Tag: DONALD TRUMP

  • سفری پابندی کےحکم نامہ پر ہار نہیں مانوں گا،ڈونلڈٹرمپ

    سفری پابندی کےحکم نامہ پر ہار نہیں مانوں گا،ڈونلڈٹرمپ

    نیشویل: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سفری پابندی کے حکم نامہ پر ہار نہیں مانوں گا، سفری پابندیوں کامعاملہ امریکی سلامتی کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے نیشویل میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفری پابندیوں پر عمل درآمد رکوانے پر عدالتی فیصلے کی مذمت کرتا ہوں ، سفری پابندی کےحکم نامہ پر ہار نہیں مانوں گا، سفری پابندیوں کا معاملہ امریکی سلامتی کا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ خطرہ ہمارے سروں پر منڈلارہا ہے، اب اپنا مقدمہ سپریم کورٹ لے جاؤں گا، غیر ملکی شدت پسندوں کو امریکہ میں داخل ہونے نہیں دوں گا۔


    ڈونلڈٹرمپ کاسفری پابندی سے متعلق نیاحکم نامہ معطل


    اس سے قبل ریاست ہوائی کی عدالت نے ٹرمپ کا نیا سفری حکم نامہ بھی معطل کر دیا، عدالت کے مطابق فیصلے کا اطلاق پورے ملک میں ہو گا، ریاست ہوائی کی درخواست پر اس کیس کی سماعت ہوئی، جس پر وفاقی جج ڈیریک واٹسن نے فیصلہ سنا یا۔ نئے حکم نامے کو چیلنج کرنیوالوں کا موقف تھاکہ یہ حکمنامہ بھی مسلمانوں سے تعصب پر مبنی ہے۔

    خیال رہےکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ماہ کے آغاز پر اس نئے صدارتی حکم نامے پر دستخط کیے تھے، جس کے مطابق چھ مسلم ممالک کے شہریوں پر 90 دن کے لیے پابندی لگا دی گئی تھی، ٹرمپ کے نئے حکم نامے میں صومالیہ، ایران، سوڈان، شام اور لیبیا شامل تھا تاہم عراق کو اس فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔


    سفری پابندی کےصدارتی حکم نامے کی معطلی


    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی فاقی عدالتوں نے انتظامیہ کی جانب سے 27 جنوری کو جاری ہونے والے اس حکم نامے کو روک دیا تھا، جس نے عارضی طور پر عراق، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے لوگوں پر امریکہ میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ امریکہ کا پناہ گزین پروگرام بھی اس کے باعث رک گیا تھا۔

    اس حکم نامے کی وجہ سے ایرپورٹس پر مسافروں کو پریشانیوں کو سامنا ہوا تھا۔ ان افراد کو بھی داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا جن کے پاس گرین کارڈ تھا، یہ افراد قانونی طور پر امریکہ میں مستقل رہائش اختیار کر سکتے ہیں۔

    امریکہ میں اس پابندی کے خلاف دو درجن سے زائد عدالتی درخواستیں دائر کی گئیں تھیں۔

  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سال کے آخر میں اپنی تنخواہ چیریٹی میں بطور عطیہ دیں گے۔

    وائٹ ہاؤس کے ترجمان شان سپائسر کا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی سالانہ تنخواہ چار لاکھ ڈالر اس سال کے آخر میں عطیہ کردیں گے، انہوں نے امریکی عوام سے عہد کیا ہے اور آپ تمام سے خواہش ظاہر کی ہیں کہ کسی ایسی چیریٹی کو تلاش کرنے میں مدد کرے جسے وہ اپنی تنخواہ عطیہ کر سکیں۔

    spicer-1

    ترجمان نے مزید کہا کہ اپنی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ تنخواہ نہیں لیں گے، وہ صرف قانونی طور پر ایک ڈالر کم از کم تنخواہ لیں گے جبکہ کوئی چھٹی بھی نہیں لیں گے۔

    یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور میڈیا کے روابط تلخی بھرے رہے ہیں کیونکہ اکثر ٹرمپ میڈیا کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔


    ڈونلڈ ٹرمپ کا بطور صدر تنخواہ نہ لینے کا اعلان


    یاد رہے امریکا کے صدر منتخب ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھ کہ وہ بطور امریکی صدر اپنی تنخواہ سے دست بردار ہوجائیں گے اور وہ صرف امریکی قانون کے تحت مقررہ لازمی رقم یعنی سالانہ ایک ڈالر وصول کریں گے۔

    خیال رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہورہا جب کوئی امریکی صدر اپنی تنخوا عطیہ کر رہے ہیں، اس سےقبل صدر جان ایف کینڈی اور صدر ہربرٹ ہوور ایسا کر چکے ہیں۔

  • صدرڈونلڈٹرمپ کوجھٹکا،نیا سفری حکمنامہ چیلنج کردیا گیا

    صدرڈونلڈٹرمپ کوجھٹکا،نیا سفری حکمنامہ چیلنج کردیا گیا

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور جھٹکا سفری پابندیوں سے متعلق ٹرمپ کا نظرثانی شدہ حکم پانچ ریاستوں نے چیلنج کر دیا ہے۔

    امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے لئے فیصلوں پر عملدرآمد مشکل ہونے لگا، پانچ امریکی ریاستوں واشنگٹن، اوریگن، منی سوٹا، نیویارک اور میساچیوسٹس اور ہوائی نے ٹرمپ کے نئے سفری حکم نامہ کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے عدالت میں چیلنج کردیا۔

    امریکی ریاست ہوائی کے اٹارنی جنرل نے حکم نامے کو مسلمانوں پر پابندی کی نئی شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیا حکم نامہ بنیادی طور پر پہلے جیسا ہی ہے، اس میں کچھ تبدیل نہیں ہوا، نئے حکم نامے میں بھی مسلم اکثریتی ممالک سے آنے والوں کے داخلے پر وہی پابندی ہے، دائر کی جانے والی حالیہ درخواست میں نئے صدارتی حکم نامے کو ہنگامی طور پر معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، مقدمے کی سماعت پندرہ مارچ کو کی جائے گی۔

    ریاستِ واشنگٹن کے اٹارنی جنرل بوب فرگوسن نے کہا ہے کہ ریاستوں کے پاس ٹھوس قانونی دلیل موجود ہے۔ صدر کا نیا امیگریشن حکم نامہ اصل کے مقابلے میں ’’محدود‘‘ نوعیت کا ہے۔ لیکن، اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ اس سے اُس میں حائل آئینی مسائل حل ہو جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کرنے سے متعلق ترمیم شدہ انتظامی حکم نامہ جاری کیا تھا جس کا اطلاق 16 مارچ سے ہونا ہے۔


    مزید پڑھیں : امریکا میں‌ 6 مسلم ممالک کے شہریوں‌ کا داخلہ بند، نیا حکم جاری


    نئے حکم نامے میں عراق کے علاوہ چھ مسلمان ملکوں پر ویزا پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ پہلے حکم نامے میں عراق بھی شامل تھا، وائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ نئے ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق شام، ایران، لیبیا، صومالیہ، یمن اور سوڈان سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر 90 دن کی پابندی برقرار رہے گی اور انہیں اس عرصے کے دوران امریکی ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے۔

    ٹرمپ کے سفری پابندیوں کے حکم نامے کے خلاف بڑے پیمانے پراحتجاج کیا گیا تھا۔

    وینزویلا کے صدرنکولس مدورونے ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی پالیسیاں مسلمان اور پناہ گزین دشمن ہیں۔

    دوسری جانب واشنگٹن کے ریسٹورنٹ مالکان نے ٹرمپ کے ریسٹونٹس اورہوٹل کے خلاف بزنس کونقصان پہنچانے کا مقدمہ کردیا، ریسٹورنٹ مالکان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ ہوٹل امریکی صدر کی حیثت سے فائدہ اٹھا کر دوسرے کے بزنس کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

