Tag: Dubai

  • دبئی کے لیے بڑا اعزاز

    دبئی کے لیے بڑا اعزاز

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی نے اپنی رہائشی اور کام کرنے کی سہولیات کے حوالے سے بڑا اعزاز حاصل کرلیا۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق دبئی میونسپلٹی کے نالج اور انوویشن ڈیپارٹمنٹ نے انٹرنیشل بیسٹ پریکٹس کمپیٹیشن 2021 میں اداراتی جدت کی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

    دبئی میونسپلٹی کے نالج اور انوویشن ڈیپارٹمنٹ نے سات ستاروں کی درجہ بندی سے کامیابی حاصل کی جو اس ایوارڈ میں سب سے زیادہ درجہ بندی ہے۔

    یہ کامیابی سنہ 2021 میں نیوزی لینڈ میں بزنس ایکسیلینس کانفرنس میں بلدیہ کی شرکت کے دوران ہوئی جہاں اس نے جدت طرازی اور علم کے انتظام میں اپنے تجربات اور قومی جدت طرازی کی حکمت عملیوں اور اس کی جدت طرازی اور علم پر مبنی حکمت عملی کے مقاصد کو پیش کیا۔

    دبئی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل داؤد الحجری نے کہا کہ قومی قیادت کی رہنمائی اور وژن کے تحت دبئی بلدیہ کارکردگی میں جدت کی ترغیب دینے والے بہترین طریقوں کو اپنانے میں اعلیٰ درجے کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد معاشرے کو بہترین معیار کی خدمات کی فراہمی اور دبئی کو رہنے اور کام کرنے کے لیے دنیا کا بہترین شہر بنانا ہے۔

    اس مقابلے کا مقصد ان اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو کاموں کے تمام پہلوؤں میں جدت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، درجہ بندی کے عمل میں قیادت اور تزویراتی منصوبہ بندی، تربیت اور جدت اور مستقل ترقی، اختراع کے عمل کے لیے اوزار اور طریقے، آئیڈیاز، بہترین طریقہ کار، سہولیات اور وسائل کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔

  • دبئی میں بگ سیل : خریداروں کیلئے حیرت انگیز رعایت کا اعلان

    دبئی میں بگ سیل : خریداروں کیلئے حیرت انگیز رعایت کا اعلان

    یو اے ای : دبئی میں تین روزہ "بگ سیل” جمعرات سے شروع ہو رہی ہے۔ ریاست کے شاپنگ سینٹرز میں صارفین نوے فیصد تک رعایتی نرخوں پر پسندیدہ اشیاء حاصل کرسکیں گے۔

    یو اے ای کے ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی میں موسم گرما کی آمد پر تجارتی اور تفریحی مراکز پر صارفین کو خصوصی پیشکش اور آفرز جاری کی جاتی ہیں، یہ کاروباری افراد کیلئے مصروف ترین سیزن مانا جاتا ہے۔

    تین روز کے دوران دبئی کے بازاروں میں زبردست گہما گہمی ہوگی۔ اس دوران ریٹیل سیکٹر کو فائدہ ہوگا، دبئی کے باشندوں کے علاوہ سیاحت کے لیے آنے والے بھی بگ سیل سے فائدہ اٹھائیں گے۔ اس موقع پر سماجی فاصلے اور حفاظتی ماسک کی پابندی سب پرلازمی ہوگی۔

    دبئی کے تجارتی مراکز اور بین الاقوامی ٹریڈ مارک والے سینٹرز ایک طرف تو رعایتی قیمت پر سامان فروخت کریں گے اور دوسری جانب تفریحاتی پروگراموں میں شرکت کرنے والوں کو بھی سہولتیں دیں گے۔

    تجارتی مراکز کا کہنا ہے کہ اس سے قبل انہوں نے 27 سے 29 مئی کے دوران 72 گھنٹے کے لیے فیملی کے تمام افراد کے حوالے سے اچھی پیشکشیں دی تھیں۔

