Tag: Drinks

  • وزن گھٹانے والے مشروب جنہیں بنانا بے حد آسان

    وزن گھٹانے والے مشروب جنہیں بنانا بے حد آسان

    غیر متحرک طرز زندگی موٹاپے کا سبب بنتا ہے جس میں اضافہ ہوتا ہی جاتا ہے، اکثر دیکھا گیا ہے کہ کم کھانا بھی موٹاپا کم کرنے کے لیے معاون ثابت نہیں ہوتا۔

    آج یہاں وزن کم کرنے کا ایک آسان طریقہ بتایا جارہا ہے جس کے لیے آپ کو ڈائٹنگ کی ضرورت نہیں بلکہ ان صحت بخش مشروبات کو اپنی غذا کا حصہ بنائیں اور اپنا وزن گھٹائیں۔

    سیب کا سرکہ اور شہد کا مشروب

    پانی: 1 گلاس

    سیب کا سرکہ: 1 کھانے کا چمچ

    شہد: 1 کھانے کا چمچ

    لیموں کا رس: 1 چائے کا چمچ

    پانی میں تمام اجزا کو اچھی طرح سے ملائیں اور پی لیں یہ وزن کم کرنے کے ساتھ صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔

    زیرہ اور دار چینی کا مشروب

    پانی: 2 گلاس

    زیرہ: 1 چائے کے چمچ

    دارچینی: 1 انچ کا ٹکڑا

    لیموں کا رس: 1 چائے کا چمچ

    شہد: 1 چائے کا چمچ

    2 گلاس پانی میں زیرہ اور دار چینی ڈال کر ابالنے کے لیے چولھے پر رکھ دیں، اسے اتنا ابالیں کہ ان دونوں اجزا کا عرق اچھی طرح پانی میں شامل ہو جائے اور اس کا رنگ تبدیل ہوجائے۔

    اب اسے چھان لیں، اس کا ایک گلاس پانی لے کر اس میں لیموں کا رس اور شہد ملا کر استعمال کریں۔ یہ نہ صرف وزن کم کرے گا بلکہ جسم کے فاسد مادوں سے بھی نجات دے گا۔

  • بے حس اور سفاک قاتلوں نے بچی کو قتل کرکے سینڈوچ کھائے

    بے حس اور سفاک قاتلوں نے بچی کو قتل کرکے سینڈوچ کھائے

    شکاگو : امریکا میں سفاکیت کا ایک ایسا بدترین واقعہ پیش آیا ہے جس میں سفاک اور انسانیت سے عاری ملزمان نے بے حسی کی مثال قائم کردی۔

    امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو میں ہونے والے اس واقعہ کو سن کر عدالت کے جج نے بھی برہمی اور حیرت کا اظہار کیا۔

    ہوا کچھ یوں کہ22 جنوری کو ہونے والے 8 سالہ بچی کے قتل کے مقدمے میں گرفتار دو ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، 16 سالہ ایمیلیو کورپیو اور27 سالہ زیویئر گزمین پر فرسٹ ڈگری کے قتل، اقدام قتل، فائرنگ اور  غیرقانونی اسلحہ کے استعمال کے الزامات کا سامنا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کک کاؤنٹی کے اسسٹنٹ اسٹیٹ کے اٹارنی جنرل جیمز مرفی نے سماعت کے موقع پر عدالت کو بتایا کہ ملزمان واردات کے بعد ہنستے کھیلتے خوشگوار موڈ میں ایک مارٹ سے سینڈوچ اور مشروبات لینے کے لیے گئے تھے۔

    اٹارنی جنرل کے مطابق ملزم ٹیکسی ڈرائیور گزمین نے ہفتے کی سہ پہر”لاطینی کنگز گینگ” کے رکن  ریپیو کو اس کے گھر سے لیا جب وہ لٹل ویلیج محلے سے گزر رہے تھے تو ان کا سامنا ایک ایسے شخص سے ہوا جس کا تعلق حریف گینگ سے تھا۔

    بعد ازاں گزمین اور کورپیو قریبی گلی میں چلے گئے ایمیلیو کورپیو سیاہ ماسک پہن کر کار سے باہر نکلا اور اس شخص پر گولیاں چلانا شروع کردیں جسے بعد میں 29 سالہ شخص کے طور پر شناخت کیا گیا، اس شخص کو پیٹھ میں گولی لگی لیکن وہ وہاں سے بھاگنے میں کامیاب رہا۔

