Tag: Dr. Shabbir

  • جناح اسپتال مریض کا زبردستی آپریشن، مقدمے کے بعد ڈاکٹر شبیر معطل

    جناح اسپتال مریض کا زبردستی آپریشن، مقدمے کے بعد ڈاکٹر شبیر معطل

    لاہور (09 اگست 2025): جناح اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں زبردستی داخل ہونے اور مریض کا زبردستی آپریشن کرنے پر ڈاکٹر شبیر چوہدری کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد محکمہ صحت نے انھیں معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور کے ڈاکٹر شبیر چوہدری کے خلاف دو روز قبل مریض کا زبردستی آپریشن کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد اب محکمہ صحت پنجاب نے متحرک ہوتے ہوئے ڈاکٹر شبیر کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کر دیا ہے۔

    ڈاکٹر شبیر کو محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ادھر پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شبیر محکمہ صحت کو رپورٹ کیے بغیر جناح اسپتال میں زبردستی داخل ہوئے تھے، ان پر اسپتال سے 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کا سامان غائب کرنے کا بھی الزام ہے۔


    جناح اسپتال لاہور کے آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز غائب


    واضح رہے کہ جناح اسپتال لاہور میں آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز اور فرنیچر اچانک غائب ہونے پر محکمہ صحت نے نوٹس لیا تھا، اور تین رکنی کمیٹی نے تحقیقات کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو حیران کن رپورٹ فراہم کی۔

    بتایا گیا کہ اسپتال سے غائب اشیا میں او ٹی ٹیبلز، بیڈز، اے سی، وہیل چیئرز اور فرنیچر شامل ہیں، جن کی مالیت 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد ہے، یعنی قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ اس رپورٹ کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ڈاکٹر شبیر حسین کو سامان غائب ہونے پر شوکاز نوٹس جاری کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ 7 روز میں وضاحت نہ دی گئی تو ان کے خلاف یک طرفہ کارروائی ہوگی۔