Tag: drugs

  • ایک ارب ڈالر کی منشیات : پولیس اہلکاروں کی شامت آگئی

    ایک ارب ڈالر کی منشیات : پولیس اہلکاروں کی شامت آگئی

    کراچی : شہر قائد کی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی مالیت کی پکڑی جانے والی منشیات پولیس اہلکاروں کیلئے مصیبت بن گئی۔

    سرجانی ٹاؤن  پولیس گزشتہ روز پکڑی گئی ایک ارب ڈالر مالیت کی منشیات کے حوالے سے نئی مشکل میں پھنس گئی ہے، پولیس اہلکار دوسرے روز بھی منشیات کی کھیپ کی پیکنگ میں مصروف رہے۔

    پیکنگ کے بعد منشیات کی بوریوں سے پورا تھانہ بھرگیا، سُرجانی تھانے کے کئی کمرے منشیات کے بوروں سے بھرے ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ ساڑھے5ٹن منشیات ایسٹ زون پولیس کی جانب سے ناردرن بائی پاس کے قریب خفیہ اطلاع پر چھاپے کے دوران پکڑی گئی تھی۔

    پیکنگ کرنے والے پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ اب بھی بڑی مقدارمیں منشیات کی پیکنگ کرنا باقی ہے، پیک شدہ منشیات قانونی کارروائی کے بعدعدالت میں پیش کی جائے گی۔

    کراچی پولیس کی بڑی کارروائی ، 1 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات پکڑی گئی

    بتایا گیا ہے کہ برآمد منشیات کی بین الاقوامی سطح پر مالیت ایک ارب سے زائد بنتی ہے اور اس منشیات کا وزن تقریباً ساڑھے پانچ ٹن ہے، پکڑی گئی کھیپ میں چرس، افیون اور ہیروئن شامل ہے۔

     

  • پشاور ٹول پلازہ: کار سے 18 کلو گرام منشیات برآمد

    پشاور ٹول پلازہ: کار سے 18 کلو گرام منشیات برآمد

    پشاور: اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے 18 کلو گرام منشیات برآمد کرلی ہے۔

    ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) کے مطابق پشاور موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف پشاور نے مشترکہ کارروائی کی، کامیاب کارروائی کے نتیجے میں 18 کلو گرام منشیات ضبط کرلی گئی ہے، برآمد منشیات میں15کلو گرام چرس اور3 کلو افیون شامل ہے۔

    حکام نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی میں رفیع اللہ اور مرسلین خان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان نے انتہائی مہارت کے ساتھ منشیات کار کے خفیہ خانوں میں چھپا رکھی تھی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: اے این ایف انٹیلیجنس کی بڑی کارروائی، منشیات کا دھندا کرنے والے نیٹ ورک کے3 کارندے گرفتار

    اس سے قبل رواں ماہ اے این ایف انٹیلی جنس نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات کا دھندا کرنے والے نیٹ ورک کے تین کارندے گرفتار کئے تھے، ملزمان سے مجموعی طور 94.800 کلوگرام چرس برآمد ہوئی تھی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ جوہر چورنگی کے قریب دورانِ تلاشی رکشہ سے 2 پیکٹ چرس برآمد کی گئی، گرفتار رکشہ ڈرائیور کی نشاندہی پر اے این ایف نے گلستان جوہر میں ورکشاپ پر چھاپہ مارا ، اس دوران ورکشاپ میں کھڑی سلمان زمان اور سعید خان نامی دو ملزمان کی ٹیوٹا وٹز کار سے 47 پیکٹ چرس برآمد ہوئی۔

  • عجیب واقعہ، سرکاری مال خانے میں منشیات پتھر اور مٹی بن گئیں

    عجیب واقعہ، سرکاری مال خانے میں منشیات پتھر اور مٹی بن گئیں

    کراچی: شہر قائد کے ماڈل کورٹ کے مال خانے میں جمع کرائی گئی کیس پراپرٹی پتھروں اور مٹی میں تبدیل ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن شرقی ماڈل کورٹ کے مال خانے میں جمع کرائی گئی 38 کلو گرام افیون پتھروں میں، اور 22 کلو چرس مٹی میں تبدیل ہو گئی ہے۔

    یہ انکشاف ملزم خالد کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران ہوا، عدالت نے مال خانہ انچارج سٹی کورٹ شرقی پولیس کانسٹیبل عجب خان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

