Tag: drug smuggling

  • سعودی عرب: سنگین جرم میں غیر ملکی کو سزائے موت

    سعودی عرب: سنگین جرم میں غیر ملکی کو سزائے موت

    سعودی عرب میں وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ منشیات سمگل کرنے غیر ملکی پر سزائے موت کا فیصلہ نافذ کر دیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’صومالیہ کے تارک وطن عبد الرحمن علی محمد کو منشیات سمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا‘۔

    وزارت کے مطابق ’تمام ثبوت اور دلائل کے ساتھ مذکورہ شخص کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں الزام ثابت ہونے اور زمین میں فساد پھیلانے پر سزائے موت کا فیصلہ سنا دیا گیا‘۔

    ’بعد ازاں اپیل کورٹ نے زریں عدالت کے فیصلے کی تصدیق کی اور ایوان شاہی نے فیصلے پر عملدرآمد کی منظوری دی ہے‘۔

    سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سعودی حکومت اپنے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو نشے کی ہلاکت خیزی سے بچانے کے لیے پرعزم ہے اور منشیات کی سمگلنگ میں جو بھی ملوث ہوگا اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں منشیات کی نقل و حمل یا ان کی تجارت کرنا ایک سنگین جرم سمجھا جاتا ہے، اور اس کے لیے انتہائی سخت سزائیں رکھی گئی ہیں۔ سعودی قوانین کے مطابق، منشیات کے ساتھ پکڑے جانے کی صورت میں درج ذیل سزائیں ہو سکتی ہیں:

    موت کی سزا:

    مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ یا بڑی مقدار میں منشیات رکھنے پر موت کی سزا دی جا سکتی ہے۔ یہ سزا زیادہ تر اس وقت دی جاتی ہے جب کسی شخص کو 50 گرام سے زیادہ ہیروئن، کوکین، یا دیگر منشیات کے ساتھ پکڑا جائے۔

    طویل قید:

    اگر کسی شخص کو منشیات کے ساتھ پکڑا جائے لیکن مقدار کم ہو، تو اس کے بدلے میں کئی سالوں کی قید ہو سکتی ہے۔ یہ قید کئی سالوں سے لے کر کئی دہائیوں تک ہو سکتی ہے، اور جیل کی حالت سخت ہوتی ہے۔

    جرمانہ: کچھ صورتوں میں مجرم سے بھاری جرمانہ بھی وصول کیا جا سکتا ہے، خاص طور پر اگر منشیات کی مقدار کم ہو یا یہ پہلی دفعہ ہو۔

    سزاؤں کا نفاذ:

    مملکت میں ان سزاؤں کو بہت سختی سے نافذ کیا جاتا ہے اور وہاں کے قوانین کے مطابق منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو بہت کم موقع ملتا ہے۔ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر لیا جاتا ہے، اور ان پر تیز رفتار ٹرائل کیا جاتا ہے۔ یہ ٹرائل عموماً عدالت میں ایک سے دو ہفتوں میں مکمل ہو جاتے ہیں، اور اس کے بعد سزا دی جاتی ہے۔

    اسرائیل سے جنگ کسی بھی وقت چھڑ سکتی ہے: ایران

    مثال: اگر کوئی شخص مملکت میں منشیات کے ساتھ پکڑا جائے، تو اس پر تیزی سے مقدمہ چلایا جاتا ہے اور فیصلہ جلدی کیا جاتا ہے۔ اکثر ملزمان کو عدالت سے موت کی سزا یا طویل قید کی سزا ملتی ہے۔

  • 5ملین پاؤنڈ منشیات اسمگلنگ : ماں نے اپنے بچوں کو کیسے استعمال کیا، جرم کی انوکھی کہانی

    5ملین پاؤنڈ منشیات اسمگلنگ : ماں نے اپنے بچوں کو کیسے استعمال کیا، جرم کی انوکھی کہانی

    لندن : بریڈ فورڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون کو بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے اور اپنے ہی بچوں کو اس مذموم دھندے میں استعمال کرنے پر 13 سال اور 4 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

    یہ سزا برمنگھم کراؤن کورٹ میں سنائی گئی، جہاں 54 سالہ فرزانہ اور اس کے چار بڑے بچوں ایک بیٹی اور بہو نے کوکین کی اسمگلنگ کا جرم تسلیم کیا۔ سب سے چھوٹے بیٹے کو اکتوبر میں سزا سنائی جائے گی۔

