Tag: Dubai Air Show

  • دبئی ایئر شو 2021 کے دوران 22 ارب درہم سے زائد کے معاہدے

    دبئی ایئر شو 2021 کے دوران 22 ارب درہم سے زائد کے معاہدے

    ابو ظہبی: دبئی ایئر شو 2021 کے دوران وزارت دفاع نے مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ 23 معاہدے کیے جن کی مالیت 22 ارب درہم سے زائد ہے۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق دبئی ایئر شو 2021 کے چوتھے روز وزارت دفاع نے مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ 1 ارب 74 کروڑ سے زائد درہم مالیت کے سات سودے کیے ہیں۔

    اس طرح چار روز کے دوران ہونے والے کل معاہدوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے جن کی کل قیمت 22 ارب درہم سے زائد ہے۔

    677 ملین درہم کا سب سے بڑا معاہدہ انٹرنیشنل ٹیکنیکل سسٹمز ٹریڈنگ کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی فضائیہ اور ایئر ڈیفنس طیاروں کو سسٹمز اور آلات کی فراہمی کے لیے کیا گیا ہے۔

    اس کا اعلان دبئی انٹرنیشنل ایئر شو 2021 کی سرکاری ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ سارہ حمد الحجری نے دبئی ایئر شو 2021 کی ملٹری آرگنائزنگ کمیٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل اسٹاف پائلٹ اسحاق صالح البلوشی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔

    دبئی ایئر شو کے 2019 کے ایڈیشن میں ہونے والے سودوں کی کل مالیت 18 ارب درہم تھی جب کہ 2021 کے ایڈیشن کے صرف تیسرے روز ہی سودوں کی مالیت 20 ارب درہم سے تجاوز کر گئی ہے۔

    وزارت اور ایرو اسپیس میں مہارت رکھنے والی دفاعی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والے سودوں کے اعلان کے بعد البلوشی نے کہا کہ دبئی ایئر شو کے اس سال کا ایڈیشن پچھلے ایڈیشن سے ممتاز ہے۔

    انہوں نے تمام اسٹریٹجک شراکت داروں اور ان کمپنیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جنہوں نے متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے ساتھ معاہدہ کیا کہ وہ زمینی سطح پر اپنے معاہدوں کے نفاذ میں کامیابی حاصل کریں۔

    انہوں نے ایئر شو میں شرکت کرنے والی تمام کمپنیوں کو کامیابی حاصل کرنے اور ملک میں سرمایہ کاری کے سودے کرنے کی خواہش بھی کی۔

  • دبئی ایئر شو : طیارہ کمپنیوں کو بڑی کامیابی مل گئی

    دبئی ایئر شو : طیارہ کمپنیوں کو بڑی کامیابی مل گئی

    دبئی ایئر شو 2021 کے موقع پر کم لاگت ایئرلائنز میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کار بل فرینک کمپنی انڈیگو پارٹنرز نے ایئربس کو اربوں ڈالر مالیت کے 255 سنگل آئل اے 321 مسافر طیاروں کا آرڈر دیا ہے، ان میں یورپ کی ویز ایئر کے لیے 102 طیارے بھی شامل ہیں۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق طیارہ ساز کمپنی ایئربس نے یورپ کے ویز ایئر، فرنٹیئر ایئرلائنز، جیٹ اسمارٹ اور وولارس کے لیے دبئی ایئر شو میں انڈیگو پارٹرنز کے ساتھ مشترکہ معاہدے کے تحت ایک ڈیل پر دستخط کیے ہیں۔

    ایئربس کے مطابق اس آرڈر کے علاوہ ولارس اور جیٹ سمارٹ اپنے 38 اے 320 نیو طیاروں کو اے 321 طیاروں میں تبدیل کر دیں گے۔ انڈیگو پارٹنرز کے سربراہ بل فرینک کا کہنا ہے کہ ایئربس اے 321 نیو اور اے 321 ایکس ایل آر ہوائی صنعت میں سب سے بہتر استعداد کے حامل ہیں۔ گزشتہ ماڈلز کی نسبت یہ کم قیمت ہونے کے ساتھ ساتھ کاربن کا اخراج بھی نسبتا کم کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ یہ مسافر طیارے کم کرایوں کی پیشکش جاری رکھیں گے۔ ایئربس کے چیف کمرشل افسر کرسچن شیریر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی پاٹنرز ایئرلائنز زن، فرنٹیئر، ولارس اور جیٹ اسمارٹ کے ساتھ اپنا تعلق مزید بڑھانے پر خوش ہیں جنہوں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران فوری ردعمل دتے ہوئے یہ تاریخی آرڈر دیا۔

