Tag: Dost Muhammad Mazari

  • دوست محمد مزاری نے اختیارات واپس لینے کا نوٹیفکیشن  ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا

    دوست محمد مزاری نے اختیارات واپس لینے کا نوٹیفکیشن ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا

    اہور : دوست محمد مزاری نے اختیارات واپس لینے کا نوٹی فکیشن ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ، جس میں استدعا کی ہے کہ پرویز الٰہی کا اختیارات سلب کرنے کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق دوست محمد مزاری نے اختیارات واپس لینے کے نوٹی فکیشن کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی اسپیکرمنتخب ہوا، پرویز الٰہی اس وقت وزارت اعلیٰ کے امیدوارہیں، وزارت اعلیٰ پنجاب کا منصب یکم اپریل سے خالی ہے۔

    درخواست میں کہا کہ پنجاب اسمبلی کاسیشن پہلے 6اپریل پھر14اپریل تک ملتوی ہوا، آئینی اختیارات کے تحت 6 اپریل کوپنجاب اسمبلی کا سیشن طلب کیا لیکن پرویزالٰہی نےغیرقانونی طورپر اختیارات سلب کرلیے۔

    دوست محمد مزاری نے استدعا کی کہ پرویزالٰہی کا اختیارات سلب کرنے کا آرڈر کالعدم قرار دیاجائے۔

    لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی،پرویزالٰہی سمیت دیگر کوفریق بنایا گیا ہے۔

  • دوست مزاری کا دعویٰ غلط ہے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب

    دوست مزاری کا دعویٰ غلط ہے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب

    ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے دعوی سے متعلق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا موقف سامنے آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اےآر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے دوست محمد مزاری کے دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے سپریم کورٹ میں آج الیکشن ہونے کا کوئی بیان نہیں دیا، عدالت عظمیٰ میں صرف اتنا کہا تھا کہ اسپیکر جو ہوگا آئین کے مطابق فیصلہ کرے گا۔

    ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کوبتایا تھا کہ امن وامان کی صورتحال پر اسپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی کیا، مجھ سے مشاورت کا دوست مزاری کا دعویٰ غلط ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی آمد پر دوست محمد مزاری کے ساتھ کیا ہوا؟

    ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں تھی اور نہ ہی مجھ سے کوئی مشاورت کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘آف دی ریکارڈ’ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کا کہنا تھا کہ تین اپریل کو پنجاب اسمبلی میں نئے قائدایوان کےانتخاب کیلئے ووٹنگ ہوناتھی تاہم کشیدہ صورت حال کے باعث اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ 6 اپریل کو دوبارہ سیشن ہونا تھامگر ن لیگ نے سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کی، جہاں سپریم کورٹ میں اے جی پنجاب نےکمٹمنٹ کی تھی، کمٹنمنٹ کےمطابق چھ اپریل کوپنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانا تھا۔

  • پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر بھی کرونا وائرس کا شکار

    پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر بھی کرونا وائرس کا شکار

    لاہور: پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آگئی، ان کے علاوہ اسمبلی کے 3 ملازمین میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، ان کے علاوہ اسمبلی کے مزید 3 ملازمین میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر اور مذکورہ ملازمین نے متعدد وزرا اور ارکان اسمبلی سے ملاقات بھی کی تھی، 2 روز قبل اجلاس میں آنے والے افراد اور سرکاری ملازمین کے ٹیسٹ لیے گئے تھے۔

    ترجمان پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ معاملے پر فی الحال بات نہیں کرسکتے، کل مزید تفصیلات بتائی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    اپنے ٹویٹ میں اسد قیصر نے بتایا تھا کہ ٹیسٹ رپورٹ موصول ہونے کے بعد میں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ قوم سے دعاؤں کی درخواست ہے اور درخواست ہے کہ خود بھی احتیاط کریں۔

    اسد قیصر کے صاحبزادے اور صاحبزادی میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    قبل ازیں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی اور سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی بھی کرونا سے متاثر ہوئے تھے، دونوں نے رپورٹ آنے کے بعد احتیاط کی اور وائرس کو شکست دی۔

    کراچی کے علاقے لیاری سے منتخب ہونے والے ایم ایم اے کے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون برائے بلدیاتی حکومت کامران بنگش میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