Tag: dressing room

  • قومی ٹیم کے ہیڈکوچ، کپتان نے ارشد ندیم کو ڈریسنگ روم مدعو کرلیا

    قومی ٹیم کے ہیڈکوچ، کپتان نے ارشد ندیم کو ڈریسنگ روم مدعو کرلیا

    قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے ارشد ندیم کو ڈریسنگ روم میں مدعو کرلیا۔

    قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پوڈ کاسٹ پر گفتگو کے دوران جیولین تھرو اسپیشلسٹ ارشد ندیم کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور انہیں قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم کے دورے کی دعوت دی۔

    ہیڈکوچ جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ قومی ہیرو ارشد ندیم کو ڈریسنگ روم میں مدعو کرنا پسند کریں گے، میں نے اولمپکس کے دوران تمام کھلاڑیوں کو ان کی حوصلہ افزائی کرتے دیکھا۔ان کا دورہ کرنا اور ٹیم کے ساتھ اپنا گولڈ میڈل شیئر کرنا شاندار لمحہ ہوگا۔

    قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا اس موقع پر کہنا تھا کہ فخر پاکستان ارشد ندیم کی کامیابی پاکستان میں ٹیلنٹ کو ظاہر کرتی ہے، ارشد ندیم نے ہم سب کو جذباتی کر دیا ہے، وہ اس تمام پہچان کے مستحق ہیں جو انہیں مل رہی ہے وہ ہمارے قومی ہیرو ہیں۔

    نیرج چوپڑا اور شوٹر منو بھاکر کی شادی ہورہی ہے؟

    واضح رہے کہ جیولین تھرو اسپیشلسٹ ارشد ندیم کا وطن واپسی پر پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ وزیراعظم سمیت اعلیٰ شخصیات نے اولمپئین کو مبارکباد اور انعامی رقم پیش کی۔

  • میچ کا آخری اوور : شاہینوں کا ڈریسنگ روم میں جوش و خروش قابل دید، ویڈیو وائرل

    میچ کا آخری اوور : شاہینوں کا ڈریسنگ روم میں جوش و خروش قابل دید، ویڈیو وائرل

    دبئی : قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے گزشتہ روز ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ ڈریسنگ روم سے بیٹھ کر دیکھا، ان کا جوش و خروش قابل دید تھا۔

    دبئی کے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے آخری اوور میں انتہائی سنسی خیز لمحات بھی آئے ایسے میں ڈریسنگ روم میں بیٹھے پاکستانی کھلاڑی ہر بول پر اپنے تاثرات کا کھل کر اظہار کررہے تھے۔

    اس موقع پر بابر اعظم، شاداب خان، نسیم شاہ، محمد رضوان اور دیگر کھلاڑی ایک ایک بال جذباتی انداز میں چیختے اور شور مچاتے، لیکن میچ کی وننگ شاٹ لگنے کے بعد ان کی خوشی قابل دید تھی۔

    کھلاڑی ایک دوسرے سے دیوانہ وار گلے مل کر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے، مبارکباد دینے والوں میں ثقلین مشتاق، محمد یوسف اور دیگر بھی موجود تھے۔

    خیال رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دی، گرین شرٹس نے ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کا بھارت کے خلاف اپنا سب سے بڑا ہدف ایک سو بیاسی رنز آخری اوور میں پورا کیا۔

    محمد رضوان نے اکہتررنز کی شانداراننگز کھیلی، آل راؤنڈر محمد نواز نےبیس گیندوں پر بیالیس رنز بنائے جبکہ نواز نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے سوریا کمار یادیوکی وکٹ بھی حاصل کی اور آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

  • پاکستانی کھلاڑی نمیبین ٹیم کا حوصلہ بڑھانے ان کے ڈریسنگ روم پہنچ گئے

    پاکستانی کھلاڑی نمیبین ٹیم کا حوصلہ بڑھانے ان کے ڈریسنگ روم پہنچ گئے

    گزشتہ روز آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی، تاہم نمیبیا کی کارکردگی بھی متاثر کن رہی جس پر ان کی حوصلہ افزائی کرنے پاکستانی کرکٹ ٹیم نمیبین کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم پہنچ گئی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فتح کی خوشی منانے کے بعد پاکستانی شاہینوں نے نمیبیا کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم کا رخ کیا۔

    پوری ٹیم نمیبین ٹیم کے ڈریسنگ روم پہنچی اور دل شکستہ بیٹھے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی ہمت بندھائی۔

    نمیبیا کی کرکٹ ٹیم نے اب تک گروپ کی دیگر ٹیموں بشمول بھارت کی نسبت بہتر کارکردگی دکھائی جس پر پاکستانی کھلاڑیوں نے انہیں سراہا اور مبارک باد دی۔

    اس دوران محمد حفیظ نمیبیا کے کھلاڑی کو خاص ٹپس بھی دیتے نظر آئے جبکہ کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر بھی بنائی۔

    پاکستانی ٹیم کے اس اقدام کو نمیبیا کرکٹ بورڈ نے بھی سراہا اور اسے حقیقی اسپورٹس مین شپ قرار دیا۔ نمیبیا کی جانب سے کہا گیا کہ ورلڈ کپ کی بہترین ٹیم کے مدمقابل آنا ان کے لیے ایک اعزاز تھا۔

    سوشل میڈیا صارفین نے بھی پاکستانی ٹیم کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اس بار ٹورنامنٹ میں میچ تو جیت ہی رہی ہے، ساتھ ہی مسلسل دل بھی جیت رہی ہے۔

    یاد رہے گزشتہ روز نمیبیا کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیا گیا 190 رنز ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا سکی۔

