Tag: Dr Farooq Sattar

  • ایم کیو ایم کو پارلیمانی کمیٹی میں شامل کیا جائے، ڈاکٹرفاروق ستار

    ایم کیو ایم کو پارلیمانی کمیٹی میں شامل کیا جائے، ڈاکٹرفاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم متحدہ اپوزیشن کا حصہ نہیں ہیں لیکن اپوزیشن ضرور ہیں، ہمارا اپنامؤقف ہے لہٰذا ہمیں تیرہواں کھلاڑی سمجھ کر حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی میں شامل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پی ایس 106کے ضمنی انتخاب میں الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم مکمل احتساب کے حامی ہیں، ایم کیوایم پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنا چاہتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کو نظر انداز نہ کیا جائے ،ہمیں حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی میں شامل کیا جائے۔

    ہم متحدہ اپوزیشن کا حصہ نہیں ہیں لیکن اپوزیشن ضرور ہیں، انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت نے اپنی پارٹی میں احتساب کی بات نہیں کی، ایم کیو ایم اپنے نمائندوں سے گوشواروں کی تفصیلات بھی طلب کرتی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ میں نجی دورے پر دبئی گیا تھا، میرے جانے پر افواہیں گردش میں تھیں کہ میں نے پارٹی کو چھوڑ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ آئندہ بیرون ملک جانے سے قبل میڈیا کے دوستوں کو ضرور آگاہ کروں گا۔

    کراچی میں صفائی ستھرائی اور دیگر بلدیاتی مسائل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شہر میں بلدیاتی نمائندوں کو مالی اور انتظامی اختیارات دیئے جائیں اور ٹرانسپورٹ کا نظام وضع کیا جائے تاکہ شہریوں کے مسائل حل ہوں اور وہ سکھ کا سانس لے سکیں۔

     

  • کراچی آپریشن سے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی آپریشن سے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی میں جنگل کا قانون تھا، کراچی آپریشن سے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔ جبکہ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ملک میں میرا سلطان ڈرامہ بند ہونا چاہئیے، کراچی آپریشن پر نہ وزیر اعلی کی مانیٹرنگ کمیٹی بنی نہ ہی شکایتی ازالہ کمیٹی نے کام کرنا شروع کیا۔

    ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں آزادی اظہار رائے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ ناراضگیاں اور غلط فہمیاں ہوتی ہیں لیکن جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن بلا تفریق کیا جارہا ہے۔

    کراچی مستحکم ہوگا تو پاکستان مستحکم ہوگا۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس آنے کے بعد را کے ایجنٹ کو سب بھول گئے۔

    میڈیا کے مارننگ شوز دیکھو تو معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان میں سب اچھا ہے اور ٹاک شوز سے یہ تاثر ملتا ہے کہ آج پاکستان کا وجود ختم ہوجائے گا۔

    تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ میں میرا سلطان ڈرامے کے کردار خزینہ سلطان اور پنجاب میں سنبل آغا کی حکومت قائم ہے،نیشنل ایکشن پلان پر کوئی مانیٹرنگ کمیٹی نہیں بنائی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ آفتاب احمد کی ہلاکت جمہوری دور کے منہ پر طمانچہ ہے،ہر کسی کو بری خبر کی تلاش ہے، میں روز روز آفتاب احمد کہاں سے لاؤں۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ایک سو پنسٹھ کارکنان لاپتہ جبکہ ستاون کو ماورائے عدالت قتل کیا جاچکا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ صوبہ سندھ میں گزشتہ آٹھ سال سے مردم شماری نہیں کروائی گئی،، اگر صیح مردم شماری ہوجائے تو شہری سندھ سے وزیر اعلیٰ منتخب ہوجائے گا۔

     

  • ڈاکٹرفاروق ستارکا کوآرڈینیٹر آفتاب احمد گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل

    ڈاکٹرفاروق ستارکا کوآرڈینیٹر آفتاب احمد گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نےحراست میں لے لیا، آفتاب احمد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کو فیڈرل بی ایریا سے ان کی رہائش گاہ کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔ فی الحال ان کی گرفتاری کی وجوہات سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

    آفتاب حسین 1990ء سے ایم کیو ایم سے وابستہ ہیں اور سال 2002 سے ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

    ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق آفتاب حسین کو ان کے گھر سے سادہ لباس اہلکاروں نے حراست میں لیا ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے آفتاب احمد کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آفتاب کئی سالوں سے ان کے ساتھ اپنی ذمے داریاں انجام دے رہا تھا۔ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ وہ ایک شریف انسان ہے اور اپنا بزنس بھی چلا رہا تھا۔

     

  • کراچی کومتبادل پلیٹ فارم دیا جارہا ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    کراچی کومتبادل پلیٹ فارم دیا جارہا ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ مارچ سے کراچی کو متبادل ہاتھوں میں دینے کا کام شروع ہوگیا ہے۔

    منحرفین کے ٹولے کے آتے ہی کارکنوں کی گرفتاری شروع کردی گئیں ہیں۔ خورشید بیگم سیکرٹریٹ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی سرگرمیوں پرغیر اعلانیہ پابندی عائد ہے۔

    کراچی کو متبادل پلیٹ فارم دیا جارہا ہے، اُس کا منشور مائنس قائد ایم کیو ایم ہے، ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے کسی بھی جانے والے کو روکا نہ منایا، 10 ہزار افراد کے قتل کا الزام متحدہ پر لگایا گیا، اس الزام کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک مہینے میں100سےزائدکارکنوں کو گرفتار کیا گیا،گرفتار کارکنان پر نہ تو کوئی مقدمہ ہے اور نہ ہی کوئی الزام ہے۔

    ڈرائی کلیننگ مشین لگا کر سو خون معاف کئے جا رہے ہیں۔ نا معلوم نمبرز سے کا ل کر کے دھمکیاں دی جارہی ہیں، جن نمبروں سے دھمکیوں کی کالز آ رہی ہیں، وہ ثبوت رینجرز اور پولیس کو فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔

     

  • ایم کیو ایم پرلگنے والے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں، ڈاکٹرفاروق ستار

    ایم کیو ایم پرلگنے والے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں، ڈاکٹرفاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستارنے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پر را سے فنڈنگ اور بھارت سے تعلقات کے الزامات نئی بات نہیں، ایم کیو ایم نے ماضی میں بھی ایسے الزامات کو مسترد کیا اوراب بھی کرتی ہے۔

    یہ بات انہوں نے ایم کیوایم کے یوم تاسیس کے موقع پرجناح گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جلسے میں کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    فاروق ستار نے کہا کہ الزام لگانےوالے عدالت جائیں، ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کسی اور کی وکٹ پر کھیلنے کے بجائے سب کو اپنی وکٹ پر کھلائے گی۔

    میڈیا پرالزامات کا جواب میڈیامیں ہی دیں گے، جناح پورکاالزام17سال بعد جھوٹانکلا،عامرخان بھی معافی مانگ کرواپس آگئے۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن کمال ملک کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ایم کیو ایم سے بغاوت کی انہیں نام اسی جماعت نے دیا ہے۔

    نامزد میئروسیم اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں کسی کاخوف نہیں،ایم کیوایم سےجانےوالا زیرو ہوجاتا ہے۔

    علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ لاہور کے زیر اہتمام پارٹی کے 32 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں صوبائی دفتر میں کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی۔

    تقریب میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی، اس موقع پر نہ صرف کیک کاٹا گیا بلکہ پارٹی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کارکنوں اور قائدین کا کہنا تھا کہ متحدہ ہر دور میں استعماری قوتوں کے خلاف صف آرا رہی ہے اور اب بھی متحدہ کو چھوڑ کر جانے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

     

