Tag: dubai expo 2020

  • اسرائیل کو دبئی ایکسپو2020 میں شرکت سے روکا جائے، فلسطین

    اسرائیل کو دبئی ایکسپو2020 میں شرکت سے روکا جائے، فلسطین

    غزہ : فلسطینی عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر اسرائیل انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کرتا ہے تو تمام مسلمان ممالک دبئی ایکسپو 2020 کا بائیکاٹ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی میزبانی میں رواں سال اکتوبر میں منعقد کی جانے والی بین الاقوامی نمائش ایکسپو 2020ء دبئی میں اسرائیل کی شرکت کے اعلان کے بعد فلسطینی عوامی، سماجی اور سیاسی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    ایکسپو نمائش 2020 دبئی میں صیہونی ریاست اسرائیل نے بھی شرکت کا اعلان کیا ہے۔

    فلسطین میں جاری اسرائیلی مصنوعات بائیکاٹ مہم چلانے والوں نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل اس نمائش میں شرکت کرتا ہے تو مسلم ممالک اور آزادی پسند عالمی قوتوں کو اس کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔

    بیان میں متحدہ عرب امارات سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی وفد کو نمائش میں شرکت سے سختی سے روکے کیونکہ ایسا کرنے سے امارات کے حوالے سے فلسطینی عوام میں سخت مایوسی اور غم وغصہ کی لہر اٹھ سکتی ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ دبئی ایکسپو 2020 عالمی اہمیت کا حامل موقع ہے جس میں عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی ہوگا، اس موقع پر اسرائیلی ریاست کو شرکت کی اجازت دینا فلسطینی قوم کی تمناﺅں اور امنگوں کا خون کرنے اور فلسطینی قوم کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

    فلسطینی بائیکاٹ مہم نے کہا کہ ایکسپو نمائش میں شرکت اسرائیلی ریاست کے ساتھ دوستی کو آگے بڑھانے اورقابض ریاست کے ساتھ تعلقات کو نارملائز کرنے کی اسکیموں کا حصہ قرار دیا ہے۔

  • کیا آپ دبئی ایکسپو2020 میں بطور رضاکارکام کرنا چاہتے ہیں؟

    کیا آپ دبئی ایکسپو2020 میں بطور رضاکارکام کرنا چاہتے ہیں؟

    دبئی: سنہ 2020 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی ایکسپو کے لیے دبئی میں ’ہاؤس آف والنٹیرز‘ قائم کردیا گیا، اس کے قیام کا مقصد ہزاروں کی تعداد میں رضاکار ہائر کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزیر برائے بیان الاقوامی تعاون اور دبئی ایکسپو 2020 بیورو کی ڈائریکٹر جنرل ریم بنتِ ابراہم الہاشمی نے ایکسپو کے مقام پر اس منصوبے کا افتتاح کیا ۔

    اس موقع پر انہوں نے رجسٹریشن کرانے والے 7 ہزار سے زائد رضاکاروں کو اس عظیم الشان منصوبے میں خوش آمدید بھی کہا ، اس ادارے نے کم ازکم 30 ہزار رضاکار بھرتی کرنے ہیں اور اس کے لیے متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور یہاں رہنے والے تمام لوگوں کو خوش آمدید کہا جارہا ہے۔

    ہاؤس آف والنٹیرز کے افتتاح کے موقع پرریم بنتِ ابراہم الہاشمی کا کہنا ہےکہ یہ لوگ انسانی تاریخ کے اس سب سے بڑے ایونٹ کا چہرہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کی اہمیت لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے ، یہ لوگ پوری دنیا کو متحدہ عرب امارات میں خوش آمدید کہیں گے، یہ ایک ایسے ایونٹ کا حصہ ہوں گے جس میں دنیا بھر سے لاکھوں لوگ ایک انتہائی منفرد اور خوش گوار تجربے کے لیے یہاں تشریف لائیں گے۔

    خیال رہے کہ ہاؤس آف والنٹیرز اس پراجیکٹ کا مرکز ہوگا جہاں رضاکاروں کے انٹرویو لیئے جائیں گے ، انہیں تربیت دی جائے گی اور آپس میں مل کر کام کرنا سکھایا جائے گا، اور اسی مرکز سے انہیں ایونٹ کے موقع پر آپریٹ بھی کیا جائے گا۔

    یہ رضاکار دبئی ایکسپو 2020 میں آنے والے تاجروں ِ خریداروں ، مبصروں اور سیاحوں کی مدد کے لیے ایک نیٹ ورک کی طرح کام کریں گے جس کا مقصد دنیا بھر سے آئے مہمانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہوگا۔

    ایکسپو میں بطور رضاکار رجسٹریشن کے لیے آپ کو متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر ہونا ضروری ہے ، کم از کم عمر 18 برس ہونی چاہیے ، رجسٹریشن کے لیے ایکسپو کی ویب سائٹ پر جانا ہوگا اور وہاں سے رجسٹریشن کرانا ضروری ہے۔

  • دبئی میں‌ ہونے والے میگا تجارتی میلے کے لیے اربوں‌ ڈالرز مختص‌

    دبئی میں‌ ہونے والے میگا تجارتی میلے کے لیے اربوں‌ ڈالرز مختص‌

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں 2020 میں ایک بڑے تجارتی میلے کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے انفرا اسٹرکچر کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق نمائش سے متعلق جاری منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مالیت ساڑھے 42 ارب ڈالرز سے تجاوز کرچکی تھی، ان میں 17.4 ارب ڈالرز انفرا اسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں، 13.2 ارب ڈالرز مکانات اور 11 ارب ڈالرز ہوٹلوں اور تھیم پارکس کی تعمیر پر صرف کیے جارہے ہیں۔

    ان منصوبوں کے تحت دبئی کے آل مکتوم بین الاقوامی ایئرپورٹ پر کی تزئین و آرائش پر 8 ارب ڈالرز صرف کیے جارہے ہیں، یہ ایئرپورٹ شہر کے جنوب میں واقع ہے، اس کی توسیع سے شہر کے شمال میں واقع دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک کا بوجھ کم ہونے میں مدد ملے گی۔

    رپورٹ کے مطابق 2017 میں دبئی ایئرپورٹ دنیا کا سب سے مصروف ترین ہوائی اڈا رہا تھا اور گزشتہ سال 8 کروڑ 80 لاکھ مسافروں نے سفر کیا تھا، کہا جارہا ہے کہ آل مکتوم اس توسیع منصوبے کی تکمیل کے بعد دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈا بن جائے گا۔

    دبئی حکام کے مطابق نمائش سے معیشت مزید مستحکم ہوگی، رئیل اسٹیٹ ودیگر شعبوں کو مزید ترقی ملے گی جبکہ روزگار کے تین لاکھ نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

    نمائش کا آغاز اکتوبر 2020 سے ہوگا اور یہ چھ ماہ تک جاری رہے گی، نمائش میں روزانہ تین لاکھ زائرین کی آمد متوقع ہے، ان میں نصف غیر ملکی ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