    فائرنگ کے دوران گولیاں وہاں کھڑی ایک کار کو بھی لگیں جہاں ایک شخص اور اس کی9 سالہ بیٹی فائرنگ کی آواز سن کر اندر چھپے ہوئے تھے۔

    اسی دوران سڑک سے گزرنے والی 8 سالہ میلیسا اپنی ماں کے ساتھ جارہی تھی کہ ایک گولی اس کے سر میں جالگی اور بچی نے وہیں تڑپ کر اپنی جان دے دی۔

    یہ منظر دیکھ کر ملزمان وہاں سے فرار ہوگئے لیکن سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ دور جاکر دونوں ملزمان نہایت سکون اور آرام سے گاڑی پارک کرتے ہیں اور ایک مارٹ میں جاکر سینڈوچ اور مشروبات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

  • ڈائٹ مشروبات موٹاپے میں اضافے کا سبب

    ڈائٹ مشروبات موٹاپے میں اضافے کا سبب

    عام طور پر ڈائٹ سافٹ ڈرنکس کے حوالے سے سمجھا جاتا ہے کہ ان میں چینی کم ہوتی ہے اور یہ وزن میں اضافہ نہیں کرتیں تاہم حال ہی میں ایک نئی تحقیق میں اس کی نفی ہوئی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق سے علم ہوا کہ مصنوعی مٹھاس والے مشروبات یا ڈائٹ سافٹ ڈرنکس موٹاپے سے بچاؤ میں مددگار ثابت نہیں ہوتیں بلکہ جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔

    سدرن کیلی فورنیا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ مصنوعی مٹھاس سے بننے والے یہ مشروبات ممکنہ طور پر جسمانی وزن میں کمی کے لیے فائدہ مند نہیں۔

    تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ چینی کی جگہ استعمال ہونے والا ایک کیمیکل لوگوں میں کھانے کی اشتہا بڑھانے کا باعث بنتا ہے، بالخصوص خواتین اور موٹاپے کے شکار افراد میں۔

    تحقیق کے لیے 18 سے 35 سال کی عمر کے 74 صحت مند افراد کی خدمات حاصل کی گئی جن میں سے 58 فیصد خواتین تھیں، کسی بھی رضا کار میں ذیابیطس، منشیات کے استعمال یا کھانے سے جڑے امراض کی کوئی تاریخ نہیں تھی۔

    ہر رضاکار کو 3 سیشنز کا حصہ بنایا گیا جس سے ایک رات قبل انہیں کچھ بھی کھانے پینے سے منع کیا گیا۔ ہر سیشن میں لوگوں کو 300 ملی لیٹر ڈائٹ مشروب، ایک چینی سے بنا مشروب یا پانی (کنٹرول گروپ) کا استعمال کروایا گیا۔

    مشروب پینے کے بعد ہر فرد کے سامنے زیادہ کیلوریز والی غذاؤں کی تصاویر رکھی گئیں اور ایف ایم آر آئی اسکین سے دماغ کے ان حصوں کی سرگرمیوں کو ریکارڈ کیا گیا جو کھانے کی خواہش اور اشتہا سے منسلک ہیں۔

    محققین نے بلڈ شوگر، انسولین اور میٹابولک ہارمون لیولز کی بھی مانیٹرنگ کی گئی جبکہ ہر سیشن کے اختتام پر رضا کاروں کی دعوت بھی کی گئی اور دیکھا کہ ہر فرد نے کتنی مقدار میں کھانا کھایا۔

    نتائج سے معلوم ہوا کہ ڈائٹ مشروبات زیادہ کھانے سے روکنے میں مددگار ثابت نہیں ہوتے بالخصوص موٹاپے کے شکار افراد اور خواتین ہر سیشن کے بعد زیادہ کھانے پر مجبور ہوئے۔

  • صحت کے لیے نقصان دہ مشروبات

    صحت کے لیے نقصان دہ مشروبات

    گرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے اور ایسے میں گرمی بھگانے کے لیے مختلف ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ جسم کو راحت پہنچائی جا سکے۔