  • متحدہ قومی موومنٹ کی صفائی مہم پانچویں روز بھی جاری

    متحدہ قومی موومنٹ کی صفائی مہم پانچویں روز بھی جاری

    کراچی : ایم کیوایم کی صفائی مہم پانچویں روز بھی جاری رہی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے باغیوں کو پیغام دیا کہ عامر خان کو بھی سترہ سال بعد واپس ہی آنا پڑا۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ چھ اضلاع سے روزانہ کی بنیاد پر چار ہزار ٹن کچرا اٹھایا جا رہا ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ متحدہ کسی اور کا غصہ نہیں نکال رہی ہم خفا ہیں لیکن جب غصے میں آئے تو کچرا کراچی شہر سے باہر نہیں وزیر اعلیٰ آفس میں جمع کرا دیں گے۔

    نامزد مئیر وسیم اختر نے وزیر اعلی اور وزیر بلدیات پر خوب نشتر چلائے، ان کا کہنا تھا کہ جو کراچی کے نہیں وہ کراچی کا خیال کیسے رکھیں گے؟

    ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کراچی کو صاف کرنے کی مہم میں تعاون کرنے کی بجائے اس میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کچرا اٹھانا ہمارا نہیں وزیر بلدیات کا کام ہے،ایم کیوایم پر پہلے بھی الزامات لگتے رہے ہیں، مخالفین کو اس بار بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

    متحدہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی جناح پور کا الزام لگایا گیا جو صرف الزام ہی نکلا۔

  • نیب کی کارروائیاں صرف سندھ تک کیوں محدود ہیں، مولا بخش چانڈیو

    نیب کی کارروائیاں صرف سندھ تک کیوں محدود ہیں، مولا بخش چانڈیو

    ٹنڈوالہیار: مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ڈاکٹرفاروق ستارنے صفائی مہم کے دوران دھمکیاں دیں ۔ان کا کہنا تھا کہ نیب کی کارروائیاں صرف سندھ تک کیوں محدود ہیں پنجاب کیا دودھ کا دھلا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو الہ یارمیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مولا بخش چانڈیو ایم کیوایم پر گرجتے برستے رہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کیا آفاق احمد اورعامرخان کی وفادارایاں پیپلز پارٹی نے تبدیل کرائیں تھیں؟ ہم کسی کی وفاداری تبدیل نہیں کرا رہے، ایم کیوایم پیپلزپارٹی پراعتراضات کے بجائے اپنے معاملات دیکھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرفاروق ستارنے صفائی مہم میں دھمکیاں دیں، ایم کیو ایم اپنے قیدی کارکنان پر تشدد کی باتیں اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے کررہی ہے۔

    نیب پر تیربرساتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کارروائیاں کی جائیں تو وفاق کی چیخیں نکل جاتی ہیں، نیب سندھ میں کارروائی کرے تو سب ٹھیک ہے کا راگ الاپا جاتا ہے اورپنجاب میں جائے تو پھر اعتراضات شروع ہوجاتے ہیں۔

    پنجاب کے حکمران نیب کے اختیارات سے کیوں ڈر رہے ہیں، پنجاب میں نیب کی کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس کی دم پر کس کا پاؤں ہے۔

    رینجرزکی جانب سے الگ تھانوں کے قیام کے مطالبے کو انہوں جمہوری اور آئینی راستوں کو بند کے کرنے مترادف قرار دیا۔

     

  • عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو فسادکا خدشہ، فاروق ستار

    عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو فسادکا خدشہ، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم کی صفائی مہم کے تیسرے روز چھ اضلاع کی گلیوں کو چمکایا گیا،ایم کیو ایم کا دعوی ہے کہ تین دن میں پندرہ ہزار ٹن کچرا اٹھایا جا چکا ہے، فاروق ستار کہتے ہیں کہ عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو فسادات ہونے کا خدشہ ہے۔

    متحدہ کی صفائی مہم تیسرے روز بھی کراچی کے چھ اضلاع میں گلی گلی جاری رہی، متحدہ رہنمائوں اور کارکنان نے عوام کے ساتھ مل کر جھاڑو لگائی اور کچرے کو آرام گاہ تک پہنچایا ۔

