Tag: drap

  • خبردار: ڈریپ نے اس اینٹی بائیوٹک کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا

    خبردار: ڈریپ نے اس اینٹی بائیوٹک کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا

    اسلام آباد: ڈریپ نے بیکٹیریل انفیکشن کے علاج کی دوا ’ایس این زور‘ (SN Zor) کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا۔

    ڈریپ کی جانب سے جاری پراڈکٹ ریکال الرٹ میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل ڈرگ لیب نے ایس این زور (200 ایم جی) کا بیچ 0342 غیر معیاری قرار دیا ہے۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ ایس این زور سسپنشن بیکٹیریل انفیکشن کے علاج کی دوا ہے، جو اینٹی بائیوٹک ایزتھرومائیسن (azithromycin) سے تیارکردہ سسپنشن ہے، اس کا سیمپل ٹیسٹ کے معیار پر پورا نہیں اترا۔

    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر معیاری سسپنشن کے استعمال سے مریض کی حالت بگڑ سکتی ہے، اور علاج متاثر ہو سکتا ہے، یہ ایس این بی فارما پشاور کا تیار کردہ سسپشن ہے، اور اس کے متاثرہ بیچ کی سپلائی پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    معدہ کی تیزابیت کے علاج کی یہ دوا ہرگز نہ خریدیں!

    ڈریپ نے کمپنی کو سسپنشن کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سے اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے کیمسٹس کو متاثرہ بیچ سیل نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • اس انفیوژن ڈرپ کا استعمال نہ کریں، ڈریپ نے غیر معیاری قرار دے دیا

    اس انفیوژن ڈرپ کا استعمال نہ کریں، ڈریپ نے غیر معیاری قرار دے دیا

    اسلام آباد: بیکٹیریل انفیکشن کی ایک غیر معیاری دوا کی مارکیٹ میں دستیابی کا انکشاف ہوا ہے، ڈریپ نے ’انسپ انفیوژن‘ ڈرپ کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے انسپ انفیوژن (Incip infusion) کا پراڈکٹ ریکال الرٹ جاری کر دیا ہے، سینٹرل ڈرگ لیب کراچی نے انسپ انفیوژن کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دیا ہے۔

    ٹیسٹ میں انسپ انفیوژن کے متاثرہ بیچ کی ڈرپس میں غیر ضروری ذرات پائے گئے، انسپ 200 ایم جی انفیوژن بیکٹیریل انفیکشن کے علاج کے لیے استعمال ہوتا ہے، یہ انونٹر فارما کراچی کا تیار کردہ ہے، ڈریپ کا کہنا ہے کہ غیر معیاری اینٹی بائیوٹک کا استعمال شدید ری ایکشن کر سکتا ہے، اور جان لیوا بھی ہو سکتا ہے، اس سے مریض کو سیپسز ہو سکتا ہے، اور انفیکشن شدت بھی اختیار کر سکتا ہے۔

    ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ غیر معیاری اینٹی بائیوٹک کے استعمال سے انفیکشن شدید ہونے پر مریض کے جسمانی اعضا اور ٹشوز متاثر ہوتے ہیں، سیپسز ہونے پر مریض کے اہم اعضا ناکارہ ہو سکتے ہیں، اس لیے ڈریپ نے کمپنی کو انسپ انفیوژن کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سپلائی سے روک دیا ہے، اور کمپنی کو اس کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔

    ڈریپ نے کہا ہے کہ کیمسٹ انسپ انفیوژن کے متاثرہ بیچ کی سیل روکنے کے لیے اسٹاک چیک کریں، اور کیمسٹ، فارمیسی انسپ انفیوژن کا متاثرہ بیچ کمپنی کو واپس کریں، اور ڈاکٹرز مریضوں کو انسپ انفیوژن کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کرائیں۔

