Tag: Dr Farooq Sattar

  • وزارت سمندر پار پاکستانی : فاروق ستار کے دور میں 4000 بوگس بھرتیوں کا انکشاف

    وزارت سمندر پار پاکستانی : فاروق ستار کے دور میں 4000 بوگس بھرتیوں کا انکشاف

    اسلام آباد : وزارت سمندر پار پاکستانیز میں چار ہزار ملازمین کی بوگس بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے، یہ بھرتیاں ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار کے دورمیں کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی اپنی پارٹی سے سبکدوشی کے بعد ایک اور مشکل آن پڑی، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت اوورسیز پاکستانیز میں چار ہزار ملازمین کی بوگس بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے.۔

    مذکورہ بھرتیاں فاروق ستار کے دور وزارت میں کی گئیں، یہ بھرتیاں سال2010 اور2011 کے عرصے میں کی گئیں، اس دوران جعلی ڈگریوں پر سیکڑوں افراد بھرتی کیے گئے۔

    ایسے افراد کا ڈیٹا ملا ہے جو وزارت کے ملازم ہیں مگر آج تک ڈیوٹی پر نہیں آئے، بوگس بھرتیوں کے باعث قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے بھی بوگس بھرتیوں کی تصدیق کردی ہے، ان کا کہنا ہے کہ بہت جلد کیس تیار کرکے نیب کو بھجوایا جائے گا، بھرتی ہونے والے بوگس ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق بھی کرائی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : پارٹی رکنیت ختم کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں، فاروق ستار

    زلفی بخاری نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ ڈاکٹر فاروق ستار کے دور میں ہونے والی مالی بےضابطگیوں کا بھی جائزہ لیاجارہا ہے، کرپشن کے واضح ثبوت ملنے پر نیب کو دستاویزات فراہم کردیں گے۔

  • برف پگھلنے لگی، ڈاکٹر صغیر کی ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات

    برف پگھلنے لگی، ڈاکٹر صغیر کی ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات

    کراچی : پی ایس پی کے رہنما ڈاکٹر صغیر احمد نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار سے ملاقات کی ہے، دونوں رہنما کراچی کے مسائل پر مل کر جدوجہد کرنے پر متفق ہوگئے۔

    سیاست کے رنگ نرالے ہوتے ہیں  اور اس میں کوئی حرف آخر بھی نہیں ہوتا، قربتوں کے بعد دوریاں اور پھر قربتیں سیاسی میدان میں اچنبھے کی بات نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار سے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ڈاکٹر صغیر نے ملاقات کی، اس موقع پر ڈاکٹر صغیر احمد نے پاکستان کوارٹرز کے رہائشیوں کی جدوجہد کے لئے پرانے ساتھی کی خدمات کو سراہا۔

    ملاقات میں نظریاتی اور سیاسی اختلافات چھوڑ کر عوامی مسائل پر مل کر جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل میں وفاقی و صوبائی حکومتیں ناکام ہوگئیں، دونوں ساتھیوں نے مل کر پاکستان کواٹرز کے مکینوں کے مالکانہ حقوق کے لئے لائحہ عمل بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس پی رہنما ڈاکٹر صغیر احمد نے پارٹی قیادت کو ملاقات سے آگاہ کیا، اس کے علاوہ ڈاکٹر فاروق ستار پاک سرزمین پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے بھی جلد ملاقات کریں گے۔

    مزید پڑھیں: سابق گورنرعشرت العباد سے پی ایس پی رہنماؤں کی ملاقات، گلے شکوے دور کیے

    واضح رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ نے گزشتہ اتوار دبئی میں سابق گورنر سندھ عشرت العباد سے بھی ملاقات کی تھی۔

  • شوکاز نوٹس کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار نے عوام میں جانے کا فیصلہ کرلیا

    شوکاز نوٹس کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار نے عوام میں جانے کا فیصلہ کرلیا

    کراچی : ساتھیوں نے تنہا کر دیا تو ڈاکٹر فاروق ستار نے عوام سے امیدیں باندھ لیں، ان کا کہنا ہے کہ عہدے کی پروا نہیں میرا فیصلہ عوام کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت کے ساتھیوں کی بے وفائی کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے جارحانہ حکمت عملی اختیار کرلی، انہوں نے کراچی، حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اور میرپور خاص کے دورے کرنے کا اعلان کردیا۔

