Tag: driving

  • کمر کے درد سے نجات وہ بھی بغیر دوا کے، لیکن کیسے؟

    کمر کے درد سے نجات وہ بھی بغیر دوا کے، لیکن کیسے؟

    کمر کا درد دیگر تکالیف کی عام اقسام میں سے ایک ہے، 80 فیصد بالغ افراد اپنی زندگی کے کسی نہ کسی حصے میں اس کمر درد کا سامنا کرتے ہیں جس کی وجوہات مختلف ہوتی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں یوگا تھراپسٹ عائشہ خان نے کمر کے درد سے نجات کیلئے مؤثر اور کارآمد طریقے بیان کیے جو اس درد سے متاثرہ افراد کیلئے بےحد مفید ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ کئی وجوہات کی بنا پر بیٹھنے یا جھکنے سے آپ کی کمر میں درد ہو سکتا ہے، یہ وجوہات مختلف ہو سکتی ہیں، کمر کے درد کی شدت اور ان پوزیشنوں پر منحصر ہے جن میں آپ خود کو رکھتے ہیں، کچھ معاملات میں، لوگ کمر کے نچلے حصے میں درد اور تکلیف کی وجہ سے اٹھنے بیٹھنے سے قاصر ہو سکتے ہیں۔

    عائشہ خان نے کہا کہ اکثر گاڑی چلاتے ہوئے یا بیٹھنے اور جھکنے پر کمر کے نچلے حصے میں درد کسی بھی شخص کے طرز زندگی پر برا اثر ڈال سکتا ہے اور روز مرہ کے کاموں کو انجام دینے میں رکاوٹ کا باعث بھی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گاڑی چلاتے ہوئے زیادہ تر زور ڈرائیور کی کمر پر پڑتا ہے، لہٰذا کوشش کرنی چاہیے کہ کار چلائیں یا موٹر سائیکل کمر کو بلکل سیدھا رکھیں، اس موقع پر انہوں نے کچھ کارآمد ورزشیں بھی بتائیں۔

  • گاڑی کے بریکس فیل ہونے پر جان کیسے بچائی جائے؟

    گاڑی کے بریکس فیل ہونے پر جان کیسے بچائی جائے؟

    ڈرائیونگ ایک بہت ذمہ داری کا کام ہے جو نہ صرف خود ڈرائیور کی بلکہ گاڑی میں موجود اور آس پاس کے دیگر افراد کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال سکتی ہے، کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے گاڑی کی مناسب دیکھ بھال بہت ضرورت ہے۔

    اگر کبھی تیز رفتار سفر کے دوران اچانک بریک کا پیڈل دبایا جائے اور گاڑی کی رفتار کم نہ ہو یعنی بریک فیل ہوچکے ہوں تو کیا کرنا چاہیئے؟

    اس کا جواب ویب سائٹ ٹاپ ڈرائیور کے ایک مضمون میں دیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ ایسی صورت میں کیا کرنا اور کیا نہیں کرنا چاہیئے۔

    اگر گاڑی کی بریکس کام چھوڑ چکی ہیں تو اس صورت میں اسے محفوظ طور پر روکنے کے لیے ماہرین کچھ چیزوں سے بچنے کا مشورہ دیتے ہیں جو یہ ہیں۔

    حواس قابو میں رکھیں

    یہ علم ہوتے ہی کہ بریکس کام نہیں کر رہیں، اگلے چند لمحے بہت اہم ہوتے ہیں جن کو درست طور پر مینیج کیا جائے تو گاڑی کے محفوظ طور پر رک جانے کے 100 فیصد تک امکانات ہو سکتے ہیں جبکہ دوسری صورت میں حادثہ ہو سکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس موقع پر گھبرانا قطعاً نہیں چاہیئے اور اپنے حواس کو قابو میں رکھیں۔

    یکدم سپیڈ کم کرنے کی کوشش نہ کریں

    بریکس کے فیل ہونے کا پتہ چلتے ہی ڈرائیور گاڑی کی رفتار کم کرنا چاہے گا اور یہ درست بھی ہے، تاہم یکدم چوتھے سے پہلے گیئر میں جانا خطرناک ہو سکتا ہے۔

