Tag: driver

  • دبئی میں ڈرائیور کی کمپنی سے چوری کی کوشش

    دبئی میں ڈرائیور کی کمپنی سے چوری کی کوشش

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں زیر تعمیر عمارت سے سریا چوری کرنے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد کمپنی ڈرائیور کو سزا سنا دی گئی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں زیر تعمیرعمارت کے سیکیورٹی گارڈ نے موبائل کیمرے کی مدد سے چوری کی واردات ناکام بنادی، چور میں کمپنی کا ڈرائیور ملوث تھا۔

    کمپنی کے ڈرائیور نے زیر تعمیرعمارت کے احاطے میں موجود سریا، سکریپ کے 3 تاجروں کے ہاتھوں فروخت کرنے کی کوشش کی تھی۔

    سیکیورٹی گارڈ نے اپنے موبائل کیمرے سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور ملزمان کی ویڈیو بنالی تھی، جیسے ہی ملزمان کو خطرہ محسوس ہوا وہ مسروقہ سریا چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    دبئی پولیس نے کمپنی کے ڈرائیور اور تینوں مفرور ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    دبئی فوجداری عدالت نے ڈرائیور کو قید کی سزا سنائی ہے اور سزا مکمل ہونے پر بے دخلی کا حکم بھی دیا ہے، سریا خریدنے والوں کو بری کردیا گیا۔

  • ٹرک سے تھیلے چرانے پر ڈرائیور نے چور کو بونٹ سے باندھ دیا

    ٹرک سے تھیلے چرانے پر ڈرائیور نے چور کو بونٹ سے باندھ دیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ٹرک ڈرائیور نے گندم کے تھیلے چرانے پر چور کو انسانیت سوز سزا دیتے ہوئے اسے ٹرک کے بونٹ سے باندھ دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست پنجاب میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

    موٹر سائیکل پر سوار 2 نوجوانوں نے گندم سے بھرے ٹرک کا پیچھا شروع کردیا، ایک نوجوان نے ٹرک سے 2 تھیلے نکال لیے۔

    لیکن جلد ہی ڈرائیور نے انہیں پکڑ لیا جس پر بائیک چلانے والا نوجوان تو فرار ہوگیا، دوسرا نوجوان ڈرائیور کے ہتھے چڑھ گیا۔

    ڈرائیور اور اس کے معاون نے چور کو رسیوں کی مدد سے ٹرک کے بونٹ سے باندھ دیا، ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ ڈرائیور کا معاون کہہ رہا ہے کہ وہ اسے اس طرح باندھ کر پولیس کے پاس لے کر جارہے ہیں۔

    پولیس کے پاس پہنچنے پر چور، ڈرائیور اور اس کے معاون تینوں کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ چور کو بونٹ سے باندھنا انسانیت سوز حرکت ہے اور اس پر دونوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • ڈرائیونگ کے دوران سوجانے والے شخص کے ساتھ کیا ہوا؟

    ڈرائیونگ کے دوران سوجانے والے شخص کے ساتھ کیا ہوا؟

    بیلجیئم میں ایک خوش قسمت شخص ڈرائیونگ کے دوران سوگیا اور گاڑی 25 کلو میٹر تک صحیح سلامت چلتی رہی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سوتے ہوئے ڈرائیور کو چند بائیک سواروں نے دیکھا، وہ گاڑی کو نہیں روک سکتے تھے چنانچہ انہوں نے فوری طور پر ایمرجنسی سروس اور پولیس کو مطلع کیا۔

    ایک مقام پر گاڑی کو روکا جاسکا تب بھی 41 سالہ ڈرائیور سو رہا تھا، ڈرائیور کے غشی کی نیند سونے کے دوران گاڑی 25 کلومیٹر تک سفر کرتی رہی۔

    راستے میں ملنے والے ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ مذکورہ گاڑی بہت تیز چل رہی تھی اور لین میں دائیں بائیں بھی ہورہی تھی۔

    پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر گاڑی کے فیچرز لین اسسٹ اور کروز کنٹرول نے گاڑی کو کسی حادثے سے بچایا، لین اسسٹ گاڑی کو واپس لین کے درمیان میں لاتی رہی جبکہ کروز کنٹرول نے گاڑی کی رفتار یکساں رکھی۔

  • برطانیہ: کار سوار ریلوے ٹریک پر آگیا۔۔ پھر کیا ہوا؟ ویڈیو جاری

    برطانیہ: کار سوار ریلوے ٹریک پر آگیا۔۔ پھر کیا ہوا؟ ویڈیو جاری

    برطانیہ میں ایک ڈرائیور نے دل دہلا دینے والی حرکت کرتے ہوئے تیز رفتار ٹرین کے سامنے سے اپنی گاڑی گزاری، پولیس نے مذکورہ شخص کو پکڑ کر روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کا کورس کروایا۔

