Tag: Driving license

  • ایسی برانچ جہاں آپ سہولت کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتے ہیں، ویڈیو رپورٹ

    ایسی برانچ جہاں آپ سہولت کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتے ہیں، ویڈیو رپورٹ

    کراچی میں لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے والے شہریوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی خصوصی مہم کے بعد ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق شہر میں تقریبآ 90 لاکھ سے ایک کروڑ تک گاڑیاں اور موٹر سایئکلیں ہیں مگر صرف 40 فی صد لوگوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہیں۔

    کراچی کے علاقے ناظم آباد میں قائم واحد ڈرائیونگ لائسنس برانچ، جس کی حدود میں 400 گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہے، پورے شہر سے لائسنس بنانے کے خواہش مند افراد ہر طرح کی سہولیات کی دستیابی کی وجہ سے اس برانچ میں آنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

    اس برانچ میں چار سو گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہے، یہ سہولت شہر کی کسی جگہ میسر نہیں ہے، اور یہ برانچ ڈرائیونگ لائسنس کے ایجنٹ مافیا سے بھی پاک ہے۔ یہاں پورے نظام کو شفاف بنایا گیا ہے، اور سارے کاؤنٹرز کو سی سی ٹی وی کیمروں سے لیس کیا گیا ہے۔

    خواتین ٹریفک وارڈنز نے مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کی ٹھان لی، ویڈیو رپورٹ

    ناظم آباد برانچ کے انچارج ڈی ایس پی اعجاز قائم خانی کا کہنا ہے کہ اس برانچ میں لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں کی سہولت کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، ان کی رہنمائی کے لیے تمام جگہوں پر سائن بورڈ آویزاں کیے گئے ہیں۔

    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • سعودی عرب : ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے غیرملکیوں کیلئے بڑی خبر

    سعودی عرب : ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے غیرملکیوں کیلئے بڑی خبر

    ریاض : سعودی عرب کے ٹریفک پولیس حکام نے کہا ہے کہ ڈرائیور کے ویزے پر آنے والے غیر ملکی کارکنوں کو اپنے ملک کے ڈرائیونگ لائسنس پر مشروط ڈرائیونگ کرنے کی اجازت ہوگی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق سعودی ٹریفک حکام نے غیر ملکی ڈرائیوروں کی سہولت کیلئے قواعد و ضوابط کا اعلان کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ وہ تارکین وطن ڈرائیورجو پہلی بار نئے ویزے پر یہاں آتے ہیں انہیں یہاں کے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں کافی وقت درکار ہوتا ہے۔

    اسی صورتحال کے پیش نظر انہیں یہ ہدایات دی جاتی ہے کہ ان کے ملک سے جاری کیا گیا ڈرائیونگ لائسنس کا مملکت میں قابل قبول ہونا ضروری ہے جو یہاں کے ضوابط کے مطابق جاری کرایا گیا ہو۔

    ادارہ ٹریفک پولیس کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی ڈرائیورز کے لیے عارضی طورپر اپنے ملک کے ڈرائیونگ لائسنس کا مصدقہ ترجمہ کرانا ہوگا۔

    اپنے ملک کے ڈرائیونگ لائسنس پر غیرملکی کارکن کو مملکت میں 3 ماہ سے زیادہ ڈرائیونگ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس دوران انہیں مملکت کا ڈرائیونگ لائسنس لازمی طورپر جاری کرانا ہوگا۔

     

  • وائرل ویڈیو: ڈرائیونگ لائسنس معطلی کے ملزم کی ویڈیو لنک پیشی پر ناقابل یقین حرکت

    وائرل ویڈیو: ڈرائیونگ لائسنس معطلی کے ملزم کی ویڈیو لنک پیشی پر ناقابل یقین حرکت

    مشیگن: امریکی ریاست مشیگن میں ایک ملزم کی عدالت پیشی کے موقع پر ایک ایسا واقع پیش آیا، جس نے نہ صرف جج بلکہ پوری عدالت کو ششدر کر کے رکھ دیا، اس واقعے کی وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا کو بھی حیران کر دیا۔