  • ٹرمپ کی خانہ کعبہ کو دیکھنے والی ویڈیو جعلی نکل آئی

    ٹرمپ کی خانہ کعبہ کو دیکھنے والی ویڈیو جعلی نکل آئی

    جدہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خانہ کعبہ کی تصویر دیکھتے ہوئے وائرل ہونے والی ویڈیو کے جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے،اصل ویڈیو میں کیپٹل ہل کی جگہ کعبہ کا منظر ایڈیٹ کرکے چسپاں کردیا گیا تھا۔

    عرب نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اصل ویڈیو جاری ہوئی، وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرمپ ایک تصویر کے سامنے کھڑے ہیں اور فریم میں خانہ کعبہ کی تصویر موجود ہے۔

    جعلی ویڈیو میں ٹرمپ کو دکھایا گیا ہے کہ وہ خانہ کعبہ میں جمع ہونے والے لوگوں کی ان الفاظ میں تعریف کررہے ہیں کہ ’’یہاں جمع ہونے والے لوگ محبت کے پیکر ہیں، جب میں نے ان لوگوں کو دیکھا تو ان کی وجہ سے مجھے جینے کا احساس ہوا‘‘۔

    ویڈیو دیکھنے کے لیے اسکرول نیچے کریں

    ٹرمپ کے الفاظ ہیں کہ ’’یہ انسانی سمندر دراصل محبت کی نشانی ہے اور یہ میرے لیے بہت کچھ ہے کیونکہ یہ لوگ مختلف علاقوں سے آکر یہاں جمع ہوتے ہیں بلکہ بہت سارے لوگ تو دوسرے ممالک سے بھی آئے ہیں‘‘۔

    ویڈیو

    واضح رہے کہ اصل ویڈیو جنوری 20 تاریخ کی ہے جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کیپٹل ہل میں اپنی آمد کی خوشی میں منعقدہ تقریب کے بعد اس کی تصویر دیکھ کر اس  کی تعریف کررہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ دنیا بھر سے لوگوں کا سمندر یہاں آیا ہوا درحقیقت یہ محبت کا سمندر ہے، اس ویڈیو کو ایڈیٹ کرکے کیپٹل ہل کی جگہ خانہ کعبہ کی تصویر لگادی گئی۔

    تاحال ابھی واضح نہیں ہوا کہ یہ ویڈیو ایڈیٹنگ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کی گئی یا کسی اور نے شرارت میں کرکے اسے انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کردیا جس سے ویڈیو وائرل ہوگئی تاہم یہ امر قابل غور ہے کہ جعلی ویڈیو ٹرمپ کے حق میں گئی تھی اور تاثر ملا تھا کہ ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف نہیں بلکہ خانہ کعبہ میں موجود مسلمانوں کو ہجوم دیکھ کر کہہ رہے ہیں کہ یہ محبت کا سمندر ہے۔

  • محبت اور اتحاد کا پیغام دینے آیا ہوں، ڈونلڈٹرمپ

    محبت اور اتحاد کا پیغام دینے آیا ہوں، ڈونلڈٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ محبت اور اتحاد کا پیغام دینے آیا ہوں، دنیا بھر سے اسلامی شدت پسندی کو ختم کرینگے، امریکہ ہر قسم کی برائی اور نفرت کی مذمت کرتا ہے، امریکہ کو ایک بار پھر عظیم ترملک بنائیں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بننے کے بعد کانگریس سے پہلے خطاب میں کہا کہ یہاں محبت اور اتحاد کا پیغام دینے آیا ہوں، ہم اپنی سرحدوں کو مضبوط بنانے پر توجہ دے رہے ہیں، امریکہ ہرقسم کی برائی اور نفرت کی مذمت کرتا ہے، امریکہ میں روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے فوج کو وسائل دیں گے، امریکا کو محفوظ بنائیں گے، شدت پسندوں کی آماج گاہ نہیں بننے دیں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹوکی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کو مالیاتی ذمےداریاں نبھانی ہوں گی۔

