Tag: Dubai

  • دبئی میں جدید اور پرآسائش ٹیکسی سروس چلانے کا اعلان، ویڈیو دیکھیں

    دبئی میں جدید اور پرآسائش ٹیکسی سروس چلانے کا اعلان، ویڈیو دیکھیں

    دبئی : لندن کی طرز پر اب دبئی میں بھی انتہائی جدید اور پرآسائش لندن ٹیکسی ماڈل سروس فراہم کی جائے گی، رواں سال یہ ٹیکسی سروس دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دستیاب ہوگی۔

    روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ وہ دبئی میں رواں سال ہائبرڈ گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے لندن ٹیکسی ماڈل سروس کا آغاز کرے گی۔

    گلف نیوز کے مطابق درمیانے سائز کے ساتھ کالے رنگ کی یہ نئی ٹیکسی انگلینڈ کے دارالحکومت میں لندن کیب سے مشابہ ہے۔

    دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی دبئی ٹیکسی کارپوریشن آزمائشی بنیادوں پر فروری سے لندن ٹیکسی سروس کا آغاز کرے گی۔ یہ ٹیکسی سروس دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دستیاب ہوگی۔

    روڈز ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز کے چیئرمین مطر محمد الطایر نے کہا کہ نئی سروس دبئی میں ٹیکسی سروس کو مزید بہتر بنانے سے متعلق آر ٹی اے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

    الطایر نے یہ بات ڈی ٹی سی کے دورے کے موقع پر کہی جہاں انہوں نے کارپوریشن کی2020 میں کارکردگی اور امسال شروع کئے جانے والے منصوبوں کا جائزہ لیا۔

    انہیں لندن ٹیکسی کی اندرونی خصوصیات کے بارے میں بریف کیا گیا جو منفرد اور کشادہ ہے ۔ یہ سواریوں کو کھلی جگہ اور علیحدہ کیبن میں 6 نشستیں فراہم کرتا ہے۔

    ٹیکسی میں سیٹلائٹ پر مبنی نیوی گیشن نظام، وائس کمانڈ سسٹم، سامنے سے تصادم کا انتباہی نظام، بلائنڈ سپاٹ مانیٹرنگ سسٹم اور لین ڈپارچر مانیٹرنگ سسٹم کے ساتھ ساتھ وائی فائی نیٹ ورک بھی موجود ہے۔

    الطایر کو لندن ٹیکسی کی تکنیکی خصوصیات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ ڈبل انجن پر مشتمل اس گاڑی کو مختلف موسمی حالات میں بہتر انداز میں کنٹرول کیاجا سکے گا۔

    اس میں تیز رفتار بریکنگ نظام اور انجن چلانے کے لیے ایسی بیٹری موجود ہے جو تیز رفتار چارجنگ کی بدولت 30 منٹ میں اور عام چارجنگ سسٹم کے ذریعے 3گھنٹے میں چارج ہو جاتی ہے۔

    الطایر نے ہیونڈائی آئیونک الیکٹریکل وہیکل کابھی معائنہ کیا جس میں ایروڈائنامک ڈیزائن،پشت سے تصادم سے بچنے والا نظام، ڈرائینگ موڈ کنٹرول سسٹم، ڈرائیونگ کے دورانئے میں اضافہ کرنے کے قابل بنانے والی ری جینریٹیو بریکنگ جیسی خصوصیات موجود ہیں جبکہ 54منٹ کے اندرتیز رفتاری سے چارج ہونے والی بیٹری بھی اس کا حصہ ہے۔

    ان ٹیکسیوں میں ڈرائیوروں کی غلطیوں کے سد باب کے لئے جدید آلات نصب کئے گئے ہیں۔ ان میں ہنگامی صورتحال میں کنٹرول سینٹرکے ذریعے گاڑی کو روکنے کا نظام ، بیک اپ ٹریکنگ سسٹم اور نظام الاوقات شامل ہیں۔

  • کرونا ویکسین: دبئی حکومت نے عوام کو خوشخبری سنا دی

    کرونا ویکسین: دبئی حکومت نے عوام کو خوشخبری سنا دی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں شہریوں کو مفت کرونا ویکسین لگوانے کا اعلان کردیا گیا، جلد اس حوالے سے لوگوں میں آگاہی مہم بھی شروع کردی جائے گی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کی سپریم کمیٹی برائے کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کی مفت مہم شروع کی جارہی ہے۔

