Tag: double

  • حضرت امام حسین کا چہلم آج عقیدت واحترام سے منایا جائے گا

    حضرت امام حسین کا چہلم آج عقیدت واحترام سے منایا جائے گا

    کراچی: حضرت امام حسین کا چہلم آج عقیدت واحترام سے منایا جائے گا، ملک بھر میں ذوالجناح، تعزیہ اور علم کے ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نواسہ رسول سیدنا حضرت امام حسین کا چہلم آج نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایاجائے گا، ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    امام عالی مقام شہید کربلا کی قُربانی کو یاد کرتے ہوئے آج ملک بھر میں چہلم کے جُلوس بر آمد ہوں گے جس کے لیے سیکیورٹی انتہائی سخت ہوگی۔

    کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پابندی عائد ہے، کراچی سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند رہے گی جبکہ سرکاری اور نجی اسکولوں میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

    شہدائے کربلا کا چہلم، ملک کے مختلف شہروں میں آج موبائل فون سروس بند رہے گی

    شہرقائد میں جلوس کی گزر گاہوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے چیکنگ کروائی جائے گی جبکہ اہم و بلند عمارتوں کے اوپر شارپ شوٹرز بھی تعینات رہیں گے۔

    پولیس و رینجرز کی بھاری نفری جلوس کے ہمراہ موجود رہے گی جبکہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے بھی جلوس کی گزرگاہوں کو چیک کیا جائے گا۔ جلوس کے راستے میں آنے والی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔

    کراچی میں مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

    واضح رہے کہ وزارت داخلہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر میں موبائل سروس بند ہوگی، جن شہروں میں پابندی کا اطلاق ہوگا ان میں لاہور، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، راولپنڈی، اٹک، جہلم، سرگودھا، خوشاب، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، رحیم یارخان میں شہریوں کے موبائل فون خاموش رہیں گے۔

  • سال 2046  تک پاکستان کی آبادی دوگنی ہو جائے گی ،رپورٹ

    سال 2046 تک پاکستان کی آبادی دوگنی ہو جائے گی ،رپورٹ

    لاہور: پاکستان ڈیمو گرافک اور ہیلتھ سروے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آبادی کے تناسب میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے ، 2046 تک پاکستان کی آبادی دوگنی ہو جائے گی جبکہ 2030 تک پاکستان دنیا کا چوتھا سب سے گنجان آباد ملک بن جائے گا۔

    تٖفصیلات کے مطابق آبادی میں اضافے پر پاکستان ڈیمو گرافک اور ہیلتھ سروے نے رپورٹ جاری کردی ہے ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آبادی میں اضافے کی شرح 2.40فیصدتک پہنچ گئی، اضافےکی شرح یہی رہی تو2046میں آبادی دگنی ہوجائے گی۔

    سروے کے مطابق 2030 تک پاکستان دنیاکاچوتھا سب سے گنجان آباد ملک بن جائے گا جبکہ 2040 تک پاکستان میں 12 کروڑ مزید نوکریاں درکار ہوں گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت پانی کی کمی کا شکار دنیا کے تین ممالک میں سے ایک ہے۔

    ڈیمو گرافک اور ہیلتھ سروے کی رپورٹ میں کہا ہے کہ ، رہائش کے لیے ایک کروڑ 90لاکھ گھروں کی ضرورت ہوگی جبکہ 2040 تک پاکستان میں 85 ہزارمزیدپرائمری سکول بنانے پڑیں گے۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا دنیا میں دورانِ زچگی ماؤں اور بچوں کی اموات بھی سب سے زیادہ پاکستان میں ہو رہی ہیں، ہر سال بارہ ہزار مائیں دوران زچگی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں۔ پاکستان میں ہر ایک ہزار پیدائشوں میں 62 شیرخواربچے ایک سال کی عمر تک نہیں پہنچ پاتے۔

    سروے کے مطابق جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش کی شرح پاکستان میں ہے ، تبھی پانچ سال سے کم عمر 68%بچے خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔

  • فخر زمان نے سعید انور کا 194 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا

    فخر زمان نے سعید انور کا 194 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا

    بلاوئیو : پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان اور امام الحق پہلی وکٹ پر 304 رنز بناکر طویل ترین شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بنالیا ہے، فخر زمان نے سعید انور کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلاوائیو میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کے اوپننگ بلے بازوں فخر زمان اور امام الحق نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 304 رنز بنائے۔

    پاکستان نے کل 399 رنز بنا کر اپنا سب سے بڑا ٹوٹل بھی کرلیا یعنی قومی ٹیم نے فخرزمان کی مدد سے ایک میچ میں ہی تین ریکارڈ قائم کرلیے ہیں۔

    فخرزمان نے 210 رنز بنا کربھارت کے خلاف سعید انور کے 194 رنز کا طویل ترین ریکارڈ توڑ دیا ہے، فخر زمان ڈبل سنچری کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے چھٹے کھلاڑی ہیں، جبکہ ون ڈے کرکٹ کی یہ ساتویں ڈبل سنچری ہے۔ فخر زمان نے 148 گیندوں پر ڈبل سنچری5 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سےمکمل کی ۔

    دوسری جانب  امام الحق نے 113 رنز بنائے جبکہ آصف علی 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

     دوسری جانب پاکستان کی اوپننگ بیٹنگ لائن نے 304 رنز بناکر پہلی وکٹ پر سب سے بڑی شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کردیا ہے۔

    کرکٹ کی دنیا میں 286 رنز کی طویل ترین شراکت کا عالمی ریکارڈ اس سے قبل سری لنکا کے پاس تھا، جسے لنکن بیٹس مین جے سوریا اور تھرنگا نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے لیڈز کے گراؤنڈ میں یکم جولائی سنہ 2016 کو بنایا تھا۔

    ساتھ ہی ساتھ پاکستان نے ون ڈے کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا ٹوٹل بھی اسی میچ میں اسکور کیا ہے ۔ اس سے قبل پاکستان کا سب سے بڑا ٹوٹل بنگلہ دیش کے خلاف 385 رنز کا تھا۔

     خیال رہے کہ پاکستان کے دونوں بلے بازوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹس مین محمد حفیظ اور عمران فرحت کی شراکت داری کا ریکارڈ توڑا ہے، جو انہوں نے سنہ 2011 میں زمبابوے کے خلاف 228 رنز بناکر قائم کیا تھا۔

    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں