Tag: drone

  • ترکی کے تیارکردہ جدید ڈرون طیارے کی کامیاب ٹیسٹ پرواز

    ترکی کے تیارکردہ جدید ڈرون طیارے کی کامیاب ٹیسٹ پرواز

    استنبول : ترکی نے مقامی طور پر تیار ہونے والے جدید ڈرون طیارے کی کامیاب ٹیسٹ پرواز کی ہے، اس طیارے نے لگ بھگ 62منٹ تک فضا میں پرواز کی۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی انجینئروں کی بدولت تیار ہونے والے جدید ڈرون طیارے کی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کرلی گئی ہے، یہ ڈرون طیارہ مقامی طور تیار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک کمپنی بیکر مکینا میں بنایا جانے والے ڈرون طیارے نے فضا میں 62 منٹ تک کی کامیاب ٹیسٹ پرواز کی، یہ آزمائشی پرواز استنبول کے شمال مغربی علاقے میں کی گئی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ مارچ میں یوکرائن نے ترکی سے خریدے گئے 6عدد بائراکتار ٹی بی ٹو ڈرون طیاروں کی تجرباتی پروازیں کامیابی سے مکمل کی تھیں۔

    یوکرائن وزارت دفاع کی طرف سے جاری کئے گئے تحریری بیان میں کہا گیا تھا کہ بائراکتار ٹی بی ٹو ڈرون طیاروں کی تجرباتی پروازوں کے بعد انہیں استعمال کے لئے یوکرائن مسلح افواج کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    بیان میں بائراکتار ٹی بی ٹو کی تجرباتی پروازوں کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ” ہم نے بائراکتار تیزی سے ٹیک آف کیا اور جنگی تربیت کا آغاز کر دیا، یہ ڈرون طیارے یوکرائن ائیر فورس کو مضبوط بنائیں گے۔

  • سعودی عرب: فروٹ مارکیٹس میں آنے والے افراد کی ڈرون کے ذریعے اسکیننگ

    سعودی عرب: فروٹ مارکیٹس میں آنے والے افراد کی ڈرون کے ذریعے اسکیننگ

    ریاض: سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں قائم پھل اور سبزی کی مارکیٹس میں آنے والے افراد کی اسکیننگ ڈرون کے ذریعے کی جارہی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مدینہ منورہ کی بلدیہ نے ڈرون کے ذریعے فروٹ مارکیٹ آنے والوں کی اسکیننگ کا آغاز کیا ہے۔

    بلدیہ حکام نے اپنے ٹویٹر پر بتایا کہ مدینہ منورہ کی مرکزی سبزی اور فروٹ منڈی میں آنے والوں کی اسکیننگ کے لیے ڈرون میں انسانوں کے درجہ حرارت کو نوٹ کرنے والے خصوصی کیمرے نصب کر کے درجہ حرارت کو دیکھا جائے گا۔

    یہ تجربہ اس سے قبل قصیم میں بھی کیا گیا جس کے بعد مدینہ منورہ کی بلدیہ نے بھی ڈرون کے ذریعے تھرمل کیمروں کو ڈرون میں نصب کر کے لوگوں کے درجہ حرارت نوٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    قصیم ریجن میں بلدیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات کی بڑے پیمانے پر صفائی بھی کی جا رہی ہے اور جراثیم کش ادویات کا مسلسل اسپرے کیا جارہا ہے۔

    قبل ازیں مشرقی ریجن کے شہر دمام میں بلدیہ کی جانب سے سپر مارکیٹس میں تھرمل کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں جس سے یہ معلوم ہوگا کہ سامنے والے شخص کا درجہ حرارت نارمل ہے یا نہیں۔

    دوسری جانب جمعے سے مملکت کے تمام شہروں میں وزارت صحت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سپر مارکیٹس کے صدر دروازوں پر اہلکاروں کو، آنے والے افراد کا درجہ حرارت چیک کرنے کا بھی پابند کردیا گیا ہے۔

  • مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت برقرار،کشمیریوں پر نظر رکھنے کیلئے ڈرون کا استعمال

    مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت برقرار،کشمیریوں پر نظر رکھنے کیلئے ڈرون کا استعمال

    سرینگر: مقبوضہ کشمیر بھی سخت کرفیو میں بھارتی فوج کی جارحیت تاحال برقرار ہے، مظلوم کشمیریوں پر نظر رکھنے کے لیے اب ڈرون طیاروں کا استعمال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مظاہروں اور آزادی پسندوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کیلئے بھارتی پولیس اور فوج کو رواں سال کے آخر تک جدید ٹیکنالوجی سے لیس 50 ڈرون طیارے فراہم کئے جائیں گے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ جموں وکشمیر کے لیے بڑی تعداد میں ڈرون طیاروں کی خریداری کی پہلے ہی منظوری دی جاچکی ہے۔