    دبئی میں قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے والی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کرونا وائرس بھی ایک قدرتی آفت ہی ہے، اور اس کی ویکسین لوگوں کو مفت لگائی جائے گی۔

    کمیٹی کی جانب سے مہم کا آغاز بدھ 23 دسمبر سے کیا جارہا ہے، اس ضمن میں ریاست میں لوگوں میں آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ منگل کے روز دبئی میں مزید 12 سو 26 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اب تک اس مہلک وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 95 ہزار 878 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس وائرس سے 642 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • دبئی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 فیصد اضافہ متوقع

    دبئی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 فیصد اضافہ متوقع

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں اقتصادی قوانین میں حالیہ اصلاحات کے باعث دبئی کی معیشت میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 فیصد اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق دبئی اقتصادیہ کے ڈائریکٹر جنرل سمیع القامزی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کمرشل کمپنیوں کے قانون میں ترمیم کے سبب دبئی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا رحجان پایا جاتا ہے۔

    اقتصادی قوانین میں حالیہ اصلاحات کے باعث دبئی کی معیشت میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 فیصد اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

    القامزی کا کہنا ہے کہ حالیہ ترامیم سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہاؤ اور معیار کے ساتھ ساتھ امارات کی مجموعی معاشی نمو پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

    نئی اصلاحات جو اس ماہ کے آغاز میں عمل میں لائی گئی ہیں ان کے پیش نظر غیر ملکی شہریوں کو امارات کے اندر کمرشل کمپنیوں کے لیے 100 فیصد ملکیت کی اجازت دے دی جائے گی۔

    القامزی کا کہنا تھا کہ ان تبدیلیوں سے متحدہ عرب امارات میں مسابقت اور کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں مزید سرمایہ کاری لانے اور نئی ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی شہریوں کو کمرشل کمپنیوں کی 100 فیصد ملکیت کی اجازت دینے سے نہ صرف غیر ملکی و ملکی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ ان ترامیم سے سرمایہ کاروں کو اپنے کاروبار کو سنبھالنے اور چلانے کی مکمل آزادی بھی حاصل ہوگی۔

    ڈائریکٹر جنرل نے یہ بھی امید کی ہے کہ نیا قانونی فریم ورک انفرادی سرمایہ کاروں اور رہائشیوں کو خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دے گا۔

    متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق ان نئی اصلاحات کا مقصد مینو فیکچرنگ، ہائی ٹیک صنعتوں، ڈیجیٹل معیشت، تفریح، انجینئرنگ اور قانونی مشاورتی خدمات میں طویل مدتی سرمایہ کاری لانا ہے۔

    اس پروگرام سے غیر ملکیوں کو مکمل ملکیت دینے اور اس کے بعد آنے والی سرمایہ کاری سے نہ صرف نجی شعبے بلکہ مجموعی معیشت میں بھی آپریشنل اور انتظامی اہلیت میں اضافہ ہوگا۔

    القامزی نے مزید کہا کہ ان ترامیم کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات مسابقت میں اضافے سے فائدہ اٹھائے گا جس سے ورلڈ بینک کی ڈوئنگ بزنس رپورٹ میں بھی امارات کی پوزیشن مزید بہتر ہوگی۔

  • دُبئی : لاکھوں مالیت کے ماسک چُرانے پر 6 غیرملکیوں کو قید کی سزا

    دُبئی : لاکھوں مالیت کے ماسک چُرانے پر 6 غیرملکیوں کو قید کی سزا

    دبئی : گودام سے بڑی تعداد میں ماسک چرانے والے6ملزمان کو دبئی کی عدالت نے تین تین سال قید کی سزا سنا دی، ملزمان کا تعلق پاکستان سے ہے،

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ڈیڑھ لاکھ درہم مالیت کے ماسک چُرانے پر تین تین سال قید کی سزا سُنا دی گئی ہے، سزا کی مُدت پوری ہونے کے بعد انہیں فوراً ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

    ملزمان کی عمریں 24 سے 45 سال کے درمیان ہیں۔ استغاثہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان نے رات کے وقت راس الخور کے انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک گودام میں گھُس کرماسک کے156ڈبے چُرا لیے، ہر ڈبے میں ایک ہزار ماسک تھا۔

    چُرائے گئے ماسک کی مجموعی مالیت ڈیڑھ لاکھ درہم سے زائد تھی۔ ملزمان نے گودام کا تالہ توڑنے کے لیے ہتھوڑے اور نوکیلے اوزاروں کی مدد لی۔

