Tag: Dr ishrat ul ibad

  • سابق گورنر سندھ عشرت العباد اور آفاق احمد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

    سابق گورنر سندھ عشرت العباد اور آفاق احمد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

    کراچی : سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سیاسی طور پر متحرک ہوگئے، مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد اور سابق گورنر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

    کراچی کے سیاسی منظر نامے میں تیزی کے ساتھ تبدیلی آرہی ہے، آفاق احمد کے ساتھ رابطے میں برسوں پرانے سیاسی حریف عشرت العباد خان نے پرانی رنجشیں، گلے شکوے اور غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلیفونک رابطے میں ملک کی سیاسی صورتحال خصوصاً کراچی کے موجودہ حالات پر گفتگو کی گئی۔

    ڈاکٹرعشرت العباد کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ مہاجروں کی منقسم قیادت کراچی کے لیے ایک جگہ ہوکر آواز بلند کرے، مختلف اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کوشش ہے، زیادتیوں کے ازالے کے لیے یکجا ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔

    اس موقع پر مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما آفاق احمد نے کہا کہ عشرت العباد جو کوششیں کررہے ہیں اس کے لیے دعا گو ہوں، شہر کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کرتا رہوں گا۔

  • سابق گورنرعشرت العباد سے پی ایس پی رہنماؤں کی ملاقات، گلے شکوے دور کیے

    سابق گورنرعشرت العباد سے پی ایس پی رہنماؤں کی ملاقات، گلے شکوے دور کیے

    دبئی : سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے پی ایس پی کے رہنماؤں نے ملاقات کی ہے، دونوں جانب سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    سیاست کے رنگ نرالے ہوتے ہیں، اور اس میں کوئی حرف آخر بھی نہیں ہوتا، قربتوں کے بعد دوریاں اور پھر قربتیں سیاسی میدان میں اچنبھے کی بات نہیں۔

    ایک دوسرے پر تنقید کے تیر چلانے والے ڈاکٹر عشرت العباد اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون دبئی میں سرجوڑ کر بیٹھ گئے۔ آج سے پہلے کون سوچ سکتا تھا کہ ایک دوسرے پر لفظوں کی گولہ باری کرنے والے پھر ملیں گے۔

    سندھ میں طویل ترین مدت تک گورنر شپ کا ریکارڈ قائم کرنے والے ڈاکٹر عشرت العباد کرسی چھوڑ کر کراچی سے چلے گئے لیکن جانے سے پہلے پہلے انہوں نے بھی اُدھار نہ رکھا۔

    ملاقات میں دونوں رہنماؤں سے سندھ کی سیاست پر بات چیت ہوئی۔ الیکشن نتائج پر بات ہوئی اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    ایم کیو ایم کے ہم خیال رہنماؤں سے بھی رابطہ کرنے پر اتفاق ہوا، انیس ایڈووکیٹ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کے ساتھ دیرینہ تعلق ہے، ملاقات کا مقصد آپسی اختلافات دور کرنا تھا۔

    ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات پارٹی قیادت کو اعتماد میں لے کر کی. سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے ملاقات کی تصدیق تو کی لیکن کسی نئی پارٹی یا گروپ کی خبروں کو بے بنیاد بھی قراردیا۔

  • محمد زبیرکی بطور گورنر تقرری خوش آئند ہے، عشرت العباد

    محمد زبیرکی بطور گورنر تقرری خوش آئند ہے، عشرت العباد

    کراچی : سابق گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا ہے کہ محمد زبیر اچھے آدمی ہیں، گورنرسندھ تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، امید ہے کہ وہ کراچی کے تمام مسائل کو حل کریں گے اور شہرمیں امن و امان کی فضا کو قائم کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا کہ محمد زبیر کو گورنرسندھ مقرر کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، محمد زبیراچھے آدمی ہیں میری اکثر ملاقاتیں بھی رہی ہیں۔

    سندھ کے مخصوص حالات میں گورنر کا عہدہ اہم ہے، محمد زبیر پر منحصر ہے کہ وہ گورنر کے عہدے کو کس طرح رکھنا چاہتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ میری سیاسی سرگرمیوں کادوردورتک امکان نہیں، سب سے اچھے رابطے اور دعا سلام ہے، انشااللہ بہت جلد پاکستان بھی آؤں گا۔

    گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے پی ایس پی کے جلسے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہونے والا کل کا جلسہ نہیں دیکھ پایا لیکن جلسہ کرنے والوں کو ابھی محنت کرنے کی شدید ضرورت ہے، بےنام طاقت موجود ہے،اس کے ردعمل کا تعین ہوناہے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع اور پورے صوبے کو ترقی دی جائے۔