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان  کے رہنماؤں کی جانب سے سابق کنوینر کو شوکاز  نوٹس دے دیا گیا جس کے بعد فاروق بھائی نے جارحانہ اننگز کھیلنے کا فیصلہ کرلیا، نئی حکمت عملی کے تحت عوام میں جانے کا فیصلہ کرلیا۔

    فاروق ستار نے کراچی سمیت حیدرآباد، نوابشاہ، سکھر، میرپور خاص جا کر عوام سے ملاقاتوں کا فیصلہ کیا ہے، فاروق ستار نے آرگنائزیشن ریسٹوریشن کمیٹی کو کام تیز کام کرنے کی ہدایت کردی۔

    انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے عہدے کی پروا نہیں، بال اب عوام کے کورٹ میں ہے اور ان کا فیصلہ بھی وہی کریں گے، کارکنان اور عوام نے جسے اعتماد کا ووٹ دیا وہی کارکنان کے مسائل کا نجات دہندہ ہوگا۔

    مزید پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان نے فاروق ستار کا بطور رکن رابطہ کمیٹی استعفی منظورکرلیا

    واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے گزشتہ روز فاروق ستار کا بطور رکن رابطہ کمیٹی استعفی منظورکر لیا، رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔

     

  • حکومت بنانے کا پروگرام تو بنالیا مگر اسے چلانے کا نہیں بنایا گیا، ڈاکٹر فاروق ستار

    حکومت بنانے کا پروگرام تو بنالیا مگر اسے چلانے کا نہیں بنایا گیا، ڈاکٹر فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکومت بنانے کا پروگرام بنایا گیا مگر چلانے کا پروگرام نہیں بنایا گیا، ملک میں سیاسی اور معاشی انصاف ہونا چاہئے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے تحت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، فاروق ستار نے کہا کہ حکومت میں تو تبدیلی آگئی ہے لیکن ملک میں آنا باقی ہے۔

    حکومت بنانے کا پروگرام تو بنا لیا گیا مگر اسے کامیابی سے چلانے کا پروگرام نہیں بنایا گیا، حکومت ڈی ریل کرنے والے اب ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح کام کر رہے ہیں۔

    اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان زندہ باد کانعرہ لگایا، ہمارے ملک کے تمام ادارے قابل احترام ہیں، پاکستان بنانے والوں کی اولادوں سے ناانصافی نہیں ہونی چاہیے، ملک میں سیاسی اور معاشی انصاف ہونا چاہئے۔

  • ڈاکٹر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا

    ڈاکٹر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق کنونیئر اور رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رابطہ کمیٹی اور پارٹی رکنیت سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیا اور انہوں نے اپنا استعفیٰ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کو ارسال کردیا۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کے استعفیٰ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک بار پھر منانے اور تمام تحفظات دور کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    ایم کیو ایم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کے استعفیٰ کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اسے کسی بھی صورت قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    مزید پڑھیں: تحریک انصاف میں شمولیت پرقریبی دوستوں سے مشاورت کر رہا ہوں ‘ فاروق ستار

    واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار ملک بھر میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات کے بعد سے پارٹی میں غیر فعال تھے انہوں نے گزشتہ دنوں اشارہ دیا تھا کہ تحریک انصاف کے کچھ دوستوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔

    ایم کیوایم پاکستان کے سابق کنونیئر نے کہا تھاکہ تحریک انصاف کی جانب سے ملنے والی دعوت پر کچھ دوستوں سے مشاورت جاری ہے، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جلد کروں گا۔

    خیال رہے کہ رواں برس فروری میں سینیٹ انتخابات میں کامران ٹیسوری کو امیدوار بنانے کے معاملے پر ایم کیو ایم کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کرگئے تھے جس کے بعد متحدہ کے دو دھڑے (پی آئی بی اور بہادرآباد) بن گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: خالدمقبول صدیقی جھوٹ بولیں لیکن حد رکھیں، فاروق ستار

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے پارٹی آئین کے تحت دو تہائی اکثریت ملنے کے بعد فاروق ستار کو پارٹی قیادت سے ہٹا دیا تھا جس پر انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع بھی کیا، عدالت نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم پاکستان کا کنونیئر قرار دیا۔

  • دوسری جماعتوں کے آدھے امیدوار ایم کیوایم کی پروڈکٹ ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

