Tag: Driving license

  • وزیراعلیٰ سندھ کی ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے بڑی شرط عائد،بغیر ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا نوٹس

    وزیراعلیٰ سندھ کی ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے بڑی شرط عائد،بغیر ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا نوٹس

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈرائیونگ لائسنس کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی اور  ایکسپو سینٹرمیں بغیر ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی خبر اور پیسوں کےعوض ویکسین لگانے کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس ایکسپو سینٹرمیں بغیرویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرنےکی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ شخص کیخلاف آئی جی،وزارت داخلہ کو سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ایکسپوسینٹرمیں پیسوں کےعوض ویکسین لگانے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس کو ملزم کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کوروناکیخلاف جاری کسی کام میں کوئی کرپشن اور نااہلی برداشت نہیں کریں گے جب کہ ڈرائیونگ لائسنس کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی۔

    اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں تاجروں کو 6 دن کاروبار کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ  صرف اتوارکاروباربند ہوگا اور دیگر دن کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

    دوسری جانب اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ چھٹی سے 8ویں جماعت کی کلاسز 50 فیصدحاضری کیساتھ کل سے کھولی جائیں گی جبکہ کورونا صورتحال میں بہتری کی صورت میں پرائمری کی کلاسز 21جون سےکھولی جائیں گی۔

  • صبا قمر کی لائسنس سینٹر آمد، شہری خوشی سے نہال

    صبا قمر کی لائسنس سینٹر آمد، شہری خوشی سے نہال

    لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ صبا قمر اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروانے کے لیے لائسنس سینٹر جا پہنچیں جہاں شہری انہیں دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی ادکارہ صبا قمر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے لاہور کے علاقے اچھرہ کے لائسنس سینٹر پہنچیں جہاں انہوں نے ٹریفک پولیس سروس کی تعریف کی۔

    اداکارہ صبا قمر نے اچھرہ لائسنس سینٹر میں اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کرائی۔

    اس موقع پر انہوں نے سٹی ٹریفک پولیس کے ساتھ اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ لائسنس سینٹر میں کسی سفارش کی ضرورت نہیں، سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کو بہترین سروسز فراہم کر رہی ہے۔

    انہوں نے شہریوں سے بھی درخواست کی کہ شہری بغیر لائسنس گاڑی چلانے سے اجتناب کریں۔ اس موقع پر وہاں موجود لوگوں نے صبا کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

  • بغیر میڈیکل ٹیسٹ اور ڈرائیونگ کا امتحان دیے لائسنس کیسے بنے گا؟ رشوت کا بازار گرم

    بغیر میڈیکل ٹیسٹ اور ڈرائیونگ کا امتحان دیے لائسنس کیسے بنے گا؟ رشوت کا بازار گرم

    راچی : شہری نے بغیر میڈیکل ٹیسٹ اور ڈرائیونگ کا امتحان دیے لائسنس بنوانے کا آسان طریقہ بتادیا ، 25 سو سے 3ہزار روپے رشوت دیں اور گھر بیٹھے لائسنس حاصل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق بغیرمیڈیکل ٹیسٹ اور ڈرائیونگ کا امتحان دیے لائسنس کیسے بنے گا؟ ڈی ایل کورنگی ایم وی آئی ملازم اسلم میرانی نے مشکل آسان کردی، 25 سو سے 3 ہزار روپے رشوت دیں اور گھر بیٹھے لائسنس حاصل کریں۔

    شہری نے کورنگی ڈی ایل برانچ میں اسلم میرانی کی خفیہ ویڈیو بنالی، جس میں اسلم میرانی موٹروہیکل آفس میں انسپکٹرعلی کےساتھ ڈیوٹی انجام دیتا ہے ، ویڈیومیں مبینہ طورپراسلم میرانی کو رشوت لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    اےآروائی نیوز نے ویڈیوبنانےوالےشہری سےفون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے میں نے فیس جمع کرائی تونظر کے ٹیسٹ میں فیل ہوگیا پھرمیرا کسی نے میرانی سے رابطہ کرایا، بغیرٹوکن حاصل کیے میرانی نے مجھے سیدھا اندر بلالیا، فیس کےعلاوہ مجھ سے3 ہزار مانگے گئے تو 25 سو میں طے پایا۔

