Tag: Dr arif alvi

  • نماز جمعہ کی ادائیگی : صدر مملکت عارف علوی نے شہریوں سے معذرت کرلی

    نماز جمعہ کی ادائیگی : صدر مملکت عارف علوی نے شہریوں سے معذرت کرلی

    کراچی : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقامی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے موقع پر ان کی وجہ شہریوں کی مشکلات پر معذرت کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ سیکیورٹی کی وجہ سے ایسا ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان عارف علوی کراچی کے علاقے محمد علی سوسائٹی کی مسجد بلال میں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے پہنچے تو ان کی آمد پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتطامات کیے گئے تھے، جس کے سبب نماز جمعہ کیلئے آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    انہیں مسجد میں داخل ہونے کے لیے لائن میں لگ کر جانا پڑا۔ اس موقع پر نمازیوں نے ان کے اس اقدام کی سخت الفاظ مین مذمت بھی کی، ایک شہری نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سارے منظر کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردی، مذکورہ ویڈیو میں شہری کا کہنا تھا کہ حکومت سے ہمیں اسی تبدیلی کی توقع تھی، شکریہ عمران خان۔

    بعد ازاں ویڈیو وائرل ہونے پر صدر پاکستان نے نوٹس لیا اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جس مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے گیا اس کے باہر لوگوں کی قطار کی تصاویر دیکھیں، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ باہر ایسا ہورہا ہے۔

    صدرمملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ اپنے ہمسایوں سے معذرت خواہ ہوں، ایسی نماز کا ثواب بھی ختم ہوجاتا ہوگا جس سے لوگوں کو تکلیف پہنچے۔

  • چار روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 آج سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگی

    چار روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 آج سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگی

    کراچی : چار روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کا آغاز آج بروز منگل سے ہورہا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی افتتاح کریں گے، نمائش میں روس سمیت50سے زائد ممالک کے وفود شرکت کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج بروز  منگل کو کراچی ایکسپو سینٹر میں چار روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018کا افتتاح کریں گے یہ نمائش 27سے 30 نومبر تک جاری رہے گی۔

    دفاعی نمائش آئیڈیاز2018 کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، نمائش میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ‘ پاک فضائیہ کے سربراہ اورپاک نیوی کے سربراہ دفاعی نمائش میں مختلف سیشن میں شریک ہوں گے جبکہ جنرل عمر محمود حیات ایک سیمینار کی صدارت کریں گے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ نمائش میں اسٹالز لگانے والوں کی تعداد ماضی کی آئیڈیاز سے زیادہ ہوگی، دفاعی نمائش میں522سے زائد کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات کو نمایاں کر یں گی، جن کا تعلق دنیا کے 52ملکوں سے ہے321غیر ملکی کمپنیاں اور201پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔

    آئیڈیاز دو ہزار اٹھارہ میں مزید ممالک شرکت کر رہے ہیں جن میں امریکہ، اٹلی، جرمنی، اردن، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا،ی وکرائن، عرب امارات اور دیگر اہم ممالک شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: دفاعی نمائش آئیڈیاز، شہریوں کی سہولت کیلئے متبادل ٹریفک پلان کا اعلان

    واضح رہے کہ ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی اس نمائش کے انعقاد سے پاک فوج کے تینوں شعبہ جات کو اپنی عسکری قوت نمایاں کرنے کا موقع ملتا ہے، اس موقع پر ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں، حکومت اور نجی اداروں کے درمیان بھی کئی طرح کے معاہدے تشکیل دیئے جاتے ہیں۔