    trump-post-2

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکہ کو ایک بار پھر عظیم ترملک بنائیں گے، امریکی شہریوں کی حفاظت ہماری ذمے داری ہے، امریکہ کو اسلامی شدت پسندی سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، امریکی مفادات کا تحفظ اولین ترجیح ہے، میرا کام دنیا کی نمائندگی کرنا نہیں،  کمپنیوں کو امریکا میں کاروبار جاری رکھنےکیلیے مراعات دیں گے۔،

    ڈونلڈ ٹرمپ نے جرائم پیشہ کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ داعش کے خاتمے کے لیے اتحادیوں سے مل کر کام کریں گے، اُنھوں نے پینٹاگان کو ہدایت کی کہ وہ ’داعش‘ کو شکست دینے کے لیے حکمت عملی مرتب کرے، اس دہشت گرد تنظیم نے مسلمانوں اور مسیحی مردوں، خواتین اور بچوں کو قتل کیا۔

    trump-post-3

    امریکہ کے صدر نے اپنے اس خطاب میں ایک مرتبہ پھر میکسیکو سے اپنی سرحد پر دیوار بنانے کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ جلد ہی جنوبی سرحد پر دیوار کی تعمیر شروع کردیں گے، سرحدوں کو محفوظ بنانے پر توجہ دے رہے ہیں، ایرانی ایٹمی پروگرام کی مذمت کرتے ہیں۔


    مزید پڑھیں  : سرحد پروقت سے پہلےدیوار کی تعمیرشروع کی جائےگی‘ڈونلڈ ٹرمپ


    انکا مزید کہنا تھا کہ امریکا میں خستہ ہال انفراسٹرکچر کو پھر سے کھڑا کیا جائیگا، نئی شاہرائیں اور پل تعمیر کیے جائیں گے، امیگریشن قوانین کے نفاذ سے اربوں ڈالرز کی بچت ہوگی، ان سے بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی اور ملک ہر کسی کے لیے محفوظ ہوگا، کینیڈا اور آسٹریلیا کی طرح قابلیت کی بنیاد پر امیگریشن سسٹم بنائیں گے۔

  • سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کھلا خط

    سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کھلا خط

    تہران : ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام ایک کھلا خط لکھا، جس میں محمود احمدی نژاد نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ویزے پر پابندی کے اقدام اور خواتین سے متعلق رویہ پر تنقید کی جبکہ امریکا کے سیاسی نظام پر تنقید کا خیرمقدم بھی کیا۔

    احمدی نژاد اپنے خط امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ آپ نے سچائی کے ساتھ امریکی سیاسی نظام اور انتخابی ڈھانچے کو بدعنوان قرار دیا ہے۔

    احمدی نژاد نے یہ خط انگریزی اور فارسی زبان میں لکھا۔

    سابق ایرانی صدر نے سات مسلم ممالک کے شہریوں پر عائد کردہ ویزے کی پابندی پر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس میں ایران بھی شامل ہیں، انھوں نے لکھا ہے کہ مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں اور اشرافیہ بہ شمول میرے دس لاکھ سے زیادہ ایرانی ہم وطنوں نے امریکا کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، عصرِ حاضر کا امریکہ سارے ملکوں کا ہے۔

    خطے کے بیشتر مضمون میں سابق ایرانی صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ کہ وہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کی مداخلت کا سلسلہ بند کردیں اور سابق امریکی حکومتوں کے رعونت بھرے انداز سے بھی اپنا ناتا توڑ لیں۔

    خط کے آخر میں احمدی نژاد نے خواتین کے احترام سے متعلق امریکی صدر کو کہا کہ تاریخ کی عظیم شخصیات نے ہمیشہ خواتین کو بلند احترام دیا ہے اور ان کی خداداد صلاحیتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    خیال رہے کہ ماضی میں احمدی نژاد سابق امریکی صدور براک اوباما اور جارج ڈبلیو بش ، چانسلر انجیلا میرکل کو کھلے خط روانہ کر چکے ہیں۔