  • مصطفیٰ کمال کا ذہنی توازن درست نہیں، ڈاکٹرعشرت العباد

    مصطفیٰ کمال کا ذہنی توازن درست نہیں، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی : گورنر ہاؤس کے ترجمان نے ایک بے سروپا پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے متعلق الزامات کو بے بنیاد ، گمراہ اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ جبکہ گورنرسندھ کا کہنا ہے کہ ان کاذہنی توازن درست نہیں۔ مصطفی کمال استعمال شدہ کارتوس ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے گورنر سندھ پر الزامات کے بعد ترجمان گورنر ہاؤس نے کہا ہے کہ ان الزامات کے برعکس گورنر کا کردار عوام کے سامنے ہے اورہرطبقے سے انہیں بے انتہا عزت اور پزیرائی حاصل ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کے تمام بیانات اور ان کی پریس کانفرنسوں کا جائزہ لیا جائے تو وہ انتہائی ذہنی دباؤ اور تضادات کا شکار نظر آتے ہیں، ان کی بائی پالر شخصیت کے مدنظر اگر انہیں کسی ڈاکٹر سے علاج کی ضرورت ہے تو بہترین ماہر نفسیات تجویز کیا جاسکتا ہے، ایک ان گائیڈڈ میزائل اور استعمال شدہ کارتوس کو اس ہی کیفیت سے دوچار ہونا تھا۔

    ترجمان نے کہا کہ شاید تواتر کے ساتھ ناکامیوں نے انہیں اس ذہنی سطح تک پہنچادیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ہمیشہ میرٹ، شفافیت اور عوام کی فلاح کو یقینی بنایا ہے اور آج بھی قومی و بین الاقوامی سطح پر انہیں پزیرائی حاصل ہے۔

    علاوہ ازیں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مصطفیٰ کمال کے الزامات مسترد کردیئے۔ اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ لگتا ہے مصطفیٰ کمال کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔ وہ ایک استعمال شدہ کارتوس ہیں، ناکامیوں نے ان کی ذہنی سطح کو اس حد تک پہنچادیا۔

    اسی سے متعلق : عشرت العباد کرپٹ ترین گورنر ہیں،مصطفیٰ کمال

     واضح رہے کہ مصطفیٰ کمال نے گورنر سندھ پر الزامات کی بارش کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیطانی قوتوں کو آکسیجن عشرت العباد سے ملتی ہے، لوگ انہیں رشوت العباد بھی کہتے ہیں، بانی ایم کیوایم کو اس نہج پرپہنچانے والے بھی گورنرسندھ ہی ہیں۔

     

  • پاک چین اقتصادی راہداری ہر حال میں مکمل کی جائے گی، گورنرسندھ

    پاک چین اقتصادی راہداری ہر حال میں مکمل کی جائے گی، گورنرسندھ

    کراچی : گورنر سندھ  ڈاکٹرعشرت العبادخان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے جسے ہر حال میں مکمل کیا جائے گا تاکہ نئی صنعتوں کے قیام کے ساتھ ملک بھر میں نئی ملازمتوں کو بھی یقینی بنایا جاسکے.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں چین کے نئے قونصل جنرل وانگ یو سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ۔

    انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی اس اقتصادی راہداری کی بروقت تکمیل چاہتا ہے غیر ملکی عناصر اس کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک سے منسلک اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والے چینی شہریوں کے تحفظ کے لئے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ تشکیل دیا گیا ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی خدمات جاری رکھ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اور پولیس حکام کو اس ضمن میں خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کے تحفظ کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔

    انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کا نہایت قابل اعتماد دوست ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں بھرپور انداز میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستانی عوام اسے نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور بحرالکاہل سے گہری ہے جسے سی پیک مزید مستحکم ، مضبوط اور دیرپا بنانے میں مدد دے گی۔

    چین کے قونصل جنرل وانگ یو نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے باعث کئی چینی کمپنیاں پاکستان آرہی ہیں اور اس کی تکمیل کے قریب قریب مزید چینی کمپنیاں اپنی کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ بڑھائیں گی۔ انہوں نے صوبہ میں چینی انجینئرز کے لئے خصوصی انتظامات پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

     