  • دبئی ایئر شو کا انعقاد کب ہوگا؟ اعلان ہوگیا

    دبئی ایئر شو کا انعقاد کب ہوگا؟ اعلان ہوگیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات نے دبئی ایئر شو کی تاریخوں کو اعلان کردیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی ایئر شو دو ہزار اکیس نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور متحدہ عرب امارات کے وزیر دفاع کی سرپرستی میں رواں سال چودہ سے اٹھارہ نومبر تک منعقد ہوگا۔

    دبئی ایئر شو میں ہوا بازی، ٹیکنالوجی اور خلا سے متعلق امور پر نو مباحثوں کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ان شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات بھرپور بحث کریں گی، مباحثوں میں ہوائی سفر میں انقلاب لانے میں نئی ​​ٹیکنالوجیز کا کردار، کارگو سیکٹر میں ہونے والی بڑی تبدیلیوں، پائیداری اور خود مختار نقل و حمل میں عالمی ترقی، نئی خلائی خدمات اورسیٹلائٹ رابطوں سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی ایئرشو میں دنیا کی ممتاز شخصیات حصہ لیں گی جن میں متحدہ عرب امارات کے سائبر سیکورٹی کے سربراہ ڈاکٹر محمد الکویتی، ایئر ایشیا میں گروپ چیف آپریشنز آفیسر جاوید ملک، ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز میں ماحولیاتی پائیداری اور سپلائی چین کے نائب صدر اسٹیسی مالفور، سی وی جی ائیرورٹ پر چیف انوویشن آفیسر برائن کوب، سپائسی جیٹ کے چیف ٹیکنالوجی اور انوویشن آفیسر آشیش وکرم اور بوئنگ میں پائیداری اور مستقبل کی نقل و حرکت کے چیف انجینئر برائن یوٹکو شامل ہیں۔

    بوئنگ کے چیف افیسر کرس ریمنڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات پائیدار مستقبل کے لیے پرعزم ہے اور ہم نے پائیدار ہوا بازی کی ترقی کے لیے پائیدار بائیو انرجی ریسرچ کنسورشیم کی بنیاد رکھنے جیسے متعدد اقدامات پر ان کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اتحاد ایئرویز کے ساتھ گرین لائنر پروگرام اور ایکو ڈیمونسٹرٹر دو ہزار بیس پروگرام کے ساتھ شراکت داری کے لیے شکر گزار ہیں، اس سے جدید ٹیکنالوجی کو آپنانے کا عمل تیز ہوگا اور آنے والی نسلوں کے لیے پروازوں کی حفاظت اور پائیداری بڑھانے میں مدد ملےگی۔

  • اربوں روپے خسارے سے دوچار پی آئی اے میں شاہ خرچیاں عروج پر

    اربوں روپے خسارے سے دوچار پی آئی اے میں شاہ خرچیاں عروج پر

    کراچی : پی آئی کا 8 رکنی وفد دبئی ایئر شو میں شرکت کیلئے آج روانہ ہوگا، وفد میں شامل پانچ افراد کا دورے کے مقاصد سے کوئی تعلق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ لاجواب سروس کی دعویدار پی آئی اے انتظامیہ اربوں روپے کے خسارے میں ہونے کے باوجود اپنی شاہ خرچیاں کنٹرول نہیں کرپائی، پی آئی اے کی بہتری کے دعویدار انتظامی افسران کا آٹھ رکنی وفد ائر لائن کے سی ای او مشرف رسول کی قیادت میں دبئی روانہ ہوگیا۔

    وفد کی روانگی کا مقصد دبئی ایئر شو میں درکار موزوں طیاروں کا جائز ہ لینا اور بات چیت کرنا ہے، پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد کے چارسے پانچ افراد کا دورے کے مقاصد سے مبینہ طور پربراہ راست تعلق نہیں۔

    ذرائع کے مطابق بارہ سے15نومبر تک جاری ائر شو میں شرکت کرنے والوں میں دو افسران کے پی ایس او بھی شامل ہیں، مذکورہ پی ایس او کا تعلق وزیر اعظم کے مشیر ہوابازی اور ائر لائن کے چیف ایگزیکٹو افسر سے ہے۔

    اس کے علاوہ چیف آپریٹنگ آفیسر، چیف ٹیکنیکل آفیسر، چیف کا رپوریٹ ڈویلپمنٹ آفیسر، چیف فلائٹ آپریشنز،لیگل کنسلٹنٹ،ڈپٹی چیف پائلٹ بھی وفد میں شامل ہیں۔

    وفد آج رات دس بجے پی کے 213سے روانہ جبکہ پی کے 214 سے15نومبر کو وطن واپس آئے گا، وزیر اعظم کے مشیر ہوابازی اور چیئرمین پی آئی اے ائر شو انتظامیہ کی دعوت پر شریک ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