Tag: Dr arif alvi

  • صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    میر پور خاص: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اندرون سندھ کے شہروں کا خیال رکھا جائے، کراچی لاوارث نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبہ سندھ کے شہر میرپور خاص کا دورہ کیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    صدر مملکت نے سندھ کے سیلاب سے متاثر علاقوں کا فضائی جائزہ لیا جبکہ میر پور خاص میں سیلاب متاثرین سے ان کے عارضی قائم کردہ خیموں میں ملاقات بھی کی۔

    وہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف کامیابی عوام کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ اس میں حکومت کے اسمارٹ لاک ڈاؤن جیسے اقدامات شامل تھے، مساجد کے اندر احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شفافیت اور انصاف وزیر اعظم عمران خان کی ترجیح ہے، عوامی حقوق کا تحفظ اور وسائل کا شفاف استعمال ریاست کی ذمے داری ہے۔

    انہں نے کہا کہ کرونا وائرس کے بعد بارش کی صورتحال کا سامنا تھا، کہا گیا کراچی لاوارث ہے، گورنر سندھ نے کہا کراچی لاوارث نہیں۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اندرون سندھ کے شہروں کا خیال رکھا جائے گا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بغیر بے ایمانی ایک کروڑ 69 لاکھ خاندانوں کو امداد پہنچائی گئی، حساب لگائیں تو ملک کی 60 فیصد آبادی کی مدد کی گئی۔ پاکستان سے اب ترقی یافتہ ملک سیکھنا چاہتے ہیں، ہم ٹھیک راستے پر ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کا کوئی متبادل نہیں ہے، سندھ کا کوئی حصہ لاوارث نہیں رہ سکتا۔ وفاقی اور سندھ حکومت کے تعاون سے ہی بہتری آئے گی۔

  • یوم استحصال کشمیر: اقوام متحدہ نے پاکستان سے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، عارف علوی

    یوم استحصال کشمیر: اقوام متحدہ نے پاکستان سے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، عارف علوی

    اسلام آباد : صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیری بھارت کے ساتھ ایک قدم چلنے کو تیار نہیں، اقوام متحدہ میںپاکستان سے کیا گیا کوئی وعدہ آج تک پورا نہیں کیا گیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر شاہراہ دستور پر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارا احتجاج کرنے مقصد یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا دنیا کو بھی احساس ہو۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن میں ہرچیز کی بندش ہے، مقبوضہ کشمیر کےعوام کو جبری لاک ڈاؤن سے4ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

    صدرمملکت صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شملہ معاہدے پر بھارت آج تک کشمیر پر مذاکرات کیلئے تیار نہیں ہوا، بھارت نے اسرائیل
    سے ظلم کرنے کی ٹیکنالوجی لی ہے، اس نے اسرائیل سے سیکھ کر ہی ڈیمو گرافی بدلنے کی کوشش کی، انتہا پسند بھارت نے
    کشمیری مسلمانوں کیخلاف پیلٹ گنز کا استعمال کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، اس کے باوجود ہم نے جواب میں پھر بھی امن کی بات کی بھارتی آئین میں آرٹیکل 370کابھی پاکستان مخالف تھا، بھارت کے کشمیر میں اقدامات غیرقانونی اور غلط ہیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے ساتھ ایک قدم بھی چلنے کو تیار نہیں ہیں، کشمیر میں نو لاکھ بھارتی فوجی موجود ہیں، ہم کشمیر کی آزادی چاہتے ہیں، کشمیر ہندوستان کا حصہ ہی نہیں ہے، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنے وعدوں پر پورا اترے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ سے اپیل کرتا ہوں مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کو آزادی دی جائے۔ حالات ٹھیک ہیں تو مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کو آزادی دی جائے، پاکستان کا مطالبہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رابطے کے ذرائع بحال کئےجائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ہر سیاسی جماعت اور پوری قوم متحد ہے، کشمیری خود کو اکیلا نہ سمجھیں ہم ان کے سفیر ہیں ہم کشمیریوں کی آزادی کیلئے آواز اٹھارہے ہیں اور ہمیشہ اٹھاتے رہیں گے، کشمیر کی آزادی کیلئے ہم پرامن کوشش کرتے رہیں گے، کشمیریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کے قریب ہے، رونے کا مقام ہے کہ نانا کو مار کر نواسے کو سینے پر بٹھا کر تصاویر بنائی گئیں۔