    صبح کے وقت جب گودام کا 38 سالہ چینی ملازم ڈیوٹی پر آیا تو خالی گودام دیکھ کر اس کے ہوش اُڑ گئے، اس نے فوری طور پر مالک کو اطلاع دی جس کے بعد 18 جون 2020ء کو وقوعہ کے روز ہی نامعلوم ملزمان کے خلاف الرشیدہ پولیس اسٹیشن میں چوری کا مقدمہ درج کرا دیا گیا۔

    پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تاہم وہ یہ ماسک ایک بنگلہ دیشی باشندے کو سستے داموں فروخت

    کر چکے تھے۔ جس سے یہ ماسک بازیاب کروائے گئے۔ جبکہ واردات میں استعمال ہونے والا ہتھوڑا اور دیگر آلات بھی برآمد کر کے عدالت میں پیش کیے گئے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے پہلے بھی کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا۔ عدالت نے ثبوتوں کو سامنے رکھتے ہوئے تمام ملزمان کو 3،3 سال قید اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنا دی ہے، ملزمان کو فیصلے کے خلاف پندرہ روز میں اپیل کا حق دیا گیاہے۔

  • دبئی اور شارجہ کے شہریوں کو بڑی سہولت مل گئی

    دبئی اور شارجہ کے شہریوں کو بڑی سہولت مل گئی

    دبئی: دبئی اور شارجہ کے درمیان بسوں کے پانچ نئے روٹس کا اضافہ کردیا گیا ہے، یہ روٹس رواں سال دسمبر میں فکنشنل ہونگے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی ٹرانسپورٹ اینڈ روڈز اتھارٹی میں منصوبہ بندی ادارے کے ڈائریکٹر عادل شاکری نے بتایا کہ رواں سال کے اختتام سے قبل دبئی اور شارجہ کے درمیان بسوں کے پانچ نئے روٹس کھول دیے جائیں گے، یہ کام شارجہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے تعاون سے بس سروس میں سہولت پیدا کرنے کے لیے انجام دیا جائے گا۔

    ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ الخان اور الممزر کو ملانے کے بعد دبئی اور شارجہ کو جوڑنے والے اس روڈ کے افتتاح سے پبلک ٹرانسپورٹ کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ ٹریفک اژدہام کم ہوگا اور سفر کا دورانیہ بھی کم ہوگا۔

    بس روٹ ای تین سو تین دبئی اور الجبیل میں الاتحاد میٹرو اور شارجہ میں الجبیل میٹرو اسٹیشنوں کے درمیان قائم کیا گیا ہے، اس روٹ پر روزانہ دو منزلہ 10 بسیں چل رہی ہیں۔دبئی ٹرانسپورٹ اینڈ روڈز اتھارٹی نے رواں ہفتے کے شروع میں پبلک بسوں کا ایک اور روٹ شروع کیا تھا، اس سے میٹرو اسٹیشن آنے جانے والوں کو بے حد سہولت ہورہی ہے، یہ انڈسٹریل زون القصیص سے النھدۃ میٹرو اسٹیشن کے لیے ہے، اس سے مصروف ترین اوقات میں پندرہ منٹ لگتے ہیں۔

    یاد رہے کہ دبئی اور شارجہ کے درمیان سفر کے لیے سمندری روٹ بھی ہے جس کا افتتاح رواں سال 27 جولائی کو کیا گیا تھا۔

  • دبئی کا سفر کرنے والوں کے لیے نئی سفری ہدایت جاری

    دبئی کا سفر کرنے والوں کے لیے نئی سفری ہدایت جاری

    کراچی: دبئی حکام کی جانب سے دبئی کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی حکام کی جانب سے پاکستانیوں کو نئی ٹریول ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ صرف ان لیبارٹریز کی کرونا ٹیسٹ رپورٹس قابل قبول ہیں جو دبئی حکام کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔

    دبئی حکام نے کہا ہے کہ دبئی پہنچے والے مسافروں کے چغتائی لیبارٹری اور اسلام آباد ڈائیگنوسٹک سروس سے کرائے گئے کرونا ٹیسٹ قابل قبول نہیں ہوں گے۔

    نئی ٹریول ایڈوائزری کے مطابق وہ لیبارٹریاں جو دبئی حکام کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں صرف ان سے کرائے گئے کرونا ٹیسٹ ہی دبئی ایئر پورٹ پر قابل قبول ہوں گے۔

    یہ حکم نامہ پاکستان سے دبئی کی پروازیں آپریٹ کرنے والی تمام ایئر لائنز پر لاگو ہوگا، اور حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

