Tag: Drones attack

  • اسرائیل کے فوجی مرکز پر حزب اللہ کا ڈرون حملہ

    اسرائیل کے فوجی مرکز پر حزب اللہ کا ڈرون حملہ

    لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حیفا میں اسرائیل کے فوجی مرکز کو اپنے ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

    خبر رساں ادارے العربیہ کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ گروپ نے کہا ہے کہ اس نے بدھ کے روز بندرگاہی شہر حیفا میں اسرائیلی فوجی مرکز پر ڈرون حملہ کیا ہے۔

    ایک بیان میں حزب اللہ ترجمان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے مزاحمت کاروں نے صبح سات بج کر 45منٹ پر حملہ آور ڈرونز کے اسکواڈرن کے ساتھ "جنوبی حیفا میں ایک مرکز پر” فضائی حملہ کیا۔

    ایسے وقت میں جب لبنان میں جنگ روکنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی کا سلسلہ بدستورجاری ہے۔

    اسرائیل نے جنوبی لبنان میں درجنوں سرحدی دیہات پر شدید حملے کیے جس کے جواب میں حزب اللہ نے بدھ کے روز اسرائیل کی جانب میزائل داغے۔

    العربیہ کے مطابق لبنان کی جانب سے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کے داغے جانے کے بعد اسرائیل کے کئی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔

    دوسری جانب اسرائیل نے لبنان کی جانب سے ہونے والے ڈرونز حملوں کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے پانچ میں سے دو ڈرون کو مار گرایا ہے۔

    العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اس کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ 5 میں سے تین ڈرون شمالی اسرائیل میں داخل ہوئے اور اہداف کو نشانہ بنایا۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تل ابیب کے شمال میں واقع خضیرہ میں ایک ڈرون دھماکہ ہوا تھا، دوسرے ڈرون کو فضا میں تباہ کردیا گیا، العربیہ کے مطابق ایک ڈرون نے خلیج حیفا میں ایک فوجی ہدف کو نشانہ بنایا۔

    علاوہ ازیں العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے مشرقی لبنان کے شہر بعلبیک میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیل میں سعسع کے مقام کو نشانہ بنایا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران لبنان اسرائیل سرحد پر محاذ آرائی میں مزید اضافہ ہوا ہے تاہم حزب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے سرحد پر واقع کسی گاؤں پر بھی مکمل کنٹرول حاصل نہیں کیا ہے۔

  • ایران: فوجی پلانٹ پر چھوٹے ڈرونز سے حملے

    تہران: ایران کے شہر اصفہان میں ایک فوجی پلانٹ پر چھوٹے ڈرونز سے حملے کیے گئے ہیں، جنھیں ایران نے ناکام بنا دیا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق تہران نے اتوار کو کہا ہے کہ ایران کے مرکزی شہر اصفہان میں فوجی تنصیب میں دو دھماکے ہوئے ہیں، تاہم دھماکوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ایرانی سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ حملے میں مائیکرو برڈز کا استعمال کیا گیا، ایک مائیکرو برڈ کو ایئر ڈیفنس نے مار گرایا جب کہ دو کمپلیکس کے ایئر ڈیفنس سسٹم کے ٹریپ میں آ کر پھٹ گئے۔

    ایرانی وزارتِ دفاع کے مطابق دھماکوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ورکشاپ کی چھت کومعمولی نقصان پہنچا ہے، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع کے ایک ورکشاپ کمپلیکس پر حملے کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔

    یہ بیان ایرانی میڈیا کی جانب سے اصفہان میں زوردار دھماکے کی اطلاع کے فوراً بعد سامنے آیا ہے، خبر رساں ایجنسیوں نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں پلانٹ میں روشنی کی چمک دکھائی دے رہی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ گولہ بارود کی فیکٹری ہے، اور فوٹیج میں پلانٹ کے باہر ہنگامی گاڑیوں اور فائر ٹرکوں کو دکھایا گیا ہے۔

    اصفہان میں ڈرون حملوں کی رپورٹیں بھی اس وقت سامنے آئیں جب ایران کے سرکاری ٹی وی نے یہ بھی کہا کہ شمال مغربی شہر تبریز کے قریب ایک صنعتی زون میں ایک آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی, جس کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چند سالوں میں ایرانی فوجی، جوہری اور صنعتی تنصیبات کے ارد گرد کئی دھماکے اور آگ لگنے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں، اور یہ ایران اور اسرائیل کے درمیان طویل عرصے سے جاری ’شیڈو وار‘ کے درمیان رونما ہوئے ہیں۔ تہران کے جوہری پروگرام پر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات ہیں، اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جب کہ تہران اس الزام کی تردید کرتا ہے۔