    یہ دل دہلا دینے والا واقعہ برطانیہ میں پیش آیا جس کی فوٹیج ٹرین پر لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک اوپن ریلوے کراسنگ پر، جس کے ارد گرد کوئی حفاظتی بیریئرز نہیں، ایک ڈرائیور تیز رفتار ٹرین آنے کے باوجود اپنی گاڑی لے کر جارہا ہے۔

    ڈرائیو نے صرف چند سیکنڈز کے فرق سے اپنی گاڑی وہاں سے گزاری جس کے بعد ٹرین تیزی سے وہاں سے گزری۔

    یہ ویڈیو برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کو موصول ہوئی جس کے بعد انہوں نے مذکورہ ڈرائیور کو ڈھونڈ کر اس کے سامنے 2 راستے رکھے۔

    انہوں نے کہا کہ یا تو وہ پولیس کو 100 پاؤنڈز کا جرمانہ ادا کرے، یا پھر 87 پاؤنڈز کا ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی آگاہی کا کورس مکمل کرے، شہری نے کورس کرنے میں عافیت جانی۔

    بعد ازاں پولیس نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی اور لوگوں کو اس حوالے سے خطرات سے کھیلنے سے باز رہنے اور محتاط رہنے کی تاکید کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملک میں اس طرح کے 6 ہزار اوپن کراسنگ ہیں اور یہ ہماری ڈیوٹی ہے کہ ایسی گزر گاہوں کی جانچ کی جائے اور وہاں موجود ممکنہ خطرات میں کمی لائی جائے۔

  • گاڑی میں کرسی رکھ کر ڈرائیونگ کرنے والے شخص کو جرمانہ

    گاڑی میں کرسی رکھ کر ڈرائیونگ کرنے والے شخص کو جرمانہ

    کینیڈا میں ایک شخص کو کار میں ڈرائیونگ سیٹ کی جگہ فولڈنگ چیئر لگانے پر پولیس نے جرمانہ کردیا۔

    یہ واقعہ کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں پیش آیا، جہاں پولیس نے غیر معمولی نظر آنے والی ایک کار کو روکا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور عجیب انداز سے کار میں بیٹھا دکھائی دے رہا تھا جس پر انہوں نے اسے روکا، اندر دیکھنے پر معلوم ہوا کہ کار کی ڈرائیونگ سیٹ غائب ہے۔

    صرف یہی نہیں بلکہ ڈرائیونگ سیٹ کی جگہ کار میں لان میں رکھی جانے والی فولڈنگ چیئر فکس کی گئی تھی۔

    پولیس نے فوری طور پر مذکورہ شخص کو ٹکٹ جاری کیا اور اسے غیر محفوظ انداز میں ڈرائیونگ اور غیر مناسب سیٹ بیلٹ پر جرمانہ کیا جبکہ گاڑی کی نمبر پلیٹ اتار کر گاڑی کو بھی ضبط کرلیا گیا۔

  • سعودی عرب میں پاکستانی ڈرائیور کا عظیم کارنامہ

    سعودی عرب میں پاکستانی ڈرائیور کا عظیم کارنامہ

    مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں پاکستانی ڈرائیور نے ایسا کارنامہ انجام دیا جس پر ملکی انتظامیہ داد دیے بغیر نہ رہ سکی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں ایک پاکستانی ٹینکر ڈرائیور نے سعودی خاندان کو جانی نقصان سے بچالیا، اس عظیم کارنامے پر ملکی انتظامیہ بھی پاکستانی کی معترف ہوگئی۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی خاندان مکہ کی سبت الجارۃ نامی شاہراہ پر سفر کررہا تھا کہ اچانک گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، پاس سے گزرتے ٹینکر ڈرائیور نے انسانیت کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت ایکشن لیا۔

    شہری دفاع سے متعلق انتظامیہ کے جائے وقوعہ پر پہنچے سے پہلے ہی پاکستانی ڈرائیور نے آگ پر قابو پالیا۔

    ٹینکر ڈرائیور نے پہلے گاڑی سے بچوں کو نکالا بعد ازاں اپنے ٹینکر میں موجود پانی سے بھڑکتی ہوئی آگ کو ٹھنڈا کردیا۔ سول ڈیفنس ٹیم جائے وقوعہ پر منظر دیکھ کر حیران رہ گئی اور اس کارخیر پر پاکستانی کو شکریہ ادا کیا۔

