Tag: DONALD TRUMP

  • ابوبکر البغدادی نے خودکش حملے میں اپنے 3 بچوں کو بھی مارا، امریکی صدر ٹرمپ

    ابوبکر البغدادی نے خودکش حملے میں اپنے 3 بچوں کو بھی مارا، امریکی صدر ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ابوبکر البغدادی نے خودکش حملے میں اپنے 3 بچوں کو بھی مارا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس آئی ایس سربراہ ابوبکر البغدادی مارا گیا ہے، اس کے ساتھ کئی دہشت گرد بھی مارے گئے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ آپریشن کے دوران کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا ہے، ابوبکر البغدادی شام میں ایک سرنگ میں موجود تھا، آپریشن کے دوران وہ خودکش دھماکے میں مارا گیا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ البغدادی کی لاش مسخ ہوچکی ہے، ڈی این اے سے شناخت ہوگئی ہے، ابوبکر البغدادی بیمار ذہنیت کا انسان تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ابوبکر البغدادی نے خودکش حملے میں اپنے تین بچوں کو بھی مارا ہے، البغدادی بیمار ذہنیت کا انسان تھا۔

    مزید پڑھیں: ابوبکر البغدادی امریکی حملے میں ہلاک، امریکی میڈیا

    امریکی صدر نے شام میں کامیاب آپریشن پر روس، ترکی اور شام کا شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ آج امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی اسپیشل فورسز نے ٹرمپ کی منظوری سے ادلب میں آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ابوبکر البغدادی مارا گیا۔

    روسی میڈیا نے سینئر پینٹاگون عہدیدار کے حوالے سے دعوی کیا تھا کہ ابو بکر البغدادی کو شام کے علاقے ادلب میں خفیہ آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پر اعتماد ہیں کہ آپریشن میں ٹارگٹ کیا گیا گیا بڑا ہدف البغدادی ہی تھاامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کچھ دیر پہلے بہت بڑا واقعہ پیش آیا ہے۔

  • وزیر اعظم نے صاف الفاظ میں کہا کہ امریکہ کشمیر سے متعلق کردارادا کرے،  شاہ محمود قریشی

    وزیر اعظم نے صاف الفاظ میں کہا کہ امریکہ کشمیر سے متعلق کردارادا کرے، شاہ محمود قریشی

    نیو یارک : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں ٹرمپ کو کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق امریکا اپنا کردار ادا کرے، ایران سے متعلق کوئی غلط قدم اٹھایا گیا تو بھیانک نتائج ہوں گے۔

    یہ بات انہوں نے نیو یارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی صدرکے ساتھ وزیراعظم عمران خان کی ملاقات ہوئی ہے۔

    وزیراعظم نے ٹرمپ سے تین ایشوز پر دوٹوک بات کی ہے، انہوں نے کشمیرکی صورتحال پرکھل کرموقف پیش کیا اور کہا کہ 80لاکھ کشمیریوں کو گھروں میں محصورکردیا گیا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کسی کی سنے گا تووہ امریکا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ گفت وشنید کے بغیر کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا، وزیراعظم نے کہا کہ امریکا اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل کرائے۔

    وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے صاف الفاظ میں اپنا مؤقف بیان کیا آئیں بائیں شائیں نہیں کی، امریکا کو واضح الفاظ میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق امریکا اپنا کردار ادا کرے، بھارت کی عالمی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کی پوری کوشش ہے،49دن ہوگئے ہیں دن رات کرفیو جاری ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے پربھی وزیراعظم اور امریکی صدر کی گفتگو ہوئی ہے، امریکی صدر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان نے مثبت کردار ادا کیا۔

    وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ افغانستان مسئلے کا حل صرف مذاکرات ہیں، ہم افغان مسئلے پر جلد پیشرفت دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان مشرقی اور مغربی سرحدوں پر الجھا ہوا ہے۔

    وزر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایران سے متعلق کہا کہ یہ خطہ کسی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، ایران سے متعلق اپنا کردار اداکرنے کیلئے تیار ہیں۔

    اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان ایرانی صدر سے جلد ملاقات کریں گے، امریکی صدر نے جو مینڈیٹ دیا ہے اس پربات چیت کو آگے بڑھائیں گے، صدرٹرمپ نے کہا کہ آپ بات آگے بڑھانا چاہتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔

    سعودی حکومت کو بھی کہا ہے کہ ہمیں جذبات سے ہٹ کر صبرسے آگے بڑھنا ہے، نہیں چاہتے کہ ایران کی سرحد پر کوئی مسئلہ ہو، ایران سے متعلق کوئی غلط قدم اٹھایا گیا یا سوچے سمجھے بغیرجنگ ہوئی تو اس کے بھیانک نتائج ہوں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان آج امریکی صدر ٹرمپ سےون آن ون ملاقات کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج امریکی صدر ٹرمپ سےون آن ون ملاقات کریں گے

    نیویارک : وزیراعظم عمران خان آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سےون آن ون ملاقات کریں گے، جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ، افغان امن عمل اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی آج نیویارک میں مصروفیات کاشیڈول جاری کردیا گیا ، وزیراعظم عمران خان آج امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کریں گے۔

    ملاقات میں وزیراعظم عمران خان مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیو ں کی تازہ صورتحال سے صدرٹرمپ کو آگاہ کریں گے۔

    ملاقات میں افغان عمل اور دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر باہمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    دوسری جانب شیڈول کےمطابق وزیراعظم صبح ناشتے کی میز پر برطانوی ہم منصب سے ملیں گے جبکہ وزیراعظم کی ترک صدر طیب رجب اردگان سے بھی آج ملاقا ت ہوگی۔

    عمران خان سوئٹزرلینڈ کے صدر اور اٹلی کے وزیراعظم ، چینی وزیرخارجہ سمیت ورلڈبینک کے صدر سے بھی آج ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیراعظم کونسل آف فارن ریلیشنزسےخطاب کریں گے اور موسمیاتی تغیرپرعالمی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

    امریکی صدر ٹرمپ کے سابق مشیر اور ری پبلکن رہنما ساجد تارڑ نے اے آروائی نیوز سے گفتگو میں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی آج امریکی صدرٹرمپ سے ملاقات اہم ہے، صدرٹرمپ پہلے ہی کشمیر پرثالثی کی پیش کش کرچکے ہیں اور گزشتہ روز مودی سے ملاقات بھی ان کی ہو چکی ہے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے وفد سے ملاقات میں کہا تھا کہ کشمیریوں کےحقوق کیلئے وہ ہرسطح پر آواز اٹھائیں گے،اور اُن کے سفیربن کر دنیا کے کونےکونے میں جائیں گے۔

    خیال رہے 24 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے استقبالیے میں شرکت کریں گے اور امریکی سرمایہ کاروں اور ہیومین رائٹس واچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات کریں گے جبکہ اسی دن عمران خان امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے عشائیے میں شرکت کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے ، اسی روز مصر، ایتھوپیا اور نیوزی لینڈ کے وزرائے اعظم سے ملاقاتیں کریں گے اور 27 ستمبر کوہی نیویارک میں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

    واضح رہے 22 جولائی کو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت کے مابین ثالثی کی پیش کش کی تھی۔

    صدرٹرمپ نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کشمیر کے تنازع پر ثالثی کی درخواست کی تھی تاہم بھارت میں امریکی صدر کے بیان پر ہنگامہ آرائی کے بعد مودی سرکار نے صدرٹرمپ کے بیان کی تردید کردی تھی۔

  • پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم سے ملاقات جلد ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

    پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم سے ملاقات جلد ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے اور میں خود جلد دونوں ممالک کے وزرائے اعظم سے ملاقات کروں گا۔

