Tag: Donation

  • سعودی عرب: ننھی بچی کو جگر کا عطیہ کیسے ملا؟

    سعودی عرب: ننھی بچی کو جگر کا عطیہ کیسے ملا؟

    ریاض: سعودی عرب میں جگر کے عطیے کی ضرورت مند بچی کے لیے ایک انجان خاتون آگے آگئیں، خاتون نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر انجانی بچی کو اپنے جگر کا ایک حصہ عطیہ کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی خاتون اور سوشل میڈیا سٹار جوہرہ الحقیل نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک انجانی بچی جومانا الحربی کو اپنے جگر کا ایک حصہ عطیہ کیا ہے۔

    جوہرہ الحقیل کا کہنا تھا کہ میری ایک سہیلی نے بتایا تھا کہ ایک بچی کو جگر کے عطیے کی ضرورت ہے اور وہ تکلیف میں ہے، جگر کا ٹرانسپلانٹ ہی اس کی زندگی بچا سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں بچی کو بھی نہیں جانتی تھی اور نہ اس کے اہل خانہ سے کوئی شناسائی تھی مگر جب یہ علم ہوا کہ بچی کی زندگی بچ سکتی ہے تو اپنے جگر کا ایک حصہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    ان کے مطابق انہیں اپنی آنکھوں کی سرجری کا مسئلہ درپیش تھا تاہم اپنی سرجری کو بھول کر انہوں نے بچی کی مدد کا فیصلہ کیا۔

    سعودی خاتون کا کہنا تھا کہ اللہ نے میرے دل میں ڈالا کہ معاشرے میں کارخیر کر کے اپنی ایک پہچان بناؤں، مجھے بچپن سے رضا کارانہ کاموں کا شوق رہا ہے، سعودی عرب میں غربت کے انسداد میں سرگرم ٹیم کا حصہ بننے کی بھی خواہش ہے۔

    خیال رہے کہ جوہرہ الحقیل سعودی سوشل میڈیا سٹار ہیں اور ضرورت مندوں کو اعضا عطیہ کرنے کی مہم بھی چلا رہی ہیں، انجانی بچی کو جگر عطیہ کیے جانے کو سوشل میڈیا صارفین بھی سراہ رہے ہیں۔

  • بھارتی مسلمان خاندان کے گھر کی مسماری کے بعد تعمیر نو کے لیے چندہ مہم

    بھارتی مسلمان خاندان کے گھر کی مسماری کے بعد تعمیر نو کے لیے چندہ مہم

    بھارت میں مسلمان ایکٹوسٹ آفرین فاطمہ کے اتر پردیش میں چند روز قبل سرکاری مشینری کے ذریعے گرائے گئے گھر کی از سر نو تعمیر کے لیے چندہ مہم شروع کی گئی ہے تاہم ان کی والدہ نے ایک خط کے ذریعے ایسی کسی مہم سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

    جمعرات کی شام آفرین فاطمہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر والدہ پروین فاطمہ کا ایک خط شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس پیغام کو آگے بڑھایا جائے۔

    خط میں جہاں الہ آباد (پریاگ راج) میں ہدف بنائے جانے والے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے وہیں اپنے شوہر جاوید محمد کی گرفتاری پر اظہار یکجہتی کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے۔

    اتر پردیش پولیس نے بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما اور نوین جندال کے گستاخانہ بیان پر ہونے والے احتجاج کی ذمہ داری جاوید محمد پر عائد کرتے ہوئے انہیں گزشتہ سنیچر سے گرفتار کر رکھا ہے۔

    پروین فاطمہ کا کہنا ہے کہ میرے شوہر جاوید محمد معصوم ہیں اور ان کے خلاف لگائے گئے بے بنیاد الزامات ختم ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ کچھ لوگوں نے ہمارے گھر کی تعمیر کے لیے چندہ مہم شروع کر دی ہے۔ میں اپنے اہل خانہ کی جانب سے یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ہم نے ایسی کسی مہم کے لیے رضا مندی نہیں دی۔ ایسی کوئی بھی مہم ہمارے خاندان کی خواہش کے خلاف ہو گی۔