    شہری کا کہنا تھا کہ اسی وقت ٹوکن نکلوا کر دوبارہ سے پراسس شروع کرا دیا، نہ میڈیکل ٹیسٹ ہوانہ ڈرائیونگ ٹیسٹ، سب کچھ کلیئرکرادیا، ایک روز کے اندر میرے گھر پر کورئیر سے لائسنس آگیا۔

  • سعودی عرب: محکمہ ٹریفک کی اہم ہدایت

    سعودی عرب: محکمہ ٹریفک کی اہم ہدایت

    ریاض: سعودی عرب کے محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید ہوگی اور نہ ہی گاڑی کی ملکیت کی کارروائی کی جاسکے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید ہوگی اور نہ گاڑی کی ملکیت کی کارروائی کی جاسکے گی۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اسی وقت ممکن ہوسکے گی جب ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے ادا کردیے جائیں اور یہ اصول گاڑی کی ملکیت کی تبدیلی کی کارروائی کے لیے بھی ضروری ہے۔

    محکمے کی جانب سے کہا گیا کہ جب تک ٹریفک جرمانے ادا نہیں کیے جائیں گے اس وقت تک گاڑی کسی اور کے نام منتقل نہیں ہوسکے گی۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے سب سے پہلے فیس ادا کرنا ہوگی، جرمانے بھرنا ہوں گے اور طبی معائنہ کرانا ہوگا۔ یہ کام ابشر کے ذریعے آن لائن انجام دیے جا سکتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک کا یہ بھی کہنا ہے کہ دفعہ نمبر 71 کے بموجب ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے ملکیت کارڈ میں بروقت توسیع نہ کروانا بھی ٹریفک خلاف ورزی ہے اور اس پر جرمانہ ہے۔

  • ڈرائیونگ لائسنس: کویتی حکومت کی شہریوں کے لیے خوشخبری

    ڈرائیونگ لائسنس: کویتی حکومت کی شہریوں کے لیے خوشخبری

    کویت سٹی: کویت میں تمام شہریوں کے لیے اسمارٹ ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی شروع کردی جائے گی جس سے کویتی شہری دنیا کے کسی بھی ملک میں گاڑی چلانے کے اہل ہوں گے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ اتوار 17 جنوری 2021 سے تمام موٹر سواروں (کویتی اور تارکین وطن) کو اسمارٹ ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی شروع کر دے گی۔

    کویتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تمام گورنریٹس میں محکمہ ٹریفک شہریوں اور تارکین وطن کو پرانے ڈرائیونگ لائسنس کے بدلے اسمارٹ چپ کی تنصیب کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نئے اسمارٹ ڈرائیونگ لائسنس جاری کریں گے جس کی مدد سے وہ دنیا کے کسی بھی ملک میں گاڑی چلانے کے اہل ہوں گے۔

    نئے اسمارٹ ڈرائیونگ لائسنس میں سیکیورٹی کی خصوصیات ہیں اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے باعث اس میں دھوکہ دہی کی گنجائش نہیں ہوگی۔ اسمارٹ ڈرائیونگ کارڈ میں ایک اسمارٹ چپ تنصیب کی گئی ہے جس میں اس کے مالک کا مکمل ڈیٹا اسٹور کیا جاتا ہے۔

    یہ بات بھی واضح کردی گئی ہے کہ اسمارٹ ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

    اس سے قبل اسمارٹ ڈرائیونگ لائسنس صرف خلیجی ممالک (جی سی سی) تک ہی محدود تھا تاہم اب محکمہ ٹریفک نے کویتی شہریوں اور غیر ملکیوں کو درپیش مشکلات کا حل تلاش کرلیا ہے اور اب اسی اسمارٹ لائسنس کا استعمال کرکے لائسنس ہولڈر بیرون ملک بھی گاڑی چلانے کے اہل ہوں گے۔