    ایم کیو ایم نے دعوی کیا ہے کہ شہر سے اب تک پندرہ ہزار ٹن کچرا اٹھایا جا چکا ہے، فارق ستار نے کہا کہ عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو فسادات ہونے کا خدشہ ہے۔

    نامزد مئیر وسیم اختر بھی صفائی مہم میں پیچھے نہ رہے، دیواروں پر رنگ بھی کیا اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا، نامزد مئیر نے صفائی مہم میں سیاسی جماعتوں سمیت عالمگیر کو بھی تعاون کی دعوت دے دی ۔

    متحدہ رہنماوٗں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایک مہینے میں شہر کو صاف کر دیں گےاور اگر اختیارات نہ ملے تو پھر احتجاج بھی ہوگا۔

  • ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی میں صفائی مہم کا آغاز

    ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی میں صفائی مہم کا آغاز

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے جھاڑو لگاکرمہم شروع کی، ایم کیوایم کے نو منتخب بلدیاتی نمائندے،اراکین رابطہ کمیٹی اوراراکین پارلیمنٹ صفائی مہم میں شریک ہیں۔

    کراچی کے نامزد مئیروسیم اختر نےلائنز ایریا میں ٹریکٹر چلایا،اور جھاڑو بھی دی، ڈاکٹر فاروق ستار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صفائی مہم میں اسکول اور کالج کے طالب علم بھی ساتھ دے رہےہیں۔

    صفائی مہم روزانہ کی بنیاد پر آٹھ گھنٹے جاری رہے گی۔ جب کہ سندھ حکومت کی جانب سے کوئی تعاون نہیں کیا جارہا.

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ دوسری جانب وسیم اخترنے سندھ حکومت کو کراچی کی صفائی میں روڑے اٹکانے کا مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نہیں چاہتی کہ کراچی ترقی کرے اورشہری سکھ کا سانس لیں۔

    نامزد میئرکراچی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نےنوے لوڈرزکوبلاول ہاؤس کے سامنے کھڑاکرنےکی ہدایت کر کے بلدیاتی مشینری کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے، ہم شہر کی صفائی کرنا چاہتے ہیں۔

    ہم کراچی کےمنتخب نمائندےہیں لوگوں نےہمیں ووٹ دیاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں وال چاکنگ مٹانےکا آغازاپنی تنظیم کی چاکنگ مٹا کرکیا ہے۔

    کراچی کو کسی کی اوطاق نہیں بننے دیں گے اور ایک ماہ کے دوران شہر کو پاک صاف کرنے کے بعد کچرے کو اس کے اصل مقام پر ٹھکانے لگایا جائے گا۔

     

  • فاروق ستارخوفزدہ ہیں جبھی ایسے بیانات دے رہے ہیں، ڈاکٹرصغیراحمد

    فاروق ستارخوفزدہ ہیں جبھی ایسے بیانات دے رہے ہیں، ڈاکٹرصغیراحمد

    کراچی : سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرصغیر احمد نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستارخوف زدہ ہیں جب ہی ایسے بیانات دے رہے ہیں۔ لگتا ہے ایم کیو ایم نے ”مارنے“کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

    یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستارکی پریس کانفرنس کے بعد رد عمل میں کہی۔

    ڈاکٹر صغیر احمد نے چیلنج کیا کہ ڈاکٹر فاروق ستار’اپنے قائد‘کو پاکستان بُلائیں۔ ملک کے کسی بھی حلقے سے اُن کے خلاف الیکشن لڑنے کو تیار ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کی جانب سے آخری آرام گاہ اور ٹھکانے لگا دو جیسے الفاظ معنی خیز ہیں ، مارنے والی اور بچانے والی ذات اللہ کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں ڈاکٹر فاروق ستار کا احترام کرتا ہوں، آخری آرام گاہ اور ٹھکانے لگادو جیسے الفاظ فاروق ستار کے نہیں ہو سکتے۔