Tag: Dubai

  • دبئی سیاحت میں یورپ کو بھی پیچھے چھوڑ گیا

    دبئی سیاحت میں یورپ کو بھی پیچھے چھوڑ گیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کا شہر دبئی سیاحت میں مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک کو بھی پیچھے چھوڑ گیا، ایک سال میں غیر ملکی سیاحوں نے دبئی میں اربوں ڈالر خرچ کر ڈالے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ماتحت عالمی ادارہ سیاحت نے کہا ہے کہ گزشتہ سال غیر ملکی سیاحوں نے دبئی میں 80 ارب درہم خرچ کیے، ڈالر میں یہ رقم 21 ارب 800 ملین بنتی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ غیر ملکی سیاحوں نے سنہ 2018 کے دوران 21 ارب 375 ملین ڈالر (78.6 ارب درہم) خرچ کیے تھے، سیاحت کے شعبے میں دبئی مشرق وسطیٰ کے تمام ملکوں پر سبقت لے گیا ہے۔

    مشرق وسطیٰ کے دس ممالک میں غیر ملکی سیاحوں نے جتنا خرچ کیا اس کا 27 فیصد دبئی میں خرچ کیا گیا۔

    عالمی ادارہ سیاحت نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ دبئی گزشتہ برسوں کے دوران غیر ملکی سیاحوں کا پسندیدہ ترین شہر بنتا جارہا ہے۔ یہاں غیر ملکی سیاح گزشتہ سال کے مقابلے میں آنے والے سال میں زیادہ خرچ کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 16.7 ملین غیر ملکی سیاح دبئی پہنچے جبکہ اس سے ایک سال قبل 2018 میں دبئی آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 15.9 ملین تھی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ دبئی مشرق وسطیٰ ہی نہیں بلکہ جنوبی کوریا، پرتگال، یونان، سنگا پور، ہالینڈ، سوئیڈن، روس، بیلجیئم اور ڈنمارک جیسے ملکوں کو بھی پیچھے چھوڑ گیا ہے۔

  • دبئی نے سیاحوں کو خوشخبری سنا دی

    دبئی نے سیاحوں کو خوشخبری سنا دی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے سفر کے لیے ڈیجیٹل ویزوں کا اجرا کرونا وائرس سے پہلے کے طریقہ کار کے مطابق جاری کیا جائے گا، پہلے کی آن ارائیول ویزوں کی سہولت بھی جاری ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق امارات ایئر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھر کے لوگ موسم گرما کی تعطیلات کے بارے میں استفسار کر رہے ہیں۔ دبئی اور امارات ایئر کا دنیا بھر کے لیے پیغام ہے کہ آئیں ہم آپ کو خوش آمدید کہیں گے۔

    امارات ایئر کے مطابق احتیاطی تدابیر کی بدولت آپ کا سفر خوشگوار اور آپ کا قیام محفوظ رہے گا۔

    امارات ایئر کا کہنا ہے کہ سیاح پیشگی ویزا بھی حاصل کر سکتے ہیں، اگر ان کا تعلق ان 70 ممالک میں سے کسی ایک سے ہے جنہیں امارات پہنچنے پر ویزے کی سہولت دی جاتی ہے تو وہ سابقہ سسٹم کے مطابق امارات پہنچنے پر بھی ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ دبئی نے یکم اگست 2020 سے سیاحوں کی آمد کے نظام کو اپ ڈیٹ کردیا ہے، البتہ پی سی آر کووڈ 19 ٹیسٹ لازمی ہے۔

    ٹرانزٹ کے مسافر ہوں یا دبئی آنے والے ہوں، ہر ایک کو پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں امارات ایئر سے برطانیہ یا یورپی ممالک جانے والے مسافروں کو بھی پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔

    خیال رہے کہ دبئی ان بین الاقوامی شہروں میں سے ایک ہے جنہیں ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل (ڈبلیو ٹی ٹی سی) سے محفوظ سفر کا سرٹیفکیٹ مل چکا ہے۔

  • امارات میں کلینر نے فٹ پاتھ پر’دل‘ کا نشان بنا کر سب کے دل جیت لیے

    امارات میں کلینر نے فٹ پاتھ پر’دل‘ کا نشان بنا کر سب کے دل جیت لیے

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں گزشتہ دنوں ایک صفائی کرنے والے ملازم کی تصویر خوب وائرل ہوئی جس نے سڑک کنارے فٹ پاتھ پر درخت سے گرنے والی پتیوں سے دل بنا ڈالا تھا۔

    گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں کلینر کے اس اقدام نے لوگوں کے دل موہ لیے اور ہر کوئی جاننا چاہتا تھا کہ آخر اس وقتق اس ورکرز کے جذبات کیا تھے جس کے پیش نظر اس نے سڑک کنارے دل بنایا۔

    اماراتی ویب سائٹ نے اس نوجوان کو ڈھونڈ لیا اور اس سے وجہ بھی دریافت کرلی، نوجوان رامیش گنگارام گیندی بھارتی ریاست تلنگانہ کا رہائشی ہے اور دس برس سے روزگار کے سلسلے میں دبئی میں مقیم ہے۔

    Ramesh Gangarajam Gand

    دبئی آنے سے ایک ماہ قبل اس کی شادی ہوئی تھی اس نے بتایا کہ اس روز مجھے میری بیوی کی بہت یاد آرہی تھی، کام ختم کیا تو میرا واپس جانے کو دل نہیں کررہا تھا چنانچہ وہاں فٹ پاتھ پر گری پتیوں سے دل بنانا شروع کردیا۔

    رامیش کے مطابق ‘شادی کے ایک ماہ بعد ہی میں دبئی آیا کاش میں مزید وقت اپنی بیوی کے ساتھ گزار سکتا۔

    وائرل تصویر قریبی گھر کی رہائشی خاتون نسیمہ فرحت نے بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی، جس میں انہوں نے لکھا تتھا کہ ’اس ملازم کو سڑک پر دل بناتے دیکھ کر میرا دل بھر آیا مگر میں یہ سوچ کر دکھی ہوگئی کہ آخر اس وقت اس کے دل میں کیا چل رہا ہوگا کہ اس نے سڑک پر دل ہی بنادیا۔‘‘

  • دبئی میں پہلا چینی سرکاری اسکول

    دبئی میں پہلا چینی سرکاری اسکول

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں چین اپنا پہلا سرکاری اسکول کھولنے جارہا ہے، اسکول کے قیام کا بنیادی مقصد امارات میں چینی کمیونٹی کو تعلیمی سہولت فراہم کرنا ہے۔

    اماراتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ چین آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے دبئی میں اپنا پہلا سرکاری اسکول کھولے گا، یہ چین کے باہر پہلا سرکاری سکول ہوگا۔

    حکام کے مطابق اس میں 2 ہزار طلبہ کی گنجائش ہوگی، مذکورہ اسکول کا افتتاح ستمبر میں ہوگا۔ چینی اسکول کی عمارت مردف کے علاقے میں تعمیر کی گئی ہے، یہاں چینی نصاب پڑھایا جائے گا۔

    نصاب میں چین کی سرکاری زبان، سائنس، ریاضی، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ، اخلاقیات، سپورٹس اور فنون لطیفہ وغیرہ شامل ہوں گے۔ علاوہ ازیں چین کے سرکاری اسکول میں دوسری زبان عربی ہوگی جبکہ اسلامیات اور سماجی مطالعات کا مضمون بھی شامل ہوگا۔

    اسکول کے قیام کا بنیادی مقصد امارات میں چینی کمیونٹی کو تعلیمی سہولت فراہم کرنا ہے۔

  • دبئی میں سیاحوں کے لیے ایک اور تفریحی سہولت بحال

    دبئی میں سیاحوں کے لیے ایک اور تفریحی سہولت بحال

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہروں میں کرونا وائرس کا لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد تفریحی سرگرمیاں بحال کی جارہی ہیں، ابو ظہبی میں سوئمنگ پولز اور دبئی میں شیشہ کیفیز کھول دیے گئے۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق ابو ظہبی کے محکمہ ثقافت و سیاحت نے ہوٹلوں کو 18 شرائط کے ساتھ سوئمنگ پول عام افراد کے لیے کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

    محکمہ ثقافت و سیاحت نے جو شرائط مقرر کی ہیں ان کا تعلق احتیاطی تدابیر سے ہے جن کے مطابق تمام ملازمین اور سوئمنگ گائیڈز کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرنا ہوگا، اور ہر 15 دن میں کرونا وائرس ٹیسٹ ضروری ہوگا۔