  • ڈونلڈٹرمپ کی برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کی تجویز رد

    ڈونلڈٹرمپ کی برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کی تجویز رد

    لندن : برطانوی حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کی تجویز رد کردی، یہ فیصلہ دارالعوام کے اسپیکر سمیت متعدد اراکین کی مخالفت کے باعث کیا گیا ہے۔

    ویسٹ منسٹر کے ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو رواں سال دورہ برطانیہ کے موقع پر برطانوی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کی تجویز زیر غور تھی، تاہم برطانوی دارالعوام کے اسپیکر جان بیرکاؤ سمیت متعدد اراکین کی مخالفت کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے دوران ان کی عوامی اجتماعات میں شرکت کم سے کم رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ممکنہ احتجاج سے بچا جاسکے۔


    مزید پڑھیں : اسپیکر کا ٹرمپ کو برطانوی ایوان سے خطاب کی اجازت دینے سے انکار


    یاد رہے کہ اس سے قبل اسپیکر برطانوی پارلیمنٹ نے دو ٹوک کہا تھا کہ دورہ برطانیہ میں ٹرمپ کو ایوان سے خطاب کی اجازت نہیں دینگے۔

    برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر جان برکاؤ نے کہا تھا کہ وہ تارکینِ وطن پر پابندی کے حکم نامے سے پہلے بھی ٹرمپ کے برطانوی ایوان سے خطاب کے مخالف تھے تاہم اس پابندی کے بعد اس کے شدید مخالف ہوگئے ہیں۔

    خیال رہے کہ ٹرمپ کے مسلم ممالک کے خلاف بیان اوراقدامات پر صرف امریکہ ہی نہیں یورپ میں بھی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور ان پر شدید تنقید کی جارہی ہے جبکہ برطانوی عوام نے ٹرمپ کو برطانیہ آنے سے روکنے کیلئے پٹیشن پر اٹھارہ لاکھ سے زائد افراد نے دستخط کر دیئے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا عراقی وزیراعظم حیدر العبادی سے ملاقات سے انکار

    ڈونلڈ ٹرمپ کا عراقی وزیراعظم حیدر العبادی سے ملاقات سے انکار

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراقی شہریوں پر پابندی کے بعد عراقی وزیراعظم حیدر العبادی سے ملاقات سے بھی انکار کر دیا ہے۔

    امریکا کی نئی انتظامیہ بالخصوص صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور عراقی حکومت کے درمیان بھی تناؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ایک جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے عراقی شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کی اور اب عراقی وزیراعظم حیدر العبادی سے ملاقات سے بھی انکار کر دیا ہے۔

    عراق میں امریکی سفیر دوگلاس سیلمان نے عراقی وزیراعظم کو بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آپ سے ملنے کے خواہاں نہیں ہیں۔

    حیدر العبادی امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک دینے کے لئے امریکہ جانا چاہتے تھے لیکن صدر ٹرمپ نے اپنے سفیر کے ذریعے انہیں مطلع کر دیا ہے کہ وہ ان کا استقبال نہیں کریں گے۔

    اس انکار کے باوجود امریکی انتظامیہ داعش کے خلاف جنگ میں عراق کی حمایت اور مدد جاری رکھے گی۔

    واضح رہے کہ نومنتخب امریکی صدر تمام حدیں پار کرتے ہوئے سفارتی آداب کو بھی نظرانداز کررہے ہیں، جس کی مثال گزشتہ دنوں ناروے کے سابق وزیراعظم کے ساتھ امریکی ایئرپورٹ پر ناروا سلوک ہے کہ جن کو تین سال پہلے ایران جانے کی وجہ سے کئی گھنٹوں ایئرپورٹ پر روکا گیا۔