  • لاہور: صدر ڈاکٹرعارف علوی بھاری بھرکم پروٹوکول دیکھ کر برہم، گاڑیاں واپس

    لاہور: صدر ڈاکٹرعارف علوی بھاری بھرکم پروٹوکول دیکھ کر برہم، گاڑیاں واپس

    لاہور : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور پہنچنے پر بھاری بھرکم پروٹو کول لینے سے انکار کردیا، ایئر پورٹ پر چوہدری سرور اور عثمان بزدار نے ان کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایک روزہ دورے پر لاہورایئرپورٹ پہچے تو گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ان کا استقبال کیا تاہم صدر مملکت پروٹوکول کے لیے لگنے والی اضافی سیکیورٹی پر برہم ہو گئے۔

    انہوں نے پروٹوکول کی گاڑیاں واپس بھیجنے کی ہدایت کردی، صدر عارف علوی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور ایئر پورٹ پر موجود ہوں جہاں 32 گاڑیاں مجھے لینے آئی ہیں تاہم ائیرپورٹ سے باہر نکلنے سے پہلے ان تمام کے واپس جانے کا منتظر ہوں، میری مسلسل کوشش ہے کہ صرف سیکورٹی لوں۔

    بعد ازاں صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور اوروزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے گورنر ہاؤس لاہو ر میں ملاقات کی جس میں اہم سیاسی اموراورانتظامی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ نےصدر مملکت کو صوبائی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔

  • پاکستان اور ترکی نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں، عارف علوی

    پاکستان اور ترکی نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں، عارف علوی

    استنبول : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں، ہمارے گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں۔

    یہ بات انہوں نیوز ایجنسی اور مقامی  روزنامہ کے نمائندوں کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی، صدر مملکت نے کہا کہ ترکی مسلم دنیا کا اہم ترین ملک ہے، پاک ترک عوام کے گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں۔

    امن اور استحکام کیلئے دونوں ملکوں نے بےپناہ کاوشیں کیں، پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور نے بہت نقصان پہنچایا، دہشت گردی کے باعث70ہزار انسانی جانوں، اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔

    صدر نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بےپناہ قربانیاں دیں، دنیا کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کی کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے بتایا کہ حکومت کم آمدنی والے طبقے کیلئے50لاکھ گھروں کے منصوبے پرکام کررہی ہے اس سلسلے میں ہم ہاؤسنگ کے شعبے میں ترک تجربات سے استفادہ چاہتے ہیں، پاکستان دنیا بھر کے ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔

  • پروٹوکول دو گاڑیوں‌ کا تھا، باقی پیچھا کرتی رہیں: صدر پاکستان کی وضاحت

    پروٹوکول دو گاڑیوں‌ کا تھا، باقی پیچھا کرتی رہیں: صدر پاکستان کی وضاحت

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ  پروٹوکول کے لیے صرف 2 گاڑیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی باقی تمام سرکاری گاڑیاں میرا پیچھا کرتی رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی آمد کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے پروٹوکول کی ویڈیوز اور تصاویر دیکھ کر صدر پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وضاحت پیش کی۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے ٹویٹ کیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ میں نے ایئرپورٹ پر موجود حکام کو ہدایت کی تھی کہ پروٹوکول کے لیے  ایک یا دو گاڑیاں اور  سیکیورٹی کے پیش نظر 2 گاڑیاں فراہم کردیں اور لاؤ لشکر دے کر مجھے شرمندہ نہ کریں۔

    صدر پاکستان کہنا تھا کہ ہدایت کے باوجود پروٹوکول کے علاوہ سرکاری گاڑیوں کی لمبی قطار میرا پیچھا کرتی رہیں، ہمیں اس کو ہر صورت روکنے کی کوشش کرنی ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈاکٹر عارف علوی کی 30 گاڑیوں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

    ایک صارف کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ جس جگہ میں ساری زندگی رہا اب وہاں کے پڑوسیوں کے لیے زحمت نہیں بن سکتا، جب عام آدمی کے لیے پروٹوکول یا سیکیورٹی تکلیف دہ ہو تو ہمیں فرق لانا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر عارف علوی کراچی پہنچے تھے، صدر پاکستان نے وفاقی دارلحکومت سے کراچی تک بغیر پروٹوکول سفر  کیا اور اپنے بورڈنگ پاس وغیرہ بھی خود ہی حاصل کیے، البتہ آج صبح جب انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی تو اُن کے ہمراہ 30 گاڑیوں کا قافلہ تھا۔

