Tag: drunk

  • نشے میں دھت ڈرائیور نے گاڑی درخت سے ٹکرا دی

    نشے میں دھت ڈرائیور نے گاڑی درخت سے ٹکرا دی

    ارجنٹائن میں نشے میں دھت ایک ڈرائیور نے گاڑی کو جان بوجھ کر درخت سے ٹکرا دیا جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا، مقامی حکومت فٹ پاتھ کی مرمت کے پیسے ڈرائیور سے وصول کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں 25 سالہ ڈرائیور کو دیکھا جاسکتا ہے جو اپنے دوست کے ساتھ گاڑی میں ہے، ڈرائیور نشے میں دھت ہے اور چلا رہا ہے کہ ہم مرنے کے لیے تیار ہیں۔

    اس دوران وہ نہایت غیر محتاط ڈرائیونگ کرتا ہے۔

    اس کا دوست جو ویڈیو بنا رہا ہے وہ ڈرائیور کو روکتا بھی دکھائی دیا تاہم نشے میں چور ڈرائیور کچھ بھی سمجھنے سے قاصر ہے۔

    اس کے بعد اچانک گاڑی دھماکے سے سائیڈ وے پر لگے درخت سے جا ٹکراتی ہے۔ جان بوجھ کر کیے گئے اس حادثے میں خوش قسمتی سے دونوں محفوظ رہتے ہیں۔

    پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے اس پر نشے میں ڈرائیونگ کرنے کے چارجز عائد کیے ہیں جبکہ اس کا ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کیس عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد مقامی حکومت فٹ پاتھ کی مرمت کی رقم ڈرائیور سے وصول کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، گاڑی ٹکرانے سے سائیڈ وے کو نقصان پہنچا ہے اور اس کی دیوار ٹوٹ گئی ہے۔

  • پولیس نے’بیگم نوازش علی‘ کوشراب نوشی کے الزام میں حراست میں لے لیا

    پولیس نے’بیگم نوازش علی‘ کوشراب نوشی کے الزام میں حراست میں لے لیا

    کراچی: سندھ پولیس نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں چھاپہ مار کر اداکار علی سلیم المعروف بیگم نوازش علی اور ایک شخص کو مبینہ طور پر شراب نوشی کے جرم میں حراست میں لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے کلفٹن میں واقع ایک گیسٹ ہاؤس پر مشکوک افرد کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی تو علی سلیم مبینہ طور پر اپنے ساتھی سمیت نشے کی حالت میں برآمد ہوئے، پولیس نے جائے وقوعہ پر موجود شراب کی بوتلیں بھی قبضے میں لے لی ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مغوی بچے اور اغواکاروں کی موجودگی کی اطلاع پر مذکورہ گیسٹ ہاؤس پر چھاپہ مارا گیا تھا، چھاپے کے دوران مغوی بچہ اور اغواکار تو نہیں ملے لیکن وہاں موجود افراد کو قابلِ اعتراض حالت میں ہونے کے سبب حراست میں لے لیاگیا، دونوں ملزمان کے خلاف ممنوعہ نشہ آور اشیا رکھنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی کراچی ساؤتھ عمر شاہد کا ا س واقعے پر کہنا ہے کہ گیسٹ ہاؤس میں موجود افراد مشکوک حرکات میں ملوث تھے ، اسی سبب انہیں حراست میں لیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سنہ 2011 میں علی سلیم اپنی والدہ پر مبینہ تشدد کے سبب خبروں کی زینت بن چکے ہیں ، کہا گیا تھا کہ کسی گھریلو تنازعے پر علی سلیم نے اپنی والدہ فرزانہ سلیم پر تشدد کیا جس کے سبب ان کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی اور انہیں ایمرجنسی میں پولی کلینک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