  • صدر، وزیراعظم  ودیگر کا علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اظہار تعزیت

    صدر، وزیراعظم ودیگر کا علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اظہار تعزیت

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طویل عرصے تک پاکستان ٹیلی ویژن پر شام غریباں کی مجلس پڑھنے والے معروف شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

    علامہ طالب جوہری کے انتقال پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ علامہ کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پر ہونا ناممکن ہے انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔

    اس کے علاوہ ملک بھر کی سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات نے بھی علامہ طالب جوہری کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔

    وفاقی وزیر برائے بحری امورعلی زیدی، وزیر توانائی سندھ امتیازشیخ، ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں خالد مقبول صدیقی، عامرخان، کنورنویدجمیل، پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان، آفتاب صدیقی، پی ایس پی رہنماؤں انیس ایڈووکیٹ، رضاہارون، ڈاکٹرصغیراحمد، ڈاکٹرفاروق ستار، علامہ شہنشاہ نقوی، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری، تحفظ عزاداری کونسل کے چیئرمین آغا رحیم نے اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    انہوں نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں کہا کہ علامہ طالب جوہری ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی میں اہم کردار ادا کرتے رہے، ان جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ علامہ طالب جوہری کی شامِ غریباں اورنشتر پارک کی مجالس ہمیشہ یاد رہیں گی، مرحوم کی علمی اوردینی خدمات کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

  • پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی جڑیں بہت گہری ہیں، عارف علوی

    پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی جڑیں بہت گہری ہیں، عارف علوی

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی جڑیں بہت گہری ہیں، ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ہرسطح پر تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صدر ڈاکٹرعارف علوی سے گزشتہ روز اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرعارف علوی نے ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی جڑیں گہری اور مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں۔

    انہوں نے شاہ سلمان کی قیادت میں سلامتی،علاقائی اور عالمی استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے اہم کردار کو سراہا اور مسلم ممالک میں اس کے خصوصی مقام کی ستائش کی۔

    صدرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان مملکت کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانےاور ہرسطح پر تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے مختلف مواقع پر حمایت کو بھی سراہا۔

    پاکستان میں سعودی سفیر المالکی نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب کی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اور وہ پاکستان اور اس کے عوام کی حمایت کی خواہش رکھتی ہے، ایک کامیاب اور مستحکم ملک بننے کے لیے اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    مزید پڑھیں : صدر مملکت نے ذخیرہ اندوزی سےمتعلق آرڈیننس پر دستخط کر دیے

    واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آرڈیننس کی منظوری کے بعد صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ذخیرہ اندوزی سے متعلق آرڈیننس پر دستخط کر دیے۔

    جس کے بعد ذخیرہ اندوزی کےخلاف آرڈیننس فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ آرڈیننس کے مطابق ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کو 3 سال کی سزا دی جائےگی۔ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت سزاؤں پر مشتمل آرڈیننس کا اطلاق اسلام آباد کی حدود میں ہوگا۔

  • جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں: صدر مملکت عارف علوی

    جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں: صدر مملکت عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں ہوتا اور نہ قوموں کی تعمیر نو ہوتی ہے، پاکستان امن کا داعی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی اسٹریٹجک خطرات اور ردعمل پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ افسوس ہے انسانیت برے تجربات سے سبق حاصل نہیں کر رہی ہے، جنگوں میں تباہی، لوٹ مار اور استحصال کے سوا کچھ نہیں ملتا۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کے لیے مذاکرات کی بات کی ہے، کسی ہمسائیگی میں آگ لگے تو اسے بجھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں ہوتا، کرہ ارض کے وسائل محدود ہیں، لوٹنے کے بجائے محفوظ کرنے پر توجہ ہونی چاہیئے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امن کی قدر ہے، اس لیے ہم امن کے داعی ہیں، جنگوں سے قوموں کی تعمیر نو نہیں ہوا کرتی۔ بھارتی قیدی پائلٹ کی رہائی بھی امن کی خواہش کا اظہار تھا۔

  • قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش : صدر اور وزیراعظم کا پیغام

    قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش : صدر اور وزیراعظم کا پیغام

    اسلام آباد : قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قائد اعظم20ویں صدی کےعظیم قائدین میں شامل ہیں، ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کی ضرورت ہے۔

    صدرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں خاص دن کے طور پر منایا جاتا ہے کیونکہ آج کے دن ایک عظیم رہنما کی پیدائش ہوئی، عظیم رہنما نے براعظم کا جغرافیہ بدلا اور ہمیں پاکستان عطا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے برصغیرکے مسلمانوں کی الگ شناخت اور سیاسی سمت کا تصور دیا، پاکستان قائداعظم کے تصور کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن ہے، عظیم رہنما قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہمیں متحد ہوکر قائداعظم کی تعلیمات پر قائم رہنے کےعزم کا اعادہ کرنا ہے۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے رہنما اصولوں پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم20ویں صدی کےعظیم قائدین میں شامل ہیں، ہم اتحاد، ایمان اور تنظیم کو اپنا کر نئے پاکستان کی منزل کو حاصل کر سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج کےدن ہمیں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی حکومت کےہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کےشکارمظلوم عوام کو نہیں بھولناچاہئے،قائداعظم محمدعلی جناحؒ نےکشمیر کوپاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اورہم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قائداعظم کی جانب سے فیصلہ کن جدوجہد آزادی کی سربراہیان کی سیاسی بصارت اور غیر معمولی ذہانت کی مظہر ہے اسی طرح وہ اپنی آخری سانس تک مثالی جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے پرعزم رہے۔

  • آبادی پر قابو پانے کے لیے بڑی رقم مختص

    آبادی پر قابو پانے کے لیے بڑی رقم مختص

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے آبادی کے اجلاس میں آبادی پر قابو پانے کے لیے اضافی فنڈ مختص کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل ٹاسک فورس برائے آبادی کا پہلا اجلاس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور فورس کے ریگولر ارکان نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ مؤثر اقدامات کے ذریعے آبادی پر قابو پائے بغیر خوشحال پاکستان کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

    اجلاس کے بعد وزیر اعظم عمران کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس بڑا تاریخی اقدام اور پیش رفت ہے۔

    ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ بڑھتی آبادی اب قومی سلامتی کا مسئلہ بن گئی اور اس پر قابو پانا ناگزیر ہے۔ اجلاس میں پاپولیشن فنڈ کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ صوبوں کے لیے مانع حمل اشیا کی خریداری کے لیے 50 فیصد اضافی فنڈ مختص کیے گئے ہیں۔ آبادی اسی طرح بڑھتی رہی تو 30 سالوں میں دگنی ہو جائے گی۔

    فیڈرل ٹاسک فورس کا آئندہ اہم اجلاس ایک ماہ بعد جنوری کے اواخر میں ہوگا۔

  • صدر پاکستان نے8رکنی مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کردی

    صدر پاکستان نے8رکنی مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کردی

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کردی، اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان8رکنی مشترکہ مفادات کونسل کے چیئرمین ہوں گے اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کونسل میں شامل ہوں گے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کونسل سے مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کی رکنیت ختم کردی گئی ہے، وزیر پاور ڈویژن کو سی سی آئی کا ممبر بنا دیا گیا ہے، وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر مشترکہ مفادات کونسل کے ممبران ہوں گے۔