    سعودی شہری کا کہنا تھا کہ ڈرائیور نے ناصرف میری اور بچوں کی جان بچائی بلکہ میری گاڑی کو بھی بڑی تباہی سے بچالیا، اگر یہ شخص فوری کارروائی نہ کرتا تو شہری دفاعی انتظامیہ کے پہنچے سے پہلے ہی گاڑی جل کر خاکستر ہوجاتی۔

  • دبئی بس حادثہ، عمانی ڈرائیور کو خون بہا کی ادائیگی کا حکم

    دبئی بس حادثہ، عمانی ڈرائیور کو خون بہا کی ادائیگی کا حکم

    ابوظبی : اماراتی عدالت نے جون کے اوائل میں دو پاکستانیوں سمیت 17 افراد کی موت کا باعث بننے والے عمانی ڈرائیور کو 34لاکھ درہم خون بہا دینے کا حکم سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی میں 8 جون کو عمانی ڈرائیور کی غفلت اور دوسری شاہراہ پر تیز رفتار گاڑی چلانے کے باعث سیاحوں کی بس کو خوفناک ٹریف حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 17 سیاحوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 53 سالہ عمانی ڈرائیور کو 17 افراد کی موت اور 13 افراد کے زخمی ہونے کا باعث بننے کے مقدمے میں دبئی کی ٹریفک کورٹ میں منتقل کیا گیا تھا۔

    پراسیکیوٹر صالح الفالیصی نے الزام لگایا کہ ڈرائیور متعدد افراد کی موت اور زخمی ہونے کاسبب بنا ہے، پراسیکیوٹر نے عدالت نے درخواست کی عمانی شہری کو سات برس قید اور جرمانے کی سزا سنائی جائے، جس کے بعد عدالت نے ڈرائیور کو متاثرہ خاندانوں کو 34 لاکھ درہم خون بہا دینے کا حکم سنا یا ہے۔

    یاد رہے کہ 8 جون کو متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے ضلع الراشدیہ میں عید کے چوتھے روز خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں پاکستانی، بھارتی اور عمانی شہریوں سمیت 17 افراد ہلاک ہوئے تھے، حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 12 کا تعلق پڑوسی ملک بھارت سے ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں میں دو پاکستانی، ایک آئرش اور ایک عمانی شہری شامل ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک تیز رفتار بس شیخ محمد بن زاید روڈ پر ایک سائن بورڈ سے ٹکرانے کے بعد حادثے کا شکار ہوگئی تھی، حادثے میں 17افراد ہلاک جبکہ3شدید زخمی ہوئے تھے،حادثے کے وقت بس میں 31 افر اد سوار تھے۔

    لیفٹیننٹ کرنل عبداللہ السعودی کا کہنا تھا کہ گاڑی چلانے والی ڈرائیور نے غلط لین میں گاڑی چلائی اور ’40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے‘ کا سائن بورڈ اور وارننگ بورڈ بھی نظر کرتا ہوا تیز رفتاری سے آگے بڑھتا رہا۔

  • پاکستانی شہری کی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کی دھمکی

    پاکستانی شہری کی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کی دھمکی

    ابوظبی : اماراتی پولیس نے تاجک خاتون کو دوران سفر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے جرم پاکستانی ڈرائیور کو عدالت میں پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارت کی ریاست دبئی کی عدالت میں گزشتہ روز تاجک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کیس کی سماعت ہوئی جس میں پولیس ملزم پاکستانی ڈرائیور کو بھی پیش کیا۔

    عدالت میں دوران سماعت جج کو بتایا گیا کہ 27 سالہ پاکستانی ڈرائیور نے رواں برس اپریل میں خالی بس میں 24 سالہ تاجک خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

    عدالت کو بتایا گیا تھا کہ متاثرہ خاتون دبئی کے علاقے ڈیرہ سے بس میں سوار ہوئی تھی جو دبئی مال میں سیلز گرل کی ملازمت کرتی ہے۔ ملزم نے کچھ دیر سفر کے بعد بس مسجد کے قریب صحرائی علاقے روکی اور جرم کا ارتکاب کرنے سے قبل نماز پڑھنے مسجد میں چلا گیا۔

    میڈیا کا کہنا ہے کہ ملزم پانچ منٹ بعد والس آیا اور کچھ دیر بعد دوبارہ بس ایک ریتلے علاقے میں روکی اور خاتون سے مکروہ فعل کی انجام دہی کا تقاضہ کیا، متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ ’میں انکار کرتے ہوئے مدد کے لیے چیخنے لگی لیکن اس نے اپنے ہاتھ سے میرا منہ دبایا‘۔