    شرائط کے مطابق سوئمنگ پول گنجائش سے 50 فیصد تک ہی استعمال کیا جا سکے گا، اس حوالے سے تفصیلات بورڈ پر تحریر کرنا ہوں گی۔

    سوئمنگ پول کے استعمال سے قبل سیاحوں، عملے اور ٹھیکیداروں کا بھی درجہ حرارت چیک کیا جائے گا۔ ایسے کسی بھی شخص کو جس میں انفلوائنزا کی علامتیں نظر آرہی ہوں، سوئمنگ پول استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    آفتابی بستروں کے درمیان 2 میٹر کا فاصلہ ضروری ہوگا، فرش پر سماجی فاصلے کی علامتیں لگانا ہوں گی، سیاحوں کو 2 میٹر سے کم کے فاصلے پر ملنے جلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    دوسری جانب دبئی میں بھی بلدیہ نے شیشے اور تمباکو کے لیے مخصوص مقامات کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے, بلدیہ نے شیشہ اور تمباکو کی بحالی کے لیے حفاظتی تدابیر کی پابندی کو لازمی کیا ہے۔

    دبئی بلدیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی گاہک کو شیشہ پیش کرنے سے قبل صفائی اور سینی ٹائزنگ ضروری ہوگی، شیشے کے پائپ ایسے ہوں جو ایک ہی بار استعمال ہوتے ہوں۔

    حکام کے مطابق ہر گاہک کے بعد شیشے کا پانی بدلنا ہوگا، شیشہ پیش کرنے سے قبل ملازم کو اجازت نہیں ہوگی کہ وہ شیشہ چیک کرے۔

  • دبئی حکومت کا پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کیلئے جدید منصوبہ

    دبئی حکومت کا پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کیلئے جدید منصوبہ

    دبئی : شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے دبئی حکومت نے دبئی میٹرو لائن کا افتتاح کردیا، اس میگا منصوبے پر2.9 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میٹرو لائن کی 15 کلومیٹر طویل پٹری کی توسیع کا افتتاح کر دیا گیا ہے، سات نئے اسٹیشنوں کا یہ میٹرو روٹ ستمبر کے مہینے میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے امیر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دبئی میٹرو 2020 کا افتتاح کردیا۔

    میٹرو روٹ 2020 کے نام سے 2.9 ارب ڈالر کی لاگت کے اس منصوبہ سے شہر کی میٹرو لائن میں مزید سات اسٹیشنوں کا اضافہ ہوا ہے، یہ منصوبہ ایکسپو 2020 کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔

    اس نئے روٹ کی تکمیل کے بعد دبئی ارینا سے ایکسپو 2020 کے مقام تک کا فاصلہ صرف 16 منٹ میں طے کیا جاسکے گا۔ سرکاری خبر رساں ادارے وام کے جاری کردہ بیان کے مطابق میٹرو لائن کا یہ جدید منصوبہ دبئی کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے علاوہ سیاحوں کے لیے نقل و حمل کی بہترین اور محفوظ سہولتیں پیش کرنے میں ایک اور اضافہ ہے۔

    یہ توسیع منصوبہ دبئی کی سڑکوں اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے زیر انتظام میٹرو، ٹرام، بسوں اور سمندری ٹرانسپورٹ کے نظام کو مربوط بنائے گا۔

    ماسٹر پلان کے حصے کے طور پرمکمل کیا گیا یہ منصوبہ بہترین ماس ٹرانزٹ سسٹم فراہم کرے گا، دبئی کے جنوبی حصے میں قائم کیے گئے نئے اسٹیشنوں سے رہائشیوں اور سیاحوں کو مزید خدمات اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی، نئے اسٹیشنوں میں ڈسکوری گارڈنز، الفرجان ، جمیرا گالف اسٹیٹس ، دبئی انویسٹمنٹ پارک شامل ہیں۔

  • کورونا وائرس : دبئی حکومت کی عوام کیلئے بڑی سہولت

    کورونا وائرس : دبئی حکومت کی عوام کیلئے بڑی سہولت

    دبئی: شہری اب گھر پر ہی اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروا سکتے ہیں اور اپنی پروازوں سے قبل ضروری طبی سرٹیفکیٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کی جانب سے سیاحت کے شعبے کی بحالی کے لیے سفری پابندیاں نرم کیے جانے کے بعد گھر پر کورونا ٹیسٹ کی سروس ایک لوجیسٹک فرم ‘ڈبز’ کی طرف سے متعارف کروائی گئی ہے۔