    بین الااقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ رواں ماہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم سے ملاقات ہو گی اور میرا خیال ہے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کافی پیشرفت بھی ہوئی ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ کی پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم سے ملاقات کے حوالے سے واشنگٹن ہاؤس سے تفصیلات بیان نہیں کی گئیں تاہم بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات22 ستمبر کو ہوسٹن اور وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں نیویارک میں ملاقات متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ صدر ٹرمپ ایک سے زائد بار مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسئلوں کے حل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن اس پر پیشرفت نہیں ہوسکی تھی تاہم پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کے باعث مسئلہ کشمیر عالمی قوتوں میں تاحال زیر بحث ہے جس کا ایک مظہر امریکی صدر موجودہ بیان ہے۔

    مزید پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر چوتھی بار ثالثی کی پیشکش

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر چوتھی بار ثالثی کی پیشکش کردی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی قیادت سے جلد بات کریں گے، بات چیت میں مسئلہ کشمیر پر پیشرفت ہوگی۔

  • ایران سے جنگ نہیں چاہتے لیکن لگتا ہے وہ سعودی عرب پر حملے میں ملوث ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

    ایران سے جنگ نہیں چاہتے لیکن لگتا ہے وہ سعودی عرب پر حملے میں ملوث ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے تاہم ایسا لگ رہا ہے کہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔

    یہ بات انہوں نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کے تناظر میں وائٹ ہاؤس میں گفتگو کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے، وہ یقینی طور پر ایسے کسی تنازعے سے گریز کرنا چاہیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ یہ کام ایران کا تھا تاہم ابھی تحقیقات جاری ہیں کہ اس حملے کے پیچھے کون ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ کسی اقدام کا فیصلہ کرنے سے قبل مزید ثبوت چاہتا ہے تاہم وہ پرامید ہیں کہ جنگ کا خطرہ ٹالا جا سکے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے روز سعودی عرب میں بقیق اور خریص کے علاقوں میں سعودی تیل کمپنی ‘آرامکو’ کی تنصیبات پر ہونے والے حملوں میں دنیا میں تیل صاف کرنے کا سب سے بڑا کارخانہ بھی متاثر ہوا ہے اور جہاں کمپنی کی نصف پیداوار معطل ہو گئی ہے وہیں تیل کی عالمی رسد میں پانچ فیصد کی کمی آئی ہے۔

    امریکہ کی جانب سے ایران کو ان حملوں کے لیے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے پیر کو اس دعوے کے ثبوت کے طور پر کچھ تصاویر بھی جاری کی گئیں تاہم ایران کے صدر حسن روحانی نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ یمنی عوام کی جانب سے ردعمل ہے۔

    دوسری جانب یمن میں سرگرم حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی تاہم سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے اس حملے میں ایرانی ہتھیار استعمال کیے گئے۔

  • امریکی صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر چوتھی بار ثالثی کی  پیشکش

    امریکی صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر چوتھی بار ثالثی کی پیشکش

    واشنگٹن : امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر چوتھی بار ثالثی کی پیشکش کردی اور کہا پاکستان اوربھارت کی قیادت سے جلد بات کریں گے، بات چیت میں مسئلہ کشمیر پر پیشرفت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق مسئلہ کشمیر پر پاکستان اوربھارت میں کشیدگی برقرار ہے ، امریکی صدرٹرمپ ایک بار پھر ثالثی کیلئے تیار ہے۔

    وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں صدرٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی قیاد ت سےجلد ملاقات کروں گا، امید ہے مسئلہ کشمیر پر ثالثی اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے پیشرفت ہوگی۔

    خیال رہے امریکی صدرنے ثالثی کی پیشکش پہلی بار نہیں کی، اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ تین بارپاکستان اوربھارت کے درمیان ثالث کا کردارادا کرنے کی پیش کش کرچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش کردی

    یاد رہے بائیس جولائی کو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت کے مابین ثالثی کی پیش کش کی تھی۔