  • پیوٹن اگر قاتل ہیں تو امریکا بھی معصوم نہیں، ٹرمپ

    پیوٹن اگر قاتل ہیں تو امریکا بھی معصوم نہیں، ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے صدرپیوٹن کی تعریف کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ پیوٹن اگر قاتل ہیں تو امریکا بھی معصوم نہیں۔

    امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کو متنازع بیانات اور فیصلوں پر ایک بار پھر تنقید کے طوفان کا سامنا ہے، امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس کے صدرولادی میرپیوٹن کا احترام کرتا ہوں مگر اس کا یہ مطلب نہیں میں ان کا ساتھ دے رہا ہوں، وہ اپنے ملک کے رہنما ہیں مگر میرا ماننا ہے کہ روس سے تعاون نہ کرنے سے بہتر ہے کہ اس سے تعاون کیا جائے۔

    putin1

    امریکی صدر نے کہا کہ اگر روس داعش کیخلاف لڑائی میں ہماری مدد کرتا ہے تو روس کے ساتھ چلنا بہتر ہے۔ یہ ایک بڑی لڑائی ہے، کیا میں پیوٹن کے ساتھ چلوں گا؟ اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

    انٹریوو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ ‘پوتین ایک قاتل ہے’ تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ بہت سے لوگ قاتل ہیں، ہمارے پاس بھی بہت سے قاتل ہیں، آپ کیا سمجھتے ہیں کہ ہمارا ملک امریکہ بے گناہ اور معصوم ہے۔


    مزید پڑھیں : پیوٹن بہت ہوشیار ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ


    دوسری جانب کی اپنی ری پبلکن پارٹی کے ارکان نے بھی ٹرمپ کو روسی صدر پیوٹن کی حمایت پر آڑے ہاتھوں لیا۔

    اس سے قبل سات ملکوں کے شہریوں کو امریکا میں داخل ہونے پر پابندی عائد کیے جانے کے خلاف عدالتی فیصلہ پر ٹرمپ نے جج اور عدالتی نظام کو تنقید کا نشانہ بنایا، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کچھ ہوا تو ذمہ دار جج اور عدالتی نظام ہوگا۔

    خیال رہے کہ امریکی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی سات اسلامی ملکوں پر عائد سفری پابندیاں بحال کرنے کی اپیل مسترد کر دی تھی۔

  • امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی مسلمانوں کے خلاف نئے منصوبے کی تیاری

    امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی مسلمانوں کے خلاف نئے منصوبے کی تیاری

    واشنگٹن : امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع فیصلوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا، امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کے خلاف نئے منصوبے کی تیاری شروع کردی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے شدت پسندی کو اسلام سے جوڑنے کی ٹھان لی ہے، نئی امریکی حکومت نے ’ انسداد شدت پسندی پروگرام‘ کا نام بدل کر ’انسداد اسلامی شدت پسندی‘ کرنے کی تیاری میں مصروف ہیں۔

    t

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ’’انسداد شدت پسندی’’پروگرام کو صرف اور صرف مسلمانوں کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں ، منصوبے کا مقصد پرتشدد کے بجائے اسلامی شدت پسند گروپس پر توجہ ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق اس اقدام کے نتیجے میں امریکا میں دہشت گردی، بم دھماکے اور فائرنگ کرنے والے سفید فام شدت پسند گروپوں پر توجہ نہیں دی جائے۔


    مزید پڑھیں: امریکی صدر کے تارکین وطن اور 7 مسلم ممالک کے داخلے پر پابندی کے حکم نامہ پر دستخط


    یاد رہے چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرکے امریکا میں تارکین وطن کے داخلے کے پروگرام کو معطل کرتے ہوئے 7 مسلمان ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔

    آرڈر کے مطابق مسلمان ممالک ایران، عراق، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے شہریوں کو 90 دن تک امریکا کے ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے جبکہ شامی مہاجرین کے امریکا میں داخلے پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی گئی تھی۔