روکنے کے لیے تجارت کو ’ہتھیار‘ کے طور پر استعمال کیا ہے، اور تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کو بتایا ہے کہ وہ اپنی سرحدی جھڑپیں ختم کریں ورنہ ان کے ساتھ تجارت نہیں ہوگی۔

    صدر ٹرمپ نے سربراہ یورپی یونین کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے ساتھ بڑی تجارت کرتے ہیں لیکن وہ ایک دوسرے کو مار رہے ہیں، ان کی قیادت سے رابطہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک معاملہ سلجھا نہیں لیتے تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے، اب دونوں ممالک کی قیادت آج یا کل ملاقات کرے گی۔


    میں نہیں جانتا اب غزہ میں کیا ہوگا، ٹرمپ


    انھوں نے کہا میں روانڈا میں 31 سال بعد جنگ رکوائی جہاں ہزاروں لوگ مارے گئے، میں جنگیں ختم کرنے کے لیے تجارت کو استعمال کرتا ہوں، اس موقع پر امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان بھارت جنگ رکوانے کا تذکرہ کیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ کا 27 ویں بار تذکرہ کیا ہے۔

    قبل ازیں واشنگٹن میں امریکی صدر ٹرمپ اور سربراہ یورپی یونین کے درمیان ملاقات ہوئی، انھوں نے کہا یورپی یونین سے معاہدہ ہوا تو یہ دونوں کے لیے اچھا ہوگا، اسرائیل سے متعلق بھی بات ہوئی ہے۔

  • صدر میکرون جو کہتے ہیں اس سے فرق نہیں پڑتا، فلسطین سے متعلق بیان پر امریکی صدر کا رد عمل

    صدر میکرون جو کہتے ہیں اس سے فرق نہیں پڑتا، فلسطین سے متعلق بیان پر امریکی صدر کا رد عمل

    واشنگٹن: امریکی صدر نے فسلطین کو تسلیم کرنے سے متعلق بیان پر رد عمل میں کہا ہے کہ صدر ایمانوئل میکرون جو کہتے ہیں اس سے فرق نہیں پڑتا۔

    روئٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے منصوبے کو مسترد کر دیا۔

    صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر میکرون جو کہتے ہیں اس سے فرق نہیں پڑتا، وہ بہت اچھے آدمی ہیں، میں انھیں پسند کرتا ہوں لیکن ان کے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے بیان میں کوئی وزن نہیں ہے۔

    ٹرمپ نے کہا ’’دیکھو، وہ ایک مختلف قسم کا آدمی ہے، ایک اچھا آدمی ہے، ایک بہت اچھا ٹیم پلیئر ہے، لیکن یہاں اچھی خبر یہ ہے کہ وہ جو کہتا ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اس سے کچھ نہیں بدلے گا۔‘‘


    امریکا نے فرانسیسی صدر کا فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کر دیا


    واضح رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اعلان کیا تھا کہ فرانس ستمبر میں فلسطین کو تسلیم کر لے گا، وہ جنرل اسمبلی میں فسلطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

    ادھر برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مشروط اعلان کیا ہے، برطانوی اور اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیئر اسٹارمر نے جمعہ کو کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کی دیرپا سلامتی کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہونا چاہیے۔ وزیر اعظم نے اصرار کیا کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے بارے میں ’’غیر متزلزل‘‘ ہیں، تاہم انھوں نے کہا کہ وہ تب تسلیم کریں گے جب اس سے ’’مصیبت کے شکار لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ افادیت یقینی ہو۔‘‘

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا ہلک ہوگن کے انتقال پر ردعمل

    ڈونلڈ ٹرمپ کا ہلک ہوگن کے انتقال پر ردعمل

    واشنگٹن(25 جولائی 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریسلر ہلک ہوگن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیڈرل ریزرو بینک کےدورےکے بعد میڈیا سے گفتگو میں ہلک ہوگن کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے ایک اچھے دوست کو کھودیا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہلک ہوگن صحیح معنوں میں ’’میگا‘‘ کے حامی تھے، ہلک ہوگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر امریکی صدر نے لکھا کہ ہلک ہوگن نے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں بھی شاندار تقریر کی تھی، انہوں نے دنیا بھر کے مداحوں کو محظوظ کیا اور اُن کا ثقافتی اثر بے حد وسیع تھا۔

    ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں چل بسے

    امریکی صدر نے مزید کہا کہ ہلک ہوگن کی اہلیہ اسکائی اور اہلِ خانہ سے تعزیت کرتا ہوں، ہلک ہوگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ  ہمارے بغیر دنیا کی معیشت بیٹھ جائے گی، جاپان کے ساتھ ٹیرف ڈیل سے امریکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، ہماری پالیسی کی نتیجے میں یورپی یونین نے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز 71 برس کی عمر میں ہلک ہوگن امریکا کے شہر فلوریڈا میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

  • ٹرمپ نے جوہری توانائی کاروبار کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا

    ٹرمپ نے جوہری توانائی کاروبار کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوہری توانائی کاروبار کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    واشنگٹن میں اے آئی سمٹ سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ محفوظ اور پائیدار ایٹمی توانائی کی صنعت کاروبار کے لیے کھول رہے ہیں، تیل کی قیمت بھی مزید نیچے لانا چاہتے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے گرین انرجی کے نام پر امریکا کے ساتھ فراڈ کیا۔

    امریکی ڈیجیٹل میڈیا پولیٹیکو نے اس حوالے سے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریپبلکنز نے سابق صدر جو بائیڈن کی طرف سے ونڈ فارمز، سولر پینلز اور الیکٹرک کاروں کو فروغ دینے کے لیے واشنگٹن کے پیسے اور ریگولیٹری ذرائع کے استعمال کے خلاف چار سال تک احتجاج کیا، تاہم اب صدر ٹرمپ تیل، قدرتی گیس، کوئلے اور جوہری توانائی کے سلسلے میں اسی طاقتور وفاقی ذرائع کا استعمال کر رہے ہیں اور ان کی پارٹی اس پر خوشی منا رہی ہے۔


    ٹرمپ انتظامیہ کا امریکا کا سفر کرنے والے ہر فرد پر 250 ڈالرز اضافی رقم عائد کرنے کا فیصلہ


    ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں کاروبار کرنے والے ممالک پر ٹیرف کم کر دیں گے، جاپان نے مذاکرات کر کے ٹیرف 15 فی صد پر لانے پر اتفاق کیا، یورپی یونین سے بھی ٹیرف کے معاملے پر سنجیدہ مذاکرات جاری ہیں، چین کے ساتھ معاہدہ مکمل کرنے کے مرحلے میں ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا ہم تیل کی قیمت مزید نیچے لانا چاہتے ہیں، توانائی پر مختلف ایشیائی ممالک کے ساتھ معاہدے کر رہے ہیں۔