Tag: Drink

  • وہ پھل جو وزن گھٹانے میں بے حد مددگار ہے

    وہ پھل جو وزن گھٹانے میں بے حد مددگار ہے

    فربہ افراد کے لیے موٹاپا کم کرنا زندگی کا سب سے بڑا مقصد ہوتا ہے، اس کے لیے ایک عام طریقہ لیموں پانی کے استعمال کا خیال کیا جاتا ہے لیکن اس کے علاوہ اور بھی طریقے ہیں۔

    موٹاپا کم کرنے کے لیے میٹا بولزم کو تیز کتنا ضروری ہے تاکہ جمی چربی ایندھن کے طور پر استعمال ہوسکے جبکہ جسم کو ڈی ٹاکس یعنی فاسد مادوں پاک سے کرنا بھی اہم ہے۔

    ان دونوں باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے یہاں پر ایک ایسے مشروب کی ترکیب پیش کی جارہی ہے جو یہ دونوں کام کر کے آپ کے وزن کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

    اس مشروب کو تیار کرنے کے لیے جن اجزا کی ضرورت ہے ان میں دارچینی، گریپ فروٹ، ادرک اور پانی شامل ہیں، یہ مشروب بیک وقت میٹابولزم کو تیز کرنے اور جسم کو فاسد مادوں سے پاک کرنے میں اپنی مثال نہیں رکھتا۔

    گریپ فروٹ جسم سے زہریلے مادوں کو خارج کرنے اور جمی چربی کو پگھلانے میں لیموں سے زیادہ مؤثرہے۔

    یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ رات میں میٹا بولزم سست ہوجاتا ہے، اسی لیے اس مشروب کو رات میں استعمال کرنا ضروری ہے تاکہ میٹا بولزم کو تیز کیا جاسکے، اس طرح سوتے ہوئے بھی وزن میں کمی ممکن ہوسکے گی۔

    مشروب کے اجزا

    2 گریپ فروٹ کا رس

    1 چائے کا چمچ ادرک کا عرق

    آدھا چائے کا چمچ دارچینی پاؤڈر

    آدھا کپ نیم گرم پانی

    ترکیب

    تمام اجزا کو اچھی طرح مکس کریں اور رات میں سونے سے قبل تقریباً 12 دنوں تک استعمال کریں۔ 12 دن کے استعمال سے واضح فرق محسوس ہوگا۔

  • سعودی عرب کا سب سے معروف مشروب کون سا ہے؟

    سعودی عرب کا سب سے معروف مشروب کون سا ہے؟

    رمضان المبارک کے دوران عربوں کا پسندیدہ ترین مشروب فیمتو(ومٹو) ہے، سعودی عرب سمیت تمام عرب ممالک کے باشندے رمضان میں یہ مشروب ضرور استعمال کرتے ہیں، یہاں اسے روح افزاء اور جام شیریں جیسے شربتوں جیسی مقبولیت حاصل ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق مشرق وسطیٰ خصوصاً خلیج عرب کے ہر گھرانے میں رمضان المبارک کے دوران افطار دسترخوان پر فیمتو مشروب ضرور سجایا جاتا ہے۔ شروع میں اسے وم اور ٹونک کہا جاتا تھا بعد میں ان دونوں الفاظ کو جمع کرکے ومٹو کا نام دے دیا گیا۔

    ومٹو کا موجد کون ہے؟
    ومٹو مشروب کے موجد نویل نیکولز ہیں۔ وہ دسمبر 1883 میں انگلینڈ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1908 میں ومٹو مشروب تیار کیا۔ اس وقت ان کی عمر 24 سال تھی۔

    انہوں نے لکڑی کے ایک ڈرم میں انگور، توت اور 29 اقسام کی جڑی بوٹیاں ملا کر یہ مشروب تیار کیا تھا۔ نویل نیکولز کے احباب کو اس کا ذائقہ پسند آیا اور بڑی تیزی سے یہ مشروب مقبول ہوتا چلا گیا۔

