Tag: dozens dead

  • فلپائن : خوفناک سمندری طوفان 100 سے زائد افراد کی جان لے گیا

    فلپائن : خوفناک سمندری طوفان 100 سے زائد افراد کی جان لے گیا

    لورل : فلپائن میں سمندری طوفان ٹرامی نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں اب تک 100 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن میں طوفان کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں اب تک 100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز فلپائن سے ٹکرانے والے سمندری طوفان ٹرامی کی تباہی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    طوفان کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب 100 سے تجاوز کرچکی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق رہائشی علاقوں میں طغیانی اور موسلا دھار بارش کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو گیا اور گھروں میں پانی جمع ہونے سے شہری گھروں کی چھتوں پر پھنس کر رہ گئے۔

    فلپائن سمندری طوفان

    پورا شہر زیر آب ہے، مسلسل بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہونے سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

    فلپائنی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظر 5 لاکھ سے زائد افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور کر دیا ہے جب کہ سیلابی صورتحال کے بعد اب بھی 40 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔

  • جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین  ملتوی ، بھگڈر کے دوران    35 افراد جاں بحق

    جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین ملتوی ، بھگڈر کے دوران 35 افراد جاں بحق

    تہران : ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین میں بھگدڑ کے دوران 35افراد جاں بحق اور 48زخمی ہوگئے جبکہ ہجوم کے باعث جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بغدادمیں امریکی حملےمیں جاں بحق ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کی آبائی علاقے کرمان میں نمازجنازہ اورتدفین میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، اس دوران بھگڈر مچنے سے 35افراد جاں بحق اور 48زخمی ہوگئے ، زخمی ہونے والے درجنوں افراد کی حالت نازک ہیں۔

    جس کے بعد بے پناہ ہجوم کے باعث جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین فی الحال ملتوی کردی گئی۔

    جنرل قاسم سلیمانی کی موت پر ایران میں سوگ کا سماں ہے ، گذشتہ روز ایرانی جنرل قاسم سلیمانی، ابو مہدی المہندس اور ان کے دیگر ساتھیوں کی نماز جنازہ تہران میں ادا کی گئی تھی ، ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ رہبر اعلی آیت اللہ خامنہ نے پڑھائی۔

    نماز جنازہ میں صدر، پارلیمنٹ کے اسپیکر، عدلیہ کے سربراہ ، علمائے کرام، ایران کے اعلی سیاسی و عسکری حکام و شخصیات اورعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    واضح رہے بغداد ائیرپورٹ پر امریکی فضائی حملہ میں ایران کی القدس فورس کے جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک ہوگئے تھے،جس کے بعد ایرانی حکومت نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

    عراق میں ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کا نماز جنازہ ادا کیا گیا تھا م جس میں عراقی وزیر اعظم سمیت ہزاروں شرکا نے شرکت کی اور امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی تھی۔

    خیال رہے قاسم سلیمانی کے جاں بحق ہونے کے بعد ایران کے مختلف شہروں میں امریکا کے خلاف مظاہرے کیے گئے، جن میں شرکا نے امریکا سے بدلہ لینے اور ہر صورت حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

  • طالبان کا افغان شہر غزنی پر حملہ، 140 سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

    طالبان کا افغان شہر غزنی پر حملہ، 140 سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

    کابل: طالبان نے افغان شہر غزنی پر حملہ کردیا۔ طالبان کا دعویٰ ہے کہ حملے کے نتیجے 140 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ متعدد مقامات پر قبضہ بھی کرلیا ہے۔

    مغربی میڈیا کے مطابق طالبان نے افغان شہر غزنی پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 140 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ طالبان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پولیس ہیڈکوارٹرز، امریکی ایئربیس سمیت چیک پوسٹوں پر قبضہ کرلیا گیا ہے۔

    طالبان نے افغان فضائیہ کا ہیلی کاپٹر بھی مار گرایا ہے، عینی شاہدین کے مطابق افغان طالبان غزنی کے اندر اور سیکیورٹی فورسز شہر کے باہر موجود ہیں۔

    ابتدائی طور پر طالبان کی جانب سے شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم چند گھنٹوں بعد افغان سیکیورٹی فورسز اور امریکی فوج نے جھڑؑپوں کے بعد سرکاری تنصیبات کو حملہ آوروں کے قبضے سے چھڑالیا ہے۔

    غزنی سٹی اسپتال انتظامیہ کے مطابق عسکریت پسندوں سے لڑتے ہوئے 14 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

    دوسری جانب امریکی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل مارٹن نے بتایا ہے کہ افغان نیشنل ڈیفنس اور سیکیورٹی فورسز نے غزنی کی سرکاری عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا اور حملہ آوروں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا ہے۔

    حالیہ کچھ عرصے میں افغانستان میں طالبان کے حملوں میں تیزی آئی ہے، افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ کچھ عرصے سے طالبان اپنی حکمت عملی کو تبدیل کرتے ہوئے شہری علاقوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