    اس سے گاڑی پر آپ کا کنٹرول متاثر ہو سکتا ہے اور وہ حادثے کا شکار ہو سکتی ہے اس لیے مرحلہ وار رفتار آہستہ کریں۔

    ریورس گیئر نہ لگائیں

    بریکس کے کام چھوڑنے کے بعد قطعاً گاڑی کو ریورس گیئر میں مت ڈالیں کیونکہ اس کی وجہ سے پیچھے سے آنے والی گاڑی سے حادثہ ہو سکتا ہے، ایکسلیٹر کا استعمال ترک کر دیں اور صرف کلچ استعمال کریں۔

    گاڑی بند مت کریں

    اگر چلتی ہوئی گاڑی کو بند کرنے کی کوشش کی جائے تو اس سے وہ بری طرح ڈول جائے گی، اس سے پاور سٹیئرنگ غیر فعال یا لاک بھی ہو سکتا ہے جس کے بعد گاڑی پر آپ کا کنٹرول متاثر ہو سکتا ہے اور صورت حال خرابی کی طرف جا سکتی ہے اسی طرح نیوٹرل کیے جانے پر بھی گاڑی بے قابو ہو سکتی ہے۔

    یکدم ایمرجنسی بریک نہ لگائیں

    ایسی صورت میں ڈرائیور اکثر ایمرجنسی بریک کی طرف جانے کا سوچتا ہے مگر یہ بھی یکدم نہیں لگانی چاہیئے بلکہ اس سے قبل رفتار کم کی جائے، یکدم ایمرجنسی بریک لگانے سے گاڑی بے قابو ہو سکتی ہے۔

    ماہرین جہاں کچھ باتوں سے بچنے کا مشورہ دیتے ہیں وہیں کچھ کام کرنے پر بھی زور دیتے ہیں جن کی بدولت حادثے کا شکار ہوئے بغیر گاڑی کو روکا جا سکتا ہے۔

    ہنگامی لائٹس اور ہارن

    ہنگامی لائٹس آن کر لیں اور ہارن کا بار بار استعمال کریں، اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ ارد گرد چلنے والی گاڑیوں کو ہنگامی صورتحال کا اندازہ ہو جائے گا اور وہ آپ کے لیے راستہ چھوڑتی رہیں گی۔

    آہستہ آہستہ رفتار کم کریں

    ماہرین کے مطابق اگر گاڑی میں کروز کنٹرول ہے اور وہ آن ہے تو اسے آف کر دیں، اس کے بعد رفتار کو آہستگی سے کم کریں۔

    بریک پیڈل کو دباتے رہیں

    آج کل کچھ جدید گاڑیوں میں ڈبل بریکنگ سسٹم ہوتا ہے جو اگلے اور پچھلے پہیوں کی بریکس کو کنٹرول کرتا ہے، اس لیے بریک پیڈل کو دباتے رہنے کی صورت میں رفتار کم ہونے میں مدد ملتی ہے۔

    تاہم یہ طریقہ تبھی کارگر ہوگا جب دونوں بریکس سسٹم مکمل طور پر فیل نہ ہو چکے ہوں۔

    ایمرجنسی بریک

    ایمرجنسی بریک سسٹم آپ کو فوری طور پر نہیں روکے گا تاہم اس کی بدولت رفتار میں کافی کمی آجائے گی۔ ایمرجنسی بریک کا استعمال احتیاط سے کریں اور یقینی بنائیں کہ اس سے پہلے کافی حد تک رفتار کم ہو چکی ہے اور اس وقت آپ حواس باختہ نہ ہوں اور صورت حال آپ کے کنٹرول میں ہو۔

    گارڈ ریلز

    یہ گاڑی روکنے کا آخری طریقہ ہے جو صرف اس صورت میں اپنایا جائے جب اوپر بتائے گئے تمام طریقوں سے بات نہ بن پائے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جب کوئی بھی طریقہ کارگر ثابت نہ ہو اور گاڑی کی رفتار بھی کم نہ ہو رہی تو اس صورت میں گاڑی کو ڈیوائیڈر یا گارڈ ریلز کے ساتھ رگڑنا شروع کر دیں اس سے رفتار کم ہوگی اور گاڑی رک بھی جائے گی۔

    یاد رکھیں گاڑی جتنی بھی قیمتی ہو آپ کی جان سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔

    بریکس فیل ہونے کی نشانیاں

    گاڑی کی بریکس جب کام کرنا چھوڑ دیتی ہیں تو گاڑی میں کچھ نشانیاں ظاہر ہوتی ہیں جن میں یہ بھی شامل ہے کہ پیڈل دبانے پر آواز پیدا ہو اور بریک کی تار ٹوٹ جاتی ہے۔

    بریک فیل ہونے کی وجوہات میں سلنڈر کا لیک ہونا بھی شامل ہے جس سے بریک آئل رسنا شروع کر دیتا ہے اور بریک لگانے کے لیے جو مطلوبہ پریشر درکار ہوتا ہے وہ نہیں ملتا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ وقتاً فوقتاً بریکس اور آئل چیک کرواتے رہنا چاہیئے۔

  • سوئے ہوئے ملازم کی غفلت سے گودام میں خوفناک حادثہ، ویڈیو دیکھیں

    سوئے ہوئے ملازم کی غفلت سے گودام میں خوفناک حادثہ، ویڈیو دیکھیں

    غنودگی میں ڈرائیونگ کرنا ایک خطرناک عمل ہے جو ڈرائیور کے ساتھ کئی افراد کی جان لے سکتا ہے، لیکن اگر آپ یہ سوچتے ہیں کہ ایسی احتیاط صرف کسی مصروف شاہراہ یا ہائی وے پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے کرنی چاہیئے تو آپ غلط ہیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کسی بند اور بظاہر محفوظ جگہ کے اندر بھی غیر محتاط ڈرائیونگ کرنا کس قدر نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

    ویڈیو ایک گودام کی ہے جس میں ایک ملازم موٹر کارٹ کو ڈرائیو کرتا ہوا لے جارہا ہے، لیکن شاید اسے نیند آرہی ہے تبھی اس نے اپنا سر اسٹیئرنگ وہیل پر رکھا ہوا ہے۔

    اس کی اس لاپرواہی کا نتیجہ فوراً سامنے آجاتا ہے، موٹر کارٹ دیوار کے ساتھ رکھے ریک سے ٹکراتی ہے اور ریک پر رکھا سامان دھڑا دھڑ نیچے گرنے لگتا ہے۔

    گوادم کا ملازم چند سیکنڈ کے وقفے سے بال بال بچتا ہے اور بھاگ کر دور ہٹتا ہے، پیچھے ایک اور ملازم موجود ہے اس کی طرف بھی سامان گرنے لگتا ہے تو وہ بھی بھاگ کر اپنی جان بچاتا ہے۔

    ٹویٹر پر اس ویڈیو کو ہزاروں بار دیکھا گیا، کئی صارفین کا کہنا تھا کہ بیچارہ ملازم نیند میں تھا اور اس غلطی کی وجہ سے وہ لازماً اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔

  • ڈرائیونگ کرتے ہوئے ان باتوں کا خیال رکھیں

    ڈرائیونگ کرتے ہوئے ان باتوں کا خیال رکھیں

    ڈرائیونگ کرنا بہت ذمہ داری کا کام ہے جس میں ذرا سی بد احتیاطی ڈرائیور اور گاڑی میں بیٹھے افراد سمیت سڑک پر موجود لوگوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

    ماہرین نے ان عام عناصر کی نشاندہی کی ہے جن سے نہ صرف گاڑی کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ جانی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔

    تھکاوٹ

    اگر آپ جسمانی طور پر اچھا محسوس نہیں کر رہے یا تھکاوٹ کا شکار ہیں تو اس صورت میں کبھی ڈرائیونگ سیٹ پر نہ بیٹھیں۔