    امریکی ہفتہ وار میگزین پیپل میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق مشیگن میں ایک جج اس وقت حیران رہ گیا جب معطل شدہ لائسنس والے شہری نے زوم کے ذریعے ورچوئل کورٹ کی سماعت میں کار چلاتے ہوئے شرکت کی۔ جج نے اس حرکت پر ملزم کو پولیس اسٹیشن جا کر اپنی گرفتاری پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

    15 مئی کو این ہاربر کی عدالت میں سماعت کے دوران جیسے ہی کوری ہیرس نامی ملزم ویڈیو کال کے ذریعے عدالتی کارروائی کا حصہ بنا تو ڈسٹرکٹ جج نے اندازہ لگایا کہ اُس نے سیٹ بیلٹ پہنی ہوئی ہے، جس کے بعد جج نے حیران ہو کر پوچھا کہ کیا آپ ڈرائیو کر رہے ہیں؟

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نے جواب دیا کہ دراصل میں اپنے ڈاکٹر کے پاس جا رہا ہوں، مجھے صرف ایک سیکنڈ دیں، میں ابھی گاڑی پارک کر رہا ہوں۔ ملزم کے جواب نے جج کو حیران کر دیا، جب کہ کمرۂ عدالت میں موجود دیگر لوگوں کو بھی اپنی ہنسی روکنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

    ملزم کے پبلک ڈیفنڈر نے عدالت کو بتایا کہ اس کا مؤکل زوم کے ذریعے حاضر ہوگا، تاہم جب کوری ہیرس نے کال جوائن کی، تو معلوم ہوا کہ وہ چلتی گاڑی میں تھا، کوری ہیرس نے ایک ہاتھ سے فون پکڑ رکھا تھا اور دوسرے سے گاڑی چلا رہا تھا۔

    جج سمپسن کی حیرت

    یہ ایسا ناقابل یقین واقعہ تھا کہ جج سمپسن واقعی ششدر رہ گئے، تاہم کوری ہیرس نے جج سمپسن کے الجھے ہوئے اور حیران کن تاثرات کو محسوس نہیں کیا، کیوں کہ وہ پارکنگ میں مصروف تھا، چند سیکنڈ بعد جج نے ہیرس سے پوچھا کہ کیا وہ کہیں ٹھہر گئے ہیں؟ مدعا علیہ نے کہا جی بس روک رہا ہوں، ہاں، اب میں ساکن ہو چکا ہوں۔

    جج ہیرس کی خاتون وکیل سے جب اس حرکت کے سلسلے میں وضاحت طلب کی، تو وکیل نے کیس چار ہفتوں تک کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کر دی، تاہم جج سمپسن نے کہا ’’ٹھیک ہے، لیکن ایسا کچھ ہے جسے میں سمجھا ہی نہیں ہوں، ابھی یہ ڈرائیونگ ہو رہی تھی، حالاں کہ کیس لائسنس معطلی کا ہے، ملزم ڈرائیونگ کر رہا تھا، اور اس کے پاس لائسنس نہیں تھا۔‘‘

    اس کے بعد عدالت میں سناٹا چھا گیا، ایسا لگ رہا تھا کہ زوم کے شرکا میں سے کوئی بھی نہیں جانتا تھا کہ اس موقع پر کیا ردعمل ظاہر کیا جائے۔ جج نے ریمارکس دیے کہ میں اس بات پر حیران ہوں کہ اس نے ایسا کیوں کیا۔ بعد ازاں جج نے ہیرس کی ضمانت منسوخ کر دی، اور حکم دیا کہ مدعا علیہ شام 6 بجے تک اپنے آپ کو واشٹیناؤ کاؤنٹی جیل کے حوالے کر دیں، ناکامی کے نتیجے میں عدالت بغیر ضمانت وارنٹ جاری کرے گی۔