  • صدرمملکت کی سادگی کی مثال، عارف علوی بغیر پروٹوکول اسلام آباد سے کراچی پہنچے

    صدرمملکت کی سادگی کی مثال، عارف علوی بغیر پروٹوکول اسلام آباد سے کراچی پہنچے

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی بغیر پروٹوکول عام طیارے کے ذریعے کراچی پہنچے، صدر پاکستان اپنا سامان بھی خود اٹھا کر لے لائے اوراسکین کروایا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے ان کی کفایت شعاری اور سادگی مہم کی مثال قائم کردی، عارف علوی عوامی انداز اپناتے ہوئے بغیر پروٹوکول کے عام طیارے میں کراچی پہنچے۔

    صدر پاکستان اپنا سامان بھی خود اٹھا کر لے لائے اور سامان اے ایس ایف کی اسکیننگ مشین پر خود اسکین کروایا، عارف علوی نے مسافروں کی لائن میں لگ کر اپنا بورڈنگ پاس بھی خود وصول کیا۔

    اس موقع پر صدر پاکستان دیگر مسافروں کے ساتھ لاؤنج میں طیارے کا انتظارکرتے رہے، اس موقع پر وہ مسافروں میں گھل مل گئے ان کے ساتھ خوش گپیاں کیں اور سیلفیاں بھی بنوائیں، صدرعارف علوی نجی پروازای آر 503 کےذریعے کراچی پہنچے تھے۔

  • نو منتخب صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی نشست سے استعفیٰ دے دیا

    نو منتخب صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی نشست سے استعفیٰ دے دیا

    اسلام آباد : منتخب صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی نشست سے استعفیٰ دے دیا، عارف علوی کراچی کے حلقے این اے 247  سے  رکن قومی اسمبلی  منتخب ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی نشست سے استعفیٰ دے دیا، ڈاکٹرعارف علوی نے استعفیٰ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو بھجوا دیا ہے۔

    ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں نو منتخب صدر عارف علوی کراچی کے حلقے این اے 247 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

    گذشتہ روز صدارتی انتخاب میں  پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار عارف علوی تیرہویں صدر پاکستان منتخب ہوئے تھے، عارف علوی نے 212 ووٹ حاصل کئے، مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار فضل الرحمان کو131ووٹ ملے جبکہ پیپلزپارٹی کے اعتزازاحسن 81 ووٹ حاصل کر سکے۔

    نو منتخب صدر عارف علوی 9 ستمبر کو صدر کا حلف اٹھائیں گے ، چیف جسٹس ثاقب نثار عارف علوی سے حلف لیں گے۔

    مزید پڑھیں : عارف علوی تیرہویں صدر پاکستان منتخب ہوگئے

    صدر مملکت منتخب ہونے کے بعد عارف علوی کا کہنا تھا صرف تحریک انصاف کا نہیں، پوری قوم کا صدر ہوں، اللہ میری مدد کرے، عمران خان اور اتحادی جماعتوں کا شکریہ، میری کامیابی کارکنوں کی محنت اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ غریب کے پاس چھت، روٹی، کپڑا دیکھنا چاہتا ہوں، روزگار اور صحت کی سہولت سب کو دینے کا وعدہ کرتا ہوں، اپوزیشن کوحلف برادری تقریب میں دعوت دیں گے، پروٹوکول کم کریں گے لیکن سکیورٹی اقدامات ضروری ہیں، حضرت عمرجیسا پروٹول ممکن نہیں۔

