Tag: drones

  • ڈرونز کے ذریعے ماؤنٹ ایورسٹ سے کچرا اٹھانے کی ویڈیو وائرل

    ڈرونز کے ذریعے ماؤنٹ ایورسٹ سے کچرا اٹھانے کی ویڈیو وائرل

    نیپال میں دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سے ہیوی ڈرونز کے ذریعے کچرا اٹھانے اور صفائی مہم کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    ماؤنٹ ایورسٹ دنیا کی سب سے بلند چوٹی، ایک بڑے ماحولیاتی مسئلے کا شکار ہے، ہر سال ہزاروں کوہ پیما اور سیاح ایورسٹ پر آتے ہیں، جو اپنے پیچھے بڑی مقدار میں کچرا چھوڑ جاتے ہیں، جس سے اس خطے کا نازک ماحولیاتی نظام خطرے میں ہے۔

    حالیہ رپورٹس کے مطابق، ایورسٹ پر 30 سے 50 ٹن کچرا موجود ہو سکتا ہے، خاص طور پر ساؤتھ کول جیسے بلند کیمپوں پر، جہاں کچرا برف میں جما ہوا ہے۔

    تاہم  اب دنیا کی سب سے بلند چوٹی کی صفائی کی ویڈیو سامنے آئی ہے، ماؤنٹ ایورسٹ پر ہیوی ڈرونز کے ذریعے صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر سال چوٹی پر کچرا جمع ہو جاتا ہے مگر اس کو نیچے لے جانے کا کوئی موثر اور آسان راستہ موجود نہیں تھا اس لیے ڈرونز کا آئیڈیا اچھا ہے۔

    دو ڈی جے آئی ایف سی تھرٹی ہیوی لفٹر ڈرونز کو 6 ہزار 65 میٹر کی اونچائی پر اڑایا گیا، ڈرونز نے تقریباً 300 کلو گرام کچرا نیچے اتارا، واضح رہے عرصہ دراز سے ایورسٹ نے ’دنیا کے سب سے اونچے کوڑادان ‘ کا نام حاصل کیا ہوا ہے۔

    نیپال میں مقیم منصوبہ تیار کرنے والے ایئر لفٹ ٹیکنالوجی کے ماہر نے کہا کہ ہمارے پاس صفائی مہم کے لیے صرف ہیلی کاپٹر اور افرادی قوت کا آپشن تھا، لہذا اس مسئلے کے حل کیلئے ہم نے اپنے ہیوی لفٹ ڈرون کو کچرا اٹھانے کے لیے استعمال کرنے کا تصور پیش کیا۔

    آلودگی کنٹرول کے سربراہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ صرف 10 منٹ میں ایک ڈرون اتنا کچرا اٹھا سکتا ہے جتنا 10 لوگوں کو اٹھانے میں چھ گھنٹے لگتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق طاقتور ڈرونز کی قیمت تقریباً 20 ہزار ڈالر ہے، لیکن چین کے ہیڈ کوارٹر مینوفیکچرر نے کلین اپ آپریشن کو سپورٹ کرنے کیلئے ڈرونز فراہم کیے، دیگر اخراجات جزوی طور پر مقامی حکام نے برداشت کیے۔

  • ایران کی فوجی صلاحیت میں بڑا اضافہ

    ایران کی فوجی صلاحیت میں بڑا اضافہ

    ایران کی فوجی صلاحیت میں اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ ممکنہ تنازعات کی تیاری کے سلسلے میں ایک ہزار نئے جدید ڈرونز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    ایران کے نیم سرکاری خبررساں ادارے تسنیم کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایرانی فوج کو گزشتہ روز جدید ڈرونز فراہم کردیئے گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ان ڈرونز کو ایران کے مختلف مقامات پر فوج کے حوالے کردیا گیا ہے، ان میں اعلیٰ اسٹیلتھ اور مضبوط قلعہ شکن صلاحیتیں موجود ہیں۔

    ان نئے ڈرونز کی خاصیت یہ ہے کہ ان میں خودکار پرواز کے ساتھ 2000 کلومیٹر سے زیادہ کی رینج اور زبردست تباہ کن صلاحیت موجود ہے۔

    ان خاص ڈرونز میں دفاعی شیلڈز سے گزرنے اور نچلی سطح کا ریڈار کراس سیکشن عبور کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔

    رپورٹس کے مطابق نئے ڈرونز شامل ہونے سے ملکی سرحدوں کی بہتر نگرانی کے علاوہ دور دراز کے اہداف کے لیے ایرانی فضائیہ کے بیڑے کی جنگی صلاحیت بھی بڑھ گئی ہے۔

    لبنان میں حزب اللہ کے اہداف پر اسرائیل کی بمباری

    واضح رہے کہ ایران نے جنوری 2025 کے آغاز سے دو ماہ طویل فوجی مشقیں شروع کی ہیں جن میں نطنز کے مقام پر اہم جوہری تنصیبات پر میزائلوں اور ڈرونز کے فرضی حملوں کے خلاف سپاہ پاسداران انقلاب اور فوج کی دفاعی مشقیں شامل ہیں۔

  • حج سیزن میں ڈرونز اور فضائی ٹیکسیاں استعمال کرنے کا فیصلہ

    حج سیزن میں ڈرونز اور فضائی ٹیکسیاں استعمال کرنے کا فیصلہ

    سعودی عرب میں رواں سال حج سیزن کے دوران ڈرونز اور فضائی ٹیکسیاں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے العربیہ نیٹ کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروس انجینئرصالح الجاسر کا کہنا ہے کہ امسال حج سیزن میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا۔

    وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروس انجینئر صالح الجاسر کا کہنا تھا کہ حج 2024 میں جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتے ہوئے فضائی ٹیکسیاں اور ڈرونز کو استعمال کیا جائے گا۔

    انجینئرالجاسر کے مطابق عازمین حج کی نقل وحمل کو منظم کرنے کے لیے مرتب شدہ جامع پروگرام کے تحت وقت مقررہ پرعملی اقدامات کرنا ہوتے ہیں، حج سیزن میں ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ آخری عازم حج کے سعودی عرب سے روانہ ہونے تک خدمات کا سلسلہ جاری رکھا جاتا ہے اور حج سیزن کے آغاز سے ہی وزارت کے اہلکار مستعد ہوجاتے ہیں پہلے عازم حج کے مملکت آنے کے ساتھ ہی خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔

    گزشتہ برس حج سیزن میں وزارت نقل وحمل نے 38 ہزار اہلکاروں پر مشتمل گرینڈ فورس کے ذریعے حج آپریشن کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    عازمین حج کے لئے آب زم زم سے متعلق اہم خبر

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح امسال بھی اسی طرح حج سیزن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ فضائی، بری اور ریلوے تمام ذرائع سے آنے والے عازمین کی ہر طرح سے خدمت کی جارہی ہے۔

  • ایران نے روس کو ڈرون فراہم کرنے کا اعتراف کر لیا

    ایران نے روس کو ڈرون فراہم کرنے کا اعتراف کر لیا

    تہران: ایران نے روس کو ڈرون فراہم کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نے پہلی بار تصدیق کی ہے کہ اس نے روس کو ڈرون فروخت کیے ہیں، لیکن ایران کا کہنا ہے کہ ڈرون یوکرین میں جنگ شروع ہونے سے ’مہینوں‘ پہلے دیے گئے تھے۔

    ہفتہ کے روز تہران میں ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے مغربی حکام کے ان دعوؤں کا تذکرہ کیا، کہ ماسکو کو یوکرین پر حملے کے لیے ایرانی ڈرون فراہم کیے گئے تھے اور زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل بھی دیے جا رہے ہیں۔

    امیرعبداللہیان نے کہا کہ میزائل سے متعلق تبصرے مکمل طور پر غلط ہیں جب کہ ڈرون کے حوالے سے بات درست ہے، کیوں کہ ہم نے یوکرین کی جنگ سے مہینوں پہلے روس کو محدود تعداد میں ڈرون فراہم کیے تھے۔

    خیال رہے کہ ایرانی حکام نے پہلے بھی متعدد مواقع پر کہا ہے کہ تہران کا روس کے ساتھ ’دفاعی‘ تعاون ہے، لیکن اس نے کریملن کو ’یوکرین کی جنگ میں استعمال ہونے کے مقصد سے‘ ہتھیار فراہم نہیں کیے۔

    امیر عبداللہیان نے ہفتے کے روز اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران جنگ میں کسی بھی فریق کا حامی نہیں ہے، اور وہ یوکرین سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نے یوکرینی حکام پر زور دیا ہے کہ اگر روس کی جانب سے یوکرین کی جنگ میں ایرانی ڈرونز کے استعمال کے ثبوت ہیں تو وہ ہمیں پیش کریں۔

