Tag: Dr Faisal FO

  • ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل جرمنی میں پاکستانی سفیر نامزد

    ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل جرمنی میں پاکستانی سفیر نامزد

    اسلام آباد : پاکستان نے 21 ممالک میں سفیروں، ہائی کمشنروں اور قونصل جنرلز کے تبادلے کردیے، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کو جرمنی میں پاکستانی سفیر نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ میں اہم تقرریاں و تبادلے کیے گئے ہیں، سینئر افسران کی سفیر اور قونصل جنرل کے عہدے پر تقرری کی گئی ہے۔

    دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا تبادلہ کرکے انہیں جرمنی میں پاکستانی سفیر نامزد کیا گیا ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل جو جنوبی ایشیا تعاون تنظیم (سارک) کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر بھی کام کر رہے تھے ان کے جرمنی میں تعیناتی کے بعد بتایا جاتا ہے کہ عائشہ فاروقی کو بطور ترجمان دفتر خارجہ تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔

    دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق رحیم حیات قریشی ایران میں پاکستان کے سفیر جبکہ شفقت علی خان روس میں پاکستانی سفیر کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

    اس کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری محمد ندیم خان کو یونان، جرمنی میں سفیر جوہر سلیم کو اٹلی، ڈی جی یورپ ملک محمد فاروق کو پولینڈ، برلن میں موجود مریم مدیحہ آفتاب کو بلغاریہ جب کہ ترکی میں تعینات منسٹر سید علی اسد گیلانی کوازبکستان میں سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب اسٹاک ہوم میں تعینات عرفان احمد کو ترکمانستان میں سفیر تعینات کیا گیا ہے، کینبرا میں تعینات خالد اعجاز کو ارجنٹائن، ڈی جی فارن آفس ڈاکٹر ظفر اقبال رومانیہ، ڈی جی فارن آفس احمد فاروق ڈنمارک اور آذربائیجان میں تعینات جبکہ سفیر ڈاکٹر سعید خان کے عرصہ تعیناتی میں چھ ماہ کی توسیع کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    دفتر خارجہ نے دو فوجی افسران کو بھی پوسٹنگ دی ہے جس میں سابق ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی کو اردن میں جبکہ وائس ایڈمرل اطہر مختار کو مالدیپ میں سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

    سردار اظہر طارق خان کو کرغزستان میں سفیر جبکہ زاہد حسین کو فرینکفرٹ میں قونصل جنرل، ثمینہ مہتاب کو قونصل جنرل

    شانگڈو اور محمد طارق وزیر کو مانچسٹر میں قونصل جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔
    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مذکورہ فہرست کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں یہ افسران اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیں گے۔

  • پاکستان نے ہتھیاروں کے کنونشن اجلاس میں کئی کامیابیاں سمیٹیں، ترجمان دفترخارجہ

    پاکستان نے ہتھیاروں کے کنونشن اجلاس میں کئی کامیابیاں سمیٹیں، ترجمان دفترخارجہ

    اسلام آباد : دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے مخصوص روایتی ہتھیاروں کے کنونشن کے سالانہ اجلاس میں کئی امور پر کامیابیاں سمیٹیں۔

    یہ بات انہوں نے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ مخصوص روایتی ہتھیاروں کے کنونشن کا سالانہ اجلاس کا کامیاب اختتام ہوا ہے۔

    پاکستان کی زیرسربراہی اجلاس 13تا15نومبر جنیوا اور سوئٹزر لینڈ میں ہوا، جنیوا میں اجلاس کی صدارت پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی نے کی۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان کی زیرسربراہی اجلاس نے کئی امور پر کامیابیاں سمیٹیں، مخصوص ہتھیاروں اور مالی اقدامات پر نئی حکمت عملی طے کی گئی۔

    ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ طے کردہ حکمت عملی کے تحت کنونشن کی مستحکم بنیاد رکھی جاسکے گی، کامیاب اجلاس کو تجدید اسلحہ امور میں اہم پیشرفت گردانا جارہا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رکن ممالک کاکنونشن کےحقیقی اطلاق کیلئے سالانہ اجلاس ہوتاہے جس میں خطرات سےنمٹنےکیلئےاضافی پروٹوکولزمرتب کیےجاتےہیں، رواں سال کے اجلاس میں ہتھیاروں اورکنونشن کی مالیاتی موذوئیت کاجائزہ لیا جائےگا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کی عالمی سطح پرایک اوربڑی سفارتی کامیابی

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان کامتفقہ طورپرانتخاب عالمی برادری کااظہار اعتمادہے، پاکستان کاانتخاب بذریعہ تجدیداسلحہ عالمی سلامتی کیلئےخدمات کامظہر ہے، پاکستان کامنتخب ہونا اورمضبوط کثیرالجہتی سفارتکاری کاثبوت ہے۔

  • کابل دھماکا : کسی بھی پاکستانی کے ملوث ہونے کا پراپیگنڈا مسترد کرتے ہیں، ترجمان دفترخارجہ

    کابل دھماکا : کسی بھی پاکستانی کے ملوث ہونے کا پراپیگنڈا مسترد کرتے ہیں، ترجمان دفترخارجہ

    اسلام آباد : دفتر خارجہ ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کابل دھماکے میں کسی بھی پاکستانی کے ملوث ہونے کا پراپیگنڈا مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

    یہ بات انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہی۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق کابل دھماکہ داعش نے کرایا اور خودکش حملہ آور پاکستانی شہری تھا۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان ان تمام بےبنیاد الزامات کو مسترد اور دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ خود کش حملہ آور کے پاکستانی ہونے اور داعش کا نام نہاد اور بے بنیاد دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔

    پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں اور علاقائی امن و سلامتی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

    یاد رہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش بمبار نے شادی کی تقریب میں خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں63افراد جان کی بازی ہار گئے۔ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر40 منٹ پر ہوا۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے کابل پولیس اسٹیشن کے باہر دھماکہ ہوا تھا جس میں کم از کم 14 افراد ہلاک جبکہ 150 زخمی ہوگئے تھے حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔

    واضح رہے کہ افغانستان میں حالات بہت کشیدہ رہے ہیں حالانکہ طالبان اور امریکہ امن معاہدے کے اعلان کے قریب پہنچ رہے ہیں طالبان اور امریکی نمائندے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن مذاکرات کررہے ہیں اور فریقین نے پیشرفت کی اطلاع بھی دی ہے۔

  • جموں و کشمیر تنازع کی عالمی حیثیت تبدیل کرنے کی ہر کوشش کے مخالف ہیں، پاکستان

    جموں و کشمیر تنازع کی عالمی حیثیت تبدیل کرنے کی ہر کوشش کے مخالف ہیں، پاکستان

    اسلام آباد : پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر تنازع کی عالمی حیثیت تبدیل کرنے کی ہر کوشش کے مخالف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے، رواں ہفتوں میں38ہزار نیم فوجی دستوں کی تعیناتی خوف کی وجہ ہے۔

    قابض فورسز نے سیاحوں، یاتریوں، طلبا کو کشمیر سے نکلنے کا حکم دیا ہے اور عوام سے کہا ہے کہ مقامی آبادی خوراک ذخیرہ کرلے، ایسے اعلانات شکوک پیدا کررہے ہیں۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جغرافیہ کی تبدیلی کے خدشات بہت بڑھ چکے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی یا آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا مخالف ہے۔

    جموں و کشمیر تنازع کی عالمی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کے مخالف ہیں، کوئی بھی کوشش اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی سنگین خلاف ورزی ہوگی، بھارت کے منفی عزائم سے خطے کی امن و سلامتی داؤ پر لگ جائے گی۔

    ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے ایل او سی پر فائر بندی کی خلاف ورزیوں میں کئی گنا اضافہ کیا، بھارتی فائرنگ سے19جولائی سے3اگست تک6شہری شہید،48زخمی ہوئے، بھارتی فورسزنےبھاری ہتھیاروں کابےہنگم استعمال کیا، بھارتی فورسز نے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی فورسز نے تازہ اشتعال انگیزی میں شہریوں پر کلسٹر بم پھینکے، بھارتی جارحیت سے چار سالہ بچےسمیت دو افراد شہید،11 زخمی ہوئے، پاکستان بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے، بھارتی منفی سرگرمیاں عالمی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس دورے سے پاک امریکہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، وزیراعظم اورامریکی صدر کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلق باہمی تعلقات بالخصوص زیر غور آئیں گے۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ گزشتہ کچھ سالوں سے پاک امریکہ تعلقات میں کچھ سرد مہری تھی ،جب موجودہ حکومت آئی توتعلقات میں بہتری لانے کی کوشش کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ اسی تناظرمیں ستمبر میں وزیر خارجہ نے واشنگٹن کا دورہ کیا اور وہاں اہم ملاقاتیں ہوئیں، بعد ازاں معاملات آگے بڑھتے رہے اور امریکی صدر کی طرف سے وزیراعظم کو دورے کی دعوت ملی،22 تاریخ کی ملاقات طے ہوئی، یہ ملاقات انتہائی اہم ہے، ملاقات میں باہمی تعلقات ،سرمایہ کاری، فوجی اور دیگر معاملات پر بات چیت ہوگی۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گا، امریکہ بھی چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہتری آئے لہٰذا وزیراعظم اور امریکی صدر کے درمیان یہ ملاقات اس حوالے سے پہلا قدم ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات سات دہائیوں پرمحیط ہیں، دونوں ممالک کے درمیان بڑے گہرے تعلقات رہے ہیں مگر کچھ عرصے سے ان تعلقات میں کچھ فاصلہ پیدا ہو گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ایف اے ٹی ایف کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا، ہمیں اس معاملے میں دنیا کے تمام ممالک کی مدد چاہیے تاہم ملاقات میں یہ بات ضرور زیر بحث آئے گی کہ ہمیں سیاسی طور پر نشانہ نہ بنایا جائے۔

  • کلبھوشن یادیو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ترجمان دفترخارجہ

    کلبھوشن یادیو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ترجمان دفترخارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ عالمی عدالت نے کلبھوشن یادیو کی رہائی کی بھارتی درخواست مسترد کردی ہے، کلبھوشن یادیو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    یہ بات ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد اپنے بیان میں کہی۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان بطور ذمہ دار ممبر قانون کی بالادستی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور اسی عزم کے تحت پاکستان معزز عدالت میں پیش بھی ہوا۔

    عالمی عدالت میں پیش ہونے کیلئے پاکستان کو بہت مختصر نوٹس ملا تھا، ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ آج کے فیصلے کے بعد پاکستان قانون کے مطابق آگے چلے گا۔

    جاسوس کلبھوشن یادیو بغیر ویزہ بھارتی پاسپورٹ کے ساتھ پاکستان آیا تھا، گرفتاری کے بعد اس کی جعلی شناخت حسین مبارک پٹیل کے نام سے ہوئی تھی، کلبھوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور کئی دہشت گرد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

    ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ کلبھوشن نے تمام الزامات جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو قبول کیا ہے، کلبھوشن یادیو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    مزید پڑھیں: عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادو کی بریت کی بھارتی درخواست مستردکردی

    واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کردیا ججز کے پینل نے پاکستان کے موقف کو درست قرار دے دیا۔

    کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ عالمی عدالت کے جج عبدالقوی احمد یوسف سنایا، انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی مطالبے پرکلبھوشن کا اصل پاسپورٹ اور کلبھوشن کی شہریت کے دستاویزات نہیں دکھائے۔

    عالمی عدالت نے کلبھوشن کا حسین مبارک پٹیل کے نام سے بھارتی پاسپورٹ اصلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ، کلبھوشن یادیو اسی پاسپورٹ پر17 بار بھارت سے باہر گیا اور واپس آیا۔