Tag: DOW

  • پروفیسر جہاں آرا حسن کو ’ڈوگانا‘ نارتھ امریکا کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ

    پروفیسر جہاں آرا حسن کو ’ڈوگانا‘ نارتھ امریکا کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ

    ڈاؤ کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن کو ’ڈوگانا‘ نارتھ امریکا کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائم مقام وائس چانسلر ڈاؤ پروفیسر جہاں آرا حسن کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ڈاؤ گریجویٹس ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکا ’ڈوگانا‘ کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔

    ڈاؤ یونیورسٹی انتظامیہ نے پروفیسر جہاں آرا حسن کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ملنے پر دلی مبارک باد پیش کی ہے، جہاں سے انھوں نے 1979 میں گریجویشن کی تھی، اور وہ ڈاؤ یونیورسٹی کی پہلی پی ایچ ڈی ڈاکٹر بھی رہیں، تین دہائیوں پر محیط کیریئر میں انھوں نے تدریس، تحقیق اور انتظامی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

    وہ 2012 میں ڈاؤ یونیورسٹی کی پہلی پی ایچ ڈی گریجویٹ بنیں، گائناکالوجی کے شعبے میں وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی منظور شدہ پہلی پی ایچ ڈی سپروائزر بھی ہیں، ان کے 50 سے زائد سائنسی مقالہ جات بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں، کووِڈ 19 کے دوران بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور آئی سی یو ڈائریکٹر انھوں نے مؤثر قیادت کی۔


    ’’دوا اصلی ہے یا جعلی‘‘ 3 ماہ میں اس کی پہچان کا موثر نظام لا رہے ہیں، وزیر صحت


    ان کی قیادت میں ڈاؤ اسپتال نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن سے کامیابی سے منظوری حاصل کی، پروفیسر جہاں آرا کے دور میں ڈاؤ یونیورسٹی کو 6 نئے سیکنڈ فیلوشپ پروگرامز کی منظوری ملی، ڈاؤ میں اس وقت 35 سے زائد فرسٹ فیلوشپ پروگرامز جاری ہیں۔

    پروفیسر جہاں آرا نے اعزاز اپنی فیملی، اساتذہ، ساتھیوں اور اداروں کے نام منسوب کیا، اور کہا کہ یہ لمحہ اُن کے لیے اعزاز سے بڑھ کر ایک جذباتی موقع ہے۔

  • کراچی کے اسپتال میں ماہرین کا جگر کی پیوندکاری کا حیران کن لائیو آپریشن، ویڈیو دیکھیں

    کراچی کے اسپتال میں ماہرین کا جگر کی پیوندکاری کا حیران کن لائیو آپریشن، ویڈیو دیکھیں

    کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال میں صحت مند شخص سے جگر کا عطیہ لینے کا عمل آج صبح سے جاری ہے، یہ عطیہ شدہ جگر ہیپاٹائٹس کے ایک مریض کو لگایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال میں جگر کے ہونے والے آپریشن کو لائیو دکھایا جا رہا ہے، لیور ٹرانسپلانٹ کا یہ لائیو آپریشن فرسٹ انٹرنیشنل کانفرنس ٹرانسپلانٹیشن کا حصہ ہے، صبح سویرے جاری لیور ٹرانسپلانٹ آپریشن شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

    صحت مند شخص کا جگر کا عطیہ کیا جانے والا حصہ علیحدہ کر لیا گیا ہے، اس ٹکڑے کا وزن 750 گرام ہے، اور یہ ٹکڑا ہیپاٹائٹس بی سے ناکارہ ہو جانے والے جگر کی جگہ لگایا جائے گا، شہداد کوٹ کے 42 سالہ مریض کا جگر ہیپاٹائٹس بی اور ڈی کے باعث سکڑ کر ناکارہ ہو گیا تھا۔ جگر کا عطیہ دینے والا 23 سالہ صحت مند نوجوان مریض کا بھتیجا ہے۔

    ڈاکٹر حسان کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحت لیور ٹرانسپلانٹ کا یہ 190 واں آپریشن ہے، قبل ازیں ڈاؤ یونیورسٹی میں 189 جگر کی پیوندکاریاں ہو چکی ہیں۔ فرسٹ انٹرنیشنل کانفرنس آن ٹرانسپلانٹیشن 12 اور 13 اپریل کو منعقد ہوگی، جس میں اعضا کی پیوندکاری بین الاقوامی ماہرین خطاب کریں گے۔

  • سندھ: جگر کے 50 ٹرانسپلانٹ مفت کرنے کا اعلان

    سندھ: جگر کے 50 ٹرانسپلانٹ مفت کرنے کا اعلان

    کراچی: سندھ میں جگر کی 50 پیوندکاریاں مفت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ڈاؤ یونیورسٹی میں بلا معاوضہ جگر کی پیوندکاری شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

    صوبائی محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ ڈاؤ یونیورسٹی میں لیور ٹرانسپلانٹ کے لیے ساڑھے 14 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے، یونیورسٹی میں اس مالی سال کے دوران پچاس لیور ٹرانسپلانٹ بلا معاوضہ کیے جائیں گے۔

    وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی نے بتایا کہ لیور ٹرانسپلانٹ ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا اسپتال میں نامور ڈاکٹر فیصل مسعود ڈار کی نگرانی میں کیے جا رہے ہیں۔

    جگر کے 200 ٹرانسپلانٹ بالکل مفت، سندھ کے سرکاری اسپتال کا منفرد ریکارڈ

    انھوں نے کہا ڈاؤ یونیورسٹی میں ڈاکٹر فیصل سعود ڈار کی زیر نگرانی اب تک 17 کامیاب لیور ٹرانسپلانٹ ہو چکے ہیں، لیور ٹرانسپلانٹ ٹیم ڈاکٹر جہانزیب حیدر، ڈاکٹر کرن ناز اور ڈاکٹر محمد اقبال پر مشتمل ہے۔

    صحت حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے بعد ڈاؤ یونیورسٹی بھی بلا معاوضہ جگر کی پیوند کاری شروع کر رہی ہے، پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر میں جگر کی پیوند کاری کے اخراجات 35 سے 50 لاکھ کے درمیان ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر سال کم از کم 8 ہزار افراد کو جگر کی پیوند کاری کی ضرورت پیش آتی ہے۔