  • دبئی : خوراک کی پیداوار میں اضافہ کیلیے اہم اقدامات

    دبئی : خوراک کی پیداوار میں اضافہ کیلیے اہم اقدامات

    دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ایک خصوصی زون کا آغاز کیا ہے جس سے متحدہ عرب امارات کو فوڈ سکیورٹی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی فوڈ ٹیک ویلی میں جدید زرعی کاروبار کے نظریات کو فروغ دینے کے لیے تحقیقی اور ترقیاتی سہولتیں پیش کی جائیں گی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ اس سے متحدہ عرب امارات کی خوراک کی پیداوار میں تین گنا اضافہ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے جدید اور متحرک شہر فوڈ ٹیک ویلی کا پہلا مرحلہ شروع کیا ہے جو فوڈ ایکو سسٹم میں اسٹارٹ اپس اور صنعت کے ماہرین کے لیے عالمی منزل کا کام کرے گا۔

    متحدہ عرب امارات کے رہنما نے مزید کہا کہ اس میں آر اینڈ ڈی سہولتیں، انوویشن سینٹر، اسمارٹ فوڈ لاجسٹک ہب اور ورٹیکل فارمنگ کے شعبوں کی میزبانی ہوگی۔

    شیخ محمد بن راشد المکتوم نے خلیجی ملک کو گلوبل فوڈ لوجیسٹکس ہب قرار دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی غذائی تجارت سالانہ 100ارب درہم (27.2 بلین ڈالر) سے تجاوز کرتی ہے۔

  • دبئی : پرتعیش بنگلوں کی فروخت میں دگنا اضافہ ہوگیا

    دبئی : پرتعیش بنگلوں کی فروخت میں دگنا اضافہ ہوگیا

    دبئی : لگژری رئیل اسٹیٹ پراپرٹی کی فروخت دبئی میں گزشتہ مہینے کے مقابلے میں تقربیاً دگنی ہوگئی۔ مارچ میں 84 یونٹس فروخت ہوئے جن کی مالیت1.7 بلین درہم ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق بروکروں کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ریگولیٹری تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے خلاف جارحانہ ویکسی نیشن مہم نے خاص طور پر یورپ سے آنے والے اور دبئی میں جائیدادیں خریدنے والوں کو راغب کیا ہے۔

    رئیل اسٹیٹ انٹیلی جنس پراپرٹی مانیٹر کے مطابق مارچ میں دبئی میں فروخت ہونے والی ٹاپ اینڈ ریزیڈینشل پراپرٹیز کی لاگت 10 ملین درہم یا اس سے زیادہ رہیں جو فروخت ہونے والے تمام مکانات کا 2.5 فیصد ہیں۔

    جونس لینگ لاسل (جے ایل ایل) میں علاقائی تحقیق کے سربراہ دانا سالباک نے بلومبرگ ٹی وی کو بتایا کہ کامیاب ویکسی نیشن اور حفاظتی اقدامات کے نتیجے میں پچھلے دو مہینوں میں غیرملکی سرمایہ کاری واپس آرہی ہے۔

    سالبک نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ہاسپیٹیلیٹی اور ریٹیل شعبوں کے علاوہ دیگر شعبوں میں ملازمتیں پیدا کرکے غیر ملکی سرمایہ کاری کی دلچسپی کی رفتار کو برقرار رکھ سکتا ہے۔

  • جدید ٹرانسپورٹ سسٹم : دبئی نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    جدید ٹرانسپورٹ سسٹم : دبئی نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    یو اے ای : دبئی میں سیلف ڈرائیونگ گاڑیاں چلائی جائیں گی، جس کا مقصد ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات اور کاربن کے اخراج کو کم کرنا ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق دبئی کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے2023 تک امارات میں سیلف ڈرائیونگ گاڑیاں چلانے کے لیے جنرل موٹرز کے ایک یونٹ کروز کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ امارات کے ولی عہد شہزادہ حمدان بن محمد آل مکتوم نے ٹوئٹر پر کہا کہ اس اقدام سے دبئی امریکہ سے باہر سیلف ڈرائیونگ وہیکلز آپریٹ کرنے والا پہلا مقام بن جائے گا۔