    ومٹو مشروب میں چینی، پانی کے علاوہ کالی کشمش، توت کا رس، پھلوں کا رس، لیموں کا عرق اور کیرامل کا رنگ شامل ہوتا ہے۔

    2014 میں اس مشروب میں مختلف عناصر شامل کیے گئے۔ پوٹاشیم اور چینی کی جگہ ایک نئی قسم کی مٹھاس کا اضافہ کیا گیا۔

    سعودی عرب کس طرح پہنچا؟
    1924 میں یہ مشروب برطانیہ سے انڈیا پہنچا جہاں یہ اُس وقت برطانوی سلطنت کا حصہ ہوا کرتا تھا۔ العوجان کمپنی نے 1928 میں اس کی ایجنسی حاصل کی۔

    ایک انڈین کارکن نے اسے بحرین میں العوجان کمپنی کی شاخ میں متعارف کرا دیا تھا۔ ساتویں عشرے میں دمام میں اس کی فیکٹری کھولی گئی۔

    العوجان کمپنی نے 1971 میں ومٹو میں سوڈا کا اضافہ کیا اور اسے سافٹ ڈرنک کے طور پر تیار کیا جانے لگا۔ سعودی عرب میں اب بھی یہ مشروب العوجان کمپنی ہی فروخت کر رہی ہے۔

    فیمتو (ومٹو) برطانیہ میں تیزی سے بڑی پیمانے پر پھیلنے والے سافٹ ڈرنکس میں سے ایک ہے جس نے بڑی تیزی سے تجارتی مارکے کی حیثیت حاصل کرلی۔ اب یہ دنیا کے 65 ممالک میں رائج ہوچکا ہے۔

    یہ برطانیہ اور آئرلینڈ کے علاوہ پاکستان، سعودی عرب، یمن، گھانا، گمبیا اور سینیگال میں تیار ہورہا ہے۔ 80 برس سے زیادہ عرصے سے یہ مشروب جزیرہ نما عرب میں غیرمعمولی شہرت حاصل کرچکا ہے۔ اکثر مسلمان رمضان کے دوران افطار دسترخوان پر اسے پسند کرتے ہیں۔

    العوجان کمپنی 2013 سے لے کر اب تک سالانہ کی بنیاد پر 20 ملین سے زیادہ بوتلیں تیار کررہی ہے۔ سعودی عرب کے علاوہ جی سی سی ممالک میں بھی اسے پسند کیا جاتا ہے۔

  • ہینڈ سینی ٹائزر پینے سے 5 افراد کی موت

    ہینڈ سینی ٹائزر پینے سے 5 افراد کی موت

    رباط: مراکش میں 5 افراد ہینڈ سینی ٹائزر پینے سے دم توڑ گئے، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق واقعہ شمالی قصبے میں پیش آیا، 5 افراد نے زہریلا سینی ٹائزنگ سلوشن پی لیا جس سے فوری طور پر ان کی موت واقع ہوگئی۔

    میڈیکل ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام افراد کے معدوں میں زہر کے اثرات پائے گئے ہیں۔

    ایک شخص کے اہل خانہ نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ معاملے کی حقیقت کا پتہ چلایا جاسکے۔

    پولیس بھی واقعے کی تفتیش کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ایک مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو اس نوعیت کی اشیا فروخت کرتا ہے۔

  • میٹرک کا رزلٹ : شربت بیچنے والے بچے نے کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیئے

    میٹرک کا رزلٹ : شربت بیچنے والے بچے نے کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیئے

    ملتان : لگن اگر سچی ہو تو کوئی کام مشکل نہیں رہتا اس مثال کو ملتان کے محمد حذیفہ نے سچ کر دکھایا، میٹرک میں نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل کرنے والا نوجوان شربت کی ریڑھی پر کام کرنے پر مجبور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے غریب ہونہار طالب علم محمد حذیفہ کی مسکراتی ہوئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، تصویر میں حذیفہ کو شربت کی ریڑھی پر ملازمت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ملتان سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے طاہر خان نے16سالہ محمد حذیفہ سے خصوصی ملاقات کی اور حذیفہ سے اس کی زندگی کے بارے میں تفصیلاً گفتگو کی۔