  • امارات میں ڈرون اڑانے پر مشروط پابندی

    امارات میں ڈرون اڑانے پر مشروط پابندی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے بغیر لائسنس ڈرون اڑانے پر 22 جنوری سے ایک ماہ تک کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی کا مقصد لوگوں کی جان اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اماراتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام اقسام کے ڈرونز اور مختلف انواع کے ہلکے اسپورٹس طیارے اڑانے کے شوقین افراد کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ اتھارٹی سے لائسنس حاصل کریں۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن کے قوانین کے تحت امارات میں فضائی اسپورٹس کی سرگرمیوں پر 22 جنوری 2022 سے ایک ماہ تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    ایسے افراد جو ڈرونز، گلائڈنگ اور ونڈ سرفنگ کھیل کے شوقین ہیں اور اپنا شوق جاری رکھنا چاہتے ہیں، انہیں اس کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈرونز اور ہلکے جہازوں سے متعلق بعض خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، ڈرونز کو ممنوعہ مقامات پر استعمال نہیں کیا جا سکتا، پابندی عائد کرنے کا مقصد لوگوں کی جان اور املاک کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

    ایسے ادارے جو تجارتی اشتہارات یا دیگر مقاصد کے لیے ڈرونز استعمال کرتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ متعلقہ سرکاری ادارے سے رجوع کر کے باقاعدہ لائسنس حاصل کریں۔

    وزارت داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ وہ افراد جو ڈرون اڑانے کے شوقین ہیں، وہ مقررہ پابندی پر عمل کریں، لائسنس حاصل کیے بغیر ڈرون اڑانا خلاف قانون عمل شمار کیا جائے گا اور خلاف ورزی پر انہیں قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • سعودی عرب مقامی طور پر ڈرون تیار کرے گا

    سعودی عرب مقامی طور پر ڈرون تیار کرے گا

    ریاض: سعودی عرب مقامی طور پر ڈرون اور ایئر سسٹم تیار کرے گا، سعودی عرب فوج کا 50 فیصد سے زائد سامان ضرورت بھی اندرون ملک تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب سنہ 2021 میں 750 ملین ریال کی لاگت سے 6 قسم کے ڈرونز اور 40 ایئر سسٹم تیار کرے گا، سعودی جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز نے ڈیفنس ٹیکنالوجی کمپنی انترا کے تعاون سے ڈرونز فیکٹری قائم کی ہے۔

    سعودی جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز ڈرون اندرون ملک تیار کرنے کے لیے وسیع النبیاد انفراسٹرکچر تیار کر رہی ہے تاکہ پروگرام کے مطابق اسے جدید طرز کے ڈرونز تیار کرنے اور ان کی اصلاح و مرمت کے سلسلے میں بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر منفرد مقام حاصل ہوجائے۔

    ڈیفنس ٹیکنالوجی کمپنی انترا مختلف قسم کے جدید اور کثیر المقاصد ڈرونز تیار کرے گی۔

    اتھارٹی کے گورنر احمد بن عبدالعزیز العوھلی نے بتایا کہ سعودی جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز ڈرونز کی تیاری اور اصلاح و مرمت کا سہ جہتی منصوبہ تیار کیے ہوئے ہے۔ اس کے تحت اول تو ڈرونز پر ریسرچ کی جائے گی، دوم ڈرونز تیار کیے جائیں گے، علاوہ ازیں ڈرونز کے سودے بھی کیے جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پروگرام ہے کہ سنہ 2030 تک سعودی عرب فوجی اسلحہ اور سازو سامان کا 50 فیصد سے زیادہ بجٹ اندرون ملک اسلحہ اور فوجی ساز و سامان پر خرچ کرے۔

    گورنر کے مطابق فوج کا 50 فیصد سے زائد سامان ضرورت اندرون ملک تیار ہو جبکہ 40 ایئر سسٹم تیار ہوں گے۔

    انترا کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین سلمان بن ناصر الشثری نے بتایا کہ ڈرونز پروجیکٹ کا 60 فیصد حصہ سعودی عرب میں تیار ہوگا اور یہ کام سعودی انجام دیں گے۔ فیکٹری کے 70 فیصد ملازم سعودی ہوں گے اور فیکٹری 60 فیصد پیداوار برآمد کرے گی۔