    عدالت نے مال خانہ انچارج سے استفسار کیا کہ کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، کیوں نہ آپ کے خلاف ایڈیشنل آئی جی کراچی کو مِس کنڈکٹ کی کارروائی کا حکم دیا جائے، مال خانہ انچارج کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے ملزم کو فائدہ پہنچے گا، بطور سرکاری ملازم آپ نے رشوت وصول کی ہے۔

    عدالت نے کہا کیس کے تفتیشی افسر آصف علی نے کیس پراپرٹی مال خانے میں جمع کرائی تھی، کیس پراپرٹی میں 38 کلو افیون اور 22 کلو چرسں شامل تھی، عدالت نے 11 فروری کو کیس پراپرٹی پیش کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن کیس پراپرٹی جب عدالت میں کھولی گئی تو ایک بیگ میں منشیات کی جگہ پتھر اور دوسرے میں مٹی پائی گئی۔

    پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم خالد کو 4 فروری 2021 موسمیات پی سی ایس آر سی لیبارٹری کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا، ملزمان کی تلاشی لی گئی تو ایک بیگ میں 38 کلو افیون اور دوسرے بیگ سے 22 کلو چرس برآمد ہوئی تھی، ملزم خالد نے بتایا کہ 22 کلو چرس فرار ہونے والے ملزم عبد الحق کی تھی۔

  • کراچی میں جوس کے ڈبوں میں مہلک ترین نشہ سپلائی کرنے کا انکشاف

    کراچی میں جوس کے ڈبوں میں مہلک ترین نشہ سپلائی کرنے کا انکشاف

    کراچی : شاہ لطیف پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے آئس سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی اور جوس کے ڈبوں میں چھپائی گئی 820 گرام آئس برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جوس کے ڈبوں میں مہلک ترین نشہ سپلائی کرنے کا انکشاف سامنے آیا ، شاہ لطیف پولیس نے آئس سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی۔

    پولیس نے خفیہ اطلاع پر صالح محمد گوٹھ میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے گرفتار ملزمان سے جوس کےڈبوں میں چھپائی گئی 820 گرام آئس برآمد کرلی۔

    ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ ملزمان کے موبائل سے رابطہ کاروں کی معلومات حاصل کررہےہیں، گرفتار ملزمان نے آئس سیمپل کے طور پر خریداروں کیلئے لانے کا انکشاف کیا، سیمپل پاس ہونے پر زیادہ مقدار میں آئس کی سپلائی ہونا تھی۔

    عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے برآمدہ آئس نوجوان خریداروں کو بیچنے کا بھی انکشاف کیا، ملزمان کے گروہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کے مطابق ایک اور کارروائی میں 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے 2کلو سے زائد چرس ،موبائل فونز برآمد ہوئی۔

    عرفان بہادر نے کہا کہ گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے، ملزمان میں خادم حسین، غلام نبی، ذیشان اور خالد شامل ہیں۔

  • منشیات بحالی مرکز میں علاج کے نام پر غیر انسانی سلوک، 133 افراد بازیاب

    منشیات بحالی مرکز میں علاج کے نام پر غیر انسانی سلوک، 133 افراد بازیاب

    لاہور: منشیات بحالی مرکز سے 133 افراد کو بازیاب کرا لیا گیا، جہاں ان کے ساتھ علاج کے نام پر غیر انسانی سلوک ہو رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں منشیات کے علاج و بحالی کے ایک غیر رجسٹرڈ مرکز گارڈین ہوم کو سیل کر دیا گیا، اس غیر قانونی مرکز میں 133 افراد کو یر غمال بنا کر رکھا گیا تھا۔

    پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ منشیات بحالی کے مرکز سے 133 افراد کو بازیاب کرایا گیا ہے، جنھیں ان کے رشتے داروں کے حوالے کر دیا گیا۔

    ترجمان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق بازیاب افراد میں سے 20 مریضوں کو پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پی ایچ سی کے مطابق غیر قانونی بحالی مرکز کے خلاف ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، پولیس، اور دیگر متعلقہ محکموں نے مشترکہ طور پر کارروائی کی،۔

    ترجمان نے بتایا کہ غیر رجسٹرڈ گارڈین ہوم میں مریضوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک ہوتا تھا، مریضوں کو بغیر کسی علاج بدترین حالات میں رکھ کر تشدد کیا جاتا تھا۔

    یہ بھی معلوم ہوا کہ بحالی کے نام پر قائم مرکز میں منشیات اور ذہنی امراض کے ماہرین اور طبی عملہ بھی تعینات نہیں تھا۔

