Tag: dossier

  • نگراں وزیر اعظم پاکستان نے بھارت میں اقلیتوں کے استحصال سے متعلق تفصیلی ڈوزیئر لانچ کر دیا

    نگراں وزیر اعظم پاکستان نے بھارت میں اقلیتوں کے استحصال سے متعلق تفصیلی ڈوزیئر لانچ کر دیا

    اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے بھارت میں اقلیتوں کے استحصال سے متعلق تفصیلی ڈوزیئر لانچ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے ہندوستان میں ہونے والے اقلیتوں کے استحصال سے متعلق تفصیلی ڈوزیئر لانچ کر دیا ہے، جس میں مسلمانوں، عیسائیوں اور باقی مذاہب کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی کے واقعات شامل کیے گئے ہیں۔

    بھارت کے خلاف تفصیلی ڈوزیئر اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے تیار کیا گیا ہے، ایپری ڈوزیئر میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تاریخ کی بدترین نسل کشی جاری ہے، ہندوتوا نظریات کے حامل افراد اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

    ڈوزیئر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی برادری بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے، 2021 میں اقلیتوں کے خلاف تشدد کے 294 واقعات سامنے آئے، جب کہ مقبوضہ کشمیر میں 24 ہزار 496 مذہبی مقامات کو سرکاری تحویل میں لیا گیا۔

    دریں اثنا نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے کی معاشی حقیقت ہے، اور پاکستان کی نظریں تجارت بڑھانے کے لیے مشرق پر ہیں مگر ہمیں باوقار کردار ادا کرنا ہوگا، بھارت کے ساتھ پاکستان کے مفادات کو مدنظر رکھ کر اچھے تعلقات چاہتے ہیں، بھارت میں ہندوتوا پالیسی بہت بڑا چیلنج ہے، اور مستقبل میں ہندوتوا کا نظریہ پوری دنیا کے لیے چیلنج بن جائے گا۔

    انھوں نے کہا پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم بھارت تنازعات کو ہوا دینے کی کوشش کرتا ہے، انھوں نے اسرائیل فلسطین جنگ کے حوالے سے کہا کہ یورپ یا کہیں اور تنازع ہو تو مغرب کا دہرا معیار نظر آتا ہے، غزہ میں اسرائیلی درندگی کی مثال نہیں ملتی، فسلطینیوں پر اسرائیلی فوج پے درپے حملے کر رہی ہے، میرے نزدیک بچوں کو مارنے کا کوئی جواز قبول نہیں کیا جا سکتا۔

  • پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ڈوزیئر جاری کردیا

    پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ڈوزیئر جاری کردیا

    اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر 131 صفحات کا ڈوزیئر جاری کردیا، ڈوزیئر میں کیمیکل ہتھیار کے استعمال اور اجتماعی قبروں کے ثبوت موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر 131 صفحات کا ڈوزیئر جاری کردیا۔ ڈوزیئر میں کیمیکل ہتھیار کے استعمال، اجتماعی قبروں کے ثبوت، خواتین اور بچوں پر تشدد، قابض فوج کے تشدد اور جعلی مقابلوں کے شواہد شامل کیے گئے ہیں۔

    ڈوزیئر میں بھارتی اور عالمی اداروں کے حوالے بھی شامل ہیں۔ اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کشمیر پر قابض اور مسلط ہے، سید علی گیلانی کی وفات پر بھارت کی سوچ سب کے سامنے تھی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا ک سید علی گیلانی کے جسد خاکی کو بھارتی فورسز نے قبضے میں لیا، ان کے گھر جانے والے راستوں کو بند کیا گیا، ان کے جنازے میں لوگوں کو شامل کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال دیکھ کر دنیا میں بسنے والے ہر کشمیری کو تکلیف ہوئی۔ دنیا نے بھارت کا اصلی چہرہ دیکھ لیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کمیونیکیشن گیپ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کو جانے کی اجازت نہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لوگوں نے دیکھا کہ بھارت حقائق توڑ مروڑ کر پیش کرتا ہے، آج کی دنیا میں انسانی حقوق کا پرچار ہوتا ہے۔ انسانی حقوق کو اس انداز میں پامال کرنا نامناسب ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ ڈوزیئر 131 صفحات پر مشتمل ہے، ڈوزیئر میں وار کرائمز کا تذکرہ بھی ہے۔ سلامتی کونسل کی کس طرح نفی کی جا رہی ہے وہ بھی ڈوزیئر میں درج ہے۔ ایک مسلم علاقے کو اقلیت میں تبدیل کرنا بھی اس ڈوزیئر میں شامل ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ڈوزیئر میں 41 حوالے ایسے ہیں جن کی سورس انڈین ہے، 32 حوالے ایسے ہیں جن کا تعلق عالمی اداروں سے ہے، پاکستان کے 113 میں سے صرف 14 حوالے ہیں۔ ان لوگوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو وار کرائم کو مرتب کرنے میں ملوث ہیں، ان میں میجر جنرل، میجرز، ڈی آئی جیز، کرنلز اور کیپٹن ہیں۔

  • بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا ڈوزیئر اقوام متحدہ میں پیش

    بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا ڈوزیئر اقوام متحدہ میں پیش

     اسلام آباد: بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی پر پاکستان نے ڈوزیئر عالمی ادارہ ماحولیات میں پیش کردیا، ڈوزیئر میں بھارت کو ماحولیاتی دہشت قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھا دیا۔ بھارت کو ماحولیاتی دہشت گرد قرار دینے کا ڈوزیئر عالمی ادارہ ماحولیات میں پیش کردیا گیا۔

    ڈوزیئر وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ان کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے پیش کیا۔ ڈوزیئر میں کہا گیا ہے کہ 26 فروری کو بھارت نے پے لوڈ پاکستانی جنگلات پر گرانے کی حرکت کی، اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائیں۔

    ڈوزیئر میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ نریندر مودی کو دیا گیا ’چیمپیئن آف ارتھ‘ کا خطاب واپس لے اور بھارتی در اندازی کا نوٹس لے۔ اسٹرائیک کے نام پر درختوں کو نقصان پہنچا کر ماحولیاتی دہشت گردی کی گئی۔

    وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ حملے سے بھارت نے پاکستان کے ماحولیاتی اثاثوں کو نقصان پہنچایا، درختوں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ بھارت کو کرنا ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی دہشت گردی پر پاکستان کا بھارت کے خلاف مقدمہ مضبوط ہے۔

    خیال رہے کہ 26 فروری کو رات کے اندھیرے میں بھارتی طیارے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے بالا کوٹ تک آئے، تاہم پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن نے بھارتی طیاروں کو دم دبا کر واپس بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    جاتے ہوئے بھارتی طیارے اپنا پے لوڈ گرا گئے تاکہ تیزی سے واپس بھاگ سکیں، ان کے گرائے پے لوڈ سے چند درخت تباہ ہوئے۔

    بعد ازاں پاکستان نے اسے بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھانے کا اعلان کیا۔

    وزیر اعظم کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی اقدام سے ماحولیاتی نقصان ہوا، بھارت نے جنرل اسمبلی کی قرارداد 47/37 کی خلاف ورزی کی ہے۔

  • بھارتی مداخلت کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کو دینے کی تیاری مکمل

    بھارتی مداخلت کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کو دینے کی تیاری مکمل

    اسلام آباد : پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے دستاویزی ثبوت مکمل کرکے امریکا بھجوا دیئے گئے ، ملیحہ لودھی اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل کے عہدہ سنبھالتے ہی یہ دستاویزات ان کے حوالے کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کی پاکستان میں مداخلت کے تمام تر ثبوت مکمل کرکے ڈوزئیر تشکیل دے کر نیویارک میں پاکستانی مشن کو بھیج دیا ہے جو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو دیا جائے گا۔

    ان ثبوتوں میں را کا ایجنٹ اور بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کا اعترافی بیان ،بھارتی آبدوز کی پاکستانی پانیوں کے قریب موجودگی بھی شامل ہے۔

    مذکورہ ڈوزیئر نیویارک میں پاکستانی مشن کو بھجوا دیا گیا ہے جسے جنوری کے دوسرے ہفتے اقوام متحدہ کے نئے جنرل سیکریٹری کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ڈوزیئر پر دفتر خارجہ میں بدھ کے روز سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے سفارت کاروں کو بریفنگ بھی دی جائے گی۔

    چند روز پہلے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سینیٹ کمیٹی کو بتایا تھا کہ بھارتی مداخلت سے متعلق دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کو دیئے جا چکے ہیں، انہوں نے بتایا کہ کلبھوشن یادیو کے نیٹ ورکس کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ڈوزئیر میں سی پیک کی جاسوسی کرنے والی بھارتی آبدوز کا نہ صرف ذکر کیا گیا ہے کہ اس کی تصاویر اور ویڈیو بھی شامل کی گئی ہیں۔ پاکستان نے اس ڈوزئیر میں مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ تمام شواہد کے پیش نظر معاملات کا نوٹس لے۔