    شہزادہ حمدان بن محمد آل مکتوم نے مزید کہا کہ دبئی میں مکمل ٹرانسپورٹیشن کا 25 فیصد 2030 تک سیلف ڈرائیونگ وہیکلز میں تبدیل کرنا ہدف تھا۔

    متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے کہا کہ 2030 تک یہ فلیٹ چار ہزار گاڑیوں تک پہنچ جائے گا کیونکہ دبئی کا مقصد ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات کو سالانہ 900 ملین درہم تک کم کرنا اور اس وقت تک کاربن کے اخراج کو 12فیصد سالانہ کم کرنا ہے۔

  • دبئی حکومت نے فنکاروں اور تخلیق کاروں کو خوشخبری سنادی

    دبئی حکومت نے فنکاروں اور تخلیق کاروں کو خوشخبری سنادی

    یو اے ای : دبئی حکومت کی جانب سے مختلف ممالک کے ایک ہزار فن کاروں اور تخلیق کاروں کو ان کی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے لیے خصوصی ویزا جاری کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے دبئی محکمہ ثقافت نے کہا ہے کہ آئندہ مرحلے میں مختلف ممالک کے ایک ہزار فن کاروں اور تخلیق کاروں کو ثقافتی ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ طویل المعیاد اور دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہوگا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے 2019 میں اس کی منظوری دی تھی۔ اس کا دورانیہ 10 سال کا ہوگا اور یہ قابل توسیع ہوگا۔

    اس کی بدولت دبئی ثقافت اور تخلیق کا عالمی مرکز بن جائے گا۔ دبئی دنیا کے مختلف ملکوں کے فن کاروں، اسکالرز، دانشوروں اور ادیبوں کو اپنی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا پلیٹ فارم بن جائے گا۔

    دبئی محکمہ ثقافت نے بیان میں بتایا کہ اب تک 46 ممالک کے 261 تخلیق کاروں اور دانشوروں نے ثقافتی ویزےکی درخواستیں پیش کی ہیں۔ ان میں سے 120 مقررہ شرائط پر پوری اتری ہیں۔ ان کے لیے ویزا کارروائی آخری مرحلے میں ہے۔

    دبئی محکمہ ثقافت کی ڈائریکٹر جنرل ھالہ بدری نے کہا کہ دبئی تخلیق اور تخلیق کاروں کا وطن ہے۔ ثقافتی ویزا دینے کا فیصلہ دنیا بھر میں دبئی کو ثقافتی مرکز کی حیثیت سے نمایاں کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس کی بدولت متحدہ عرب امارات بین الاقوامی ثقافتی منظر نامے میں سرفہرست آجائے گا۔

    اس سے ثقافتی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ تخلیقی صنعتیں فروغ پائیں گی- تخلیق کاروں کو ریاست کے ترقیاتی عمل میں شامل کرنے کے مواقع ملیں گے۔

    ھالہ بدری نے کہا کہ طویل المیعاد ثقافتی ویزے کی بدولت تخلیق کاروں کو ذہنی اطمینان نصیب ہوگا۔ یہی پہلو انہیں اول درجے کی تخلیقات پر آمادہ کرے گا۔

  • دبئی نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، گنیز بک میں اندراج

    دبئی نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، گنیز بک میں اندراج

    دبئی : قدرتی گیس سے مالا مال دبئی میں قائم جبل علی کمپلیکس دنیا کا سب سے بڑا توانائی پیدا کرنے والا ادارہ بن گیا۔ بہترین کارکردگی کے باعث یہ ادارہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرانے میں کامیاب ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میں گیس کی پیداوار کی ایک ایسی بڑی سہولت موجود ہے جس نے اس کا نام ایک بار پھر گنیز ورلڈ ریکارڈر میں شامل کر دیا ہے۔