    یاد رہے کہ اتر پردیش میں مسلمانوں کی املاک کو اس وقت مسمار کرنا شروع کیا گیا جب ہندو سادھو سے سیاست دان بننے والے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حکم جاری کیا تھا کہ ان تمام غیر قانونی املاک کو مسمار کیا جائے جو جمعے کو ہونے والے مظاہروں میں شامل افراد کی ہیں۔

    یوگی آدتیہ ناتھ کے میڈیا مشیر نے اپنے ایک ٹویٹ میں بلڈوزر کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ فسادی یاد رکھیں کہ ہر جمعے کے بعد سنیچر کا دن بھی آتا ہے۔

    گزشتہ جمعے کو رانچی میں بی جے پی کے ترجمانوں کی جانب سے توہین آمیز ریمارکس پر احتجاج کرنے والے مظاہرین میں سے 2 افراد پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہوگئے تھے۔ پولیس نے اب تک درجنوں مسلمان مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔

  • "بے ساکھیوں پر کھڑی حکومت جلد گرنے والی ہے”

    "بے ساکھیوں پر کھڑی حکومت جلد گرنے والی ہے”

    اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کو چین سے امداد پاک فوج کے باعث ملی، حکومت کو کوئی ایک ڈالر دینے کو تیار نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے شہباز حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بے ساکھیوں کا سہارا ہے جو جلد گرنے والی ہے کیونکہ اکثریت حکومت سے جان چھڑانا چاہتی ہے۔

    سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہوراور فیصل آباد میں ضمنی انتخابات میں عوام نے فیصلہ کرنا ہے ضمنی انتخابات کے نتائج دیکھ کر حکومت دھڑم سے گرجائے گی۔

    شیخ رشید نے کہا کہ حکومت چین سے امداد ملنےکا شور ڈال رہی ہے، اس حکومت کو کوئی بھی ملک ایک ڈالر دینے کو تیار نہیں ، چین سے یہ امداد پاک فوج کے باعث ملی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد نے چین کا دورہ کیا جس کی قیادت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد کا چین کا دورہ

    دورے سے متعلق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا ک پاکستان اور چین کی اعلیٰ سطح کی فوجی قیادت کی ملاقات ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چینی وائس چیئرمین سی ایم سی جنرل ژھانگ نے وفود کی قیادت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور چین نے اسٹریٹجک شراکت داری پر عزم کا اعادہ بھی کیا، دونوں جانب سے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے رابطوں میں تسلسل پر اتفاق کیا گیا۔

  • سعودی عرب: بیرون ملک اداروں کو عطیات دینے کے حوالے سے ہدایات

    سعودی عرب: بیرون ملک اداروں کو عطیات دینے کے حوالے سے ہدایات

    ریاض: سعودی پبلک پراسیکیوشن نے بیرون ملک موجود اداروں کو عطیات دینے کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوشن نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بیرون ملک نامعلوم اداروں کو عطیات دینے سے خبردار کیا ہے۔

    ادارے نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے قوانین کے مطابق ایسا کرنا جرم ہے، جو شخص بیرون ملک موجود نامعلوم اداروں کو عطیات دے گا اس سے مواخذہ ہوگا۔

    پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ بیرون ملک عطیات دینے کے خواہش مندوں کو چاہیئے کہ وہ کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد سے رابطہ کریں۔

    پراسیکیوشن کے مطابق سعودی عرب میں یہی واحد اجازت یافتہ ادارہ ہے جو بیرون ملک انسانی کاموں کے لیے عطیات جمع کرنے کا مجاز ہے۔

  • کرونا ویکسین: عالمی ادارہ صحت نے امیر ممالک سے اپیل کردی

    کرونا ویکسین: عالمی ادارہ صحت نے امیر ممالک سے اپیل کردی

    جنیوا: عالمی ادارہ صحت نے امیر ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ غریب ممالک کے لیے کرونا وائرس ویکسین عطیہ کریں، تاحال دنیا کے 36 ممالک میں کرونا ویکسی نیشن شروع نہیں ہوسکی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے امیر ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ غریب اقوام و ممالک کو کرونا ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر ایک کروڑ خوراکیں عطیہ کریں۔