    واضح رہے کہ مشترکہ مفادات کونسل یا سی سی آئی پاکستان کا ایک آئینی ادارہ ہے جس کا مقصد وفاق اور صوبوں کے درمیان اختیارات اور دیگر معاملات پر جاری اختلافات کو ختم کرنا ہے۔

    مشترکہ مفادات کونسل کو 1973ء کی آئین کی روشنی میں قائم کیا گیا ہے، سابق صدور پرویز مشرف اور آصف زرداری دور میں یہ کیبنٹ ڈویژن کے ماتحت ادارہ تھا۔

    آئین پاکستان میں اٹھارہویں ترمیم کے بعد یہ ادارہ وزارتِ بین الصوبائی ہم آہنگی کو سونپا گیا ہے، سی سی آئی بنیادی طور پر وزیر اعظم پاکستان اور چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ پر مشتمل ہوتا ہے۔

  • نشانہ بازی فوجی مہارت ہے، اس میں کمال قابل فخر کامیابی ہے، ڈاکٹرعارف علوی

    نشانہ بازی فوجی مہارت ہے، اس میں کمال قابل فخر کامیابی ہے، ڈاکٹرعارف علوی

    جہلم : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ قومی مقاصد کے حصول کیلئے قومی یکجہتی میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم کے قریب آرمی نشانہ بازی فائرنگ رینج میں پاک آرمی رائفلز ایسوسی ایشن کے39ویں مرکزی مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    نشانہ بازوں کو نشانہ بازی کے شاندار معیار پر سراہتے ہوئے صدر نے کہا کہ نشانہ بازی ایک بنیادی فوجی مہارت ہے اور اس میں کمال ایک قابل فخر کامیابی ہے، صدر مملکت کی آمد پر بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔

    تینوں مسلح افواج ، سول آرمڈ فورسز، ٹیم ایکس پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد پولیس، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس، لاہور گیریژن شوٹنگ گیلری اور فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر953نشانہ بازوں نے چار ہفتے تک جاری رہنے والے پچیس کیٹیگریز کے مقابلوں میں حصہ لیا۔

    اس کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زخمی ہونے کے بعد مختلف قسم کی جنگی معذوریوں سے صحت یاب ہونے والے فوجی افسران اور سپاہیوں نے بھی مقابلے میں حصہ لیا۔

    اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے نشانہ بازی کی ہر کیٹگری میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے نشانہ بازوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔

  • پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان دفاع و تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے، صدر مملکت

    پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان دفاع و تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے، صدر مملکت

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور افریقی خطے کے درمیان امن، تعلیم، صحت تجارت، سیاحت اور موسمیاتی تبدیلی کے مشترکہ ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں وزارت خارجہ کے زیراہتمام سفیروں کی دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی خطاب کیا۔

    صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور افریقہ میں متعدد اقدار مشترک ہیں اور فریقین کو اپنے عوام کے امن اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، فریقین کو دفاع اور تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جہاں متوسط طبقہ فروغ پارہا ہے، پاکستان مواقع کی سرزمین کے طور پر ابھر کر سامنا آرہا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے اور نئی راہیں کھل رہی ہیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ افریقہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ سمیت پاکستان کے ماضی کے تجربات سے سیکھ سکتا ہے، افریقہ کے ساتھ ہمارے تعلقات میں مزید بہتری آنی چاہئے۔

    کانفرنس کے اقدام کو سراہتے ہوئے صدر نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسوں کا انعقاد تعاون اور رابطوں کے لئے قابل قدر مواقع فراہم کرتا ہے، ہم افریقی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

    کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افریقی ملکوں کے ساتھ یکساں ترقی اور خوشحالی کے باہمی اصولوں کی بنیاد پر روابط بڑھانے کا خواہاں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے اقتصادی سفارتکاری کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ہم معیشت کے مختلف شعبوں میں برآمدات میں اضافے اور معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