  • ڈاکٹرعارف علوی – طلبہ سیاست سے ایوانِ صدرتک

    ڈاکٹرعارف علوی – طلبہ سیاست سے ایوانِ صدرتک

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ رفیق ڈاکٹرعارف علوی آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے صدر منتخب ہوگئے ہیں، ڈاکٹر عارف علوی پاکستان کے 13 ویں صدر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملک کی قومی اسمبلی ، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں ملک کےآئندہ صدر کے لیے انتخابات کا انعقاد ہوا، ڈاکٹر عارف علوی کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے چوہدری اعتزازاحسن اورمتحدہ اپوزیشن کے مولانا فضل الرحمن میدان میں تھے۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے مجموعی طورپر 212 ووٹ حاصل کیے،  پنجاب سے 186، سندھ سے 56، بلوچستان سے 45 اور خیبرپختونخواہ سے 78ووٹ حاصل کیے ، مجموعی طور پر ڈاکٹرعارف علوی نے ووٹ حاصل کیے۔

    ڈاکٹرعارف علوی – تعلیم سے صدارت تک


    ایک عرصے تک پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل رہنے والے عارف علوی کا شمار پاکستان کے ممتاز ڈینٹسٹ میں ہوتا ہے۔انھوں نے ”پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن“ کے پلیٹ فورم سے فعال کردارادا کیا۔ اِس کے صدر بھی رہے۔ ’ورلڈ ڈینٹل فیڈریشن‘ کے منتخب کونسلر بھی رہے۔ وہ اِس منصب پر فائز ہونے والے پہلے پاکستانی تھے۔

    تعلیم

    وہ اپنے زمانے کے معروف ڈینٹسٹ اور سیاست داں، ڈاکٹر الٰہی علوی کے بیٹے ہیں، جو تقسیم سے قبل یوپی کی سطح پر مسلم لیگ کے صدر تھے۔بٹوارے کے بعدیہ خاندان کراچی آگیا۔ یہیں 29 اگست 1949 کو دو بہنوں، چار بھائیوں میں سب سے چھوٹے عارف علوی کی پیدایش ہوئی۔

    کراچی سے انٹر کرنے کے بعد ڈینٹل کالج لاہور کا رخ کیا۔ سنہ 1970ءمیں بی ڈی ایس کا مرحلہ طے کیا۔ 75ءمیں یونیورسٹی آف مشی گن، امریکا سے Prosthodontics میں ماسٹرز کیا۔ 1982ءمیں سان فرانسسکو سے یونیورسٹی آف پیسفک سے Orthodontics میں ماسٹرز کا مرحلہ طے کیا۔ واپس آنے کے بعد وہ والد کے کلینک میں پریکٹس کرتے رہے۔ بعد ازاں ’علوی ڈینٹل ہاسپٹل‘ کی بنیاد ڈالی۔

    سیاست کی ابتدا

    سیاست کی جانب ابتدا ہی سے رجحان تھا، مولانا مودودی اور بھٹو صاحب سے متاثر تھے۔ اسٹوڈنٹ سیاست کرتے رہے۔ ایوب خان کے خلاف چلنے والی طلبا تحریک میں بھی پیش پیش رہے۔ 7 جنوری 1977ءکو جب بھٹو صاحب نے الیکشن کا اعلان کیا، تووہ ایک بار پھر متحرک ہوگئے۔1979ءمیں جماعت اسلامی نے اُنھیں اپنا صوبائی امیدوار نام زد کیا تھا، لیکن الیکشن منعقد نہیں ہوئے۔

    دھیرے دھیرے جماعت سے دور ہوگئے۔1996ءمیں پی ٹی آئی کے قیام کے وقت زیادہ پرامید نہیں تھے، مگر عمران خان سے ملاقاتوں کے بعد اس کا حصہ بنے اور1997ءمیں تحریک انصاف، سندھ کے صدر منتخب ہوگئے۔