    عرب نیوز نے ایمریٹس نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ دبئی الیکٹرک اینڈ واٹر اتھارٹی کے جبل علی کمپلکس کو دنیا میں سب سے بڑے واحد قدرتی گیس سے توانائی پیدا کرنے کا مقام قرار دیا گیا ہے۔

    دبئی الیکٹرک اینڈ واٹر اتھارٹی کے چیف ایکزیکٹیو سعید محمد کا کہنا ہے کہ ان کے ادارے نے بجلی کے باقائدہ نظام کے منصوبے تیار کیے ہیں جو2030 تک اس کے طلب کو مدِ نظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔

    اس کمپلیکس میں9547 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ یہ ادارہ 10 لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

    دبئی کی جنوب میں واقع اس پلانٹ میں2019 میں توسیع کی گئی تھی اور اب یہ دو ہزار885 میگاواٹ بجلی فراہم کر سکتا ہے۔

    گنیز ورلڈ ریکارڈ میں دبئی کا نام ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دبئی الیکٹرک اتھارٹی اپنے آپریشنز میں بہتری لارہی ہے۔ اس میں ٹیکنالوجی کی شمولیت جیساکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس وغیرہ شامل ہے۔

    سعید محمد نے بتایا کہ اس سے اتھارٹی کی پیداواری صلاحیت میں33.41 فیصد بہتری آئی ہے جس سے مالی بچت میں بھی بہت مدد ملی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بہتری سے6.4 کروڑ ٹن کاربن کا اخراج کم ہوا ہے جو کہ32 کروڑ سے زائد درخت لگانے کے برابر ہے۔

    اس سے نائٹروجن آکسائیڈ گیسز میں46 ہزار ٹن اور سلفر ڈائی آکسائیڈ میں تین ہزار ٹن کی کمی آئی ہے۔ ان دونوں سے سانس لینے کا نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ امارات کا نام اکثر گنیز بک آف ریکارڈز میں آتا رہتا ہے اور پہلی بار ایسا1955 میں ہوا تھا، سال 1955سے اب تک گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی 143 ملین کاپیاں فروخت ہوئی ہیں۔

  • دبئی میں جاری کرونا ایس او پیز میں رمضان تک توسیع کا فیصلہ

    دبئی میں جاری کرونا ایس او پیز میں رمضان تک توسیع کا فیصلہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں نافذ کرونا وائرس ایس او پیز میں ماہ رمضان تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، توسیع کا فیصلہ ملک میں کرونا وائرس کی تازہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی میں قدرتی آفات اور بحرانوں کی اعلیٰ انتظامیہ نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات (ایس او پیز) میں رمضان تک توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

    اعلیٰ انتظامیہ کا اجلاس شیخ منصور بن محمد بن راشد آل مکتوم کی صدارت میں ہوا تھا، توسیع کا فیصلہ ملک میں کرونا وائرس کی تازہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں دبئی کے تمام متعلقہ اداروں نے سفارشات پیش کی تھیں کہ حفاظتی اقدامات پر رمضان کے آغاز تک عمل درآمد جاری رکھا جائے، نئے فیصلے کے مطابق رمضان کی آمد تک امارات میں حفاظتی اقدامات برقرار رہیں گے۔

    سینما گھروں، تفریحی مراکز، اسپورٹس سینٹر، انڈور اسپورٹس کے حوالے سے تعداد 50 فیصد گنجائش سے کم رہے گی، ہوٹلوں، شاپنگ سینٹرز، سوئمنگ پولز اور ہوٹلوں کے ماتحت ساحلوں کو استعمال کرنے والوں کی تعداد جگہ کی گنجائش سے 70 فیصد سے زیادہ پر پابندی رہے گی۔

    کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت تفتیشی مہم جاری رہے گی، اعلی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ وبا کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات میں لچکدار رویہ اپنایا جانا ضروری ہے۔