    حذیفہ نے بتایا کہ اس نے گزشتہ سال میٹرک میں1100 میں سے1050 نمبر حاصل کرکے اسکول بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جس کی بنیاد پر اسے وظیفہ کے طور پر کالج میں مفت داخلہ بھی مل گیا تھا۔

    نمائندہ اے آر وائی بات چیت کرتے ہوئے حذیفہ نے مزید بتایا کہ کالج میں پڑھائی کے ساتھ ساتھ کام بھی کررہا ہوں اور اس سے قبل میٹرک بھیئ ایسے ہی کام کرتے ہوئے کیا۔

    حذیفہ ہی اپنے گھر کا واحد سہارا ہے اور اس کے چار چھوٹے بہن بھائی ہیں جن کا گھر اس کی محنت کی کمائی سے چلتا ہے، ملتان میں شربت کی ریڑھی پر مزدوری کرنے والے ہونہار طالب علم کا خواب ہے کہ وہ ڈاکٹر بنے۔

  • شکر والے مشروبات کینسر کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں، برطانوی تحقیق

    شکر والے مشروبات کینسر کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں، برطانوی تحقیق

    لندن : برطانوی تحقیق کاروں نے ریسرچ میں دعویٰ کیا ہے کہ روزانہ ایک سو ملی لیٹر شوگر ڈرنکس پینے سے جسم میں کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہونے کے امکانات کئی گناہ بڑھ جاتے ہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق شکر سے بھرپور مشروبات سے سرطان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، روزانہ ایک سو ملی لیٹر شوگر ڈرنکس پینے سے سرطان کے مرض میں مبتلا ہونے کا خطرہ اٹھارہ فیصد بڑھ جاتا ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا تھاکہ جمعرات کو برطانوی میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہاگیاکہ فرانس کے محققین نے اس جائزے میں شرکاءکو شکر اور مصنوعی مٹھاس والے مشروبات کے علاوہ تازہ پھلوں کے رس پلا کر ان کی طبی جانچ کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نو سال کے عرصے کے بعد یہ نتیجہ نکلا کہ روزانہ ایک سو ملی لیٹر شوگر ڈرنکس پینے سے سرطان کے مرض میں مبتلا ہونے کا خطرہ اٹھارہ فیصد بڑھ جاتا ہے۔ اس جائزئے میں ایک لاکھ سے زائد بالغ افراد کو شامل کیا گیا اور ان میں خواتین بھی شامل تھی۔

  • نوجوان پر گاڑی چوری کا الزام، عدالت نے  کولڈ ڈرنک پینے پر پابندی لگادی

    نوجوان پر گاڑی چوری کا الزام، عدالت نے کولڈ ڈرنک پینے پر پابندی لگادی

    ہوائی : امریکی ریاست کی عدالت نے نوجوان کو گاڑی چوری کے الزام میں چار برس تک اپنی پسندیدہ مشروب پیپسی نہ پینے کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ہوائی کے شہر ویلوکو کی عدالت نے دو روز قبل گاڑی چوری کیس کی سماعت کرتے ہوئے 21 سالہ ملزم کرسٹوپر مونٹیلیانو پر پیپسی پینے کی پابندی عائد کردی۔

    عدالت کی جج رونڈا لو کا کہنا تھا کہ مونٹیلیانو نے گرفتاری کے وقت پولیس کو غلط بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

    جج کا کہنا تھا کہ مونٹیلیانو نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ اس کے عزیز (کزن) نے خود اسے گاڑی چلانے کی اجازت دی ہے جس کے بعد میں گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے اپنی پسندیدہ مشروب (پیپسی) خریدنے جارہا ہوں۔