  • بخار اور درد کی غیرمعیاری دوا کی فروخت کا انکشاف

    بخار اور درد کی غیرمعیاری دوا کی فروخت کا انکشاف

    اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے بخار اور جسمانی درد کے علاج کی دوا کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے سینٹرل ڈرگس لیبارٹری کراچی کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے درد اور بخار میں استعمال کی جانے والی دوا سیٹا فنڈانفیوژن کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا جس کا بیچ نمبر بیچ 23 آر سی 55 ہے۔

    ڈریپ نے متعلقہ کمپنی کو فوری طور پر غیرمعیاری دوا مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کردی، مزید براں ڈریپ نے ملک میں فروخت ہونے والی غیر معیاری ادویات کے خلاف کارروائی مزید تیز کردی۔

    ڈریپ

    سینٹرل ڈرگ لیب کراچی نے سیٹافنڈانفیوژن کاایک بیچ غیرمعیاری قرار دیا، ڈریپ کی جانب سے سیٹا فنڈانفیوژن ڈرپ ری کال الرٹ کا اجراء معلومات عامہ کیلئے کیا گیا ہے، اس دوا کا بیچ 23 آر سی 55غیر معیاری قرار پایا۔

    الرٹ کے مطابق سیٹافنڈ انفیوژن کی ڈرپس میں غیر متعلقہ ذرات پائے گئے ہیں، سیٹافنڈ انفیوژن پیرا سیٹامول سے تیارکردہ بخار، جسمانی درد کی دوا ہے۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ غیرمعیاری سیٹافنڈ انفیوژن کا استعمال ری ایکشن کرسکتا ہے اور اس سے خون میں کلاٹس بن سکتے ہیں، مذکورہ دوا فرینڈز فارما سیوٹیکل لاہور کی تیارکردہ ہے۔

    ڈریپ نے کمپنی کو سیٹافنڈ کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سپلائی نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی مارکیٹ اسٹاک سے متاثرہ بیچ واپس اٹھالے، فارمیسیز سیٹافنڈ کے متاثرہ بیچ کی سیل روکنے کیلئے اسٹاکس کو چیک کریں۔

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے مزید کہا کہ کیمسٹ سیٹافنڈ انفیوژن کا متاثرہ بیچ کمپنی کو فوری طور پر واپس بھجوائیں، ڈاکٹرز بھی مریضوں کو یہ دوا استعمال نہ کرائیں۔

  • ممنوع سرنجز کی فروخت پر ڈریپ نے اہم قدم اٹھا لیا

    ممنوع سرنجز کی فروخت پر ڈریپ نے اہم قدم اٹھا لیا

    اسلام آباد: ڈریپ نے ممنوعہ روایتی سرنجوں کی تیاری اور فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے مارکیٹ سروے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے ممنوع روایتی سرنجوں کی فروخت کا نوٹس لے لیا، انھوں نے متعلقہ حکام کو ممنوعہ روایتی سرنجوں کے خلاف ملک گیر کارروائیوں کی ہدایت کر دی ہے۔

    روایتی ممنوعہ سرنجوں کے خلاف ایکشن کے لیے صوبائی ڈریپ دفاتر کو مراسلہ بھی ارسال کیا گیا ہے، ترجمان ڈریپ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایت پر ممنوعہ سرنجوں سے متعلق ایک مارکیٹ سروے شروع ہو رہا ہے۔

    ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ ڈریپ نے فیلڈ دفاتر، صوبائی محکمہ صحت کو ہدایات جاری کر دی ہیں، روایتی سرنجوں کا بار بار استعمال کیا جا سکتا ہے، جو ہیپاٹائٹس، ایڈز جیسی متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتی ہی، ممنوعہ مصنوعات کی تیاری اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جعلی و غیر قانونی ادویات کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے، جس کے تحت نیشنل ٹاسک فورس ملک بھر میں چھاپے مارے گی۔