    اس سے قبل پولیس معلومات کے حصول کے لیے بھارتی فوج کے متعلقہ یونٹ سے مدد حاصل کرتی تھی، اب پولیس کے پاس اپنے ڈرون ہوں گے جنہیں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں تعینات کیا جائے گا اور پولیس اہلکاروں کو انکے استعمال کی تربیت دی جائے گی۔

    دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز کرفیو کے خلاف عالمی رہنما پاکستان کے ہم آواز ہیں، ترکی نے کشمیریوں کی آزادی کے لیے ہرصورت پاکستان کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    ترکی کا مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ کھڑے رکھنے کا عزم

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاک بھارت کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پش کش کرچکے ہیں، تاہم بھارت بات چیت سے راہ فرار اختیار کررہا ہے۔

  • ایران سے خطرہ، جہاز رانی کے تحفظ کیلئے برطانیہ کا ڈرون طیاروں کے استعمال پر غور

    ایران سے خطرہ، جہاز رانی کے تحفظ کیلئے برطانیہ کا ڈرون طیاروں کے استعمال پر غور

    لندن: ایران سے حالیہ کشیدگی کے بعد خطرے کے پیش نظر خلیج میں جہاز رانی کے تحفظ کے لیے برطانیہ ڈرون طیاروں کے استعمال پر غور کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت ایران کے ساتھ بحران کے تناظر میں ڈرون طیارے خلیج میں بھیجنے کے امکان پر غور کر رہی ہے۔

    برطانوی ٹی وی کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی رائل ایئرفورس کے کئی عدد ڈرون طیارے عراق اور شام کی فضاؤں میں کارروائیوں کے سلسلے میں کویت میں موجود ہیں۔

    اگر خلیج میں ڈرون طیاروں کے تعینات کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا تو ان طیاروں کو دوسرا مشن سونپا جا سکتا ہے، برطانیہ کو حالیہ کشیدگی پر شدید تشویش ہے۔

    یہ ڈرون طیارے آبنائے ہرمز میں برطانوی پرچم بردار آئل ٹینکروں کے ہمراہ جنگی بحری جہازوں کی موجودگی کے ساتھ نگرانی کی کارروائیوں میں مدد کریں گے۔

    برطانوی آئل ٹینکر پر ایران قابض، برطانیہ نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

    یاد رہے کہ ایران نے رواں سال جولائی میں ’اسٹینا امپیرو‘ نامی ایک برطانوی آئل ٹینکر اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ اس بحری جہاز کے عملے کے ارکان کی تعداد تیئیس کے قریب تھی۔

    ایران نے آبنائے ہرمز سے جس برطانوی آئل ٹینکر کو اپنی تحویل میں لیا، اس میں سوار عملے کے 23 افراد میں سے اٹھارہ کا تعلق بھارت سے تھا۔

    اس کارروائی کے بعد لندن حکام نے ایران کو خبردار کیا کہ اسے اس کا سنگین نقصان چکانا پڑے گا، جبکہ عالمی پابندیوں کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

  • فضائی حدود کی خلاف ورزی، اسرائیلی ڈرون طیارے لبنانی فوج کے نشانے پر

    فضائی حدود کی خلاف ورزی، اسرائیلی ڈرون طیارے لبنانی فوج کے نشانے پر

    بیروت: لبنانی فوج نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر اسرائیلی ڈرون طیاروں پر فائرنگ کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی لبنان کے اطراف اسرائیلی ڈرون طیاروں نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جس پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے لبنانی فوج نے جاسوس طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان حکوت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جاسوس طیاروں نے کسی قسم کی جارحیت کا مظاہرہ نہیں کیا، لبنانی فوج کی فائرنگ سے طیارے اسرائیلی حدود میں داخل ہوگئے۔

    حال ہی میں اسرائیلی نے جنوبی لبنان میں ڈرون حملے بھی کیے ہیں۔ دوسری جانب لبنان کی اعلیٰ دفاعی کونسل نے اسرائیلی فوج کے جنوبی لبنان میں ڈورن حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان اپنے دفاع کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا بھرپور حق ہے۔