    مسافروں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری

    یاد رہے کہ رواں ماہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی تھی، جس میں مسافروں کو کرونا کے حوالے سے 2 کیٹگریز (اے اور بی) میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    کیٹگری اے میں چین، جاپان، نیوزی لینڈ، سعودی عرب اور ترکی سمیت 30 ممالک کو شامل کیا گیا ہے، جہاں سے آنے والے مسافروں کو کرونا ٹیسٹ اور پی سی آر سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ جب کہ کیٹگری بی میں شامل ممالک سے آئے مسافروں کو کرونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

  • کورونا وائرس : دبئی حکومت کا عوام کی سہولت کیلئے بڑا فیصلہ

    کورونا وائرس : دبئی حکومت کا عوام کی سہولت کیلئے بڑا فیصلہ

    دبئی : امارت دبئی نے 22 اکتوبر سے شادیوں اور سماجی تقریبات کے انعقاد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس ضمن میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مہمانوں اور میزبانوں کو احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل درآمد کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد شادی بیاہ کی تقریبات پر عائد کی گئی پابندی کو دبئی حکام نے ختم کردیا۔ شادی اور دیگر سماجی تقریبات کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ دبئی میں قدرتی آفات کو منظم کرنے والی اعلیٰ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے اس پر عمل درآمد 22 اکتوبر سے ہوگا۔

    دبئی کے ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی حکام نے یہ فیصلہ متعلقہ اداروں کی سفارشات پر کیا ہے، قدرتی آفات اور بحرانوں کو منظم کرنے والی اعلی کمیٹی نے بیان میں کہا کہ دبئی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ اور اسے ہھیلنے سے روکنے کے لیے تمام ضوابط کی سختی سے پابندی کریں گے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ شادیوں اور سماجی تقریبات میں شریک ہونے والے تمام افراد کو ہمہ وقت چہروں پر ماسک پہننا ہوں گے اور صرف میز پر کھانے کے لیے بیٹھتے وقت انہیں اتارنا ہوگا، ایک میزکا دوسری میز سے کم سے کم دو میٹر کا فاصلہ ہوگا اور ایک میز پر صرف پانچ افراد کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ تقریب کا دورانیہ چار گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔

    ہدایات میں کہا گیا ہے کہ بوڑھوں اور لاعلاج امراض میں مبتلا افراد کو تقریبات میں شریک نہ کیا جائے، یہ پابندی ان کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہے، زیادہ درجہ حرارت اور کھانسی میں مبتلا افراد تقریب میں شرکت نہ کریں۔

  • دبئی حکومت نے غیر ملکیوں کو خوشخبری سنادی، بڑی سہولت کا اعلان

    دبئی حکومت نے غیر ملکیوں کو خوشخبری سنادی، بڑی سہولت کا اعلان

    دبئی : آن لائن ڈیوٹی دینے والے غیر ملکی پروفیشنلز کے لیے دبئی حکام نے بڑی سہولت کا اعلان کیا ہے، دبئی نے آن لائن ڈیوٹی پروگرام متعارف کرایا ہے۔

    اس کے تحت آن لائن ڈیوٹی دینے والے غیرملکی پروفیشنلز اور ان کے اہل خانہ کو سال بھر کا اقامہ جاری ہوگا اور یہ قابل توسیع ہوگا، غیرملکی کارکن اپنی ان کمپنیوں کی جانب سے مطلوبہ کام انجام دیتے رہیں گے جن کے صدر دفاتر دبئی سے باہر واقع ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی حکام نے آن لائن ڈیوٹی پروگرام کے تحت غیرملکی پروفیشنلز کو اقامہ دینے کے لیے مندرجہ ذیل شرائط مقرر کی ہیں۔

    جس کے تحت اقامہ لگواتے وقت پاسپورٹ کم از کم چھ ماہ کے لیے مؤثر ہونا ضروری ہے، دبئی میں کم از کم ایک سال تک کا میڈیکل انشورنس مؤثر ہو اور کمپنی کے ساتھ کم از کم ایک سال تک کی ملازمت کا معاہدہ بھی منسلک ہو۔

    اس کے علاوہ آخری تنخواہ کا سرٹیفیکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا، کم از کم تنخواہ5 ہزار ڈالر ہونا ضروری ہے، بینک سے آخری تین ماہ کی تنخواہ سلپ بھی پیش کرنا ہوگی اور اقامہ فیس287 ڈالر ادا کرنا ہوگی۔