  • کراچی کی ترقی کیلئے بلدیاتی نمائندوں سے تعاون کریں گے، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی کی ترقی کیلئے بلدیاتی نمائندوں سے تعاون کریں گے، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی و استحکام کا دارو مدار پائیدار امن میں ہے۔ شہر کے مسائل کے حل اور امن کے لیے بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں شہر قائد میں صاف پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی سمیت دیگر مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


    Governor urges unity to resolve issues facing… by arynews

    کانفرنس میں ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز ، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت غیر ملکی مندوبین نے بھی شرکت کی۔

    کانفرنس میں کراچی کے مسائل پر جامع دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے واضح کر دیا کہ کراچی کی روشنیوں کا استحکام صرف پائیدار امن میں ہی ممکن ہے۔ کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

    ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے ذریعے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ مئیر کراچی وسیم اختر حراست میں ہیں لیکن ان کا بھرپور تعاون بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ہے۔

    کانفرنس کے اختتام پر گورنر سندھ اور ڈپٹی مئیر کی ملاقات بھی ہوئی جس میں بلدیاتی مسائل سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

     

  • کراچی آپریشن جاری رہے گا، ڈاکٹرعشرت العباد خان

    کراچی آپریشن جاری رہے گا، ڈاکٹرعشرت العباد خان

    کراچی : گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن جاری رہے گا، مجرم صرف مجرم ہوتا ہے وہ کسی سیاسی یا گروہی جماعت کا شیلٹر حاصل کرے گا تو قانون اس کے پیچھے بھی جائے گا۔

    Governor2

    وہ جامعہ کراچی میں سینٹر فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اویس شاہ کی بازیابی پر قانون نا فذ کرنے والے ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

    Governor3

    انہوں نے کہا کہ فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر کے قیام سے جرائم کے ثبوتوں کی سائنسی انداز میں دستیابی ہو سکے گی ،ثبوتوں کی عدم دستیابی کے باعث مجرمان کی رہائی کے واقعات کو کم کیا جاسکے گا۔

    Governor4

    انہوں نے کہا کہ انصاف تک رسائی ہر شخص کا بنیادی حق ہے، سینٹر کے قیام سے انہیں اس حق کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

    سینٹر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو جدید تربیت کی فراہمی میں بھی مدد دے گا ، گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ سینٹر کے ذریعہ عدلیہ کو بھی فیصلے میں آسانی ہو گی۔

    Governor5

    ڈیجیٹل ثبوتوں کی فراہمی کے لئے بھی سینٹر کا کردار نہایت اہم ہو گا، سینٹر کی ترقی اسے ایک ڈیجیٹل فارنسک سائنس کا جدید ترین مرکز بنانے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

    سینٹر کے لئے اعلیٰ تربیت ماہرین کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں ڈیجیٹل فارنسک ماہرین بھی شامل ہیں ۔ گورنر سندھ نے کہاکہ سینٹر جامعہ کراچی کی درخشندہ روایت کا امین ہو گا۔

    سینٹر کے قیام پر جامعہ کراچی کے شیخ الجامعہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جامعہ کراچی شہر قائد کی پہچان ہے۔

     

  • پولیو کے خاتمہ کیلئے اقدامات اجتماعی ذمہ داری ہے، ڈاکٹرعشرت العباد

    پولیو کے خاتمہ کیلئے اقدامات اجتماعی ذمہ داری ہے، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی : گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمہ کے لئے اقدامات کرنا پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کیونکہ پولیو کیسز سامنے آنے کی وجہ سے پاکستان پر سفری پابندی کا خطرہ بدستورموجود ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے روٹری انٹر نیشنل کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ وفد کی سربراہی انٹر نیشنل پولیو پلس کمیٹی چیئر مائیکل کے میک گورن کررہے تھے جبکہ دیگر اراکین میں پاکستان پولیو کمیٹی نیشنل چیئر عزیز میمن، کیرول پینڈک،جوڈتھ ڈائمنٹ، سلیم راؤ ، اویس کو ہاری اور عرفان قریشی شامل تھے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو اس بات کی آگاہی دینے کی ضرورت ہے کہ پولیو ویکسین کے باعث ہمارے بچے عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین کے بارے میں بعض افراد کی جانب سے پھیلائی جانے والی باتیں بالکل بے بنیاد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تمام والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے یا ویکسین لگوانے پر راضی نہیں ہوتے پولیو وائرس کا خاتمہ مشکل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے نمایاں اقدامات کررہی ہیں اس میں عالمی ادارہ صحت اور روٹری کلب انٹرنیشنل نے بھی نمایاں کردار اداکیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً روٹری کلب اور پولیو پلس کمیٹی نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے مسلسل کوششیں کی ہیں جوکہ نہایت قابل تحسین ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس سال 6 ماہ کے دوران صوبہ میں پولیو کے 4 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ پورے پاکستان میں 2016 ء میں پولیو کیسزکی تعداد 12 ہے جبکہ 2015ء میں یہ تعداد بالترتیب 4 اور 28 تھی۔

