Tag: Drug Regulatory Authority of Pakistan

  • ڈریپ نے کارڈیک اسٹنٹس کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں

    ڈریپ نے کارڈیک اسٹنٹس کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں

    اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے کارڈیک اسٹنٹس کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈریپ نے پاکستان میں 4 غیر ملکی کارڈیک اسٹنٹس کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، یہ اسٹنٹس امریکی، جاپانی، اٹلی اور ترک ساختہ ہیں۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ ان 4 غیر ملکی ساختہ کارڈیک اسٹنٹس کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کی گئی ہے، ای سی سی نے گزشتہ روز وزارت صحت کی سفارش پر ان اسٹنٹس کی ایم آر پی مقرر کی تھی۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق امریکی کارڈیک اسٹنٹ پرومس پریمیئر کی قیمت 58 ہزار 765 روپے مقرر کی گئی ہے، جب کہ امریکی کارڈیک اسٹنٹ ڈیسائنی ایکس ٹو کی قیمت 72 ہزار 450 روپے مقرر کی گئی ہے۔

    جاپانی کارڈیک اسٹنٹ الٹی ماسٹر کی قیمت 65 ہزار 507 روپے، اور اٹلی اور ترکش کارڈیک اسٹنٹ کری8 کی قیمت 53 ہزار 130 روپے مقرر کی گئی ہے۔

  • پاکستان میں کورونا ٹیسٹ صرف 20 منٹ میں ، قیمت کیا ہوگی ؟

    پاکستان میں کورونا ٹیسٹ صرف 20 منٹ میں ، قیمت کیا ہوگی ؟

    اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے  ریپڈ کورونا ٹیسٹ کٹ کی منظوری دے دی ، جس سے 20 منٹ میں ٹیسٹ ممکن ہو سکے گا، ریپڈ ٹیسٹ کی ابتدائی فیس 2ہزار روپے تک ہو گی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے ریپڈ کورونا ٹیسٹ کٹ کی منظوری دے دی، ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ریپڈ ٹیسٹ کٹ 20 منٹ میں رزلٹ دے گی ۔

    سربراہ ڈریپ ڈاکٹر عاصم نے کورونا ٹیسٹ کٹ رجسٹریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کورونا ریپڈ ٹیسٹ کٹ غیر ملکی فارما کمپنی نے رجسٹرڈ کرائی ، یہ ٹیسٹ کٹ غیر ملکی دوا ساز کمپنی درآمدکرے گی۔

    ڈاکٹر عاصم رؤف کا کہنا تھاکہ کورونا ریپڈ ٹیسٹ کٹ جرمنی کی تیار کردہ ہے اور ریپڈ ٹیسٹ کی ابتدائی فیس 2ہزار روپے تک ہو گی ، یہ ٹیسٹ کٹ ناک کی رطوبت سےکوروناٹیسٹ کرے گی۔

    سی ای او ڈریپ نے کہا کہ تربیت یافتہ ماہرین ریپڈ ٹیسٹ کٹ استعمال کرسکیں گے، ریپڈ رزلٹ کا مریض کی حالت، کلینکل ہسٹری سے موازنہ کرنا ہو گا تاہم یہ ریپڈ ٹیسٹ کٹ کورونا ڈونر اسکریننگ کیلئے استعمال نہیں ہو گی۔

    ریپڈ ٹیسٹ کٹ کی رجسٹریشن بڑی کامیابی ہے، اس ٹیسٹ کٹ سے کورونا کی جلد تشخیص ممکن ہو گی اورکوروناکی جلد تشخیص سے بروقت علاج ممکن ہو سکے گا۔

  • ڈریپ میں بد عنوانیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے: وزیر اعظم

    ڈریپ میں بد عنوانیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کے لیے ادویہ کی مناسب قیمت پر فراہمی کے سلسلے میں ڈریپ کا کلیدی کردار ہے، ادارے میں بدعنوانیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں ملک میں ادویات کی مناسب قیمتوں پر دستیابی کے حوالے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضروری ادویہ کی دستیابی اور مناسب قیمتوں پر فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام ہیں، بھرپور کوشش ہے کہ جہاں جان بچانے والی اور تمام دیگر ضروری ادویات ملک میں آسانی سے دستیاب ہوں وہاں یہ ادویات مناسب قیمت پر عوام کو میسر آئیں، اس ضمن میں ڈریپ کی کارکردگی بہتر بنانے اور بد عنوانیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پالیسی سازی اور عمل درآمد کے ضمن میں حکومت کی حکمت عملی واضح ہے، یہ دو مختلف شعبے ہیں، دونوں کو یک جا کرنے سے مسائل جنم لیتے ہیں، ڈریپ کو مکمل فعال بنانے کے لیے کوششوں کو تیز کیا جائے اور انتظامی سطح پر ادارے کی افرادی قوت کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ پالیسی سازی اور اور پالیسیوں پر عمل درآمد کے شعبوں کو علیحدہ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

    اجلاس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے حوالے سے معاملات بھی زیر غور آئے، وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں عدالت کے فیصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں تاکہ ڈاکٹروں اور شعبے سے منسلک افراد کو مزید کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔

    اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، سیکریٹری برائے نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشنز، سی ای او ڈریپ عاصم رؤف اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