    دوسری جماعتوں کے آدھے امیدوار ایم کیوایم کی پروڈکٹ ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ25جولائی کو مخالفین کا دھڑن تختہ کردینگے، دوسری جماعتوں کے آدھے امیدوار ایم کیوایم کی پروڈکٹ ہیں۔

    یہ بات انہوں نے کراچی کے علاقے لائینز ایریا میں اپنی انتخابی ریلی کے موقع پرشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی، فاروق ستار جب لائینزا ایریا آئے تو وہاں موجود پیپلزپارٹی کے کیمپ پر بھی گئے۔

    اس موقع پر پی پی کارکنان نے وسعت قبلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا، فاروق ستار نے پی پی جیالوں سے ملاقات کی اورسیلفیاں بھی بنوائیں، بعد ازاں لائنز ایریا میں ڈاکٹر فاروق ستار کلیجی کے ٹھیلے پر پہنچ گئے، انہوں نے خود عوام کو کلیجی بنا کر کھلائی۔

    ریلی کے دوران فاروق ستار نے چائے کے ہوٹل پر لوگوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں، فاروق ستار نے ہوٹل میں پراٹھے بنائے، عوام کے ساتھ سموسے اور چپس کھائے، اس موقع پر انہوں نے مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی۔

    متحدہ رہنما میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کا کہنا تھا کہ مردم شماری اور حلقہ بندیوں میں کراچی والوں سے فراڈ کیا گیا ہے، عمران خان ، شہبازشریف اور بلاول بھٹو سے کہتا ہوں کہ ہمارے مطالبات مان لیں، تینوں شخصیات کراچی میں مردم شماری کا دوبارہ مطالبہ کریں۔
    فاروق ستار نے مزید کہا کہ سو سنار کی ایک لوہار کی، ایک سال کے اندر بلدیاتی اختیارات اور اپنے حقوق لیں گے، اپنے اختیارات اور صوبے کیلئے مزار قائد پر دستخطی مہم چلائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعتوں سے زیادہ اہمیت ہوگی، فاروق ستار

    ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعتوں سے زیادہ اہمیت ہوگی، فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعتوں سے زیادہ اہمیت ہوگی، اس دن دل والے دلہنیا لے جائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے پی آئی بی کالونی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا سر اٹھا کر چلنا ہے یا سر جھکا کر، عزت سے جینا ہے یا ذلت کے ساتھ؟ یہ فیصلہ25جولائی کے دن آپ کو کرنا ہے۔

    ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعت سے زیادہ اہمیت ہوگی، کل بھی سب کچھ ایم کیو ایم کا تھا آج بھی ایم کیو ایم کا ہے، مخالفین کے اندازوں کا خاتمہ ہماری ریلیوں نے کردیا ہے،25جولائی کو دل والے دلہنیا لے جائیں گے۔

    فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم کو حکومت ملی تو کراچی کو خود مختار بنائیں گے اورعوام کو روزگار ملےگا، کراچی کی ترقی کیلئے شہر کو صوبے سے کم ازکم 50ارب روپے ملنے چاہئیں، سینٹرل جیل میں لگے جیمرز کی وجہ سے اطراف کی آبادیوں کے مکینوں کو موبائل فون استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    مردم شماری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب کہتے ہیں کہ کراچی کی آبادی ڈھائی کروڑ ہے، لگتا ہے مردم شماری میں صرف مردوں کو ہی گنا گیا ہے، ایم کیوایم پاکستان کا مطالبہ ہے کہ مردم شماری دوبارہ کی جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • کراچی پر آج کل بہت سے لوگوں کی رال ٹپک رہی ہے، فاروق ستار

    کراچی پر آج کل بہت سے لوگوں کی رال ٹپک رہی ہے، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں آج کل بہت سے لوگوں کی رال ٹپک رہی ہے، یہ سب جلد مرجھا جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ ایم کیو ایم پاکستان کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کر رہے تھے، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی پر سب کی نظریں ہیں لیکن مخالفین کو کہوں گا کہ حسرت ان غنچوں پر جو بِن کھلے مرجھا گئے۔

    فاروق ستار نے ایک بار پھر سندھ میں ایک نئے صوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی سندھ صوبہ ایک حقیقت ہے اس کو کوئی ٹال نہیں سکتا۔

    انھوں نے کہا کہ سندھ میں نئے انتظامی یونٹس بننا یہاں کی اہم ضرورت ہے، اس لیے وسائل کی منصفانہ تقسیم ایم کیو ایم کے منشور کا اہم نقطہ ہے۔