    گورنر سندھ نے صوبہ میں روٹین ایمونائزیشن کی شرح میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ پولیو اور دیگر امراض پر قابو پاکر بچوں میں شرح اموات کو کم سے کم کیا جاسکے۔

     

  • ڈاؤ یونیورسٹی میں جگرکی پیوند کاری کا آغاز خوش آئند ہے، ڈاکٹرعشرت العباد

    ڈاؤ یونیورسٹی میں جگرکی پیوند کاری کا آغاز خوش آئند ہے، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ڈاؤ یونیورسٹی میں جگر کی پیوند کاری کے آغاز سے جگر کے عارضہ میں مبتلا مریضوں میں امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے کیونکہ اب انہیں اس کے علاج کے لئے ملک سے باہر نہیں جانا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جگر کی پیوند کاری کئے جانے والے مریضوں اور جگر کا عطیہ کرنے والے افراد کے ہمراہ ڈا ؤیونیورسٹی اوجھاکیمپس میں ایک پریس بریفنگ کے موقع پر کیا۔

    انہوں نے کہا کہ جگر کی پیوند کاری کے لئے جدید ترین طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ سرجنز کو امریکہ اور ترکی سے تربیت دلوائی گئی ہے تاکہ کامیاب پیوند کاری اور مریض کی مکمل صحت یابی کو بھی جلد از جلد یقینی بنایا جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جگر کی پیوند کاری کے اخراجات کے مقابلہ میں ڈا ؤیونیورسٹی میں انہیں کم سے کم رکھنے کی کوشش کی گئی ہے پھر بھی جو مریض اس آپریشن کے اخراجات یک مشت ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے ہوں گے انہیں قسطوں میں ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی جائیگی۔

    انہوں نے بتایا کہ ڈاؤ یونیورسٹی میں جلد ہی گردوں کی پیوند کاری کا بھی آغاز کیا جائے گا جس کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ھیں۔اس سہولت کی فراہمی سے گردوں کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کا بروقت علاج معالجہ ممکن ھو سکے گا۔

    اس موقع پر پروفیسر معسود حمید نے کہا کہ گورنر سندھ کی جانب سے جگر کی پیوند کاری کے پہلے 10 آپریشن کے اخراجات برداشت کرنے پر وہ ان کے شکر گذار ہیں۔

     

  • کراچی آپریشن سے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی آپریشن سے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی میں جنگل کا قانون تھا، کراچی آپریشن سے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔ جبکہ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ملک میں میرا سلطان ڈرامہ بند ہونا چاہئیے، کراچی آپریشن پر نہ وزیر اعلی کی مانیٹرنگ کمیٹی بنی نہ ہی شکایتی ازالہ کمیٹی نے کام کرنا شروع کیا۔

    ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں آزادی اظہار رائے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ ناراضگیاں اور غلط فہمیاں ہوتی ہیں لیکن جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن بلا تفریق کیا جارہا ہے۔

    کراچی مستحکم ہوگا تو پاکستان مستحکم ہوگا۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس آنے کے بعد را کے ایجنٹ کو سب بھول گئے۔

    میڈیا کے مارننگ شوز دیکھو تو معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان میں سب اچھا ہے اور ٹاک شوز سے یہ تاثر ملتا ہے کہ آج پاکستان کا وجود ختم ہوجائے گا۔

    تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ میں میرا سلطان ڈرامے کے کردار خزینہ سلطان اور پنجاب میں سنبل آغا کی حکومت قائم ہے،نیشنل ایکشن پلان پر کوئی مانیٹرنگ کمیٹی نہیں بنائی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ آفتاب احمد کی ہلاکت جمہوری دور کے منہ پر طمانچہ ہے،ہر کسی کو بری خبر کی تلاش ہے، میں روز روز آفتاب احمد کہاں سے لاؤں۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ایک سو پنسٹھ کارکنان لاپتہ جبکہ ستاون کو ماورائے عدالت قتل کیا جاچکا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ صوبہ سندھ میں گزشتہ آٹھ سال سے مردم شماری نہیں کروائی گئی،، اگر صیح مردم شماری ہوجائے تو شہری سندھ سے وزیر اعلیٰ منتخب ہوجائے گا۔