    صدرٹرمپ نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کشمیرکے تنازع پرثالثی کی درخواست کی تھی تاہم بھارت میں امریکی صدرکے بیان پرہنگامہ آرائی کے بعد مودی سرکارنے صدرٹرمپ کے بیان کی تردید کردی تھی۔

    واضح رہے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی ریاستی دہشت گردی نے معمول کی زندگی مفلوج کررکھی ہے، مقبوضہ وادی میں نافذ کرفیواورکڑی پابندیوں کوآج چوالیس روز ہوگئے ہیں جبکہ بھارتی فوج نے سرینگرسمیت مختلف علاقوں میں بلٹ پروف بنکرزتعمیرکرلئے ہیں۔

  • افغان طالبان سے مذاکرات کرنے کے دیگر بہت سے بہتر طریقے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    افغان طالبان سے مذاکرات کرنے کے دیگر بہت سے بہتر طریقے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم افغان طالبان کو ایسے نشانہ بنا رہے ہیں کہ اس سے پہلے کبھی نہیں بنایا، مذاکرات کرنے کے دیگر بہت سے بہتر طریقے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے 12 لوگوں کو مارنا جن میں ایک عظیم امریکی شہری بھی شامل تھا، اچھا آئیڈیا نہیں تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کی بحالی کیلئے بہت سے بہترین راستے موجود ہیں۔ طالبان جانتے ہیں کہ انہوں نے بہت بڑی غلطی کی ہے، افغان طالبان کوعلم نہیں کہ غلطی کا ازالہ کیسے کیا جائے۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات منسوخ کردیے تھے، انہوں نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا تھا۔

    امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کابل حملے کے بعد منسوخ کیے گئے ہیں جس میں ایک امریکی فوجی سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں: افغان طالبان سے بات چیت مکمل طورپر ختم ہوچکی، ڈونلڈ ٹرمپ

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ طالبان دوران مذاکرات غیرضروری بالا دستی چاہتے ہیں، طالبان جنگ بندی نہیں کرسکتے تو انہیں مذاکرات کا بھی کوئی اختیار نہیں ہے۔

    امريکی صدر نے اپنی ٹوئٹس ميں لکھا تھا کہ اتنے اہم موقع پر کابل ميں بارہ بے گناہ افراد کو قتل کرديا گيا جس کا طالبان نے اعتراف بھی کيا اس لیے اس صورتحال ميں بامقصد معاہدے کے ليے طالبان نے مذاکرات کا اختيار کھو ديا ہے۔

  • امریکا نے افغان طالبان سے امن مذکرات معطل کردیے

    امریکا نے افغان طالبان سے امن مذکرات معطل کردیے

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابل حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد طالبان کے ساتھ امن مذاکرات منسوخ کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات منسوخ کردیے ہیں۔ انہوں نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا۔

    امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ طالبان سے مذاکرات کابل حملے کے بعد منسوخ کیے گئے ہیں جس میں ایک امریکی فوجی سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ طالبان نے کابل حملے کی ذمہ داری قبول کی، افغان طالبان کتنی دہائیوں تک جنگ لڑنا چاہتے ہیں۔؟

    امریکی صدر نے کہا کہ کیمپ ڈیوڈ میں افغان صدر اور طالبان رہنماؤں ہونے والی خفیہ ملاقاتیں بھی منسوخ کردیں ہیں۔ کیمپ ڈیوڈ میں طالبان رہنماؤں اور افغان صدر سے الگ الگ ملاقاتیں اتوار کو ہونا تھیں وہ آج رات امریکہ پہنچ رہے تھے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ طالبان دوران مذاکرات غیرضروری بالا دستی چاہتے ہیں، طالبان جنگ بندی نہیں کرسکتے تو انہیں مذاکرات کا بھی کوئی اختیار نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات میں امن معاہدے پر دستخط کے فوراََ بعد بین الافغان مذاکرات شروع ہونا تھے جن میں جنگ بندی، افغانستان کے مستقبل کے سیاسی نظام، آئینی ترمیم، حکومتی شراکت داری اور طالبان جنگجوؤں کے مستقبل سمیت کئی معاملات پر بات چیت شامل ہے۔