    عدالت نے ملزم کے بیان کہ ’پیپسی اس کی پسندیدہ مشروب ہے‘ کے بعد حکم جاری کیا کہ وہ چار سال تک کولڈ ڈرنک نہیں پی سکتا۔

    خاتون نے کہا کہ اب وہ چار سال تک کولڈ ڈرنک سے محروم رہے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل جوش جیمز نے عدالت سے درخواست کی مونٹیلیانو کو سات قید کی سزا بھی سنائی جائے تاکہ اسے قانون کی اہمیت کا اندازہ ہو۔

    مونٹیلیانو نے جج رونڈا لی سے درخواست کی کہ ’میں کسی کی کار چوری نہیں کررہا تھا، میں جیل نہیں جانا چاہتا، مجھے رہا کردیا جائے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عدالت نے مذکورہ نوجوان کو 100 گھنٹے کمیونٹی کی خدمت کرنے اور 100 ڈالر جرمانہ جمع کروانے کی سزا بھی سنائی ہے۔

  • شراب کی اسمگلنگ کے خلاف بڑا آپریشن، 40 کروڑ روپے مالیت کی شراب برآمد

    شراب کی اسمگلنگ کے خلاف بڑا آپریشن، 40 کروڑ روپے مالیت کی شراب برآمد

    مکران: میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے شراب کی اسمگلنگ کے خلاف سب سے بڑا آپریشن کرکے 40 کروڑ روپے مالیت کی شراب برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق میری ئائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے یہ کارروائی مکران کے ساحل کے قریب کی گئی، لانچ پر چھاپہ مار کر 40کروڑ روپے مالیت کی شراب برآمد کی۔

    ڈی جی میری ٹائم سیکیورٹی ریئرل ایڈمرل محمد ذکاالرحمان کا کہنا ہے کہ پی ایم ایس اے نے دس اور ۱۱ مارچ کی درمیانی شب خفیہ اطلاع پر گلف پورٹ سے مکران کوسٹ پہنچنے والی لانچ کو قبضے میں لیا جس میں سے 65 ہزار سے زائدغیرملکی شراب کی بوتلیں اور بئیر کے کینز برآمد ہوئے۔

    انہوں نے بتایا کہ کارروائی میں سات ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کا تعلق پاکستان سے ہی ہے، قانونی کارروائی کے لیے قبضے میں لی گئی شراب کو کسٹم کے حوالے کیا گیا ہے۔

    دریں اثنا کلیٹر کسٹم پریوینٹو ڈاکٹر فرید کا کہنا تھا کہ شراب کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی۔

    پی ایم ایس اے حکام کا کہنا تھا کہ منشیات کی لعنت کے خاتمے اور سمندر میں ہر غیر قانونی سرگرمی کا قلع قمع کرنے کے لیے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی پر عزم ہے۔

  • بھارت: زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کی تعداد 156 ہوگئی

    بھارت: زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کی تعداد 156 ہوگئی

    نئی دہلی: بھارت میں زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 156 ہوگئی اور سینکڑوں زیرعلاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل بھارتی ریاست آسام میں زہریلی شراب پینے کے دو مختلف واقعات سامنے آئیں تھے جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 156 تک پہنچ چکی ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شراب پینے کے باعث تقریباً 85 لوگوں کی ہلاکتیں آسام کے ضلع گولگھات جبکہ ضلع جورہت میں 71 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    مختلف اسپتال میں زیراعلاج متاثرین میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، ہلاک یا متاثر ہونے والوں میں زیادہ تر افراد مزدور پیشہ ہیں۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ آسام نے دونوں واقعات کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کا حکم دے رکھا ہے، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار بھی کیا ہے۔

    بھارت میں زہریلی شراب پینے سے 92 افراد ہلاک

    دو روز قبل محکمہ ایکسائز نے انکوائری کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے زہریلی شراب کی فروخت کی روک تھام میں ناکامی پر دو مقامی افسران کو معطل کردیا۔