  • حکومت کا جعلی، اسمگل شدہ، غیر قانونی ادویات کے خلاف ملک گیر آپریشن کا فیصلہ

    حکومت کا جعلی، اسمگل شدہ، غیر قانونی ادویات کے خلاف ملک گیر آپریشن کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزارت صحت نے جعلی، غیر قانونی، اور اسمگلڈ ادویات کے خلاف ملک گیر کریک ڈاون کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر سے جعلی، اسمگلڈ اور غیر قانونی ادویات سے متعلق شکایات ملنے پر نگراں حکومت نے غیر قانونی ادویات کے خلاف ملک گیر آپریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عاصم رؤف کی ہدایت پر ڈریپ کے صوبائی دفاتر اور صوبائی چیف ڈرگ انسپکٹرز کو مراسلے ارسال کر دیے گئے ہیں، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ جعلی اور اسمگلڈ ادویات کی ترسیل، اسٹوریج، ڈسٹری بیوشن اور فروخت فوری روکی جائے۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ملک بھر میں سرویلنس جاری ہے، غیر قانونی ادویات کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں، صوبائی ٹیموں کو میڈیس مارکیٹ میں سرویلنس بڑھانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    خبردار: کومیسیٹن آئی ڈراپس نہ خریدیں، ڈریپ کا الرٹ جاری

    ڈریپ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ملک بھر میں فارمیسی اور میڈیکل اسٹورز کی نگرانی کی جائے، اور آپریشن کے لیے وفاق اور صوبائی میڈیسن انسپکٹوریٹ میں تعاون بڑھایا جائے گا، اور قانون شکن عناصر کے خلاف ڈریپ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔

  • ڈریپ نے امراض چشم میں ایواسٹین انجیکشن کا استعمال غیر قانونی قرار دے دیا

    ڈریپ نے امراض چشم میں ایواسٹین انجیکشن کا استعمال غیر قانونی قرار دے دیا

    اسلام آباد: ڈریپ نے امراض چشم میں ایواسٹین انجیکشن کا استعمال غیر قانونی قرار دے دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ آنتوں کے کینسر میں استعمال کے لیے منظور شدہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آنکھوں کے امراض میں استعمال ہونے والے انجیکشن ایواسٹین (Avastin) سے پنجاب بھر میں بینائی متاثر ہونے کے کیسز سامنے آنے کے بعد ڈریپ نے اس انجیکشن کا استعمال غیر قانونی قرار دے دیا۔

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے شہریوں، ڈاکٹرز اور کیمسٹس کے لیے ایواسٹین انجیکشن کا پراڈکٹ ری کال الرٹ جاری کر دیا، اور کہا ہے کہ ڈاکٹرز امراض چشم میں ایواسٹین انجیکشن استعمال کرنے سے گریز کریں، ایواسٹین کے استعمال سے بینائی زائل ہونے کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ڈریپ نے اپنے ری کال الرٹ میں انجیکشن سے متعلق تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ روش فارما جرمنی سے ایواسٹین انجیکشن کی رجسٹرڈ امپورٹر ہے، یہ انجیکشن ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے رجسٹرڈ ہے، ڈریپ رجسٹریشن نمبر 043004 ہے، روش فارما کا ایواسٹین انجیکشن 100 ایم جی، 4 ایم ایل کا ہے۔

    ڈریپ الرٹ کے مطابق ایواسٹین انجیکشن بڑی آنت کے کینسر کے علاج کی دوا ہے، اور یہ بڑی آنت کے کینسر ہی میں استعمال کے لیے منظور شدہ ہے، اس انجیکشن کو بڑی آنت کی شریانوں کی بندش کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، اور ایواسٹین انجیکشن کا امراض چشم میں استعمال غیر قانونی ہے۔

    ڈریپ الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جینئس ایڈوانسڈ فارما ایواسٹین کی غیر قانونی ری پیکنگ اور سیل کر رہی تھی، جو کہ غیر قانونی ہے، نیز جینئس فارما مضر صحت اور آلودہ ماحول میں ایواسٹین کی ری پیکنگ کر رہی تھی، جس سے ادویات کی پیکنگ کا معیار متاثر ہوتا ہے اور سخت نقصان دہ ہے، ایسے ماحول میں تیار شدہ دوا بینائی متاثر یا مکمل زائل کر سکتی ہے، جینئس ایڈوانسڈ فارما ڈرگ سیل لائسنس ہولڈر بھی نہیں ہے۔