    اگر آپ کے جسم کو آرام کی ضرورت ہے تو آرام کیجیئے، اگر ایسی صورتحال کا سامنا راستے کے درمیان کرنا پڑ گیا ہے تو بھی گاڑی روک دیں اور آرام کریں کیونکہ اس کے بعد آپ اپنی منزل پر پہنچ جائیں گے ورنہ دوسری صورت میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

    تیز رفتاری

    ماہرین تیز رفتاری سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیتے ہیں اور جس سڑک پر آپ سفر کر رہے ہیں اس کے لیے مقررہ معیار کی پابندی کرنے پر بھی زور دیتے ہیں۔

    مناسب جوتے

    ہوائی چپل یا عام طور پر باتھ روم وغیرہ میں استعمال ہونے والی جوتی میں گاڑی چلانا خطرناک ہو سکتا ہے، اسی طرح ننگے پاؤں تو قطعی گاڑی چلانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیئے۔

    ماہرین کہتے ہیں کہ مناسب جوتے پہن کر گاڑی چلائی جائے، وہ بوٹ بھی ہو سکتے ہیں اور سینڈل بھی، تاہم ڈھیلے ڈھالے یا پیر کے سائز سے بڑے یا چھوٹے جوتے استعمال کرنے سے گریز کریں۔

    جارحانہ ڈرائیونگ

    ایسا عموماً اس وقت ہوتا ہے جب ڈرائیور کو کسی بات پر غصہ آجائے، ایسا کسی دوسرے ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے یا پھر اس کا سبب کچھ اور بھی ہو سکتا ہے۔

    ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ غصے کی حالت میں ڈرائیونگ نہ کریں، اگر بیچ ڈرائیونگ ایسا ہو گیا ہے تو گاڑی روک دیں اور خود کو پرسکون کریں، اس طرح دوسری گاڑیوں سے مقابلہ کرنے کی بھی کوشش نہ کریں۔

    سیٹ بیلٹ

    سیٹ بیلٹ کی اہمیت مسلمہ ہے، حادثے کی صورت میں اس کی بدولت جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔

    ہیڈ فون کا استعمال

    سفر خصوصاً لمبے سفر کے دوران موسیقی کا سنا جانا کوئی انہونی بات نہیں ہے، اور یہ زیادہ قابل اعتراض بھی نہیں ہے تاہم اس کے لیے ہیڈ فون کا استعمال کرنا زیادہ اچھی بات نہیں ہے۔

    ہیڈ فون کے ذریعے موسیقی سنتے ہوئے آپ کی توجہ بٹتی ہے اور باہر کی آوازیں بھی درست طور پر سنائی نہیں دیتیں، جیسا کہ کسی دوسری گاڑی کا ہارن وغیرہ، اس لیے کوشش کی جانی چاہیئے کہ اگر موسیقی سننا بھی ہے تو کھلے اسپیکر سے سنی جائے۔

    خراب موسم میں لاپرواہی

    ویسے تو ڈرائیونگ ہمیشہ ضوابط کے مطابق کرنی چاہیئے تاہم موسم بدلنے پر ان کی حساسیت بڑھ جاتی ہے۔

    اگر تیز بارش شروع ہو گئی ہے تو اس وقت زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے، رفتار کم رکھنے کے ساتھ ساتھ ارد گرد پر بھی نظر رکھیں۔

    اسی طرح انتہائی صاف چمکتے سورج کے مقابل یا برف باری میں ڈرائیونگ کے دوران بھی کچھ مزید احتیاط کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

  • کویت: 8 ہزار غیر ملکیوں کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ

    کویت: 8 ہزار غیر ملکیوں کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ

    کویت سٹی: کویت میں 8 ہزار غیر ملکیوں کے ڈرائیونگ لائسنس ضبط کر لیے گئے، کویت میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے سخت اصول مقرر کیے گئے ہیں۔

    کویت کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک نے انکشاف کیا کہ اس سال کی پہلی ششماہی میں غیر ملکیوں کے 8 ہزار 600 ڈرائیونگ لائسنس واپس لے لیے گئے کیونکہ وہ غیر ملکی انہیں لینے کی شرائط پر پورا نہیں اترتے تھے، اس کے علاوہ کویتی شہریوں کے 50 ڈرائیونگ لائسنس ان کی بصری یا ذہنی معذوری کی وجہ سے بلاک کیے گئے۔

    ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے تنخواہ، پیشہ اور یونیورسٹی کی ڈگری جیسی شرائط کے طور پر ہزاروں ڈرائیونگ لائسنس واپس لے لیے گئے لیکن ملازمت کا عنوان تبدیل کرنے اور تنخواہ کم کرنے کے بعد لائسنس خود بخود واپس لے لیے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کو مزید سخت کرنے اور کویت ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے تمام شرائط پوری کرنے والوں کو محدود کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزارتوں کے درمیان نظام کو آپس میں جوڑنے اور ڈیٹا کے اشتراک نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے ہیرا پھیری کو کم کرنے میں بہت زیادہ تعاون کیا ہے۔

    اس کے علاوہ وہ لوگ جنہوں نے پہلے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے تھے اور اپنے پیشے تبدیل کرتے ہوئے حالات کا استحصال کیا، وزارت کا خود کار نظام تمام ڈرائیونگ لائسنسوں کا جائزہ لیتا ہے جو غیر ملکیوں کو دیے گئے تھے۔

    محکمہ ٹریفک نے اپنی تعلیم مکمل کرنے والے غیر ملکی طلبا کے ڈرائیونگ لائسنس بلاک کر دیے ہیں، نیز گھریلو ملازمین جو کفیلوں سے مفرور تھے اور ہوم ڈیلیوری کے طور پر کام کرتے ہیں ان کے ڈرائیونگ لائسنس بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

    خود کار نظاموں کی وجہ سے اسے حاصل کرنا یا اس کی تجدید کرنا مشکل ہوگیا ہے، محکمہ ٹریفک باقاعدہ حفاظتی مہم چلاتا ہے جہاں وہ ان ڈرائیونگ لائسنسوں کو بلاک کرنے یا منسوخ کرنے کے لیے ایپلی کیشن کا استعمال کرتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک اور آپریشنز کے انڈر سیکریٹری میجر جنرل جمال الصایغ نے ہدایت دی کہ غیر ملکیوں کو ڈرائیونگ لائسنس دینے میں نرمی نہ برتی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وزارت کی طرف سے مقرر کردہ تمام شرائط جیسے ملازمت کا عنوان، پیشہ، تنخواہ، یونیورسٹی کی ڈگری اور اپنے ملک میں ڈرائیور کا لائسنس کو پورا کیا جائے۔

    ان اقدامات کی وجہ سے موجودہ سال میں غیر ملکیوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے میں 50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

    یاد رہے کہ کویت میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے کیے جانے والے ڈرائیونگ ٹیسٹ نہایت سخت ہوتے ہیں، جبکہ لائسنس صرف ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جو تھیوری اور پریکٹیکل ٹیسٹ پاس کرتے ہیں تاکہ ڈرائیور اور سڑک پر گاڑی چلانے والے دیگر افراد کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • گاڑی میں مگر مچھ لے کر گھومنے والا شخص گرفتار

    گاڑی میں مگر مچھ لے کر گھومنے والا شخص گرفتار

    امریکا میں ایک شخص کو گاڑی میں مگر مچھ لے کر گھومنے پر گرفتار کرلیا گیا، مگر مچھ کا منہ سیاہ ٹیپ سے باندھا گیا تھا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پیش آیا، پولیس کو ایک گاڑی کے بارے میں اطلاع ملی کہ اس کا ڈرائیور ممکنہ طور پر نشے میں ہے۔

    پولیس نے گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی تو ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب انہوں نے اس کے اندر مگر مچھ کا ایک بچہ دیکھا۔

    مگر مچھ پچھلی مسافر سیٹ کے فرش پر تھا اور اس کا منہ سیاہ ٹیپ سے باندھا گیا تھا۔

    گاڑی کے ڈرائیور 29 سالہ ٹیلر واٹسن نے کہا کہ یہ مگر مچھ اس کے دوست کا تھا جو پچھلے ہفتے سے پولیس کی حراست میں ہے۔