    بھارت میں زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کے واقعات کوئی نئی بات نہیں، اس سے قبل بھی متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، جس کے باعث درجنوں لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    واضح رہے کہ دو ہفتے قبل بھی اترپردیش اور اترکھنڈ میں ایک ہی دن میں زہریلی شراب پینے سے 92 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • یواےای میں شراب نوشی پر سزا ہوگی، برطانوی حکام کی شہریوں کو تنبیہ

    یواےای میں شراب نوشی پر سزا ہوگی، برطانوی حکام کی شہریوں کو تنبیہ

    ابو ظہبی : برطانوی قونصل خانے نے برطانوی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اماراتی شہروں میں شراب نوشی کرنے پر سیاحوں کو   پکڑا گیا تو انہیں سزا اور جرمانےکا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحت کی غرض سے متحدہ عرب امارات کا سفر اختیار کرنے والے برطانوی شہریوں کو حکومت نے خبردار کیا ہے کہ امارات کے سفر کے دوران شراب پینے والے سیاحوں کو  جیل جانا پڑسکتا ہے۔

    برطانوی حکام کی جانب سے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے سیاحوں کو پہلے بھی بغیر لائسنس شراب نوشی کرنے پر اماراتی عدالتیں قید کی سزائیں دے چکی ہیں۔

    برطانوی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات میں شراب نوشی ممنوع ہے، برطانیہ کے شہریوں کو اماراتی رسم و رواج کی پاسداری کرنی چاہیے۔

    قونصل خانے نے برطانوی شہریوں  کو متبنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی بھی سیاح بغیر لائسنس ممنوع اشیاء لے جاتے یا نوش کرتے ہوئے پکڑا گیا یا ان کے میڈیکل چیک اپ کے دوران خون میں شراب شامل ہوئی تو انہیں بھاری جرمانے یا سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    یاد رہے کہ 31 اگست کو دبئی کی عدالت نے برطانوی سیاح کو شراب پینے، دو پولیس افسران پر تشدد کرنے اور پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر جیل بھیج دیا۔

    عدالت نے برطانوی شخص پر الزام ثابت ہونے پر بغیر لائسنس کے شراب پینے، خاتون پولیس افسر پر تشدد کرنے اور پولیس کار کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کو رواں برس 6 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • گرمی میں گرم مشروبات جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں معاون

    گرمی میں گرم مشروبات جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں معاون

    سخت گرمی کے موسم میں اگر آپ کہیں باہر سے آئیں، تو آپ کو فوری طور پر کسی ٹھنڈے مشروب کی تلاش ہوتی ہے جو پسینے کو ختم اور گرمی کا تاثر زائل کرسکے۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کام کے لیے ٹھنڈے مشروبات سے زیادہ گرم مشروبات بہتر ہیں۔

    یہ حیران کن تحقیق حال ہی میں سامنے آئی ہے۔

    ماہرین نے اس کی توجیہہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمیوں میں پسینہ آنے کا عمل ہمارے جسم کو سرد کرتا ہے۔ ہمارے جسم کے اندر کا اضافی درجہ حرارت پسینے کے ذریعے بخارات کی شکل میں باہر نکل آتا ہے۔

    اگر ہم ٹھنڈے مشروبات پئیں گے تو پسینہ آنا فوری طور پر بند ہوجائے گا یوں جسم کے اندر کی حرارت باہر نہیں نکل پائے گی۔

    اس کے برعکس اگر ہم گرم مشروبات پئیں گے تو پسینے کی رفتار میں اضافہ ہوگا اور ہمارے جسم کا درجہ حرارت تیزی سے خارج ہوگا۔

    یہ تحقیق انوکھی اور حیرت انگیز تو ضرور ہے، تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ ہر وقت، اور ہر شخص کے لیے کارآمد ثابت نہیں ہوسکتی۔


    انتباہ: یہ مضمون قارئین کی معلومات میں اضافے کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مضمون میں دی گئی تجاویز پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے مشورہ اور ہدایت ضرور حاصل کریں۔