    واضح رہے کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے عطایئوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں، جس میں 122 عطائیوں کے اڈے سربمہر کر دیے گئے ہیں، پی ایچ سی کے ڈیٹا کے مطابق کریک ڈاؤن میں 1,355 علاج گاہوں پر چھاپے مارے گئے، جن میں سے 433 پر کاروبار تبدیل پائے گئے۔

  • 3 غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز گرفتار

    3 غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز گرفتار

    راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کارروائیاں کر کے غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف انٹیلیجنس نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر کارروائیاں کر کے 595 کلوگرام ہیروئن اور 5.033 کلوگرام کوکین برآمد کر لی۔

    ان کارروائیوں کے دوران 10 اسمگلرز گرفتار کیے گئے ہیں، جن میں 3 ویسٹ افریقن باشندے شامل ہیں، اور ان میں ایک عورت بھی ہے۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پر ایتھوپیا سے آنے والی مغربی افریقی خاتون سے جب 1.393 کلوگرام کوکین برآمد ہوئی، تو اس کیس کے تعاقب میں اے این ایف نے فیصل آباد ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 2 غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کر لیا۔

    فیصل آباد ایئر پورٹ پر بحرین سے آنے والے 2 ویسٹ افریقی باشندوں کے قبضے سے 3.640 کلوگرام کوکین برآمد کی گئی۔

    اے این ایف انٹیلیجنس کی سری لنکن سیکیورٹی حکام کو فراہم کی جانے والی خفیہ معلومات کے نتیجے میں کھلے سمندر میں ایک کارروائی کی گئی، جس کے دوران 2 کشتیوں سے مجموعی طور پر 595 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

    اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں پاکستانی و غیر ملکی باشندے شامل ہیں۔ ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • تربوز میں منشیات کیسے اسمگل کی جاتی ہے، ویڈیو دیکھیں

    تربوز میں منشیات کیسے اسمگل کی جاتی ہے، ویڈیو دیکھیں

    ویسے تو منشیات کی اسمگلنگ کرنے کیلئے نت نئے طریقے استعمال کیے جاتے ہیں لیکن اس بار تو اسمگلروں نے ایسا طریقہ نکالا کہ پولیس اہلکار بھی سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔

    دنیا بھر منشیات کے اسمگلر اپنی نقل و حرکت اور مواصلات کے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ بہت محتاط انداز سے کام کرتے ہیں تاکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی آنکھوں میں دھول جھونک سکیں۔

    اپنے سامان کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کیلئے منشیات کو ایسی چیز میں چھپایا کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، لیکن کبھی کبھی ان کی ساری ہوشیاری دھری کی دھری رہ جاتی ہے۔

    اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک پولیس افسر منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا رہا ہے۔

    اب اسمگلروں کی جانب سے منشیات چھپانے اور اس کی نقل و حمل کے لیے استعمال کی جانے والی ایک نئی اور آنکھ کھولنے والی تکنیک وائرل ہو گئی ہے۔ اس کام کیلیے ایک مشہور پھل کا استعمال کیا گیا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پولیس افسر تربوز کو دو حصوں میں کاٹتا ہے تاکہ ظاہر ہو کہ اس کے اندر کیا ہے جیسا کہ عام طور پر پھل کو کاٹا جاتا ہے جس کے بعد پولیس کو پتہ چلتا ہے کہ تربوز کو اندر سے خالی کرکے اس کے اندر ایک شاپر کے اندر منشیات بھر دی گئی تھی۔

    ویڈیو میں آگے چل کر ایک افسر کو ٹرک کے پیچھلے حصے سے منشیات سے بھرے تربوز برآمد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بعدازاں تمام تربوز کاٹ کر سڑک پر بچھائے جاتے ہیں۔

    اس موقع پر پولیس افسران اور گرفتار ہونے والے اسمگلروں کو بھی دکھایا گیا ہے، 29اگست کو شیئر ہونے کے بعد ویڈیو کو 1.06 لاکھ سے زیادہ صارفیں نے دیکھا اور پسند کیا۔

  • کیک کے شوقین افراد ہوشیار : منشیات فروشوں نے نیا طریقہ ڈھونڈ لیا

    کیک کے شوقین افراد ہوشیار : منشیات فروشوں نے نیا طریقہ ڈھونڈ لیا

    اگر آپ کیک کھاتے ہیں اور کیک کے عادی ہیں تو آپ کے لیے بری خبر ہے کیونکہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے یہ سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ منشیات فروش اب منشیات فروخت کرنے کی نئے نئے طریقوں کا استعمال کر رہے ہیں۔