    اسرائیل کا ڈرون طیارہ لبنان میں گرکرتباہ

    لبنانی ڈیفنس کونسل نے ہونیوالے اجلاس میں اسرائیلی فوج کے جنوبی لبنان میں ڈورن حملوں کی شدید مذمت کی۔ اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی کی صورت حال کاجائزہ لیا گیا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کےلئے تیار ہے۔ اسرائیل کی طرف سے لاحق خطرات کے تدارک کے لئے تمام دفاعی اقدامات کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل اسرائیل نے لبنان کے جنوب میں حزب اللہ کے مراکز پر ڈرون حملے کیے تھے جن میں تنظیم کے مراکز کو نقصان پہنچایا گیا۔

  • سعودی شہر ابہا کی سمت بھیجا گیا حوثیوں کا ڈرون عرب اتحاد کے ہاتھوں تباہ

    سعودی شہر ابہا کی سمت بھیجا گیا حوثیوں کا ڈرون عرب اتحاد کے ہاتھوں تباہ

    صنعاء : سعودی اتحادی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون طیارے بھیجے جانے کی تمام کوششوں کا انجام ناکامی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی کے مطابق اتحادی فورسز نے ایران نواز دہشت گرد حوثی ملیشیا کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا،یہ طیارہ یمن کے صوبے صنعاء سے سعودی عرب کے شہر ابہا کی سمت بھیجا گیا تھا۔

    کرنل المالکی نے واضح کیا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون طیارے بھیجے جانے کی تمام کوششوں کا انجام ناکامی ہے، اتحادی فورسز شہریوں کی حفاظت کےلئے ان طیاروں کے ساتھ بہترین انداز سے نمٹ رہی ہے،بار بار ڈرون طیارے بھیجے جانے کی کوشش اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ یمن میں ایران کی ایجنٹ ملیشیا کتنی مایوسی کا شکار ہے۔

    المالکی نے باور کرایا کہ اتحاد کی مشترکہ فورسز کی کمان اس دہشت گرد ملیشیا کے خلاف منہ توڑ جوابی اقدامات پر عمل درامد جاری رکھے گی تا کہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی روشنی میں ملیشیا کی اس صلاحیت کو تباہ کیا جا سکے۔

  • یمنی فوج نے حوثی باغیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

    یمنی فوج نے حوثی باغیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

    صنعا: حوثی باغیوں کی جانب سے فوجی تنصیبات کی جاسوسی کے لیے بھیجا گیا ڈرون طیارہ یمنی فوج نے مار گرایا۔

    تفصیلات کے مطابق حوثی باغیوں نے یمن کے عسکری علاقے میں اپنا ڈرون طیارہ بھیجا جسے یمنی فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دوران پرواز مار گرایا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمنی فوج کی جانب سے یہ تیسرا ڈرون گرایا گیا ہے، ڈرون کے ملبے سے نصب کیمرہ اور بارودی مادہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    باغیوں نے ڈرون طیارہ یمنی علاقے حیران ڈاریکٹوریٹ میں موجود فوجی تنصیبات کی جاسوسی کے لیے چھوڑا تھا تاہم فوج نے اسے مار گرایا۔

    دوسری جانب حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر بھی ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ گذشتہ ہفتے یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں نے ایک بار پھر سعودی عرب پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا تھا تاہم سعودی حکام نے حملے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

    حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر ڈرون حملے کا دعویٰ

    واضح رہے کہ رواں ماہ حوثی باغیوں نے سعودی حدود میں 2 ڈرون طیارے بھیجے تھے جبکہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے سعودی اتحادی فورسز نے ڈرون فضا میں ہی تباہ کردئیے تھے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب کے ابھاایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے ایک میزائل حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے تھے۔

  • فضائی حدود کی خلاف ورزی، لیبیا نے ترکی کا ڈرون طیارہ مار گرایا

    فضائی حدود کی خلاف ورزی، لیبیا نے ترکی کا ڈرون طیارہ مار گرایا

    طرابلس: لیبیا کی فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر ترکی کا جاسوس طیارہ مار گرایا۔

    تفصیلات کے مطابق لیبیا میں قومی فوج نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت طرابلس کے نواحی علاقے العزیزیہ میں ترکی کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لیبیا کی فوج کی جنرل کمان کے زیر انتظام میڈیا سینٹر نے ایک بیان میں واضح کیا کہ جاسوسی اور تصویر کشی کے لیے مخصوص یہ ڈرون طیارہ اس وقت گرایا گیا جب وہ طرابلس کے جنوب میں واقع علاقے العزیزیہ کی جانب جا رہا تھا۔

    دارالحکومت طرابلس کو مسلح ملیشیاؤں اور دہشت گرد تنظیموں سے آزاد کرانے کے لیے فوجی آپریشن کا آغاز رواں سال 4 اپریل کو ہوا تھا۔