  • دبئی: سیاحوں کے لیے بڑی خوش خبری

    دبئی: سیاحوں کے لیے بڑی خوش خبری

    دبئی: رواں ماہ دبئی شہر میں دنیا کے سب سے بڑے فوارے کا افتتاح ہونے جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں دنیا کا سب سے بڑا فوارہ تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے، جمعرات 22 اکتوبر کو اس کا افتتاح کیا جائے گا۔

    فوارے کو النخلہ (پام فاؤنٹین) کا نام دیا گیا ہے، اس بات کا بھی امکان ہے کہ اسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا جائے، فوارے کی افتتاح کے بعد دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک اور تفریحی مقام میسر آ جائے گا۔

    یہ فوارہ 105 میٹر بلند ہے، اور یہ 14 ہزار اسکوائر فٹ کے دائرے میں پھیلا ہوا ہے، اس کے نچلے حصے میں 3 ہزار سے زیادہ بلب لگائے گئے ہیں جن کی رنگا رنگ روشنی سے پانی کے ساتھ ایک دل فریب منظر دیکھنے کو ملے گا۔

    رپورٹس کے مطابق النخلہ فوارے کے افتتاح کے موقع پر انتظامیہ نے مختلف قسم کے پروگرامز بھی ترتیب دیے ہیں جن میں آتش بازی، مختلف قسم کے مقابلے اور ڈانس شوز بھی ہوں گے۔

    دبئی میں دنیا کا منفرد ترین میوزیم تکمیل کے قریب

    اس تفریحی مقام پر کچھ پروگرامز مستقل بنیادوں پر بھی ہوں گے جیسا کہ انتظامیہ روزانہ بیس شو پیش کرے گی، اس کی شروعات مغرب کے بعد سے ہوگی جس کا سلسلہ آدھی رات تک جاری رہے گا، جب کہ ہر شو کا دورانیہ 3 منٹ ہوگا اور ایک شو سے دوسرے شو کے درمیان آدھے گھنٹے کا وقفہ ہوگا-

    واضح رہے کہ دنیا کا سب سے بڑا مانا جانے والا فوارہ بھی اس وقت دبئی ہی میں ہے، یہ فوارہ دبئی مال کا ہے جسے دبئی فاؤنٹین کہا جاتا ہے، نئے فوارے کے افتتاح کے بعد یہ اعزاز پام فاؤنٹین کو منتقل ہو جائے گا۔

    فوارے کے سلسلے میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا عملہ بھی متحرک ہے، مشرق وسطیٰ کے لیے گنیز کے انچارج شادی جاد نے پام فاؤنٹین پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دبئی کے پرکشش اور قابل دید مقامات میں ایک اور شان دار اضافہ ہو جائے گا۔

  • دبئی جانے والے افراد کے لیے ایک اور سہولت

    دبئی جانے والے افراد کے لیے ایک اور سہولت

    ابو ظہبی: دبئی پہنچنے والے افراد کی سہولت کے لیے نئے ضوابط کا اعلان کردیا گیا، دبئی سے جاتے وقت پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دبئی حکام نے سفر کے حوالے سے نئے ضوابط کا اعلان کیا ہے، دبئی میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ دبئی آنے والوں کے لیے دبئی سے جاتے وقت پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔

    اب ایسے افراد کو جو دوسری جگہوں سے دبئی آتے ہیں صرف آمد کے وقت ٹیسٹ کروانا پڑے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کہ دبئی آنے والے افراد کا باہر کتنا عرصہ قیام رہا ہے اور وہ کہاں سے آرہے ہیں۔

    تاہم سیاحوں اور شہریوں کے لیے دبئی آمد پر پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔

    اگر دبئی سے کوئی فرد باہر جا رہا ہے اور جہاں جا رہا ہے وہاں آمد سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ہے تو ایسے افراد کو روانگی سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کروانا پڑے گا۔

    خیال رہے رواں ہفتے کے شروع میں دبئی میں پی سی آر ٹیسٹ کی فیس 250 درہم سے کم کر کے 150 درہم کر دی گئی تھی۔ محکمہ صحت نے کہا تھا کہ عوام کی سہولت اور ریاست میں موجود ہر شخص کو پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی ترغیب دینے کے لیے فیس میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

    محکمہ صحت نے متعلقہ مراکز سے کہا تھا کہ 29 ستمبر سے لیبارٹری ٹیسٹ کی 250 درہم کے بجائے نئی منظور شدہ فیس 150 درہم کی وصولی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