پشاور: ملک میں جاری کرونا وبا کی دوسری لہر کے نتیجے میں خیبر میڈیکل کالج کےتھرڈ ایئر کےطالب علم ڈاکٹر عدنان حلیم جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پرونشل ڈاکٹرز ایسوی ایشن پشاور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے ڈاکٹر عدنان خیبر ٹیچنگ اسپتال کے آئی سی یو میں وینٹی لیٹرپر تھے، ڈاکٹر عدنان حلیم کا تعلق ضلع سوات سےتھا۔
پرونشل ڈاکٹرزایسوسی ایشن نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فرنٹ لائن پر لڑنے والےڈاکٹرز و اسٹاف کو جلد کرونا الاؤنس دیاجائے۔
اس سے قبل اکتیس اکتوبر کو بھی پشاور میں کرونا وائرس وبا کی دوسری لہر کے دوران کو وِڈ نائنٹین سے ایک اور ڈاکٹر جاں بحق ہوا تھا، ڈاکٹر سلطان زیب حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج تھے، وہ ایسوسی ایٹ ڈین خیبر کالج آف ڈینٹسٹری تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس نے پاکستان میں ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی
دوسری جانب محکمہ صحت پشاور کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں کرونا کیسز کی تعداد میں ایک بارپھر اضافہ ہوا ہے، کے پی میں گذشتہ چوبیس گھنٹےمیں226نئےکروناکیسز رپورٹ ہوئے اور چار افراد وبا کے باعث جان کی بازی ہار گئے، اسی کے ساتھ ہی صوبےمیں وائرس سےانتقال کرنے والوں کی تعداد1294ہوگئی ہے۔