    حکام کے مطابق کووڈ 19 کی وبا سے نمٹنے کے لیے واضح پروگرام موجود ہے، اس کے نفاذ کی ذمہ داری متعلقہ اداروں میں تقسیم کردی گئی ہے۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کی تمام ریاستوں میں کرونا ویکسین کی مہم تیزی سے نافذ کی جارہی ہے اور صورتحال تسلی بخش ہے، آبادی کے حوالے سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ کرونا ٹیسٹ امارات میں ہوئے ہیں اور ویکسین کی سب سے زیادہ خوراکیں بھی امارات میں دی گئی ہیں۔

  • کرونا ویکسین: دبئی کے شہریوں کے لیے ایک اور ویکسین منگوا لی گئی

    کرونا ویکسین: دبئی کے شہریوں کے لیے ایک اور ویکسین منگوا لی گئی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں فائزر اور چینی ویکسین کے بعد اب آکسفورڈ ۔ ایسٹرا زینیکا کی ویکسین بھی لگائی جائے گی، ایسٹرا زینیکا ویکسین کی پہلی کھیپ دبئی پہنچ چکی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں اب آکسفورڈ کی ایسٹرا زینیکا ویکسین بھی لگائی جائے گی۔

    سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت سے ایسٹرا زینیکا ویکسین کی پہلی کھیپ دبئی پہنچ چکی ہے۔

    اس سے قبل دبئی کے شہریوں کو فائزر بائیو این ٹیک اور چین کے قومی فارما سیوٹیکل گروپ کی سائنو فارم ویکسین مفت لگائی جارہی تھی۔

    اس طرح ایسٹرا زینیکا تیسری ویکسین ہے جو دبئی کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو لگائی جائے گی۔

  • کورونا ویکسین : دبئی میں ریستوران مالک کی انوکھی پیشکش

    کورونا ویکسین : دبئی میں ریستوران مالک کی انوکھی پیشکش

    دبئی: ایک ریسٹورنٹ کے مالک نے ایسے لوگوں کو مفت کافی پلانے کی انوکھی پیشکش کی ہے جنہوں نے کورونا ویکسین لگوالی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ایک سرمایہ کارعلی خان نے جو کیفے ریسٹریٹو چین کے مالک ہیں کورونا ویکسین لینے والوں کو مفت کافی کی پیشکش کی ہے۔

    غیر ملکی خبر برساں ادارے کے مطابق علی خان کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش ایک ماہ کے لیے ہے اور اس کا مقصد معاشرے میں کورونا ویکسین کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے علی خان کی اس پیشکش پر غیرمعمولی پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

    علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پیشکش ہے کہ اگر آپ نے کورونا ویکسین لے لی تو ہمارے یہاں سے مفت کافی نوش کریں اب تک روزانہ 80 افراد اس پیشکش سے لطف اٹھاچکے ہیں۔

    اس سے قبل بھی علی خان لاک ڈاؤن کے موقع پر دبئی کے راشد اسپتال میں اسپیشل کافی ہاؤس قائم کرچکے ہیں جہاں چار ماہ تک پولیس اہلکاروں، شہری دفاع کے اہلکاروں، ڈاکٹروں اور نرسوں کو مفت کافی پیش کی جاتی رہی ہے۔ علی خان اپنے کافی ہاؤس کی شاخیں بھارت اور مصر میں بھی قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ دبئی کے کئی اور ریستوران بھی کورونا ویکسین لگوانے والے صارفین کے لیے رعایتی پیشکشیں کررہے ہیں۔

    کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لینے والوں کو ڈنر کے لیے دس اور دوسری خوراک لینے والوں کو بیس فیصد رعایت کی پیشکش کی جارہی ہے۔

    اس پشکش سے فائدہ اٹھانے کے لیے کورونا ویکسین لگوانے کا ثبوت جیسے میڈ یکل سرٹیفکیٹ دکھانا ضروری ہے۔