    ان میں یہ کیک بھی شامل ہے۔ ممبئی اینٹی نارکوٹکس سیل نے ممبئی کے مجگاؤں علاقے سے ہشیش کی آمیزش والے اس کیک کا کاروبار کرنے والے تین ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔

    این سی بی کی کارروائی میں براؤنی کیک میں ہشیش کی آمیزش والے اس گورکھ دھندے کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک غیر ملکی سمیت تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ اس گرفتاری میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے۔

    ملزم ڈاکٹر رحمین چارنیا ہے، جو ممبئی کے پرنس علی خان اسپتال بطور سائکیٹرسٹ پریکٹس کرتا ہے۔ اینٹی نارکوٹکس سیل نے جب اس سے منسلک افراد کے گھروں پر چھاپے مارے تو اس دوران 10 کلوگرام ہشیش براؤنی کیک کے ساتھ ساتھ دوسری نشہ آور اشیا اور نقدی بھی برآمد ہوئی۔

    تفتیش کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے کہ ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقوں سمیت ہائی پروفائل ہستیوں کو سپلائی کیا جارہا تھا۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی مانیں تو اس معاملے میں اور بھی کئی گرفتاریاں ممکن ہیں۔

    نارکوٹکس کنٹرول بیورو او اینٹی نارکوٹک سیل کو لگاتار ہونے والی کارروائیوں سے منشیات فروشوں میں سنسنی پھیلی ہوئی ہے۔ منشیات فروش اس گورکھ دھندے کو انجام دینے کے لئے ہر دن نئے طریقے نکالتے ہیں۔

    ان حالات میں تفتیشی ایجنسیوں کے لئے یہ کسی چیلنج سے کم نہیں کیونکہ موجودہ وقت میں اس کاروبار سے منسلک افراد کا تعلق کسی بھی طبقے سے ہو سکتا ہے۔

  • منشیات رکھنے والے امریکی شخص نے خود ہی پولیس کو اپنے گھر بلا لیا

    منشیات رکھنے والے امریکی شخص نے خود ہی پولیس کو اپنے گھر بلا لیا

    امریکا میں ایک شخص نے پولیس کو فون کر کے جعلی ڈکیتی رپورٹ کی تاہم پولیس نے اس کے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات اور نقد رقم برآمد کرلی۔

    امریکی ریاست ایریزونا میں 42 سال جون ہربسن نے پولیس کو کال کی اور کہا کہ ان کے گھر کی کھڑکی ٹوٹی ہوئی ہے اور کسی نے ان کے گھر میں نقب لگائی ہے۔

    پولیس موقع پر پہنچی تو جون نے دروازہ کھول دیا اور انہیں اندر داخل ہونے کی دعوت دی۔ تاہم پولیس نے دیکھا کہ وہاں نقب زنی کے کوئی آثار موجود نہیں تھے۔

    بعد ازاں پولیس نے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات اور نقد رقم برآمد کرلی، رقم کی مالیت 4 ہزار ڈالرز سے زائد تھی۔

    پولیس نے مذکورہ شخص کو حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا۔

  • پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

    پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

    اسلام آباد: ملک سے منشیات کے خاتمے کے لیے وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان اتفاق، پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم خان وزارت انسداد منشیات پہنچے جہاں وزیر انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان منشیات کے خلاف مشترکہ شعوری و آگاہی مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا، منشیات کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کیا جائے گا۔

    وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کرکٹ کی بحالی کے لیے وسیم خان کی جانب سے شروع کی گئی اسٹرکچرل ریفارمز اور جدید ماڈل پر لیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات کرکٹ کی بحالی میں دور رس نتائج کا پیش خیمہ ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے تدبر اور ان کی سوچ کے مطابق کرکٹ کو نئے عالمی اسٹرکچر پر مرتب کرنے پر وسیم خان سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

    شہریار آفریدی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر احسان مانی اور وسیم خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب پاکستانی کرکٹ کو نئی زندگی ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو منشیات کے نقصانات سے آگاہی کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کر کے منشیات کی طلب میں کمی کرنا اہم مشن ہے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے ساتھ مل کر قوم کے بچوں اور جوانوں کو منشیات کے استعمال کے برے اثرات سے آگاہ کریں گے۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے وزارت انسداد منشیات کے ساتھ مل کر کام کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے فرائض کی ادائیگی میں پاکستان کرکٹ بورڈ، وزارت انسداد منشیات کے شانہ بشانہ کام کرے گا۔