Tag: DONALD TRUMP

  • آیت اللہ خامنہ ای کے خلاف توہین آمیز زبان کا استعمال بند کریں، عباس عراقچی کا ٹرمپ کو جواب

    آیت اللہ خامنہ ای کے خلاف توہین آمیز زبان کا استعمال بند کریں، عباس عراقچی کا ٹرمپ کو جواب

    تہران: ایران کے وزیر خارجہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے خلاف توہین آمیز زبان کا استعمال بند کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے صدر ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر معاہدہ چاہتے ہیں تو ایرانی رہنما سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنا بند کریں۔

    ایکس پر ایک پوسٹ میں ایرانی وزیر خارجہ نے لکھا کہ اگر صدر ٹرمپ معاہدہ چاہتے ہیں تو انھیں رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کے بارے میں اپنا ہتک آمیز اور ناقابلِ قبول لہجہ ترک کرنا ہوگا، ان کے رویے نے لاکھوں پیرو کاروں کے دلوں کو زخمی کیا ہے۔


    میں جانتا تھا خامنہ ای کہاں چھپے تھے میں نے جان بچائی، ٹرمپ


    گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر نے جنگ جیتنے کا جھوٹا دعویٰ کیا حالاں کہ ان کے ملک کو تباہ کر دیا گیا، میں جانتا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کہاں چھپے ہیں لیکن میں نے ان کی جان بچائی۔

    امریکی صدر نے کہا میں نے اسرائیل اور امریکی افواج کو خامنہ ای کو ہدف بنانے سے روکا تھا، میں نے حکم دیا کہ اسرائیلی طیارے تہران پر بڑے حملے سے پیچھے ہٹ جائیں، یہ جنگ کا سب سے بڑا حملہ ہوتا جس سے شدید تباہی آتی، ہزاروں ایرانی مارے جاتے۔

  • غزہ میں جنگ بندی کب تک ہوگی؟ ٹرمپ نے بتادیا

    غزہ میں جنگ بندی کب تک ہوگی؟ ٹرمپ نے بتادیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اُمید ہے کہ غزہ میں آئندہ ہفتے تک جنگ بندی نافذ ہوجائے گی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں غزہ میں آئندہ ہفتے تک جنگ بندی نافذ ہوجائے گی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں جانتا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کہاں چھپے ہیں میں نے ان کی جان بچائی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میں نے اسرائیل اور امریکی افواج کو خامنہ ای کو ہدف بنانے سے روکا، میں نے حکم دیا کہ اسرائیلی طیارے تہران پر بڑے حملے سے پیچھے ہٹ جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ جنگ کا سب سے بڑا حملہ ہوتا شدید تباہی آتی، ہزاروں ایرانی مارے جاتے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر نے جنگ جیتنے کا جھوٹا دعویٰ کیا حالانکہ ان کے ملک کو تباہ کردیا گیا، ایران کی تین جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ خاموشی اور شکر گزاری کے بجائے ایران کی قیادت نے نفرت اور غصے کا اظہار کیا ہے، ایران اگر عالمی نظام کا حصہ نہیں بنا تو اس کی حالت مزید خراب ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات کو امریکی بمباری سے پہلے خالی نہیں کروایا گیا تھا، مجھے نہیں لگتا کہ ایران اب جلد از جلد جوہری پروگرام کی طرف واپس جائے گا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران ہمارے ساتھ ملنا چاہتا ہے بات کرنا چاہتا ہے، امریکا کے ساتھ معاہدہ نہ کرنے والے ممالک پر محصولات عائد کیے جائیں گے، ہمیں 88 بلین ڈالر ٹیرف کی مد میں موصول ہوئے ہیں۔

    روسی صدر نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو بڑا کریڈٹ دے دیا

    امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کروائی، دونوں ممالک سے کہا ہے کہ جنگ کرو گے تو تجارت نہیں ہوگی، دونوں کے پاس بہترین لیڈر شپ ہے دونوں نے میری بات سنی۔

  • روس، چین، شمالی کوریا پھر سے امریکا کی عزت کرنے لگے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    روس، چین، شمالی کوریا پھر سے امریکا کی عزت کرنے لگے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روس، چین اور شمالی کوریا کی عزت بدلے میں کرتے ہیں کیوں کہ وہ بھی امریکا کی عزت کرتے ہیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ روز امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم روس، چین اور شمالی کوریا کی عزت بدلے میں کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا ’’روس، چین اور شمالی کوریا کے صدور پھر سے امریکا کی عزت کرنے لگے ہیں، بدلے میں ہم بھی روس، چین اور شمالی کوریا کی عزت کرتے ہیں۔‘‘ امریکا کے صدر نے ولادیمیر پیوٹن، شی جن پنگ اور کِم جونگ اُن کے نام بھی لیے۔

