Tag: dubai-international-airport

  • دبئی ایئر پورٹ نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا

    دبئی ایئر پورٹ نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا

    دبئی: دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا ہے، ایئرپورٹ کو نشستوں کے حوالے سے دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ قرار دے دیا گیا۔

    فضائی کمپنیوں اور ایئرپورٹس کا ڈیٹا جمع کرنے والے بین الاقوامی ادارے ’او اے جی‘ کے مطابق دبئی ایئرپورٹ نے جولائی 2023 کی شیڈولڈ بین الاقوامی پروازوں میں بُک ہونے والی نشستوں کے لیے اپنا اعزاز برقرار رکھا ہے۔

    دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے راستے شیڈولڈ بین الاقوامی پروازوں کی نشستوں کی مجموعی تعداد جولائی 2023 کے دوران 49 لاکھ سے زیادہ رہی، جب کہ جون میں شیڈولڈ پروازوں کی نشستوں کی مجموعی تعداد 4.63 ملین تھی، جس میں 6 فی صد اضافہ ہوا۔

    او اے جی رپورٹ کے مطابق جولائی 2023 کے دوران بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے دنیا کا مصروف ترین ایئرپورٹ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔

    الامارات الیوم کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے مقابلے میں 19 فی صد زیادہ گنجائش رکھتا ہے، جو دنیا کا دوسرا مصروف ترین ایئرپورٹ ہے، جس پر بین الاقوامی پروازوں کی نشستوں کی تعداد 4.1 ملین ریکارڈ کی گئی۔

    ہالینڈ کا ایمسٹرڈیم ایئرپورٹ تیسرے اور فرانس کا چارلس ڈیگال ایئرپورٹ چوتھے نمبر پر ہے۔

  • دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے صرف 3 ماہ میں 2 کروڑ سے زائد افراد نے سفر کیا، یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں 55 فیصد زیادہ ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران 21.2 ملین افراد نے سفر کیا ہے، پہلی سہ ماہی کا 95.6 فیصد تک ہدف حاصل ہوگیا ہے۔

    دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سال رواں کے ابتدائی 3 ماہ کے دوران 2 کروڑ 12 لاکھ 56 ہزار 489 افراد نے سفر کیا، سنہ 2022 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں سفر کرنے والوں کی تعداد 55.8 فیصد زیادہ رہی ہے۔

    سنہ 2019 کی پہلی سہ ماہی کے بعد سے پہلی بار دبئی ایئرپورٹ سے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں نے سفر کیا، اس وقت سفر کرنے والوں کی ماہانہ اوسط تعداد 70 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔

    سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران سب سے زیادہ سفر مارچ میں کیا گیا، اس دوران سفر کرنے والوں کی تعداد 7.3 ملین ریکارڈ کی گئی۔

    اس تناظر میں جنوری 2020 کے بعد سے مصروف ترین مہینہ مارچ 2023 رہا، جنوری 2022 میں دبئی ایئرپورٹ سے 7.8 ملین افراد نے سفر کیا تھا۔

    دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ 99 ممالک کے لیے 89 فضائی کمپنیوں کے ذریعے 234 سے زیادہ ایئرپورٹس کو جوڑے ہوئے ہے۔

  • دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے نام ایک اور اعزاز

    دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے نام ایک اور اعزاز

    دبئی کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو مسافروں کے اعداد و شمار کے مطابق مصروف ترین ہوائی اڈے کا اعزاز دیا گیا ہے۔

    ورلڈ ایئرپورٹس کونسل نے سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ دو ہزار اکیس کے دوران بھی دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے دنیا بھر کے مصروف ترین ایئر پورٹس میں سرفہرست ہونے کا اعزاز برقرار رکھا، سب سے زیادہ مسافروں سے دبئی ائیر پورٹ سے سفر کیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو ہزار اکیس کے دوران 29.1 ملین مسافر پہنچے جبکہ دو ہزار بیس میں 25.9 ملین مسافر دبئی آئے تھے، اس طرح دو ہزار اکیس کے دوران 30 لاکھ سے زیادہ مسافر دبئی آئے اور شرح نمو 12.7 فیصد رہی۔

    دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں استنبول انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوسرے نمبر پر رہا جس سے دوہزار اکیس کے دوران 26.4 ملین مسافروں نے سفر کیا، اسی طرح ایمسٹرڈیم ایئرپورٹ 25.4 ملین مسافروں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر رہا۔

    یہ بھی پڑھیں: دبئی میں مفت پارکنگ کا دن تبدیل

    فرینکفرٹ اور پیرس کے ایئرپورٹ 22.7 اور 22.6 ملین مسافروں کے حوالے سے چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے ہیں۔

    الامارات الیوم کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی ایئرپورٹس کی اہمیت جانچنے کے لیے بین الاقوامی مسافروں کو معیار مقرر کیے ہوئے ہے، بین الاقوامی تجارت اور سیاحت پر سب سے زیادہ مسافر ہی اثرانداز ہوتے ہیں۔

    یہی ایئر پورٹ دنیا کی مقبول ایئر لائن ‘ایمیریٹس’ کا گھر بھی ہے، اسی ہوائی اڈے سے قریبی خلیجی ریاستوں اور ایران کے لیے قدرے سستی ہوائی کمپنی ‘فلائی دبئی‘ بھی اپنا بزنس جاری رکھے ہوئے ہے۔

  • حوثیوں نے دبئی کے عالمی ہوائی اڈے پر ڈرون حملہ کردیا

    حوثیوں نے دبئی کے عالمی ہوائی اڈے پر ڈرون حملہ کردیا

    دبئی/صنعا : یمن میں برسر پیکار ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں نے دبئی کے انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمن میں برسر پیکار حوثیوں کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ان کی راکٹ فورس نے متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون حملہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حوثی جنگجوؤں کی جانب سے صمد 3 نامی ڈرون کے ذریعے پیرکی شام دبئی ایئرپورٹ حملہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اسی ڈرون کے ذریعے 26 جولائی کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی پر بھی ڈرون حملہ کیا گیا تھا۔

    حوثی جنگجوؤں کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فورسز کی جانب سے ان ممالک کے بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو یمن جنگ میں عرب اتحاد کا حصّہ ہیں۔

    متحدہ عرب امارات ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈے کے ٹرمنل 1 پر سپلائی پر متعین گاڑی کے ساتھ حادثہ پیش آیا تھا تاہم ہوائی اڈے پر کسی قسم کا کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا۔

    اماراتی ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر طیاروں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے، واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات یمن جنگ میں سعودی عرب کا اہم اتحادی ہے۔