  • یورپ میں ڈرونز کے ذریعے دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ ہے، یورپی کمشنر

    یورپ میں ڈرونز کے ذریعے دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ ہے، یورپی کمشنر

    برسلز :یورپی یونین کے سلامتی امور کے نگران کمشنر جولیان کنگ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی طرف سے یورپ میں حملوں کے لیے ممکنہ طور پر ڈرون بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں اور دہشت گرد حیاتیاتی ہتھیاروں کا استعمال بھی کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں یونین کے سکیورٹی امور کے کمشنر جولیان کنگ نے کہا کہ آج کل ڈرون طیارے زیادہ سے زیادہ اسمارٹ ہوتے جا رہے ہیں، اور اسی لیے یہ خطرہ بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ مستقبل میں دہشت گرد یورپی یونین کے رکن ممالک کو نشانہ بنانے کے لیے ان ڈرونز کو استعمال کریں۔

    جولیان کنگ نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کو ہر قسم کے سکیورٹی خطرات کے مقابلے کے لیے تیار رہنا ہو گا اور دہشت گردوں کی طرف سے پیدا کردہ ایک ممکنہ صورت حال یہ بھی ہو سکتی ہے کہ مثال کے طور پر وہ شائقین سے بھرے کسی فٹبال اسٹیڈیم کے اوپر کسی ہوائی جہاز یا ڈرون کے ذریعے حیاتیاتی ہتھیار کے طور پر استعمال ہو سکنے والے کسی زہریلے کیمیائی مادے کا چھڑکاؤ کر دیں۔

    جولیان کنگ نے خبردار کرتے ہوئے کہاکہ ڈرون آج کل زیادہ سے زیادہ طاقت ور اور اسمارٹ ہوتے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان کا جائز اور قانونی استعمال بھی بڑھتا جا رہا ہے لیکن ساتھ ہی اسی بڑھتی ہوئی افادیت کو دہشت گرد بھی ممکنہ طور پر یورپی شہروں اور باشندوں پر ممکنہ ہلاکت خیز حملوں کے لیے استعمال میں لا سکتے ہیں۔

    یورپی یونین کے سکیورٹی کمشنر نے مزید کہا کہ یورپی قیادت اور خاص طور پر سلامتی کے ذمے دار اداروں کے لیے بھی یہ لازمی ہو گا کہ وہ اس بات پر خصوصی توجہ دیں کہ ڈرون ٹیکنالوجی اس وقت کس طرح استعمال کی جا رہی ہے اور مستقبل میں اسے کس کس طریقے سے کسی بھی اچھے یا برے مقصد کے لیے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

    اس سلسلے میں جولیان کنگ کی تنبیہ سے پہلے فرانس میں انسداد دہشت گردی کے ملکی ادارے نے ایک ایسے امکان کا بھی جائزہ لیا تھا، جس کی تفصیلات بھی اسی جرمن اخبار نے شائع کی ہیں۔

    دہشت گردی کی قبل از وقت روک تھام کے ذمے دار فرانسیسی حکام کے مطابق اگر یورپ میں دہشت گردی کے مجموعی خطرات کی بات کی جائے، تو یہ بھی ممکن ہے کہ مستقبل میں دہشت گرد کسی بھی یورپی ملک کے کسی شہر میں کسی ایسے اسٹیڈیم پر ڈرون طیاروں کے ذریعے حیاتیاتی ہتھیار گرا دیں، جو فٹبال کے شائقین سے بھرا ہوا ہو۔

  • ڈرونز بھی مصور بن گئے

    ڈرونز بھی مصور بن گئے

    اٹلی کے شہر روم میں 4 ڈرونز نے دیوار پر گریفٹی بنا ڈالی۔ دیوار پر پینٹنگ کا یہ مظاہرہ ایک پروجیکٹ کے تحت کیا گیا۔

    روم کی شہری انتظامیہ نے ’اربن فلائنگ اوپرا‘ نامی ایک پروجیکٹ کا اعلان کیا جس کے تحت شہریوں سے متاثر کن منصوبوں کے بارے میں پوچھا گیا، ایک ہزار افراد کے بھیجے گئے پروجیکٹ آئیڈیاز میں سے 100 کو قبول کیا گیا۔

    انہی میں سے ایک ڈرون کے ذریعے گریفٹی بنانے کا منصوبہ بھی تھا جسے روم کی پولی ٹیکنک یونیورسٹی آف ٹیورن اور ٹیورن یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر عملی جامہ پہنایا۔