    الرٹ کے مطابق ایواسٹین کا امراض چشم والے شوگر کے مریضوں کو استعمال جاری تھا، اور اسے آنکھوں کی رگوں کی غیر معمولی بندش کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، جس سے ریٹینا پر آنے والی شریانوں کو بند کیا جاتا تھا۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ جینئس ایڈوانسڈ فارما کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، رجسٹرڈ ایواسٹین کی ڈسٹریبوشن اور سیل پر پابندی عائد کی گئی ہے، ایواسٹین انجیکشن کے امپورٹر روش فارما کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں، یہ پابندی صحت عامہ کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے لگائی گئی ہے۔

    ڈریپ کے مطابق امپورٹر کو مارکیٹ سے ایواسٹین کا اسٹاک واپس اٹھانے، فارمیسی، کیمسٹ کو ایواسٹین کی سیل روکنے، فارمیسی اور کیمسٹ کو ایواسٹین کا اسٹاک واپس بھجوانے کی ہدایات جاری کی گئی ہے، جب کہ رجسٹرڈ ایواسٹین انجیکشن کا سیمپل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھجوایا گیا ہے، جہاں اس کی سیفٹی اور کوالٹی کی جانچ جاری ہے، اس کے ساتھ ساتھ ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسی، اور اسپتالوں میں سرویلنس بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے، اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ ایواسٹین انجیکشن کے مضر اثرات سے متعلق ڈریپ کو رپورٹ کریں۔

  • اعصابی مرض کی دوا استعمال کرنے والے ہوشیار، جعلی دوا مارکیٹ میں

    اعصابی مرض کی دوا استعمال کرنے والے ہوشیار، جعلی دوا مارکیٹ میں

    اسلام آباد: ملک میں استعمال کی جانے والی اعصابی مرض کی جعلی دوا کی کھلے عام فروخت کا انکشاف ہوا ہے، اعصابی مرض کی گولی فینو بار 30 ایم جی کو جعلی قرار دے دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے اعصابی مرض کی دوا فینو بار گولی کے حوالے سے ریپڈ الرٹ جاری کر دیا، مارکیٹ میں دستیاب فینو بار 30 ایم جی گولی کے 3 بیچز جعلی قرار دیے گئے ہیں۔

    ڈریپ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ فینو بار ٹیبلٹ کے 3 بیچ کیو اے 16، 19 اور 25 جعلی ہیں۔ فینو بار ٹیبلٹ 30 ایم جی اسٹار لیبارٹریز لاہور کی تیار کردہ ہے۔

    ڈریپ کے مطابق صوبائی ڈرگ انسپکٹرز نے مارکیٹس سے فینو بار گولی کے سیمپلز حاصل کیے، ڈرگ انسپکٹرز نے کمپنی سے فینو بار کے دستیاب بیچز کے بارے میں انکوائری کی تاہم کمپنی نے مارکیٹ میں دستیاب مذکورہ بیچز سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ جعلی دوا میں سائیکو ٹراپک، نارکوٹک اور زہریلے اجزا شامل ہو سکتے ہیں، جعلی اجزا سے تیار کردہ دوا انسانوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ غیر قانونی طور پر غیر معیاری ماحول میں تیار دوا انتہائی خطرناک ہے، جعلی دوا کے استعمال سے علاج بھی شدید متاثر ہوتا ہے۔

    ڈریپ کے مطابق فینو بار کے بارے میں ریپڈ الرٹ کا اجرا فیلڈ فورس، شہریوں اور ڈاکٹرز کے لیے کیا گیا ہے۔

    ڈریپ نے احکامات جاری کیے ہیں کہ فیلڈ فورس مارکیٹ میں دستیاب فینو بار دوا کے جعلی بیچز ضبط کریں۔ کیمسٹ فینو بار کے جعلی بیچز کی فروخت روکنے کے لیے اسٹاک چیک کریں، ڈریپ کی صوبائی ٹیمیں میڈیسن مارکیٹ میں سرویلنس بڑھائیں اور ڈاکٹرز مریضوں کو فینوبار دوا کے جعلی بیچز استعمال نہ کروائیں۔