    متاثرہ لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے میرا منہ دبانے کے بعد مجھے دھمکی دی کہ خاموش نہ ہوئیں تو اپنے دوستوں سے بھی ریپ کراؤں گا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملزم نے خاتون کو ریپ سے قبل تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

    متاثرہ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ پاکستانی ڈرائیور نے مجھے کہا اگر تم نے اس واقعے کی اطلاع پولیس کو دی تو تمہاری جان بھی جاسکتی ہے، جس پر رد عمل دیتے ہوئے میں نے کہا کہ ’میں اس حادثے کا کسی کو نہیں بتاؤں گی‘۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون نے گھر پہنچنے کے بعد اپنے عزیز کو واقعے سے آگاہ کیا اور پولیس اسٹیشن میں جنسی زیادتی کی رپورٹ درج کروائی۔

    گلف نیوز کا کہنا ہے کہ ملزم نے عدالت کے سامنے جنسی زیادتی کے الزامات کو مسترد کردیا، جس کے بعد جج نے عدالت کی کارروائی 23 جون تک ملتوی کردی۔

  • متعصب امریکی شہری نے ہجوم کو مسلمان سمجھ کر گاڑی تلے روند دیا

    متعصب امریکی شہری نے ہجوم کو مسلمان سمجھ کر گاڑی تلے روند دیا

    واشنگٹن : امریکا میں ایک شخص نے سڑک کنارے کھڑے لوگوں کو مسلمان سمجھ کر گاڑی سے کچل دیا۔ واقعے میں 8 افراد زخمی ہوئے،جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں اسلام مخالف نظریات کے حامل متعصب شخص میں ہجوم کو مسلمان تصویر کرکے گاڑی تلے روند دیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    امریکی پولیس نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ واقعے میں 8 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    سان فرانسسکو کے قریب پیش آنے والے اس حادثے پر پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کو لوگوں کے حلیے سے یہ لگا تھا کہ یہ لوگ مسلمان ہیں، جس پر اس نے اپنی گاڑی چڑھا دی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کا تعلق کیلی فورنیا سے ہے، جب کہ اس کی عمر 34 سال اور نام پیپلز ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا تھا کہ یہ کیس ایک نفرت پر مبنی جرم ہے، ملزم پیپلز نے مسلمانوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا تھا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے تین افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جس میں باپ، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں، واقعہ کے فوری بعد متاثرہ افراد کی شناخت اور شہریت سے متعلق کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔

    دوسری جانب پیپلز کے وکیل کا کہنا تھا کہ حادثے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ ایک ذہنی بیماری کے نتیجے میں ہوا ہے اور اس کیلئے اس کا علاج کیا جائے گا۔

    پیپلز کے وکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ سابق اہل کار ہے اور شاید یہ ہی وجہ ہوسکتی ہے کہ وہ ذہنی طور پر کسی دباؤ کا شکار ہو۔

  • اٹلی میں ڈرائیور نے بچوں سے بھری اسکول وین کو آگ لگا دی

    اٹلی میں ڈرائیور نے بچوں سے بھری اسکول وین کو آگ لگا دی

    روم: یورپی ملک اٹلی میں ڈرائیور نے اسکول کے 51 طالب علموں سے بھری بس کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں 12 بچے جھلس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر میلان کے قرب اسکول وین ڈرائیور نے بچوں سے بھری بس کو آگ لگا دی، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم 12 طالب علم معمولی زخمی ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے پہلے بچوں کو چاقو دکھاکر ڈرانے کی کوشش کی، لیکن پولیس کو پیچھے آتا دیکھ کر اس نے بس پر آتشگیر مادہ چھڑک کر آگ لگا دی۔

    پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچوں کو بس کے شیشے توڑ کا بحفاظت نکالا، جبکہ اس دوران بارہ بچے جھلس کر معمولی زخمی ہوئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 47 سالہ بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فوری کارروائی نہ کی جاتی تو بہت برا سانحہ ہوجاتا، اور درجنوں بچے لقمہ اجل بن جاتے۔

    گرفتار ملزم اسکول کے بچوں کو غیرنصابی سرگرمیوں کے سلسلے میں میلے میں لےجارہا تھا کہ اسی دوران اس نے معصوم بچوں کی جان لینے کی کوشش کی۔

    خیال رہے کہ ڈرائیور کے خلاف ماضی میں بھی جرائم میں ملوث ہونے کے مقدمات درج ہیں، نشے میں دھت گاڑی چلانے پر جرمانہ بھی ہوچکا ہے۔