  • ایران کے خلائی شٹل کی ناکامی میں امریکا کا کوئی ہاتھ نہیں، ٹرمپ کا ٹویٹ

    ایران کے خلائی شٹل کی ناکامی میں امریکا کا کوئی ہاتھ نہیں، ٹرمپ کا ٹویٹ

    تہران/واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ ایران میں خلائی شٹل کے فضاء میں چھوڑے جانے میں ناکامی میں امریکا کا ہاتھ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان میں کہا کہ ایران کے خلائی شٹل کی خلاءمیں روانگی میں ناکامی میں امریکا کا قطعا کوئی ہاتھ نہیں،ٹویٹر پر پوسٹ ایک ٹویٹ میں امریکی صدر نے لکھا کہ ایران کے خلائی شٹل سفیرون کی سمنان کے مقام سے خلائی میں چھوڑے جانے میں ایک بار پھر ناکامی میں امریکا کا کوئی کردار نہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایران کے لیے نیک تمناﺅں کے ساتھ امید ہے کہ تہران اس حادثے کے اسباب پر خود غور کرے گا۔

    خیال رہے کہ ایران نے دو روز قبل خلائی شٹل ‘سفیر ون ایس ایل وی’ سمنان کے لانچنگ اڈے سے خلائی میں روانہ کرنے کی کوشش کی مگر تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ خلائی شٹل روانہ ہونے سے پہلے ہی زمین پر دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔

  • مقبوضہ کشمیرکی صورتحال : امریکی صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم  مودی کی ملاقات آج ہوگی

    مقبوضہ کشمیرکی صورتحال : امریکی صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم مودی کی ملاقات آج ہوگی

    پیرس : امریکی صدرڈونلڈٹرمپ فرانس میں آج بھارتی وزیراعظم مودی سے ملیں گے، ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرباز پرس کریں گے، ٹرمپ نےکہاتھاجی سیون اجلاس کےموقع پرمودی سےکشمیر پربات کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جی 7سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے فرانس پہنچ گئے ہیں ، جہاں موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر معاملات پر گفتگو کی جائے گی جبکہ عالمی رہنما نریندر مودی سے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر بات چیت بھی کریں گے۔

    فرانس کے شہربیا رٹرزمیں جی سیون اجلاس کی سائیڈ لائن پر امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اوربھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی ملاقات آج ہوگی ، جس میں مسئلہ کشمیرسرفہرست ہے۔

    مودی سے ملاقات میں صدرٹرمپ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن،گرفتاریوں اورکمیونیکیشن بلیک آؤٹ پربات کریں گے اور بھارتی وزیراعظم کشیدگی میں کمی کے لئے کے اقدامات پر بھی گفتگو ہوگی۔

    صدرٹرمپ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کوپہلےہی دھماکاخیزقرار دے چکے ہیں جبکہ صدرٹرمپ نے مسئلہ کشمیرپرایک سے زائد بارثالثی کی پیشکش بھی کی ہے، جس کا بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی جواب نہیں دیا۔

    مزید پڑھیں : پاک بھارت کے درمیان کشمیر دیرینہ، پیچیدہ اور حل طلب مسئلہ ہے: ٹرمپ

    یاد رہے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے فرانس میں ملاقات ہونی ہے اس میں مسئلہ کشمیر پر بات کروں گا ، کشمیر دیرینہ، پیچیدہ اور عشروں سے حل طلب مسئلہ ہے، حل کیلئے بات چیت ضروری ہے، مسئلہ کشمیر کے حل اور ثالثی کی بھرپور کوشش کروں گا۔

    واضح رہے بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی ہے، جس کے بعد سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کشیدہ ہے ، وادی میں کرفیو نافز ہے ، کشمیریوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں جبکہ انٹر نیٹ و موبائل سروس بھی بند ہے۔