    دیوار پر پینٹنگ کے لیے ماہرین نے 4 ڈرونز کو کنٹرول کیا جو دیوار کو خوبصورت شاہکار میں تبدیل کرتے گئے۔ 3 مختلف مرحلوں میں دیوار پر شہر کی زندگی کی جھلک دکھائی گئی۔

    ماہرین کے مطابق اس کامیاب عملی مظاہرے کے بعد یہ کہنا مشکل نہیں کہ مستقبل میں ڈرونز رنگ و روغن اور پینٹنگ کا کام بھی کرسکیں گے۔

  • ڈرون اڑانے کےلیے سول ایوی ایشن کی رجسٹریشن لازمی قرار، برطانوی وزیر

    ڈرون اڑانے کےلیے سول ایوی ایشن کی رجسٹریشن لازمی قرار، برطانوی وزیر

    لندن : برطانوی حکومت نے گیٹ وک ایئرپورٹ حادثے کے بعد ہوائی اڈوں کو محفوظ بنانے کےلیے ڈرونز کا سراغ لگانے والی جدید ڈیوائسز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات ک مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے گیٹ وک انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب دو ڈرونز کی پرواز کے باعث 36 گھنٹے مسلسل پروازوں کی آمد و رفت منسوخ رہی تھی، جس کی وجہ ڈیڑھ لاکھ کے قریب مسافروں کو پریشانی کا سامان کرنا پڑا۔

    برطانیہ کے وزیر برائے سیکیورٹی بین ویلز خبردار کیا ہے کہ آئندہ جو بھی شخص ’غیر ذمہ دارایہ‘ طریقے سے ڈرون اڑائے گا یا اس کا ’جرائم پیشہ مقاصد‘ کے لیےاستعمال کرے گا اسے سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    بین ویلز کا کہنا تھا کہ رن وے کے قریب پرواز کرتے ڈرونز کو عوامی مقام پر مار گرانا فوج کے لیے مشکل ہوگیا تھا، اس لیے ہم نے ایسی ڈیوائسز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو باآسانی ڈرونز کو پکڑ سکے۔

    برطانوی وزیر برائے سیکیورٹی کا اعلان کیا کہ ہوائی اڈوں کی حفاظت کےلیے ڈرونز اڑانے والے افراد کو سول ایوی ایشن اتھارٹی میں رجسٹرڈ ہونا پڑے جس کے لیے آن لائن ٹیسٹ بھی ہوگا۔

    مزید پڑھیں : برطانیہ کے گیٹ وک ایئرپورٹ پر ڈرونز کی اطلاع، فلائٹ آپریشن معطل

    یاد رہے کہ بدھ کی رات سے گیٹ وک ایئرپورٹ پر پرواز کرنے والے ڈرونز کی وجہ سے 36 گھنٹوں میں 1 ہزار فلائٹ کینسل ہوئی تھیں اور ایک لاکھ 40 ہزار افراد متاثر ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں : لندن: ڈرون اڑانے کے الزام میں گرفتار جوڑے کو عدم شواہد پر رہا کردیا گیا

    یاد رہے کہ سینتالیس سالہ پاؤل گئیت،57 سالہ ایلائنی کرک کو برطانوی پولیس نے شک کی بنیاد پر جمعے کی شب 10 بجے گرفتار کیا تھا جنہیں ثبوت کی عدم موجودگی کے باعث رہا کردیا گیا تھا۔

    برطانوی پولیس نے گیٹ وک ایئرپورٹ کے قریب سے ایک ناکارہ ڈرون برآمد کرلیا ہے۔

    مزید پڑھیں: گیٹ وک ایئرپورٹ پر مشکوک ڈرونز اڑانے والا جوڑا گرفتار

    واضح رہے کہ گیٹ وک ایئرپورٹ پر پروازیں مسلسل 36 گھنٹے تک منسوخ رہی تھیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق مشکوک ڈرونز کو کنٹرول کرنے پولیس کی ناکامی کے بعد حکومت نے فوج کی خدمات حاصل کی تھیں۔

    خیال رہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے گیٹ وک آنے والی پروازوں کا رخ ملک کے دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا تھا، جن میں لندن ہیتھرو، لوٹن، برمنگھم، گلاس گلو اور مانچیسٹر بھی شامل ہیں۔