    لیکن آپ کو علم ہونا چاہیئے کہ جو مشروب آپ پی رہے ہیں وہ آپ کے لیے فائدہ مند ہے بھی یا نہیں۔ آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ کون کون سے مشروبات آپ کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچا رہے ہیں۔


    پھلوں کا جوس

    2

    ایک عام خیال ہے کہ مختلف پھلوں کے جوس صحت کے لیے بہترین اور فائدہ مند ہیں لیکن ماہرین طب اس تصور کو غلط قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پھل کی اصل غذائیت اس کے بیجوں اور چھلکوں میں موجود ہوتی ہے جو جوس نکالنے کے لیے ہم پھینک دیتے ہیں۔

    ان کے مطابق پھلوں کا جوس بہت تھوڑے فوائد کا سبب بنتا ہے البتہ یہ وزن میں اضافے کا سبب ضرور بن سکتے ہیں۔


    سوڈا مشروبات

    5

    بازار میں عام طور پر دستیاب سوڈا مشروبات جنہیں ہم کولڈ ڈرنکس بھی کہتے ہیں ہماری صحت کے لیے زہر کی حیثیت رکھتے ہیں۔

    ان کا مستقل استعمال ہمیں موٹاپے اور ذیابیطس سمیت بے شمار بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے۔


    ڈائٹ مشروبات

    8

    اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ڈائٹ مشروبات پی کر آپ وزن بڑھانے اور ذیا بیطس پیدا کرنے والے اجزا سے بچ گئے ہیں تو آپ سراسر غلط ہیں۔

    بظاہر ڈائٹ مشروبات میں عام مشروبات کے مقابلے میں کیلوریز کم ہوتی ہیں۔ علاوہ ازیں اس میں موجود مصنوعی مٹھاس میٹھے کی طلب کو بھی پورا کرتی ہے، لیکن درحقیقت یہ جسم کے لیے عام ڈرنکس سے بھی زیادہ نقصان دہ ہوتی ہیں۔

    دراصل ڈائٹ مشروبات میں شامل مٹھاس عام میٹھے کی نسبت زیادہ میٹھی ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ میٹھا شوگر کا شکار افراد کو بعین وہی نقصانات پہنچاتا ہے جو قدرتی میٹھا پہنچا سکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈائٹ مشروبات پینے کے نقصانات


    انرجی ڈرنکس

    4

    بعض افراد توانائی حاصل کرنے اور حسیات کو جگانے کے لیے تلخ کافی کے بجائے انرجی ڈرنکس پینا پسند کرتے ہیں تاہم یہ بھی جسم کے لیے بے حد نقصان دہ ہیں۔

    ان میں موجود اجزا وقتی طور پر آپ کو توانائی کا احساس دلاتے ہیں لیکن اندر سے یہ آپ کے جسم کو کھوکھلا کرتے ہیں۔


    سموتھی

    6

    مختلف پھلوں کی بنائی جانے والی سموتھی اگر گھر پر بنائی گئی ہو تب تو یہ فائدہ مند ہے، تاہم بازار سے خریدی گئی سموتھی ممکن ہے کہ عام مشروبات کی طرح آپ کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچائے۔

    سموتھی میں پھلوں کے چھلکے بھی ملائے جاتے ہیں لہٰذا یہ صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔ تاہم باہر سے ملنے والی سموتھی کو خوش رنگ اور خوش ذائقہ بنانے کے لیے اس میں مختلف مصنوعی عناصر شامل کیے جاتے ہیں۔


    فلیورڈ کافی

    3

    ویسے تو ماہرین طب کے مطابق کافی جسم کے لیے فائدہ مند ہے، تاہم اگر آپ اس میں بہت سارا سیرپ، کریم اور چاکلیٹس ڈال کر استعمال کریں گے تو یہ آپ کے لیے سوڈا مشروبات کی طرح ہی نقصان دہ ہے۔

    مزید پڑھیں: کافی کے حیرت انگیز فوائد


    الکوحل
    7

    مختلف اقسام کی شرابوں اور الکوحل کا استعمال ابتدا میں وزن بڑھانے کا سبب بنتا ہے، بعد ازاں یہ اندرونی طور پر جسمانی اعضا کو متاثر کرنا شروع کردیتی ہیں لہٰذا ان سے پرہیز کرنا بہتر ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