    عدالتی دستاویزات سے معلوم ہوا کہ کوری ہیرس پر اکتوبر 2023 میں معطل شدہ لائسنس کے ساتھ گاڑی چلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر کیس کی سماعت کی یہ وائرل ویڈیو دیکھ کر صارفین بھی حیران رہ گئے۔

  • عرب امارات: اب صرف 2 گھنٹے میں ڈرائیونگ لائسنس تیار ہوگا

    عرب امارات: اب صرف 2 گھنٹے میں ڈرائیونگ لائسنس تیار ہوگا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کے ملکیتی کارڈ صرف 2 گھنٹے میں تیار کرنے کے اقدامات کرلیے گئے۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کا ملکیتی کارڈ صرف 2 گھنٹے میں تیار کر کے گھر بھجوا دیا جائے گا، ابھی یہ سہولت دبئی، ابو ظہبی اور شارجہ میں فراہم ہوگی۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ امارات کے باہر سے رابطہ کرنے والوں کو بین الاقوامی پارسل کی ترسیل کی سہولت بھی دی جائے گی۔

    روڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے مالکان کو ملکیتی کارڈ اور ڈرائیوروں کو لائسنس صرف 2 گھنٹے میں فراہم کر دیا جائے گا۔

    اتھارٹی کے مطابق سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کی ملکیتی دستاویز میں توسیع کے حوالے سے 1 لاکھ 34 ہزار 640 درخواستیں موصول ہوئیں۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ان میں سے 1 لاکھ 7 ہزار 54 گاڑیوں کے ملکیتی کارڈز اور 25 ہزار 500 ڈرائیونگ لائسنس مالکان کو ان کے گھر پہنچائے گئے۔

    اتھارٹی کے مطابق گمشدہ یا تلف ڈرائیونگ لائسنس کی جگہ نیا لائسنس بھی فراہم کیا گیا، ان کی تعداد 939 ریکارڈ کی گئی۔

  • دبئی میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے یہ ہدایات یاد رکھیں

    دبئی میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے یہ ہدایات یاد رکھیں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے ٹریفک حکام نے کہا ہے کہ دبئی میں ڈرائیونگ کا ٹیسٹ دینے والے اکثر افراد ناکام ہوجاتے ہیں لہٰذا ٹیسٹ دینے سے قبل ان ہدایات کو مدنظر رکھا جائے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی میں گذشتہ 2 برسوں کے دوران ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ٹیسٹ میں مقامی و غیر مقامی شہریوں کے ناکام ہونے کے 3 اسباب سامنے آئے ہیں۔

    دبئی محکمہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ پچھلے 2 سالوں کے دوران ڈرائیونگ لائسنس کا امتحان دینے والے بیشتر افراد فیل ہوتے رہے ہیں۔

    دبئی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیونگ لائسنس کےامیدواروں سے کہا ہے کہ وہ ڈرائیونگ ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے ضروری باتوں کا خیال رکھیں، سب سے پہلے پراعتماد رہیں تاہم حد سے زیادہ اعتماد کا مظاہرہ نہ کریں کیونکہ ایسے میں بڑی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔

    محکمہ ٹریفک نے کہا کہ ٹیسٹ دینے والے 3 غلطیاں کرتے رہے ہیں، پہلی غلطی یہ کہ امتحان دیتے وقت ڈرائیور کلچر کا لحاظ نہیں رکھا گیا۔ مثال کے طور پر ٹیسٹ کے وقت حفاظتی بیلٹ کا دھیان رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ عقبی نشست کی سواریوں کے لیے بھی اس بات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    دوسری غلطی یہ کی گئی کہ ٹیسٹ دینے سے قبل آرام کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ٹیسٹ کے وقت امیدوار کی ساری توجہ ڈرائیونگ پر مرکوز رہتی ہے۔