    فرزانہ کوثر نے پاکستان میں موجود اپنے ساتھی، جو “انکل” کے نام سے جانا جاتا ہے، کے ساتھ مل کر میکسیکو کے شہر کینکون سے برطانیہ منشیات اسمگل کرنے کا منصوبہ تیار کیا۔

    وہ خود کو ایک عام اور گھریلو خاتون ظاہر کرتی رہی اور گرفتاری کے وقت برمنگھم ایئرپورٹ پر دعویٰ کیا کہ وہ تو یہاں صرف اپنے بچوں کو لینے آئی ہے۔

    تاہم، اس دوران اس کے بچے 180 کلوگرام خالص کوکین لے کر برطانیہ واپس پہنچے، جس کی مالیت تقریباً 1 کروڑ 44 لاکھ پاؤنڈ تھی۔ ان میں سے کچھ منشیات دوسرے جرائم پیشہ گروہوں کو پہنچانا تھی، جبکہ باقی کو فرزانہ کے گھر منتقل کیا جانا تھا۔

    تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اگست سے نومبر 2024 کے دوران یہ خاندان پانچ بار اسی طریقے سے منشیات اسمگل کرچکا تھا۔

    اسمگلنگ میں فرزانہ کے چار بیٹے، ایک بیٹی اور بہو بھی شامل تھے۔ یہ لوگ بغیر سامان کے ایمسٹرڈیم یا ڈبلن کی مختصر پروازیں بُک کرتے اور واپسی کے وقت ان کی پرواز کو کینکون سے آنے والی پرواز سے ہم آہنگ کیا جاتا، تاکہ منشیات سے بھرے سوٹ کیس بغیر کسی مسافر کے برطانیہ پہنچ سکیں۔

    یہ کارروائی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی ایک طویل، خفیہ اور پیچیدہ تحقیقات کا نتیجہ تھی، این سی اے کے ترجمان کے مطابق ملزمان یہ سمجھ رہے تھے کہ ان کا منصوبہ انتہائی کامیاب ہے جو کبھی پکڑا نہیں جائے گا لیکن ہماری مستعدی اور جامع تفتیش نے ان کے تمام راستے بند کر دیے۔

  • بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام

    بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام

    راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) نے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ لاہورکے قریب کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گروہ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اےاین ایف عملے نے مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، ملزمان نے گاڑی روکنے کے بجائے فرار ہونے کی ناکام کوشش کی، فرار ہونے کی کوشش میں ملزمان نے  اے این ایف کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔

    ترجمان کے مطابق اے این ایف عملے نے ملزمان کو کامیابی سے روک کر گرفتار کر لیا تلاشی لینے پر گاڑی سے 1200 گرام منشیات کے 65 پیکٹ برآمد ہوئے، مجموعی طور پر گاڑی سے 78 کلو منشیات برآمد کی گئی۔

    اے این ایف ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پکڑی گئی منشیات کی مالیت تقریباً 55 لاکھ روپے بنتی ہے، ملزمان کا تعلق بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گروہ سے ہے، ملزمان پشاور سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں منشیات اسمگل کرتے ہیں، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

  • فلم ’پُشپا‘ کے انداز میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ویڈیو وائرل

    فلم ’پُشپا‘ کے انداز میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ویڈیو وائرل

    تلنگانہ : فلمی طریقے سے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے بھاری مالیت کی چرس قبضے میں لے لی۔

    بھارتی ریاست تلنگانہ میں مشہور بھارتی فلم ’پُشپا‘ کے مشہور سین کی طرح واٹر ٹینکر میں چھپائی گئی 290 کلو گرام چرس پکڑی گئی۔

    ساؤتھ انڈین مووی ’پشپا‘ نے نہ صرف تیلگو ریاستوں میں زبردست کامیابی حاصل کی تھی بلکہ اس فلم میں صندل کی لکڑی کی اسمگلنگ کرنے والے مناظر نے فلمی شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا تھا۔

    لیکن ساتھ ہی جرائم پیشہ عناصر کو اسمگلنگ کرنے کا ایک نیا طریقہ بھی سکھا دیا، جس پر عمل کرتے ہوئے صندل کی لکڑی کی جگہ ٹینکر میں چرس چھپا کر لے جائی جارہی تھی۔

    فلم پشپا کی طرز پر پانی کے ٹینکر میں چرس اسمگل کرنے والے ملزمان کا منصوبہ اس وقت ٹھپ ہوگیا جب پولیس چیک پوسٹ سے گزرنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی تھی۔