    اس موقع پر ٹرمپ نے یورپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یورپی جج امریکی کمپنیوں پر بھاری جرمانے لگاتے ہیں، اور اس طرح امریکی کمپنیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔


    ٹرمپ کا کینیڈا کے ساتھ تمام تجارتی مذاکرات ختم کرنے کا اعلان


    قبل ازیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے ساتھ تجارتی مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ امریکا پر ٹیکس عائد کرنا براہ راست حملے کے مترادف ہے۔ یہ بات انھوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے پیغام میں کہی، انھوں نے کہا کہ کینیڈا نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنیز پر ڈیجیٹل سروسز ٹیکس لگا دیا ہے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آئندہ سات دن میں کینیڈا پر امریکی تجارتی ٹیرف کا اعلان کیا جائے گا، کینیڈا تجارت کے معاملے میں ایک مشکل ملک ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے ہمارے کسانوں پر ڈیری مصنوعات پر 400 فیصد تک ٹیکس لگا رہا ہے۔

  • امریکی صدر نے چین کیساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط کردیئے

    امریکی صدر نے چین کیساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط کردیئے

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کیساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط کردیئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے چین کیساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط کردیئے، معاہدے کے تحت چین سے امریکا کو نایاب معدنیات کی ترسیل کو تیز کیا جائے۔

    جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں صدر نے کوئی تفصیلات فراہم کیے بغیر کہا کہ "ہم نے ابھی کل ہی چین کے ساتھ دستخط کیے ہیں۔”

    وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے کہا کہ امریکہ اور چین نے "جنیوا معاہدے کو لاگو کرنے کے لیے ایک فریم ورک کے لیے ایک اضافی مفاہمت پر اتفاق کیا ہے, جنیوا میں ہونے والے معاہدے میں 90 دنوں کے لیے ایک دوسرے پر ٹیرف کو نمایاں طور پر کم کرنا شامل تھا.

    واشنگٹن میں تقریب سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین سے امریکا کو نایاب معدنیات کی ترسیل کو تیز کی جائے گی، ہر کوئی ڈیل کرنا چاہتا ہے لیکن ہم ہر کسی کے ساتھ ڈیل نہیں کریں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی طیاروں نے ایران میں اہداف کو مکمل تباہ کیا، ایران کی جوہری تنصیب سے کچھ بھی باہر نہیں لے جایا گیا۔

  • اسرائیلیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کر دیا

    اسرائیلیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کر دیا

    حیفہ: اسرائیلی شہری ایران کے ساتھ جنگ بندی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق منگل کی سہ پہر حیفہ کی سڑکوں پر موجود اسرائیلیوں نے ایران کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے خاتمے کا خیرمقدم کیا اور امریکی صدر ٹرمپ کا جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

    حیفہ کے شہریوں نے نیتن یاہو کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور ایران پر شدید ترین بمباری پر امریکی صدر کی طرف سے انتہائی سخت اور معیوب الفاظ کے استعمال پر کہا کہ ’’ٹرمپ ایسا ہی ہے، یہ ایسا ہے جیسے والدین بچے کو ڈانٹتے ہیں، وہ ہمیں ڈانٹ رہا ہے۔‘‘

    یاد رہے کہ حیفہ اسرائیل کا وہ شہر ہے جو 13 جون کو اسرائیل کے ابتدائی حملوں کے بعد سے ایرانی میزائلوں کا نشانہ بنا رہا ہے، اور ہفتے کے روز حملے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے۔


    جنگ بندی، ایران کے سفیر نے قطر کا شکریہ ادا کیا


    ایک اور اسرائیلی شہری 27 سالہ باورچی ڈینیل کوپلکوف نے روئٹرز کو بتایا ’’سچ میں، ٹرمپ نے اسرائیل کے بارے میں جو کہا مجھے اس کی زیادہ پرواہ نہیں ہے، آخرکار یہ وہی ہے جس نے جنگ ختم کرنے میں مدد کی، میرے لیے یہی اہم ہے۔‘‘

    صدر ٹرمپ نے پیر کو قطر میں امریکی اڈے پر ایران کی جانب سے حملے کے بعد جنگ بندی کا اعلان کر دیا تھا، تاہم اسرائیل اور ایران نے منگل کو ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے میزائل حملوں کا تبادلہ کیا۔

    ادھر اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھی ایران اسرائیل تنازع میں امریکا کی شمولیت پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ منگل کی رات قوم سے خطاب میں انھوں نے ٹرمپ کے بارے میں کہا کہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں ہمارا کوئی بڑا دوست نہیں تھا۔

