لاہور: احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی پی سی بی نے تصدیق کرتے ہوئے سیلفی بوائے کو چارج شیٹ جاری کردی ہے، کرکٹڑ پر ایک سے چار سال کی پابندی لگ سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیلفی بوائے احمد شہزاد بڑٰی مشکل میں پھنس گئے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے احمد شہزاد کو چارج شیٹ جاری کردی ہے، امکان ہے کہ کرکٹر کی عبوری معطلی شروع ہوجائے گی۔
پی سی بی نے ریویو کے لیے احمد شہزاد کے سیمپلز غیر جانبدار پینل کو جائزے کے لیے بھیجے تھے جس کی رپورٹ پی سی بی کو موصول ہونے کے بعد اعلان کیا گیا۔
احمد شہزاد کی رپورٹ میں غیر ممنوعہ اشیاء کے استعمال کی تصدیق ہوگئی ہے، غلطی تسلیم کرنے اور قابل قبول جواز دینے پر سیلفی بوائے پر ایک سے چار سال تک کرکٹ کے دروازے بند ہوسکتے ہیں۔
Independent Review Board Report on doping case has been received by PCB. Cricketer Ahmad Shahzad has tested positive for a banned substance. PCB will issue charge sheet today.
— PCB Official (@TheRealPCB) July 10, 2018
واضح رہے کہ بیڈ بوائے احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ پاکستان کپ کے دوران لیا گیا تھا جبکہ 2016 میں یاسر شاہ مثبت ڈوپ ٹیسٹ آنے پر تین ماہ کی پابندی کا سامنا کرچکے ہیں۔
احمد شہزاد پاکستان کے پہلے کھلاڑی نہیں ہیں جن کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے ماضی میں شعیب اختر، محمد آصف، عبدالرحمان، رضا حسن اور کئی کرکٹرز کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
احمد شہزاد پاکستان کی جانب سے 13 ٹیسٹ، 81 ون ڈے انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، وہ پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے پہلے بلے باز ہیں۔