    اس دوران آندھرا پردیش سے ایک ٹینکر مشتبہ طور پر پہنچا جو مہاراشٹر کی جانب جارہا تھا، پولیس اہلکاروں کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات پر ڈرائیور اطمینان بخش جواب نہ دے سکا تو ٹینکر کا مکمل معائنہ کیا گیا۔

    معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ ٹینکر کے درمیانی حصہ کے اندر خصوصی طور پر بنائے گئے خانوں میں چرس موجود تھی۔ پولیس کے مطابق مجموعی طور پر 290 کلو گرام چرس ضبط کی گئی ہے جس کی مالیت تقریباً 72.50 لاکھ روپے ہے۔ ڈرائیور بلویر سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

  • اے این ایف نے سمندر کے راستے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

    اے این ایف نے سمندر کے راستے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

    راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف ) نے سمندر کے راستے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف ) نے سمندر کے راستے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، مکران کوسٹل لائن کے قریب منشیات کی بڑی کھیپ قبضے میں لے لی۔

    اے این ایف کا کہنا ہے کہ خفیہ نگرانی کے بعد خلیج عمان جانے والی اسپیڈ بوٹ کا پیچھا کیا، جیونی کے قریب سمندر میں کامیاب آپریشن کے ذریعے بڑی مقدار میں آئس برآمد ہوا۔

    اے این ایف ترجمان کے مطابق کئی گھنٹوں پر محیط آپریشن میں مجموعی طور پر 60 کلو آئس برآمد ہوئی، برآمد آئس مختلف پیکٹوں اور ڈبوں میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔

    اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ گہرے سمندر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان فرار ہوگئے، ملزمان کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • مسافر ٹرین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کا منصوبہ ناکام، 2 ملازمین گرفتار

    مسافر ٹرین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کا منصوبہ ناکام، 2 ملازمین گرفتار

    راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے مسافر ٹرین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے جعفر ایکسپریس کے گارڈ انچارج اور اسسٹنٹ ایگزامینر الیکٹرک کو گرفتار کر لیا۔

    اے این ایف ترجمان کے مطابق انٹیلی جنس اطلاع تھی کہ ٹرین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی جا رہی ہے، جس پر راولپنڈی، پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام بڑے جنکشنز پر ٹرینوں کو چیک کیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ اطلاع موصول ہونے پر جعفر ایکسپریس میں گجرات جنکشن کے مقام پر کارروائی کی گئی، تلاشی لینے پر ملزمان کی سرکاری پیٹی سے 4 کلو چرس اور 2 کلو افیون برآمد ہوئی، جس پر گارڈ انچارج اور اسسٹنٹ ایگزامینر الیکٹرک کو گرفتار کیا گیا۔

    ملزمان منشیات راولپنڈی سے جیکب آباد اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، واقعے کے بعد تمام بڑے جنکشنز اور ٹرینوں کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے، اے این ایف کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان راولپنڈی کے رہائشی ہیں جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • ریاض جانے والے ملزم سے جوتوں میں چھپائی گئی ہیروئن برآمد

    ریاض جانے والے ملزم سے جوتوں میں چھپائی گئی ہیروئن برآمد

    کراچی: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے این ایف اور اے ایس ایف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ریاض جانے والے ملزم سے جوتوں میں چھپائی گئی 820 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات ضبط کر لی اور متعدد افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے۔

    اے این ایف کی ایک کارروائی میں لاہور ایئر پورٹ پر بھی ٹرالی بیگ سے 489 گرام ہیروئن برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد ترنول ٹول پلازہ اور موٹر وے ٹول پلازہ پر کارروائیوں میں 83 کلو کے قریب منشیات برآمد کی گئی، اور خاتون سمیت 5 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

    اےاین ایف اور ایف سی نے خیبر پاک افغان سرحد پر کارروائی میں 29 کلو چرس برآمد کی، کراچی سپر ہائی وے پر خاتون سے ایک کلو کرسٹل ہیروئن اور 900 گرام آئس برآمد کی گئی۔

    گوادر کے قریب درختوں میں چھپائی گئی 185 کلو منشیات برآمد کی گئی، چمن میں کارروائی کرتے ہوئے 586.8 لیٹر ممنوعہ کیمیکل برآمد کی گئی، کوئٹہ شہر ہزار گنجی میں ایک کار سے 105 کلو چرس برآمد ہوئی، جب کہ تربت میں کارروائی کے دوران خالی مکان سے 490 کلو چرس برآمد ہوئی۔