    ناکامی کی تیسری وجہ یہ ہے کہ ڈرائیونگ ٹریک کے درمیان آنے والی ایسی جگہوں سے ناواقفیت، جہاں گاڑی حادثے کا شکار ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ سے گاڑی موڑتے وقت اور ٹریک کی تبدیلی کے وقت غلطیاں ہوتی ہیں۔

    یہ تین بڑے اسباب ہیں جن کی وجہ سے 2 سالوں کے دوران گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے امیدوار اپنا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

    دبئی میں ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ماتحت ڈرائیونگ لائسنس ادارے کے انچارج احمد محبوب نے مشورہ دیا کہ جو افراد ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ ٹیسٹ سے ایک دن قبل خوب اچھی طرح آرام کریں۔

    گاڑی اسٹارٹ کر کے آگے بڑھانے سے قبل دروازے اچھی طرح سے چیک کرلیں کہ وہ بند ہیں یا نہیں، اپنی سیٹ کو اچھی طرح سے سیٹ کرلیں۔

    گاڑی کے شیشوں کو بھی اپنے حساب سے سیٹ کیا جائے۔

    حفاظتی بیلٹ باندھ لیں اور عقبی نشست پر موجود سواریوں کو بھی حفاظتی بیلٹ باندھنے کی ہدایت کریں۔ جس راستے سے چل رہے ہوں وہاں کے لیے مقرر رفتار کی پابندی کریں۔

    حد سے کم رفتار سے گاڑی چلانے سے دیگر ڈرائیوروں کو مشکل پیش آسکتی ہے اور وہ خطرات سے بھی دوچار ہو سکتے ہیں۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سالہ 2019 کے دوران 36 فیصد امیدواروں کو ڈرائیونگ لائسنس ملے جبکہ 2020 میں ان کی شرح بڑھ کر 41 فیصد تک ہوگئی، 2021 میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والوں کی شرح 42 فیصد تک ریکارڈ کی گئی۔

  • سعودی عرب: ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی بنیادی شرائط کون سی ہیں؟

    سعودی عرب: ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی بنیادی شرائط کون سی ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے 7 بنیادی شرائط مقرر کی ہیں۔

    شرائط کے تحت لائسنس کے لیے درخواست گزار کی عمر 18 برس ہو، وہ نشہ کرنے یا نشہ آور اشیا فروخت کرنے کے حوالے سے عدالت سے سزا یافتہ نہ ہو۔

    درخواست گزار جسمانی طور پر فٹ ہو، اس کے لیے ڈرائیونگ کا امتحان پاس کرنا ضروری ہے۔ لائسنس کے لیے فیس ادا کی جائے، اگر پرانے چالان ہوں تو انہیں ادا کیا جائے اور قانونی طور پر مقیم ہو یعنی کارآمد اقامہ رکھتا ہو۔

    مذکورہ بالا بنیادی شرائط ہیں جنہیں ہر صورت میں مکمل کرنا ضروری ہے۔

    ٹریفک پولیس کے قانون کی شق نمبر 36 کے تحت لائٹ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے عمر کی حد 18 جبکہ ہیوی ڈرائیور کے لیے کم از کم 20 برس ہونا لازمی ہے۔

    ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے بنیادی طور پر 2 طریقے ہیں، اپنے ملک کا ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کا لائسنس جلد جاری کیا جاتا ہے جبکہ ایسے افراد جن کے پاس کوئی ڈرائیونگ لائسنس نہ ہو، انہیں ٹریفک پولیس کے منظور شدہ ڈرائیونگ اسکول میں مقررہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد امتحان دینا ہوتا ہے۔

    غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے تارکین وطن

    وہ تارکین وطن جن کے پاس اپنے ملک کا ڈرائیونگ لائسنس ہوتا ہے انہیں چاہیے کہ وہ اس کا عربی میں ترجمہ کروا کر اسے اپنے ملک کے سفارتخانے سے تصدیق کریں۔ بعد ازاں ٹریفک پولیس کے منظور شدہ ڈرائیونگ سکول دلہ کی ویب سائٹ پر رجسٹر کریں اور وہاں سے ڈرائیونگ کا امتحان دیں۔

    امتحان میں پاس ہونے والوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیا جاتا ہے، ایسے افراد جو ٹیسٹ میں پاس نہیں ہوتے انہیں کم از کم 30 گھنٹے کی تربیت دی جاتی ہے جو تین گھنٹہ فی یوم کے حساب سے ہوتی ہے۔

    ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے والے غیر ملکی

    وہ افراد جو غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس نہیں رکھتے، ان کے لیے ڈرائیونگ اسکول میں رجسٹریشن کر کے 90 گھنٹے کی ٹریننگ حاصل کرنا لازمی ہے۔ یہ 30 دن پر محیط ہے اور 3 گھنٹہ یومیہ کے حساب سے ہوتی ہے۔

    ڈرائیونگ کی کلاسز مکمل ہونے کے بعد امتحان سے گزرنا ہوتا ہے جس میں ڈرائیونگ اور ٹریفک سائنز کا ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہے۔

    میڈیکل ٹیسٹ

    ڈرائیونگ ٹیسٹ مکمل کرنے کے بعد میڈیکل ٹیسٹ کے لیے منظور شدہ اسپتال یا طبی مرکز سے سرٹیفیکٹ حاصل کرنا ہوتا ہے، جس میں بلڈ گروپ، آنکھوں کا ٹیسٹ اور جسمانی حالت کا معائنہ کیا جاتا ہے۔

    انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس

    انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے مقررہ درخواست فارم بھر کر 2 عدد تصاویر اور پاسپورٹ کی کاپی دی جاتی ہے اور فیس ادا کرنے کے بعد ادارے سے رجوع کیا جاتا ہے جہاں سے بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔

    انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کسی بھی ٹریول اینڈ ٹور ایجنسی سے جاری کروایا جا سکتا ہے جو اس امر کی مجاز ہو۔

    17 برس کی عمر کے لیے ڈرائیونگ پرمٹ

    قانون کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے لیے عمر کی حد 18 برس مقرر ہے تاہم 17 برس کی عمر کے نوجوانوں کے لیے ایک سال کا ڈرائیونگ پرمٹ جسے تصریح کہا جاتا ہے، بھی جاری کروایا جا سکتا ہے۔

    اس ضمن میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تصریح جاری کروانے کے لیے عمر 17 برس ہونا لازمی ہے اس سے کم نہیں۔

    ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے ڈرائیونگ اسکول میں رجسٹریشن اور میڈیکل سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ مقررہ فارم کے ساتھ 6 تصاویر منسلک کی جائیں گی۔

    غیر ملکیوں کے لیے کارآمد اقامہ ہونا بنیادی شرط ہے۔

    خواتین کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا

    سعودی عرب میں خواتین کو بھی ڈرائیونگ کی اجازت دی جا چکی ہے، اس ضمن میں محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ جو قوانین مردوں کے لیے ہیں وہی خواتین پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔

  • سعودی عرب : تارکین وطن کے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق اہم خبر

    سعودی عرب : تارکین وطن کے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق اہم خبر

    ریاض : سعودی عرب آنے والے غیر ملکیوں کو مملکت آنے کے بعد لائسنس کے حوالے سے کافی مشکلات درپیش ہوتی ہیں جس کیلئے محکمہ ٹریفک نے خاص ہدایات جاری کی ہیں۔

    ادارہ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مملکت آنے والے زائرین ایک برس تک انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس استعمال کرنے کے مجاز ہیں، مذکورہ مدت کے بعد اگر ان کا قیام طویل ہو تو انہیں مقامی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔

    عاجل نیوز کے مطابق ادارہ ٹریفک پولیس کے ٹوئٹر پر ایک شخص کی جانب سے دریافت کیا گیا کہ بیرون ملک سے سعودی عرب آنے والے زائرین جن کے ہمراہ اپنے ملک کا یا انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس ہو وہ کتنی مدت تک کے لیے اسے مملکت میں استعمال کرسکتے ہیں؟

    سوال کے جواب میں ادارہ ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ وزٹ ویزے پرآنے والے زائرین جن کے پاس انٹرنیشنل یا کسی ایسے ملک کا ڈرائیونگ لائسنس ہو جو سعودی عرب میں منظورشدہ ہو وہ اسے کارآمد حالت میں ہی استعمال کرسکتے ہیں تاہم مملکت کے آنے کے ایک برس تک انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم اس کا کارآمد ہونا ضروری ہے۔

    ایکسپائرانٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس قابل قبول نہیں ہوگا، ادارہ ٹریفک پولیس کا مزید کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس باقاعدہ منظور شدہ ادارے سے ہی جاری کرایا جائے جو عالمی سطح پر مصدقہ ہو۔

    واضح رہے سعودی عرب میں ٹریفک قوانین میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں جن وزٹرز کو ڈرائیونگ کی اجازت اور کرائے پر گاڑی حاصل کرنے کی بھی سہولت جاری کی گئی ہے۔

  • کویت: ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا طریقہ کار جاری

    کویت: ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا طریقہ کار جاری

    کویت سٹی: کویت کی وزارت داخلہ کی جانب سے ٹریفک قوانین کی کچھ شقوں میں ترمیم کی گئی ہے، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا طریقہ کار بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ شیخ ثامر العلی نے ٹریفک قانون کی کچھ شقوں میں ترمیم کرتے ہوئے ایک فیصلہ جاری کیا ہے۔

    جو ترامیم کی گئی ہیں وہ یہ ہیں۔

    ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی درخواست ڈرائیونگ لائسنس کی میعاد ختم ہونے سے 30 دنوں کے اندر ایک فارم پر جمع کروائی جائے گی۔

    شناخت کا ثبوت (سول شناختی کارڈ)، رہائش کا پتہ ٹریفک کی خلاف ورزی پر جرمانے کا سرٹیفکیٹ منسلک کیا جائے جبکہ غیر ملکیوں کو رہائش کا ثبوت (سول شناختی کارڈ) فراہم کرنا ضروری ہے۔

    لائسنس کی تجدید مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد کی جائے گی۔

    وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ 4 لاکھ 21 ہزار 131 ڈرائیونگ لائسنسز کی تجدید کی گئی ہے اور 23 ہزار 754 کو ضبط یا تبدیل کیا گیا ہے جبکہ ٹریفک جرمانے کی مد میں 13 لاکھ 20 ہزار 26 دینار وصول کیے گئے ہیں۔

  • کویتی حکومت کا غیرملکیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویتی حکومت کا غیرملکیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی : کویت نے غیرملکیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کی دوبارہ جانچ کا فیصلہ کرلیا ہے، اطلاعات کے مطابق خلیجی ریاست کویت میں ٹریفک کا شعبہ خاص طور پر تارکین وطن کو دیے گئے ڈرائیونگ لائسنسوں کو فلٹر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ تارکین وطن کو دیے گئے لائسنسوں کے تمام ڈیٹا کا جائزہ لیا جائے اور وزارتی فیصلے میں شامل تقاضوں بالخصوص تنخواہ اور ان کی اہلیت، یا تنخواہ کی شرط پر تنظیمی فیصلے میں دیے گئے استثنیٰ پر عمل درآمد کیا جائے۔

