Tag: Drone Attack

  • ڈرون حملے، سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج ہوتے ہی خارج

    ڈرون حملے، سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج ہوتے ہی خارج

    اسلام آباد: پاکستان میں ڈرون حملوں پر سی آئی اے کے سابق اسٹیشن چیف کے خلاف مقدمہ درج ہوتے ہی خارج کردیا گیا، اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود کا نہیں ۔

    امریکی ڈرون حملے میں میرا خاندان بے قصور مارا گیا، امریکی سی آئی اے کے سابق اسٹیشن چیف کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، قبائلی شہری کریم خان کی درخواست پر بالاآخر شنوائی ہوئی اور مہینوں کی تگ ودو کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے تھانہ سیکریٹریٹ کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

    اسلام آباد پولیس نے سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ نمبر اکیانوے درج کرنے کے چند لمحوں بعد ہی خارج کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانے کی حدود سے باہر ہوا، اس لئے مزید پیشرفت نہیں کرسکتے۔

    اکتیس دسمبر دوہزار نو میں شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں ڈرون حملے سے کریم خان کا بیٹا ذہین اللہ اور بھائی آصف اقبال جاں بحق ہوگئےتھے۔

    دو ہزار دس میں ڈرون حملوں کے خلاف دائر درخواست میں سی آئی اے اسٹیشن چیف جوناتھن بینکس اور لیگل کونسل کو نامزد کیا گیا تھا۔

  • پاکستان کا ڈرون حملے میں 2غیرملکیوں کی ہلاکت پراظہارِافسوس

    پاکستان کا ڈرون حملے میں 2غیرملکیوں کی ہلاکت پراظہارِافسوس

    اسلام آباد: پاکستان نے جنوری میں ڈرون حملے میں دوغیرملکیوں کی ہلاکت پرافسوس کا اظہار کیا ہے، ہلاک ہونے والوں میں ایک امریکی اورایک اطالوی شہری تھا۔

    پاکستان کی جانب سے ان گنت بار ڈرون حملوں کی مذمت کے باوجود قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، اب تک ہزاروں پاکستانی ان ڈرون حملوں میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں لیکن جنوری میں قبائلی علاقے میں ڈرون میزائل نے امریکی شہری کو ہی نشانہ بنا ڈالا۔

    امریکی صدر باراک اوباما نے امریکی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ڈرون حملے میں اطالوی اورامریکی شہری کی ہلاکت پراظہارِافسوس کیا گیا۔

    دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان طویل عرصے سے ڈرون حملوں کی مخالفت کررہا ہے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کا نقصان اٹھا چکا ہے۔

    ڈرون حملے میں غیرملکیوں کی ہلاکت ٹیکنالوجی کے غیرمحفوظ استعمال کا نتیجہ ہے۔

  • امریکی اور اطالوی شہری ڈرون حملے میں ہلاک ہوئے، وہائٹ ہاؤس کی تصدیق

    امریکی اور اطالوی شہری ڈرون حملے میں ہلاک ہوئے، وہائٹ ہاؤس کی تصدیق

    واشنگٹن :  بارک اوبامہ کی ڈاکٹر وارن اور اطالوی شہری افغانستان میں ہونے والے فوجی آپریشن میں ہلاک ہوئے، وائٹ ہاؤس نے تصدیق کر دی.

    تفصیلات کے مطابق امریکا سے بازیابی کی اپیل کرنے والےامریکی ڈاکٹر وارن وانسٹائن کو زندگی کی قید سے ہی نجات مل گئی ۔

    ڈاکٹر وارن وانسٹائن امریکی ڈرون حملے میں ما را گیا۔ وائٹ ہائوس سے جاری اعلامیہ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ جنوری میں پاک افغان سرحدی علاقے میں امریکی کارروائی کے دوران القاعدہ کے ہاتھوں یرغمال امریکی ڈاکٹر وارن وان سٹائن اور اطالوی جیوانی لو پورتو ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے ڈاکٹر وارن کی ہلاکت کو تکلیف دہ نقصان قرار دیتے ہوئے ا س پرافسوس کااظہار کیا ہے ۔

    وہائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تصدیق کی جا سکتی ہے کہ آپریشن میں دونوں یرغمالی حادثاتی طور پر مارے گئے۔

  • اسلام آباد پولیس کا سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار

    اسلام آباد پولیس کا سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار

    اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود اسلام آباد پولیس نے سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد طاہرعالم کو حکم دیا تھا کہ پاکستانی سرزمین پر ڈرون حملوں کے حوالے سے سی آئی اے چیف کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج کیا جائے۔

    تاہم اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل جمعرات کو دائر کی جائے گی۔

     اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے ہائی کورٹ میں جواب جمع کرایا تھا کہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں ہلاکتیں اسلام آباد نہیں بلکہ فاٹا میں ہوئی ہیں لہذا مقدمہ بھی وہیں درج ہونا چاہیے۔

  • سی آئی اے کے پاکستان میں سربراہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

    سی آئی اے کے پاکستان میں سربراہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

    اسلام آباد : امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے پاکستان میں سربراہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں سے ہلاکتوں پر درخواست کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔

    انہوں نے حکم دیا کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے پاکستان میں سربراہ جوناتھن بینکس کے خلاف مقدمہ چوبیس گھنٹوں میں درج کرکے رپورٹ رجسٹرار دفتر میں جمع کرائی جائے ۔

    عدالت نے اسلام آباد پولیس کے سربراہ طاہر عالم سے استفسار کیا کہ سی آئی اے کنٹری ڈائریکٹر جوناتھن بینکس کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے متعلق عدالتی احکامات کو ایک سال ہوگیا ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