    گزشتہ روز کے میچ میں فتح کے بعد پاکستان آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

    پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اپنے چاروں میچ جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ نمیبیا ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

  • بابراعظم کی ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں سے گفتگو، ویڈیو وائرل

    بابراعظم کی ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں سے گفتگو، ویڈیو وائرل

    دبئی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینے کے بعد کھلاڑیوں سے آگے کی جانب بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    بھارت کے خلاف ہائی ولٹیج میچ جیتنے کے بعد عالمی ایونٹ کے مزید میچوں میں کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرتے ہوئے قومی کپتان کا کہنا تھا کہ بھارت سے فتح ہماری پوری ٹیم کی کوششوں کا نتیجہ ہے جس کے بعد زیادہ جذباتی نہ ہوں انجوائے کریں لیکن خود پر قابو رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی ورلڈ کپ شروع ہوا ہے ہم نے اور بھی میچز کھیلنے ہیں اس لیے اپنی اسپرٹ اور صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے استعمال کرنا ہوگا ہمارا فوکس ایک ہے اور وہ ہے ورلڈ کپ جیتنا۔

    بابر اعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ میچوں میں جس کے پاس بالنگ ہو بیٹنگ ہو فیلڈنگ ہو وہ اپنی سو فیصد کارکردگی دکھائے کیونکہ ہم نے یہ میچ بھی ٹیم بن کر جیتا ہے اور آئندہ بھی ایسے ہی کریں گے۔

    اس موقع پر بالنگ کوچ ثقلین مشتاق نے بھی کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور کہا کہ جو کھلاڑی اس ٹیم کا حصہ نہیں تھے ان کو بھی ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

  • سرفراز احمد میں اعتماد نظرنہیں آرہا، اس کی جارحانہ مزاجی کھو گئی ہے، نجم سیٹھی

    سرفراز احمد میں اعتماد نظرنہیں آرہا، اس کی جارحانہ مزاجی کھو گئی ہے، نجم سیٹھی

    لاہور : سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد میں اعتماد نظرنہیں آرہا، اس کی جارحانہ مزاجی کہیں کھو گئی ہے، ڈریسنگ روم کے حالات کی تحقیقات کی جائیں۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں گزشتہ آٹھ ماہ کی اکھاڑ پچھاڑ کی وجہ سے تباہی ہوئی۔

    بورڈ میں تقسیم ہے اسے دھمکیوں کی بنیاد پر چلایا جارہا ہے، بورڈ کو لاہور کے بجائے لندن جاکر کھلاڑیوں کا اعتماد بحال کرنا چاہیے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ڈریسنگ روم کے موجودہ حالات کی تحقیقات کی جائیں، کوچ، کپتان اورکھلاڑیوں نے پی آر منیجر کیوں رکھے ہوئے ہیں جبکہ ہمارے دور میں کسی نے پی آر منیجرنہیں رکھے تھے، کوچ اور کپتان میں کوئی خوف ہے، وہ کیا خوف ہے اسے جاننا چاہیے۔

    مزید پڑھیں: بہت زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے: سرفراز احمد کا اعتراف

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سے حالیہ شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد میں اعتماد نظرنہیں آرہا، اس کی جارحانہ مزاجی کہیں کھوگئی ہے، نئےلڑکوں کو موقع ملنا چاہیے تھا، موجودہ ٹیم میں اعتماد کی شدید کمی ہے۔

  • ڈریسنگ روم کا شیشہ جان بوجھ کر نہیں توڑا، کرکٹراحمد شہزاد

    ڈریسنگ روم کا شیشہ جان بوجھ کر نہیں توڑا، کرکٹراحمد شہزاد

    فیصل آباد : قومی ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑی احمد شہزاد نے ڈریسنگ روم کا شیشہ جان بوجھ کر توڑنے کی خبروں کی تردید کردی۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ بات غلط ہے کہ میں نے بلا مار کر ڈریسنگ روم کا شیشہ توڑدیا، یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    احمد شہزاد نے کہا کہ لوگ انہیں پیار کرتے ہیں اسی لئے چھوٹی باتوں کو بھی نوٹ کرلیتے ہیں۔ ڈریسنگ روم میں میرا بیگ شیشے کے ساتھ رکھا ہوا تھا، میں نے بلا اپنے بیگ میں پھینکا تھا اور ہوسکتا ہے کہ میرا بیٹ لگنے کی وجہ سے شیشہ کریک ہوگیا ہو۔

    انہوں نے کہا کہ ہر بات اور الزام کا جواب ٹی وی پر آکر دینا ضروری نہیں ہوتا ۔ چونکہ میں خیبر پختونخوا کی ٹیم کا کپتان ہوں اس لیے نوجوان کھلاڑیوں کو اچھا پیغام دینے کیلئے ٹی وی پر آکر اس بات کی صفائی بیان کرنا ضروری خیال کیا۔

    ذرائع کے مطابق ڈریسنگ روم کے شیشے پر دراڑ پڑنے کا نوٹس پی سی بی نے لے لیا ہے۔ اب احمد شہزاد کو میچ فیس سے ایک نیا شیشہ لگوانا پڑے گا۔

    یاد رہے کہ احمد شہزاد پر الزام ہے کہ پاکستان کپ میں بلوچستان کیخلاف سنچری نہ بنانے پر احمد شہزاد غصے میں آگئے تھے۔

    اناسی رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ڈرسینگ روم پہنچے اور طیش میں آکر بلا پھینکا جو شیشہ پر لگ گیا۔ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احمد شہزاد نے جان بوجھ کر شیشہ توڑنے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