    ادارہ صحت کی جانب سے یہ اپیل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس اڈنہم کی جانب سے کی گئی ہے، انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپیل کی کہ فوری طور پر کویکس کو ایک کروڑ خوراکیں عطیہ کی جائیں۔

    ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ غریب اقوام کو ویکسین کی فراہمی کے لیے عالمی ادارہ صحت کو ہنگامی بنیادوں پر ایک کروڑ ویکیسن کی خوراکوں کی فوری ضرورت ہے، کویکس کو خوراکیں دی جائیں تاکہ سال رواں کے پہلے 100 دنوں کے اندر دنیا کا ہر ملک ویکسی نیشن مہم کا آغاز کر سکے۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی تک دنیا کے 36 ممالک ایسے ہیں جہاں تاحال کرونا ویکسی نیشن شروع نہیں کی گئی، ان میں سے 16 ممالک کو کویکس کے تحت آئندہ 15 روز کے اندر ویکسین کی فراہمی کا پروگرام ہے۔ باقی 20 ممالک ویکسین سے اس کے باوجود محروم رہیں گے۔

    عالمی ادارہ صحت کی کویکس ویکسین شیئرنگ اسکیم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ دنیا کے 92 غریب ممالک کی کرونا ویکسین تک رسائی ہو اور اس کی قیمت ڈونرز ادا کریں۔

  • پناہ گزینوں کی مدد کے لیے سعودی عرب نے شاہی خزانوں کے منہ کھول دیے

    پناہ گزینوں کی مدد کے لیے سعودی عرب نے شاہی خزانوں کے منہ کھول دیے

    ریاض: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب دنیا بھر میں پناہ گزینوں کی بے تحاشہ مدد کر رہا ہے، شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ادارے کو 53 ملین ڈالر فراہم کیے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جی سی سی ممالک میں پناہ گزینوں کے بین الاقوامی ادارے کے نمائندے خالد خلیفہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے عالمی منصوبوں کو عطیات دینے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔

    خالد خلیفہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کا ماتحت ادارہ برائے پناہ گزین سعودی عرب کی شراکت سے دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے لیے فلاحی پروگرام چلا رہا ہے۔

    نمائندے کا کہنا ہے کہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارے کو 53 ملین ڈالر دیے جبکہ سعودی ترقیاتی فنڈ نے یمن میں بے گھر شہریوں نیز شام، صومالیہ، افغانستان اور روہنگیا کے پناہ گزینوں کے فلاحی منصوبوں کو فنڈ فراہم کیے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سنہ 2019 کے آخر میں پناہ گزینوں کی تعداد دنیا کی کل آبادی کا 1 فیصد تھی. گزشتہ برس کے آخر میں 79 ملین سے زائد افراد اپنے گھر، کاروبار، شہروں، بستیوں کو چھوڑنے پر مجبور کیے گئے۔

    یہ اعداد و شمار اقوام متحدہ کے ماتحت پناہ گزینوں کی ہائی کمشنری کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں، ان میں سے 85 فیصد ایسے ہیں جو اپنے ملکوں سے فرار ہو کر ترقی پذیر پڑوسی ممالک میں رہ رہے ہیں۔

    خالد خلیفہ نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب کے ساتھ ادارے کی شراکت جاری رہے گی اور مملکت کے تعاون کی بدولت دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

  • ٹینس اسٹار اعصام الحق نے کورونا متاثرین کیلئے بڑی رقم عطیہ کردی

    ٹینس اسٹار اعصام الحق نے کورونا متاثرین کیلئے بڑی رقم عطیہ کردی

    لاہور : سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے فلاحی تنظیم کی تقریب میں کورونا متاثرین کیلئے اپنی ٹی شرٹ اور ٹینس اسٹار اعصام الحق نےدس لاکھ روپے عطیہ کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب میں ایک فلاحی تنظیم کی تقریب میں سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد اور ٹینس اسٹار اعصام الحق نے شرکت کی مشتاق احمد نے اپنی شرٹ عطیہ میں دی جبکہ اعصام الحق نے دس لاکھ روپے عطیہ دیا۔

    لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق کا کہنا تھا کہ کھلاڑی میچ جیت کر خوش ہوتے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ انسانیت کی خدمت سے بڑی کوئی خوشی نہیں، کورنا وائرس سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کیلیے ٹیم ورک کی ضرورت ہے،اسی مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے فلاحی تمظیم کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔

    اعصام الحق کا کہنا تھا کہ کورونا متاثرین کی مدد کیلیے راجر فیڈرر، رافیل نڈال، جوکووک اور ثانیہ مرزا کو بھی خطوط لکھے ہیں، اسٹار ٹینس پلیئرز نے اپنی شرٹس اور دیگر اشیاء نیلامی کیلیے پیش کی ہیں، وسیم اکرم، راشد لطیف، شعیب اختر، جہانگیر خان اور دیگر اسٹارز نے بھی اپنی یادگار اشیا نیلامی کیلیے پیش کی ہیں۔

    اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ میں اپنی 1999 کے ورلڈ کپ کی شرٹ ڈونیشن کر رہا ہوں۔ جتنا لطف کسی ضرورت مند کی مدد کرنے میں آتا ہے اتنا ورلڈ کپ جیتنے سے بھی نہیں آتا۔

    انہون نے کہا کہ آج بھی مجھے وہ وقت یاد ہے کہ جب لوگوں نے مجھے سپورٹ کیا تھا ، مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ راشن کا سلسلہ شروع کیا تو سفید پوش لوگوں کو دیا وہ واقعی بہت ضرورت مند تھے۔ اللّٰہ پاک نے مجھے موقع دیا کہ میں لوگوں کی مدد کر سکوں۔

    انہون نے کہا کہ شاہد آفریدی ، اعصام الحق اور دیگر کھلاڑی فلاحی کاموں حصہ لے رہے ہیں ۔ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو تبدیل کر دیا ہے، مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ہمارے جتنے بھی کولیک ہیں میں سب سے درخواستکرتا ہوں وہ آگے بڑھ اپنا اپنا حصہ ڈالیں۔

  • عالمی ادارہ صحت سعودی عرب کا شکر گزار

    عالمی ادارہ صحت سعودی عرب کا شکر گزار

    جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈ روس نے 50 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم کے عطیے پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈ روس نے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم دینے پر جی 20 کے قائد ملک سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل ٹیڈ روس نے امید ظاہر کی ہے کہ جی 20 کے دیگر رکن ممالک بھی شاہ سلمان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نئے کرونا وائرس پر قابو پانے کی عالمی مہم میں حصہ لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 500 ملین ڈالر کے عطیے پر شاہ سلمان اور سعودی عوام کے بے حد ممنون ہیں، اس رقم سے کرونا کی وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں عالمی مشن کو تقویت پہنچے گی۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سعودی عرب نے جی 20 کی قیادت کرتے ہوئے عالمی اداروں کے لیے 500 ملین ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے یہ امداد عالمی ادارہ صحت کی اپیل پر دی گئی ہے۔

    سعودی عرب کی جانب سے دی جانی والی 50 کروڑ ڈالر کی اس امداد میں 15 کروڑ ڈالر کرونا وائرس کی مناسب روک تھام کے لیے جدید آلات کی تیاری جبکہ 15 کروڑ ڈالر اس بیماری کے سدباب کے لیے ویکسین کی تیاری میں مدد کے لیے مختص ہیں۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران خواتین پر تشدد میں اضافہ، معروف گلوکارہ نے خطیر رقم عطیہ کردی

    لاک ڈاؤن کے دوران خواتین پر تشدد میں اضافہ، معروف گلوکارہ نے خطیر رقم عطیہ کردی

    معروف گلوکارہ ریانہ نے کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو تشدد کا شکار خواتین کی مدد کے لیے خطیر رقم عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکارہ ریانہ اور ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹو جیک ڈورسی نے امریکی شہر لاس اینجلس میں گھریلو تشدد کا شکار خواتین کے لیے مشترکہ طور پر 4.2 ملین (42 لاکھ) ڈالرز کی رقم عطیہ کی ہے۔