    پولیس نے کیلی فورنیا ڈپارٹمنٹ آف فش اینڈ وائلڈ لائف کو طلب کیا جنہوں نے آ کر مگر مچھ کے بچے کو احتیاط سے اپنی تحویل میں لے لیا۔

    29 سالہ ڈرائیور کو بھی پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا، وہ پہلے ہی ایک معمولی نوعیت کے جرم کے بعد اپنے پروبیشن پر تھا اور اب اس پر مزید الزامات عائد کردیے گئے ہیں۔

  • سعودی عرب: سست رفتار ڈرائیونگ پر جرمانہ ہوگا

    سعودی عرب: سست رفتار ڈرائیونگ پر جرمانہ ہوگا

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے اہم ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہوں پر سست رفتار ڈرائیونگ سے گریز کریں، ایسا کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے اور سست رفتار ڈرائیونگ پر احتساب ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیوروں کو خبردار کیا ہے کہ شاہراہوں پر سست رفتار ڈرائیونگ سے گریز کریں، شاہراہوں پر سست رفتاری سے ٹریفک معطل ہوتی ہے اور حادثات کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے اور سست رفتار ڈرائیونگ پر احتساب ہوگا۔

    محکمے کی جانب سے کہا گیا کہ شاہراہوں اور سڑکوں پر سست رفتار ڈرائیونگ پر 100 سے ڈیڑھ سو ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ بعض لوگ شاہراہوں اور سڑکوں سے گزرتے وقت رک کر باتیں کرنے لگتے ہیں، ایک ڈرائیور دوسرے ڈرائیور سے راستہ دریافت کرنے لگتا ہے یا سڑک پر رونما ہونے والے حادثے کو دیکھنے لگتے ہیں، یہ سب کچھ منع ہے۔

    محکمے کے مطابق سڑکوں اور شاہراہوں پر ایسا کرنے کی قطعاً اجازت نہیں ہے۔

  • سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول

    سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول

    ریاض: سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کھول دیا گیا۔ اکیڈمی میں 100 فیصد عملہ سعودی شہریوں پر مشتمل ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی ریجن کے شہر الاحسا میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کھولا گیا ہے۔

    اسکول کو ’ایسٹرن پراونس ڈرائیونگ اکیڈمی‘ کا نام دیا گیا ہے، اسکول کی افتتاحی تقریب میں گورنر شہزادہ سعود بن نائف اور الاحسا کے کمشنر شہزادہ بن جلوی موجود تھے۔

    ڈرائیونگ اکیڈمی کی عمارت 3 ہزار 500 مربع میٹر کے رقبے میں تعمیر کی گئی ہے جبکہ ٹریننگ کا میدان 50 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اکیڈمی کو 115 گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جبکہ 11 انٹرا ایکٹو سمیلیٹر مہیا کیے گئے ہیں۔ ان کی مدد سے مشرقی ریجن کی خواتین حقیقی ڈرائیونگ کا تجربہ کریں گی۔

    اکیڈمی میں پانچ اسمارٹ کلاسیں کھولی گئی ہیں۔ ایک کلینک، انٹرنیٹ کے ذریعے امتحان کا کمرہ، کانفرنس ہال اور رابطہ مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔

    الاحسا میں قائم کی جانے والی اس لیڈیز ڈرائیونگ اکیڈمی کو ایک اعزاز یہ بھی حاصل ہے کہ یہاں 100 فیصد عملہ سعودی شہریوں پر مشتمل ہے۔ اس کی سرپرستی آرامکو کمپنی کر رہی ہے۔

    آرامکو کے چیئرمین انجینیئر امین الناصر کا کہنا ہے کہ خادم حرمین شریفین نے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت کا تاریخی فرمان جاری کر کے لاکھوں سعودی خواتین اور لڑکیوں کے لیے ترقی کے امکانات روشن کردیے۔

    ان کے مطابق اس کی بدولت یہ خواتین اپنے قدموں پر کھڑی ہو رہی ہیں۔ اس فیصلے کا سعودی معیشت، ترقی اور کاروبار کے ماحول پر بڑا خوشگوار اثر مرتب ہو رہا ہے۔