    یہ فیصلہ سیکرٹری وزارت داخلہ لیفٹیننٹ جنرل الشیخ فیصل النواف کی ہدایت پر عمل درآمد کو یقینی بنا نے کیلئے کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ نئی ہدایات کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور تنخواہ کی شرط پوری نہ ہونے کی صورت میں لائسنس واپس لے لیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مثال کے طور پر ایسے اکاؤنٹنٹ اور ڈرائیور ہیں جنہوں نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔ ساتھ ہی ایک میڈیا ملازم جس نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا تھا اور تنخواہ کی شرط واضح نہیں تھی اور اسے استثنیٰ دیا گیا تھا لیکن وہ ایک غیر میڈیا فیلڈ میں چلا گیا۔ اس سے بھی ڈرائیونگ لائسنس لے لیا جائے گا۔

    کویتی اخبار الانبا کے مطابق جن لائسنسوں کی تجدید کی جاتی ہے اس بات کا تعین کیا جاتا ہے کہ وہ شرائط پر پورا اترتے ہوں۔ جب شرائط کی تجدید نہیں ہوتی تو ان کی تجدید نہیں کی جاتی۔

  • کویت میں غیر ملکیوں سے ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا فیصلہ

    کویت میں غیر ملکیوں سے ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں مقیم ہزاروں تارکین وطن سے ان کے ڈرائیونگ لائسنس واپس لے لیے جائیں گے، یہ اقدام نئے ڈرائیونگ لائسنس کا مربوط نظام تشکیل دینے کے لیے کیا جارہا ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق ملک میں ٹریفک جام کو حل کرنے کے لیے وزارت داخلہ نے غیر ملکیوں کے ہزاروں ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا منصوبہ بنایا ہے جن کی معیاد پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ایسے ڈرائیورز لائسنس کی معیاد ختم ہونے کے باوجود ان کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔

    پرانے لائسنس کی معیاد ہونے کے باوجود ڈرائیو کرنے کی ممانعت سے متعلق بہت جلد ایک سرکلر جاری کیا جائے گا، پرانے ڈرائیونگ لائسنس کو محدود کرنے کے لیے پرانے لائسنس رکھنے والوں کو ان کی جگہ نئے ڈرائیونگ لائسنس لینا ہوں گے۔ بلاک شدہ ڈرائیونگ لائسنس کا پتہ لگانے کے لیے ڈیٹا کو ٹریفک ڈپارٹمنٹ، افرادی قوت اور رہائشی امور کے مابین بھی منسلک کیا جائے گا۔

    پرانے غیر قانونی لائسنس کے ساتھ تارکین وطن اپنی رہائش (اقامہ) کی تجدید نہیں کر سکیں گے کیونکہ رہائش کی تجدید کے لیے انہیں لائسنس واپس کرنا پڑے گا۔ بہت سے تارکین وطن پرانے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ڈرائیو کرتے ہیں اور پکڑے جانے پر انہیں صرف 5 دینار کی فیس کے طور پر جرمانہ کیا جاتا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے طلبا کو تقریباً 20 ہزار ڈرائیونگ لائسنس دیے گئے ہیں جن میں سے بیشتر اپنی تعلیم مکمل کر چکے ہیں لیکن ابھی تک انہوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس واپس نہیں کیے۔

    محکمہ ٹریفک ان کے ڈرائیونگ لائسنس کو بلاک کر دے گا تاکہ ان کے لائسنس کی تجدید نہ ہو سکے۔ اسی طرح تقریباً 40 ہزار غیر ملکی ایسے ہیں جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تو ہیں لیکن جب وہ اپنا پیشہ تبدیل کرتے ہیں تو اپنا ڈرائیونگ لائسنس کھو دیتے ہیں۔

    ایسے غیر ملکی جو عام طور پر معیاد ختم ہونے والے لائسنس پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑے جاتے ہیں وہ وزارت داخلہ جاتے ہیں اور 5 دینار ٹریفک جرمانہ ادا کرتے ہیں، ساتھ ہی اپنی رہائش کی تجدید بھی کر سکتے ہیں۔