    یہ رقم شہر کے میئر کے فنڈ میں دی جائے گی جو گھریلو تشدد کا شکار خواتین کی فلاح کے لیے قائم کیا گیا ہے، ریانہ کی عطیہ کردہ رقم اگلے 10 ہفتوں تک ان خواتین کے لیے رہائش، کھانا اور کونسلنگ کی مد میں خرچ کی جائے گی۔

    لاس اینجلس حکام کا کہنا ہے کہ تشدد کا شکار خواتین کے لیے جو شیلٹرز بنائے گئے تھے وہ اس لاک ڈاؤن کے دوران پہلے ہی بھر چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے مردوں نے گھروں پر رہنا شروع کیا تو گھریلو تشدد میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا، اقوام متحدہ کے مطابق خواتین اپنے پرتشدد شوہر یا پارٹنرز کے ساتھ گھروں میں قید ہوگئی ہیں اور ان کے لیے کوئی جائے فرار نہیں ہے۔

    صرف برطانیہ میں گھریلو تشدد کے سبب ہاٹ لائن پر مدد مانگنے والوں کی تعداد میں 120 فیصد اضافہ ہوا، امریکا میں یہ شرح 20 فیصد زیادہ رہی۔

    ایک محتاط اندازے کے مطابق عام حالات میں امریکا میں ہر منٹ 20 افراد (عموماً خواتین) گھریلو تشدد کا نشانہ بنتے ہیں جبکہ سالانہ یہ تعداد 1 کروڑ تک جا پہنچتی ہے۔

    کرونا وائرس کی وبا کے دوران گھریلو تشدد میں اضافے کو دیکھتے ہوئے کئی ممالک نے اس حوالے سے اقدامات کیے ہیں، ارجنٹینا میں فارمیسیز کو خواتین کے لیے ’محفوظ جگہ‘ قرار دیتے ہوئے وہاں گھریلو تشدد کی شکایات رپورٹ کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    فرانس کے ہوٹلز میں ان خواتین کے لیے ہزاروں کمرے مختص کیے گئے ہیں جو پرتشدد مردوں کی وجہ سے گھر جانے سے خوفزدہ ہیں۔ اسپین میں بھی ان خواتین کو لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے جو گھریلو تشدد کا شکار ہیں۔

    کینیڈا اور آسٹریلیا میں کووڈ 19 کے بحالی فنڈ میں تشدد کا شکار خواتین کے لیے بھی بڑا حصہ مختص کیا گیا ہے۔

    اقوام متحدہ نے دنیا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے کرونا وائرس کے ساتھ ساتھ گھریلو تشدد کے خلاف بھی اقدامات کریں۔

  • کرونا وائرس کے خلاف اقدامات: سرکاری ملازمین نے 1 ارب روپے عطیہ کردیے

    کرونا وائرس کے خلاف اقدامات: سرکاری ملازمین نے 1 ارب روپے عطیہ کردیے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے سرکاری افسران اور ملازمین کی جانب سے کرونا وائرس کے تدارک کے لیے 1 ارب 20 کروڑ روپے چیف منسٹر فنڈ میں عطیہ کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چیف سیکریٹری پنجاب اعظم سلیمان نے ملاقات کی، چیف سیکریٹری پنجاب نے چیف منسٹر فنڈ کے لیے چیک وزیر اعلیٰ کو پیش کیا۔

    ذرائع کے مطابق فنڈ کے لیے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین نے ایک دن کی، گریڈ 17 سے 19 کے سرکاری افسران نے 2 دن کی اور گریڈ 20 سے 22 کے افسران نے 3 دن کی تنخواہ فنڈ میں عطیہ کی۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کمزور طبقات کی مدد کرنے والوں کا جذبہ قابل ستائش ہے، کرونا کے متاثرین کی مدد کے لیے فنڈ کی رقم مستحق لوگوں تک پہنچے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ملازمین کی جانب سے عطیہ، متاثرین کی مدد کے لیے ایثار کی اعلیٰ مثال ہے۔ فنڈ میں عطیہ کی جانے والی ایک ایک پائی حقداروں تک پہنچائیں گے۔ ریلیف کے کاموں میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی۔