    سنہ 1997ءمیں وہ ڈیفنس سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر کھڑے ہوئے، نومولود جماعت کو ناکامی ہوئی۔2001 میں وہ تحریک انصاف کے نائب صدر ہوگئے۔ 2007 میں سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز ہوئے۔ پارٹی کا آئین تشکیل دینے والی دس رکنی کمیٹی میں بھی شامل رہے۔

    سنہ 2013 کے انتخابات میں این اے 250سے، خاصے تنازعات کے بعد انھوں نے کامیابی حاصل کی، 2018 کے الیکشن میں کراچی کے حلقے این اے 247 سے انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو شکست دی تھی۔

  • عارف علوی بہترین صدر ثابت ہونگے، پی ٹی آئی اشرافیہ کو عہدے نہیں دیتی، چوہدری سرور

    عارف علوی بہترین صدر ثابت ہونگے، پی ٹی آئی اشرافیہ کو عہدے نہیں دیتی، چوہدری سرور

    لاہور : پنجاب کے گورنر چوہدری سرور نے کہا ہے کہ عارف علوی پاکستان کے لئے بہترین صدر ثابت ہوں گے، پی ٹی آئی میں اشرافیہ کو عہدے نہیں دیئے جاتے۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عارف علوی کی نامزدگی پر پی ٹی آئی کارکنان خوش ہیں، پارٹی ممبرز بھرپور طریقے سے صدارتی انتخاب کی مہم چلارہےہیں۔

    عارف علوی پاکستان کےلئے بہترین صدر ثابت ہوں گے، عارف علوی پی ٹی آئی کے بانی ممبرز میں سے ہیں، پی ٹی آئی میں اشرافیہ کو عہدے نہیں دیئے جاتے۔

    چوہدری سرور نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کیلئے کے پی سے اسد قیصر کو چنا گیا، وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے تمام صوبوں کی نمائندگی کرنی ہے، انشااللہ صدارتی انتخاب اکثریت کےساتھ جیتیں گے، چار ستمبر کو پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی ہوں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں اتحاد ہوتا ہے تو وہ کسی نظریے کی بنیاد پرہوتا ہے، اپوزیشن میں شامل جماعتوں کے الگ الگ منشور ہیں، اپوزیشن صرف ایک بار اکٹھی ہوئیں مگر اس میں بھی قیادت شامل نہ تھی۔

    چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان کےعوام نے عمران خان کو مینڈیٹ دیا ہے، پاکستان کے عوام کسی قسم کے تخریبی احتجاج کو قبول نہیں کریں گے، عوام پی ٹی آئی کی حکومت کو مسائل کے حل کیلئے بھرپور موقع دے گی، سینیٹ الیکشن کے وقت کہا تھا یہ پی ٹی آئی کی پہلی فتح ہے۔

  • حکومت کو گھر چلے جانا چاہئے، عارف علوی

    حکومت کو گھر چلے جانا چاہئے، عارف علوی

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عارف علوی کا کہنا ہے کہ کارکنوں کے قاتلوں کی گرفتاری تک مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عدم استحکام کا شکار ہے لہذا اسے گھر چلے جانا چاہئیے اور تحریک ِ انصاف اس مطالبے پر قائم رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے گلوبٹ چار دن سے آج بد امنی پھیلانے کے لئے تیاری کررہے تھے اور آج انہوں نے طاقت کا مظاہرہ کیا لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔

    عارف علوی نے بتایا کہ جس شخص کی فائرنگ سے کارکن جاں بحق ہوئے اسے پولیس نے گھیرا لیکن رانا ثنا اللہ اسے اپنے ساتھ لے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں مدعا اٹھائیں گے کہ جب تک کارکنوں کے قاتل گرفتار نہیں ہوجاتے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کئے جائیں۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ پرویزرشید کہتے ہیں کہ تحریکِ انصاف لاشوں کی سیاست کرتی ہے لاشیں تو مسلم لیگ ن خود ہمارے کارکنوں کی گراتی ہے۔