    ادھر جامشورو میں لونی کوٹ پولیس کی ایم نائن موٹر وے پر کارروائی کے دوران وین سے 50 کلو چرس برآمد ہوئی، پولیس نے رتوڈیرو کے رہائشی وین ڈرائیور محمد ابراہیم بروہی کو گرفتار کر لیا، ملزم کے دیگر ساتھوں کی تلاش کے لیے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • مدینہ، جدہ اور ترکیہ منشیات اسمگل کرنے والے پکڑے گئے

    کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کی بین الاقوامی کوششیں ناکام بنا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر مدینہ جانے والے ملزم کے ٹرالی بیگ سے آئس اور نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں، جہلم کے رہائشی ملزم سے 2 کلو 982 گرام آئس اور 8 ہزار نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی ہیں، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    اے این ایف اور اے ایس ایف نے باچا خان ایئر پورٹ پر مشترکہ کارروائی میں جدہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 1 کلو 624 گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    لاہور ایئر پورٹ سے ترکیہ جانے والے ملزم کے پیٹ سے 36 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے، ترجمان اے این ایف نے کہا کہ جہلم کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی کیماڑی کے قریب کارروائی میں رکشے سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی۔

    ایک اور کارروائی میں فرینڈ شپ گیٹ چمن پر 2 افغان باشندوں کو پاکستان منشیات لاتے ہوئے گرفتار کیا گیا، ملزمان سے 5 کلو 500 گرام آئس اور 490 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

    ملزمان نے منشیات بکسے کے اندر بنائے گئے خفیہ خانے میں چھپا رکھی تھی، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

  • منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، خاتون سمیت 3ملزمان گرفتار

    منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، خاتون سمیت 3ملزمان گرفتار

    کراچی / اسلام آباد : اینٹی نارکوٹکس فورس نے جڑواں شہروں اور کراچی میں کارروائیاں کرکے منشیات اسمگلنگ میں ملوث خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اے این ایف انٹیلی جنس کے عملے نے موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب کار سے27کلو ہیروئن اور3کلو کیمیکل برآمد کرلیا۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار شدگان میں ایک عورت بھی شامل ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کار سوار لاہور کے رہائشی شہباز علی اور حمیرا نوید کو حواست میں لیا گیا ہے۔

    اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ ایک اور کارروائی میں راولپنڈی میں کوریئر آفس میں پارسل سے1800گرام کیٹا مائن برآمد کی گئی ہے۔

    ملزمان سے برآمد کی گئی کیٹا مائن امریکا اسمگل کی جارہی تھی جسے باکسنگ گلوز میں چھپایا گیا تھا، مذکورہ پارسل فیصل آباد کے رہائشی محمد رزاق کی جانب سے بک کرایا گیا تھا۔

    اس کے علاوہ کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں ایک گاڑی سے11کلو500گرام چرس برآمد کی گئی ہے، اے این ایف ٹیم نے کراچی کے رہائشی عبدالکمال نامی ملزم کو گرفتارکرلیا۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق مذکورہ تمام گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • کوئٹہ : کسٹم عملے کی کامیاب کارروائی، منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    کوئٹہ : کسٹم عملے کی کامیاب کارروائی، منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    کوئٹہ : محکمہ کسٹمز نے بڑے پیمانے پر منشیات چرس اور افیون اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کسٹمزکی موبائل ٹیم نے منشیات اسمگلروں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں مالیت کی منشیات قبضے میں لے لی۔

    کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ اشیاء میں 100 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی چرس،5 کلو گردہ اور 5 کلو افیونن شامل ہیں جس کی قیمت ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے بنتی ہے۔

    کسٹم حکام نے بتایا کہ منشیات مزدا ٹرک میں بنی خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی جبکہ منشیات کو اندرون ملک اسمگل کیا جا رہا تھا۔

    مذکورہ کارروائی کلیکٹر کسٹمز پروینٹو خالد حسین جمالی کی ہدایات پرایڈیشنل کلیکٹر معین افضل اوراسسٹنٹ کلیکٹر کسٹمز شفیع اللہ نے ترتیب دی, کارروائی موبائل اسکواڈ کے عملے جو انسپیکٹر شہزاد اختر کے زیر نگرانی متحرک ہے نے کی۔