  • ادویات کی قمیتوں میں اضافے کا نیا حکم نامہ جاری

    ادویات کی قمیتوں میں اضافے کا نیا حکم نامہ جاری

    اسلام آباد : حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں20فیصد اضافے کی اجازت دے دی۔ ڈریپ نے جان بچانے والی دواؤں کی قیمتوں میں چودہ سے بیس فیصد اضافے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا۔

    قیمتوں میں اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ کی کمیٹی نے چودہ اپریل کو دے دی تھی، ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اضافے کا سبب بنیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 14 فیصد اضافہ کیا جاسکتا ہے جب کہ دیگر تمام ادویات کی قیمتوں میں 20 فیصد اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈریپ کا پالیسی بورڈ قیمتوں کے تعین کا تین مہینے کے بعد دوبارہ جائزہ لے گا۔ اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں کمی کی صورت میں ادویات کی قیمتوں میں کمی بھی کی جا سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ قیمتوں میں اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ کی اکنامک ایڈوائزری کمیٹی نے دی تھی۔

  • ڈریپ نے کارڈیک اسٹنٹس کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں

    ڈریپ نے کارڈیک اسٹنٹس کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں

    اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے کارڈیک اسٹنٹس کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈریپ نے پاکستان میں 4 غیر ملکی کارڈیک اسٹنٹس کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، یہ اسٹنٹس امریکی، جاپانی، اٹلی اور ترک ساختہ ہیں۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ ان 4 غیر ملکی ساختہ کارڈیک اسٹنٹس کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کی گئی ہے، ای سی سی نے گزشتہ روز وزارت صحت کی سفارش پر ان اسٹنٹس کی ایم آر پی مقرر کی تھی۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق امریکی کارڈیک اسٹنٹ پرومس پریمیئر کی قیمت 58 ہزار 765 روپے مقرر کی گئی ہے، جب کہ امریکی کارڈیک اسٹنٹ ڈیسائنی ایکس ٹو کی قیمت 72 ہزار 450 روپے مقرر کی گئی ہے۔

    جاپانی کارڈیک اسٹنٹ الٹی ماسٹر کی قیمت 65 ہزار 507 روپے، اور اٹلی اور ترکش کارڈیک اسٹنٹ کری8 کی قیمت 53 ہزار 130 روپے مقرر کی گئی ہے۔

  • تین ماہ بعد پیراسیٹامول کی قیمت میں پھر اضافہ، نئی قیمت مقرر

    تین ماہ بعد پیراسیٹامول کی قیمت میں پھر اضافہ، نئی قیمت مقرر

    اسلام آباد: تین ماہ بعد پیراسیٹامول کی قیمت میں پھر اضافہ کر دیا گیا، ڈریپ نے نئی قیمت مقرر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے پیراسیٹامول گولیوں کی نئی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کر دی، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پیراسیٹامول 500 ایم جی گولی کی نئی قیمت 2.67 روپے مقرر کی گئی ہے، پرانی قیمت 2.35 روپے تھی، ڈبے کی نئی قیمت 534 روپے ہوگی۔

    پیراسیٹامول ایکسٹرا 500 ملی گرام گولی کی نئی قیمت 3.32 روپے مقرر کی گئی ہے، جب کہ پرانی قیمت 2.75 روپے تھی، ڈبے کی نئی قیمت 332 روپے ہوگی۔

    پیراسیٹامول گولی کی قیمت میں اضافے کی منظوری

    یاد رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے رواں ماہ پیراسیٹامول قیمت بڑھانے کی سمری منظور کی تھی۔

    پیراسیٹامول گولی کی قیمت میں آخری بار اضافہ 3 ماہ پہلے کیا گیا تھا، حکومت نے کمپنیوں کے مطالبے پر پیراسیٹامول کی قیمت میں اضافہ کیا تھا۔