    شہر کراچی کے بلدیاتی اختیارات سے محرومی پر انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کے بلدیاتی اداروں کو اختیارات دلوائیں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ سندھ اور پاکستان کےعوام کے مسائل کا حل ایم کیو ایم ہے، پاکستان چلانے کی اہلیت صرف پاکستان بنانے والوں کے پاس ہے۔

    کراچی: این اے 245 سے فاروق ستارکے کاغذات نامزدگی مسترد


    انھوں نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے اندرونی اختلافات اور ٹوٹ پھوٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے الگ ہونے پر جو لوگ خوش تھے اب ان کا جشن ختم ہوگیا ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی تقسیم کے تاثر کو اب اتحاد سے زائل کرنا ہے، 25 جولائی کو ہر جگہ پتنگ ہی پتنگ ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فاروق ستارکی زیرقیادت ایم کیوایم پی آئی بی گروپ انتخابی دنگل میں کود گیا

    فاروق ستارکی زیرقیادت ایم کیوایم پی آئی بی گروپ انتخابی دنگل میں کود گیا

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پی آئی بی کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پی آئی بی کے رہنماؤں کو انتخابی فارم جمع کرانے کی ہدا یت جاری کردی،وہ خود گلشن اقبال اور پی آئی بی کے حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدو قومی موومنٹ پاکستان کے دونوں دھڑوں کے درمیان سرد جنگ تاحال جاری ہے اور الیکشن کی آمد پر بھی دونوں جانب سے کسی قسم کی لچک کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے دو قومی اورایک صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے فارم حاصل کرلیے، لہٰذا فارو ق ستار گلشن اقبال سے قومی اسمبلی اور پی آ ئی بی کالونی سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فاروق ستار نے پی آئی بی گروپ کے رہنماؤں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام رہنما جلدازجلد کاغذات نا مزدگی جمع کرائیں۔

    ،مزید پڑھیں: شہری علاقوں کے مینڈیٹ کو تقسیم کرنے کی کوشش ہورہی ہے، فاروق ستار

    اطلاعات کے مطابق اب تک شیخ صلاح الدین، نشاط ضیاء، سلمان مجاہد بلوچ نے فارم جمع کر ادئیے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • خیرات میں کنوینر شپ نہیں چاہیے، کارکن بن کرپارٹی میں رہوں گا، فاروق ستار

    خیرات میں کنوینر شپ نہیں چاہیے، کارکن بن کرپارٹی میں رہوں گا، فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ مجھے خیرات میں کنوینر شپ نہیں چاہیے، کارکن بن کر ایم کیو ایم کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں، اقتدار کی سیاست ساتھیوں کو مبارک ہو ۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی بی کالونی میں ایم کیو ایم ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ٹنکی گراؤنڈ کے جلسے کیلئے اپنی عزت نفس اور کامران ٹیسوری کی قربانی دی اب کہا جا رہا ہے کنوینر بن جائیں لیکن سربراہ کا لفظ استعمال نہ کریں۔

    ہاتھ کاٹ کر مجھے سربراہ بنانا چاہتے ہیں، خیرات میں کنوینر شپ نہیں چاہیے کیوں کہ کل الیکشن میں کوئی گڑبڑ ہوگئی تو سارا ملبہ میرے سر پر ہوگا۔

    اگر اقتدار کی سیاست پارٹی کے اندر ہو تو میں اس کا حصہ نہیں بننا چاہتا، پارٹی میں کارکن بن کر رہوں گا، انہوں نے اعلان کیا کہ اس بار میں الیکشن نہیں لڑوں گا، اقتدار کی سیاست خالد مقبول اور دیگر ساتھیوں کو مبارک ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پارٹی بچائی تھی اب پارٹی پر قبضہ کیا جارہا ہے، وسیم اخترنو ارب روپے کا حساب مجھے دیں تاکہ میں آگے جواب دوں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ میں کل بھی، آج بھی اور ہمیشہ ایم کیو ایم کے ساتھ رہوں گا، مر بھی جاؤں گا لیکن پارٹی نہیں چھوڑوں گا کیوں کہ میں عوام سے الگ نہیں ہوسکتا اور نہ ہی میں سیاست سے الگ ہو رہا ہوں جب کہ میں آج خود کو کارکن کی حیثیت سے پیش کرتا ہوں۔