  • امریکی شہری کا بیوی کے پاس جانے انکار، جیل جانے کو ترجیج، آخر وجہ کیا ہوئی؟

    امریکی شہری کا بیوی کے پاس جانے انکار، جیل جانے کو ترجیج، آخر وجہ کیا ہوئی؟

    واشنگٹن : امریکی شہری نے بیوی کے ظلم سے بچنے کے لیے جیل جانا بہتر سمجھا اور پولیس کو مجبور کیا کہ وہ اسے گرفتار کرلے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست فلوریڈا میں عجیب واقعہ پیش آیا جب ایک 70 سالہ بوڑھے شخص لیونارڈ اولسن نے بیوی کی قید سے پولیس کی قید میں جانے کو ترجیح دی۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے گزشتہ ہفتے مذکورہ شخص کو گرفتار کیا تھا جو شہر کی مصروف ترین شاہراہ پر گاڑی کی کھلی چھت سے باہر نکل کر کرتب دکھا رہا تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بزرگ شہری کی مذکورہ حرکت کو شاہراہ پر چلنے والے متعدد افراد اپنے کیمروں میں قید کیا، واقعے کے عینی شاہدوں میں ایک پولیس افسر بھی موجود ہے جو اپنے ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے کے بعد اپنے گھر جارہے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے اولسن سے واقعے کے متعلق سوال کیا تو بزرگ شہری سے صحت جرم سے انکار کردیا تاہم بعدازاں ویڈیو شواہد کی موجودگی کا سن کر کہا کہ وہ ایسی حرکت اس لیے کررہا تھا کہ تاکہ اسے گھر نہ جانا پڑے۔

    اولسن نے پولیس کو بیان دیا کہ اس کی بیوی اس کے ساتھ نوکروں جیسا سلوک کرتی ہے کیوں کہ وہ گھر کی مالکن ہے، اسی لیے وہ بیوی کے گھر جانے سے جیل جانا زیادہ بہتر سمجھتا ہوں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے اولسن کے بیانات قلم بند کرنے بعد 70 سالہ شہری کو تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے جرم میں جیل بھیج دیا۔

  • سعودی حکام نے 70 ہزار خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کردئیے

    سعودی حکام نے 70 ہزار خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کردئیے

    ریاض : سعودی حکام کی جانب سے خواتین کو ڈرائیونگ کی آزادی دینے کے بعد سے ابتک 70 ہزار سعودی خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جاچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں خواتین کو مختلف ڈرائیونگ سمیت مختلف شعبوں میں محمد بن سلمان کے وژن 2030 تحت دی گئی آزادی کے بعد سے سعودی خواتین مختلف شعبوں میں اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت خواتین پر عائد ڈرائیونگ کی پانبدی 24 جون 2018 کو ختم کرنے کے بعد سے اب تک تقریباً ستر ہزار خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء کرچکی ہے۔

    عرب میڈیا کہنا ہے کہ سعودی خواتین نے ثابت کردیا کہ وہ بہترین ڈرائیور ہیں اور ان کی طرف سے کی گئی خلاف ورزیوں ابھی تک عوام کی جان کو خطرہ نہیں ہے۔

    محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد البسامی نے القاسم یونیورسٹی میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کی افتتاحی تقریب کے دوران کہا کہ مجھے فخر ہے کہ سعودی مرد و خواتین مملکت کی تعمیر و ترقی کےلیے صبح و شام محنت کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : عدوا الدخیل سعودی عرب کی پہلی خاتون پائلٹ بن گئیں

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ اسکول میں 40 خواتین انسٹرکٹر کو رکھا گیا ہے جو 55 ہزار اسکوائر میٹر پر پھیلے اسکول میں سعودی خواتین کو ڈرائیونگ سکھائیں گی۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ القاسم یونیورسٹی میں بنایا گیا اسکول خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا اور سعودی عرب میں 17 واں اسکول ہے۔