  • سعودی عرب: ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے اہم وضاحت

    سعودی عرب: ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ فیلڈ اہلکار کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس طلب کیے جانے پر ڈرائیونگ لائسنس کارڈ دکھایا جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ اگر فیلڈ اہلکار کسی سعودی یا مقیم غیر ملکی سے ڈرائیونگ لائسنس طلب کریں تو ڈیجیٹل کے بجائے ڈرائیونگ لائسنس کارڈ دکھایا جائے۔

    ایک مقامی شہری کے سوال پر کہ اگر فیلڈ اہلکار ڈرائیونگ لائسنس طلب کریں تو آیا ڈیجیٹل لنک دکھانا کافی ہوگا یا باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس کارڈ پیش کرنا ہوگا، محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ اگر فیلڈ اہلکار ڈرائیونگ لائسنس یا رخصۃ السیر (وہیکل رجسٹریشن) طلب کریں تو ایسی صورت میں مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس کارڈ یا وہیکل رجسٹریشن کارڈ پیش کریں۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ فیلڈ الکار کو توکلنا ایپ میں موجود لنک دکھانا کافی نہیں ہوگا۔

    محکمے کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے فیس کی ادائیگی، خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی ادائیگی اور طبی معائنہ کروانا ہوگا۔ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید ابشر کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔

  • سعودی عرب: ڈرائیونگ پرمٹ کو لائسنس میں تبدیل کرنے کا طریقہ کار

    سعودی عرب: ڈرائیونگ پرمٹ کو لائسنس میں تبدیل کرنے کا طریقہ کار

    ریاض: سعودی ٹریفک اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ پرمٹ کو لائسنس میں بغیر ڈرائیونگ ٹیسٹ کے تبدیل کردیا جائے گا، پرمٹ ہولڈر کی عمر 18 سال ہو۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ٹریفک اتھارٹی نے ڈرائیونگ پرمٹ کو لائسنس میں تبدیل کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیونگ پرمٹ کو لائسنس میں بغیر ڈرائیونگ ٹیسٹ کے تبدیل کردیا جائے گا۔

    تاہم اس کے لیے شرط یہ ہے کہ پرمٹ کی مدت ختم ہوگئی ہو اور پرمٹ ہولڈر کی عمر 18 سال ہو۔

    ٹریفک اتھارٹی نے ٹویٹر پر ایک شہری کی جانب سے پرمٹ کو لائسنس میں تبدیل کرنے کی شرائط ہوچھنے پر یہ وضاحت دی تھی۔

    اتھارٹی کے مطابق ٹریفک قوانین کے آرٹیکل 39 کے پیراگراف 4 کے مطابق اگر کسی شہری کے ڈرائیونگ پرمٹ کی میعاد ختم ہوجائے اور اس کی عمر 18 سال ہو تو وہ ایک سال کے اندر بغیر ٹیسٹ کے ڈرائیونگ لائسنس لے سکتا ہے۔

    اتھارٹی کے مطابق اس کا سابقہ ڈرائیونگ ٹیسٹ اس لائسنس کے لیے کافی ہوگا۔

  • سعودی عرب: ڈرائیونگ لائسنس کی توسیع کروانے والوں کے لیے خوشخبری

    سعودی عرب: ڈرائیونگ لائسنس کی توسیع کروانے والوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس میں طبی معائنے کے بغیر آن لائن توسیع بھی کروائی جا سکتی ہے، یہ اقدام کرونا وائرس کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کے حوالے سے ضروری وضاحتیں جاری کی ہیں، محکمہ ٹریفک نے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا ہے کہ ایک سال کے ڈرائیونگ لائسنس فیس 40 ریال ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے بغیر ابشر کے ذریعے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کروائی جاسکتی ہے، یہ سہولت کرونا وائرس کے خطرات کو مد نظر رکھ کر دی گئی ہے۔

    ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے ضروری ہے کہ تمام ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے ادا کر دیے گئے ہوں۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹریفک جرمانوں پر اعتراض ریکارڈ کروایا جاسکتا ہے، اور یہ کام اسمارٹ موبائل پر ابشر ویب کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا مزید کہنا ہے کہ ٹریفک جرمانوں پر اعتراض جرمانے ادا کرنے سے قبل کیا جا سکتا ہے بعد میں نہیں، اعتراض کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ ٹریفک خلاف ورزی کے اندراج سے 30 روز کے اندر اعتراض ریکارڈ کروا دیا جائے۔

  • سعودی محکمہ ٹریفک کا شہریوں کے لیے سہولت کا اعلان

    سعودی محکمہ ٹریفک کا شہریوں کے لیے سہولت کا اعلان

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس تاخیر سے وصول کرنے پر لگنے والا جرمانہ فی الحال معطل کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کے بعد ایک ہفتے کے اندر کارڈ وصول نہ کرنے پر مقررہ جرمانہ 100 ریال معطل کر دیا گیا ہے۔

    ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہری نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر محکمہ ٹریفک سے استفسار کیا تھا کہ میں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروا چکا ہوں، مجھے ایک ایس ایم ایس موصول ہوا ہے جس میں لکھا ہے کہ اگر ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کی تاریخ سے سات روز کے اندر ڈرائیونگ لائسنس کارڈ وصول نہ کیا تو 100 ریال جرمانہ لگا دیا جائے گا۔

    شہری نے دریافت کیا کہ موجودہ حالات میں کس طرح اس جرمانے سے بچا جاسکتا ہے اور مجھے کیا کرنا ہوگا؟

    سعودی محکمہ ٹریفک نے شہری کے استفسار کا جواب دیتے ہوئے اطمینان دلایا کہ ان دنوں یہ جرمانہ معطل کر دیا گیا ہے، شہری اب ڈرائیونگ لائسنس یا استمارہ ابشر کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک نے کہا کہ اگر ڈرائیور کا قومی پتہ ہو تو (واصل) ڈاک سروس کے ذریعے بھی نیا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جا سکتا ہے۔

  • سعودی عرب میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول، نئی شرائط جاری

    سعودی عرب میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول، نئی شرائط جاری

    ریاض : سعودی محکمہ ٹریفک نے نجی گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے نئی شرائط جاری کردیں، جس کے تحت ڈرائیور کا جسمانی اور ذہنی طور پر مکمل صحت مند ہونا لازمی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے نجی گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والوں کے لیے شرائط نامہ جاری کیا ہے، نجی گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی ایک بنیادی شرط یہ ہے کہ امیدوار جسمانی معذوری اور ذہنی امراض سے پاک ہو۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک شہری نے سوال کیا کہ میں نے ماضی میں ٹریفک خلاف ورزی کی تھی اب میں ڈرائیونگ لائسنس جاری کرانا چاہتا ہوں کیا سابقہ خلاف ورزی کا جرمانہ ادا کرکے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکتا ہوں؟

    جس پر ترجمان نے تفصیلی اور مرحلہ وار جواب دیتے ہوئے بتایا کہ اٹھارہ برس سے کم عمر کے امیدوار کو ڈرائیونگ لائسنس نہیں دیا جائے گا، ڈرائیونگ لائسنس کے لیے اٹھارہ برس کی عمر ضروری ہے۔

    دوسری شرط یہ ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے امیدوار کو عدالت نے نشہ آور اشیا کے استعمال یا دھندے یا ذخیرہ کرنے کا مجرم قرار نہ دیا ہو، تیسری اہم شرط یہ ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کا امیدوار ایسی بیماریوں اور معذوریوں سے پاک صاف ہو جو ڈرائیونگ میں رکاوٹ بنتی ہوں۔

    چوتھی شرط ڈرائیونگ کا امتحان پاس کرنا ضروری ہے۔ پانچویں شرط یہ ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے ادا کرکے ہی درخواست دی جاسکتی ہے، غیر ملکیوں سے متعلق چھٹی شرط یہ ہے کہ ان کے پاس سعودی عرب میں قانونی قیام کی دستاویز (اقامہ) ہو۔