    اس پر آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ مقدمے میں وزارت خارجہ بھی فریق ہے۔اگر مقدمہ درج ہوا تو پاک امریکا سفارتی تعلقات متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

    جسٹس شوکت عزیز نے کہا کہ عدالت آئین اور قانون کے مطابق چلتی ہے۔ اگر کہیں پر کوئی غیر قانونی کام ہوا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کرنا عدالت کا کام ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسلام آباد پولیس عدالتی حکم کو محض ایک کاغذ کا ٹکڑا سمجھ رہی ہے اس لئے اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔

  • خیبرایجنسی:  پاک افغان سرحد ڈرون حملہ، طالبان کے7اہم کمانڈر سمیت 9دہشتگرد ہلاک

    خیبرایجنسی: پاک افغان سرحد ڈرون حملہ، طالبان کے7اہم کمانڈر سمیت 9دہشتگرد ہلاک

    نازیان: پاک افغان سرحدی علاقے نازیان میں امریکی ڈرون ہوا ، جس کے نتیجے میں 9 شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ ایک ٹھکانہ بھی تباہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ڈورن نے پاک افغان سرحدی علاقے نازیان میں دو میزائل داغے، جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم لشکرِ اسلام اور تحریکِ طالبان کے 7 اہم کمانڈر سمیت 9شدت پسند مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں دہشت گردوں کے زیرِ استعمال ایک ٹھکانہ بھی تباہ ہوا۔

    پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی بھی نازیان کے قریب پاکستانی علاقے وادی تیراہ میں کارروائیاں جاری ہیں۔

    دوسری جانب شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب بھی جاری ہے، جس کے نتیجے میں متعدد عسکریت پسندوں کو ہلاک یا گرفتار کیا جاچکا ہے۔

  • شمالی وزیرستان ڈرون حملے میں 7 شدت پسند ہلاک 2زخمی

    شمالی وزیرستان ڈرون حملے میں 7 شدت پسند ہلاک 2زخمی

    پشاور: شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرونزحملے میں ایک مکان اور گاڑی کونشانہ بنایا گیا جس سے سات مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

    شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں امریکی ڈرون طیاروں نے ایک مکان اور گاڑی پردو میزال داغے جس سے سات مبینہ شدت پسند ہلاک اور دو زخمی ہو گئے میزائل حملے کے بعد ڈرون طیاروں کی پروازیں جاری رہیں۔

    ڈرون حملہ میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت ابھی نہیں ہو سکی ہے۔

    جنوری میں شمالی وزیرستان پر یہ چوتھا ڈرون حملہ ہے۔

  • میرانشاہ: امریکی ڈرون حملہ، 6افراد ہلاک، 4زخمی

    میرانشاہ: امریکی ڈرون حملہ، 6افراد ہلاک، 4زخمی

    شوال: پاک افغان بارڈر کے قریب امریکی ڈرون حملے میں چھ افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

    شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں امریکی جاسوس طیاروں نے ایک مکان پر چار میزائل داغے، جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق پاک افغان بارڈر کے قریب ہونے والے ڈرون حملےمیں ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے، ہلاک افراد کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔ واقعے کے بعد جاسوس طیارے علاقے میں کافی دیر تک نچلی پروزایں کرتے رہے، جس سےعلاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    سال 2015 کےانیس ویں روز یہ تیسرا امریکی ڈرون حملہ ہے، اس سال کا پہلا ڈرون حملہ پانچ جنوری کو ہوا، جس میں طالبان سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    دوسرا ڈرون حملے 15 جنوری کو شوال میں کیا گیا، حملے میں سات شدت پسند مارے گئے تھے۔

    گذشتہ برس کے دوران شمالی وزیرستان کا علاقہ ہی امریکی ڈرون حملوں کا مرکز رہا ہے اور وہاں 2014 میں 19 حملے کیے گئے۔

    یاد رہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں گذشتہ سال 15 جون آپریشن ضربِ عضب شروع کیا تھا، اس کے سلسلے میں وہاں پاکستان فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • شمالی وزیرستان: 2ڈرون حملہ،7 افراد ہلاک

    شمالی وزیرستان: 2ڈرون حملہ،7 افراد ہلاک

    شمالی وزیرستان: ایجنسی پاک افغان سرحد کے قریب تحصیل کے دو مختلف علاقوں گونڈ اور منگر یتی میں امریکی ڈرون طیاروں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہوگئے۔

    حملہ میں دو مکانوں پر دو دو میزائل داغے۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق منگریتی اور گونڈ میں سات افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے ہیں، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے لاشیں نکالنے کا شروع کر دیا ہے،لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    علاقے میں ڈرون طیاروں کی پروازیں بدستور جاری ہیں جس سے مقامی آبادی خوف وہراس کا شکار ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ، چار افراد ہلاک

    شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ، چار افراد ہلاک

    شمالی وزیرستان: شمالی وزیرستان ایجنسی کی تحصیل دتہ خیل میں ڈورن طیارے کے حملے میں چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں ڈرون طیارے نے ایک مکان کو نشانہ بنایا ہے۔ ڈرون طیارے نے دو میزائل گھر پر داغے، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق اس حملے میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے مختلف علاقوں میں ڈرون طیاروں کی پروازیں اب بھی جاری ہیں۔ جس سے علاقے میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔

    گزشتہ روز بھی ایک ڈرون حملے میں پانچ شدت پسند مارے گئے تھے، حملہ افغان سرحدی علاقے کے قریب موجود ایک گاوں میں ہوا تھا۔