    اس کے بعد سے اب تک لیبیا کی فوج ترکی کے 10 کے قریب ڈرون طیارے مار گرانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ یہ طیارے وفاق کی حکومت کی فورسز کی پیش قدمی کے واسطے کوریج فراہم کرنے کے واسطے استعمال ہوئے۔

    حوثیوں کا سعودی عرب کے ملک خالد ایئرپورٹ پر پھرڈرون حملہ

    لیبیا کی فوج معیتیقہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون طیاروں کے کنٹرول روم کو بھی تباہ کر چکی ہے۔ لیبیا کی فوج ترکی پر الزام عائد کرتی ہے کہ وہ مغربی علاقے میں وفاق کی حکومت کی حمایت یافتہ مسلح ملیشیاؤں کے مفاد میں معرکوں کی قیادت کر رہا ہے۔

    یہ بھی الزام ہے کہ اس سلسلے میں ترکی کی سپورٹ ہتھیاروں، عسکری ساز و سامان اور ڈرون طیاروں کی فراہمی کی صورت میں سامنے آ رہی ہے۔

  • اڑتا ہوا باتھ ٹب

    اڑتا ہوا باتھ ٹب

    ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ ساتھ مختلف ایجادات بھی سامنے آرہی ہیں، ایسی ہی ایک ایجاد جرمنی سے تعلق رکھنے والے 2 بھائیوں نے بھی کی ہے۔

    سوشل میڈیا پر ’دا ریئل لائف گائز‘ کے نام سے مشہور ان بھائیوں نے اڑنے والا باتھ ٹب بنایا ہے۔ ایک سال کی محنت سے تیار کردہ یہ اڑن ٹب اسی ٹیکنالوجی کی مدد سے اڑتا ہے جس کے ذریعے ڈرون کام کرتا ہے۔

    یہ باتھ ٹب ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کام کرتا ہے۔

    اس ایجاد کے لیے ان بھائیوں نے جرمن حکومت سے باقاعدہ اجازت لی۔ ان کا تیار کردہ اڑنے والا باتھ ٹب 30 میٹر کی بلندی تک اڑ سکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں اس پروجیکٹ کی اجازت ملی۔

    اس پروجیکٹ کے لیے مختلف کمپنیوں کی جانب سے مالی معاونت بھی کی گئی۔

    فی الحال یہ ٹب صرف ان ڈور اڑایا جارہا ہے تاہم دونوں بھائیوں کو امید ہے کہ بہت جلد وہ اسے بیرونی سرگرمیوں میں بھی استعمال کرسکیں گے۔

  • امریکی دعویٰ مسترد، آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون طیارے کی فوٹیج جاری

    امریکی دعویٰ مسترد، آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون طیارے کی فوٹیج جاری

    تہران : ایرانی سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ’فوٹیج پاسداران انقلاب کی طرف سے جاری کی گئی ہے، جس میں امریکی جنگی جہاز کو فوکس کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے سرکاری ٹیلی ویڑن چینل پر ایک فوٹیج نشر کی گئی جس میں خلیج میں موجود امریکی بحری بیڑے یو ایس ایس باکسرکے قریب ایک ڈرون کو دکھایا گیا ہے۔

    امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ڈرون ایرانی تھا جسے مار گرایا گیا ہے جبکہ ایران نے صدر ٹرمپ کا دعویٰ بے بنیاد قرار دیا ہے،فوٹیج میں امریکی بحری جنگی جہاز کو فوکس کیا گیا ہے۔

    ایرانی ٹی وی چینل کی طرف سے نشر کی گئی خبر میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ فوٹیج پاسداران انقلاب کی طرف سے جاری کی گئی ہے تاہم آزاد ذرائع سے اس کے مصدقہ ہونے کی تصدیق نہیں کی جاسکی۔

    ایرانی ٹی وی چینل کے مطابق جس ڈرون طیارے کے بارے میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ اسے مار گرایا گیا ہے وہ بدستور امریکی جنگی جہاز کی تصاویر بنا رہا ہے۔

    ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی ایک تقریب کے دوران اخباری نمائندوں کو بتایا تھا کہ یو ایس ایس باکسر نامی امریکی جنگی بحری جہاز نے جمعرات کو اس وقت دفاعی کارروائی کی جب یہ ڈرون بحری جہاز کے 1000 گز تک قریب آ کر جہاز اور اس کے عملے پر دھونس جما رہا تھا، اسے بار بار وارننگ دی گئی مگر انتباہ کے باوجود ڈرون طیارہ پیچھے نہیں ہٹا جس پر اسے مار گرایا گیا۔