  • جنگ بندی پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا؟ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو کھری کھری سنا دی

    جنگ بندی پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا؟ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو کھری کھری سنا دی

    واشنگٹن: جنگ بندی پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا؟ امریکی صدر ٹرمپ اسرائیل پر برہم ہو گئے، اور ٹیلی فون کر کے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو کھری کھری سنا دی۔

    ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے باوجود ایران پر حملے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو فون کیا اور اظہار برہمی کرتے ہوئے نیتن یاہو کو دو ٹوک الفاظ میں سخت مؤقف دیا۔

    سی این این کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو سے تلخ لہجے میں بات کی، اور جنگ بندی کے باوجود ایران پر اسرائیلی حملے پر دوٹوک گفتگو کی۔


    امریکی حملے ایران کی جوہری تنصیبات تباہ کرنے میں ناکام رہے، امریکی انٹیلیجنس رپورٹ میں انکشاف


    رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے فون کے بعد نیتن یاہو کو یہ بات سمجھ آ گئی ہے کہ ایران پر مزید حملے مہنگے پڑیں گے، اسرائیل نے جنگ بندی کے بعد پہلے ہی گھنٹے میں ایران میں 3 مقامات پربمباری کی تھی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل سے ناراضی کا اظہار کیا، میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد اسرائیل کو بمباری نہیں کرنی چاہیے تھی۔ ایران کی طرف سے غلطی سے راکٹ چل گیا جو گرا بھی نہیں، اسرائیل نے جواب میں اتنی شدید بمباری کی جو پہلے کبھی نہیں دیکھی، ایران نے بھی خلاف ورزی کی لیکن اسرائیل نے بھی کی۔

    میں نے کہا کہ ٹھیک ہے تمہارے پاس 12 گھنٹے ہیں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ پہلے ہی گھنٹے اتنی بمباری کردو، میں اسرائیل سے خوش نہیں ہوں۔

  • ایران پر حملہ، ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی قرارداد کا نتیجہ کیا نکلا؟

    ایران پر حملہ، ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی قرارداد کا نتیجہ کیا نکلا؟

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی قرارداد کثرت رائے سے مسترد ہو گئی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو ڈیموکریٹ رکن کانگریس ایل گرین نے صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی قرارداد ایوان نمائندگان میں پیش کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ ایران پر حملے سے پہلے کانگریس کو آگاہ نہ کر کے صدر کے اختیارات کا غلط استعمال کیا گیا۔

    تاہم زیادہ تر ہاؤس ڈیموکریٹس ریپبلکنز کے ساتھ شامل ہو گئے، تاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران پر حملوں پر ان کے مواخذے کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔

    صدارتی مواخذے کی قرارداد کوصرف 79 ووٹ ملے، جب کہ مخالفت میں 344 ووٹ پڑے، جس میں 128 ڈیموکریٹس نے 216 ریپبلکنز کے ساتھ شامل ہو کر قرارداد کو ناکام بنا دیا۔


    ایران نے جنگ کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان کردیا


    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ قرارداد کے خلاف ووٹ دینے والوں میں وہ ہاؤس ڈیموکریٹک رہنما بھی شامل تھے، جو ٹرمپ کی پہلی مدت کے دوران ان کے خلاف 2 سابقہ ​​مواخذے ناکام ہونے کے بعد اب کسی نئے مواخذے کے حوالے سے محتاط ہو چکے ہیں، تاہم پھر بھی، درجنوں ڈیموکریٹس نے ایل گرین کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔

    خیال رہے کہ ایل گرین کو صدر ٹرمپ کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں شور مچانے پر ایوان سے نکالا گیا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مواخذے کی کوشش کر لیں، مگر ڈیموکریٹس پرائمریز میں تاریخی غیر مقبول ہو چکے ہیں۔

    ایل گرین نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں یہ اس لیے کر رہا ہوں کیوں کہ کسی بھی شخص کو یہ اختیار نہیں ہونا چاہیے کہ وہ امریکا کی کانگریس سے مشاورت کے بغیر 300 ملین سے زیادہ لوگوں کو جنگ میں لے جائے، میں یہ اس لیے کر رہا ہوں کیوں کہ میں اس بات کو سمجھ رہا ہوں کہ آئین بامعنی ہونے جا رہا ہے یا یہ بے معنی ہونے والا ہے۔

  • ایران اور اسرائیل جنگ بندی پر کیسے آمادہ ہوئے؟ جانیے اس آڈیو پوڈکاسٹ میں

    ایران اور اسرائیل جنگ بندی پر کیسے آمادہ ہوئے؟ جانیے اس آڈیو پوڈکاسٹ میں

    گزشتہ 12 روز سے جاری ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اب ممکنہ طور پر اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔

    اس سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور قطر کے امیر شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے اہم کردار ادا کیا۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ان دونوں شخصیات نے کیا کوششیں کیں جس کے بعد یہ مسئلہ کسی حد تک حل ہوگیا، اس حوالے سے اس پوڈ کاسٹ میں تفصیلی گفتگو کی گئی ہے، کمنٹ سیکشن میں اپنے خیالات کا لازمی اظہار کریں۔

    مزید تفصیلات جانیے اعجاز الامین کے اس آڈیو پوڈکاسٹ میں:

  • امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا

    امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا

    واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی جنگی طیاروں نے ایران پر حملہ کردیا ہے، امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات تباہ کردیں۔

    سوشل میڈیا سائٹ ٹرتھ سوشل پر کی گئی پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ امریکا نے ایران کے جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کی 3 نیوکلیئر سائٹس پر کامیاب حملہ مکمل کرلیا ہے، امریکی طیاروں نے فردو، نظنز اور اصفہان میں نیوکلیئر پلانٹس کو نشانہ بنایا۔

    Trump Twieet

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی طیارے حملے کے بعد ایران کی فضائی حدود سے باہر آگئے ہیں، ایران کے فردو میں قائم مرکزی جوہری پلانٹ فردو پر کئی بم گرائے گئے، ایرانی کی جوہری تنصیبات پر حملے میں امریکی بی ٹو بمبار طیاروں  نے حصہ لیا۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں

    امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی اور فوج ایسا نہیں کر سکتی، امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں حملہ آور فوجیوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ
    اب امن کا وقت ہے۔

    ٹرمپ کا قوم سے خطاب کا اعلان

    امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ رات 10 بجے وائٹ ہاؤس میں قوم سے خطاب کروں گا، ایران کو اب اس جنگ کو ختم کرنے کیلئے راضی ہونا چاہیے، ایران میں کامیاب فوجی آپریشن امریکا، اسرائیل اور دنیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/trump-decide-israel-iran-war-2-weeks-white-house/

  • نوبل پرائز صرف لبرلز کو ملتا ہے  یہ مجھے نہیں دیں گے، ٹرمپ

    نوبل پرائز صرف لبرلز کو ملتا ہے یہ مجھے نہیں دیں گے، ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں نوبل پرائز ملنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو 2026 کے نوبل امن انعام کے لیے باضابطہ طور پر نامزد کر دیا ہے، امریکی صدر نے ایک بیان میں کہا کہ ’’پاک بھارت جنگ رکوانے کے لیے مجھے نوبل پرائز ملنا چاہیے۔‘‘

    انھوں نے کہا مجھے روانڈا، کانگو، سربیا، کوسوو کے لیے بھی نوبل پرائز دو، لیکن انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’نوبل پرائز صرف لبرلز کو ملتا ہے یہ مجھے نہیں دیں گے۔‘‘

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو اعلان کیا کہ انجوں نے اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے جمہوریہ روانڈا اور جمہوریہ کانگو کے درمیان ایک شان دار معاہدہ حاصل کر کے ان کی جنگ کو روک لیا ہے جو کئی دہائیوں سے جاری تھی۔ صدر نے کہا کہ روانڈا اور کانگو کے نمائندے دستاویزات پر دستخط کرنے کے لیے پیر کو واشنگٹن آئیں گے۔


    ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل پرائز کیلیے نامزد کیا جائے، حکومت پاکستان


    تاہم ٹرتھ سوشل پر انھوں نے امن کا نوبل انعام جیتنے کے امکانات پر لکھا کہ انھیں نہیں ملے گا ’’چاہے میں کچھ بھی کروں۔‘‘ ٹرمپ نے پوسٹ میں لکھا ’’یہ افریقہ اور دنیا کے لیے ایک عظیم دن ہے۔ مجھے اس کے لیے امن کا نوبل انعام نہیں ملے گا، مجھے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ روکنے کے لیے امن کا نوبل انعام نہیں ملے گا، مجھے سربیا اور کوسوو کے درمیان جنگ روکنے کے لیے امن کا نوبل انعام نہیں ملے گا، مجھے مصر اور ایتھوپیا کے درمیان امن قائم رکھنے کے لیے امن کا نوبل انعام نہیں ملے گا۔‘‘

    انھوں نے لکھا ’’نہیں، مجھے امن کا نوبل انعام نہیں ملے گا، چاہے میں کچھ بھی کروں، بشمول روس یوکرین، اور اسرائیل ایران، ان کے نتائج کچھ بھی ہوں، لیکن لوگ جانتے ہیں، اور میرے لیے یہی سب اہم ہے!‘‘