    میڈی کلینک مڈل ایسٹ کی فراہم کردہ ایک میڈیکل ٹیم ٹیسٹ کے خواہش مند صارفین کے گھروں کا دورہ کرے گی جہاں ان کا سواب ٹیسٹ کیا جائے گا۔ صارفین کو ٹیسٹ کے نتائج آن لائن مہیا کیے جائیں گے۔

    ڈبز کمپنی اپنے ہوم چیک ان پیکج میں کورونا ٹیسٹ کے علاوہ دیگر کئی سروسز بھی فراہم کر رہی ہے کہ جن میں سامان کا ڈس انفیکٹ کرنا اور ایئر پورٹ پر ترجیحی پاس کی فراہمی شامل ہے۔

  • دبئی میں خواتین بس ڈرائیورز کا تقرر

    دبئی میں خواتین بس ڈرائیورز کا تقرر

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں 3 خواتین کو بطور بس ڈرائیور بھرتی کرلیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خواتین کو مواقع فراہم کرنا ہے۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ریاست میں مختلف روٹس پر بطور بس ڈرائیور 3 خواتین کو بھرتی کیا ہے۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جن خواتین کی بھرتی کی گئی وہ تربیت کے بعد امارات میں ڈرائیونگ کے ضوابط اور معیار کے اعلیٰ پیمانے پر پورا اترتی ہیں۔

    دبئی حکام کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیورز کے شعبے میں خواتین کو مواقع فراہم کرنے اور اس شعبہ میں توازن پیدا کرنے کے لیے ابتدائی طور پر 3 خواتین کو بھرتی کیا گیا ہے۔

    اس پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ 3 ڈرائیورز کی تقرری کے ذریعے شروع کیا گیا ہے جنہیں 3 روٹس پر چلانے کے لیے اتھارٹی کے ذریعے اجازت دی گئی ہے، اس پروجیکٹ کو مزید وسعت دی جائے گی۔

  • دبئی جانے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر

    دبئی جانے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر

    دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو دبئی حکومت نے خوشخبری سنادی، محکمہ سیاحت کی جانب سے آج بروز منگل سے دبئی کو سیاحت کیلئے کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی محکمہ سیاحت نے کہا ہے کہ منگل 7 جولائی سے ریاست میں سیاحوں کو خوش آمدید کہا جائے گا، سیاحوں پر عمر کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی محکمہ سیاحت نے دبئی سفر کے حوالے سے 4 قواعد و ضوابط کا اعلان کیا ہے, سیاح کو سفر سے قبل یہ چیک کرانا ہوگا کہ آیا اسے دبئی کا ویزا لینا ضروری ہے یا نہیں، دبئی آمد ورفت کی بکنگ کرانی ہوگی۔

    کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی صورت میں اس کے اخراجات ادا کرنا ہوں گے، سفر سے 96 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا بھی لازمی ہوگا۔

    دبئی محکمہ سیاحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ دبئی پہنچنے پر پی سی آر کی سہولت مہیا ہوگی البتہ دبئی آنے پر یہ ٹیسٹ کرانے کی صورت میں سیاح کو اس کا رزلٹ آنے تک خود کو آئسولیٹ کرنا ہوگا۔

    محکمہ سیاحت کے مطابق اگر پی سی آر کا رزلٹ منفی آیا تو ایسی صورت میں سیاح ہوٹل سے نکل کر گھوم پھر سکتا ہے لیکن ٹیسٹ پوزیٹو آیا تو اسے ایسی صورت میں دبئی محکمہ صحت کے ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے خود کو ہاؤس آئسولیشن میں رکھنا ہوگا۔

    دبئی جانے والوں کو سفر سے قبل میڈیکل فارم پر کرنا ہوگا اور قرنطینہ کی پابندی کا اقرار نامہ بھی پیش کرنا ہوگا، واضح رہے کہ امارات ایئر اور فلائی دبئی اب تک 76 شہروں کے لیے پروازوں کا اعلان کرچکی ہیں۔ امارات ایئر52 اور فلائی دبئی  24 شہروں کو معمول کی پروازوں میں شامل کیے ہوئے ہیں۔

    اس کے علاوہ بحرین، قاہرہ، تیونس، بیروت، خرطوم، عمان اور سکندریہ 7 عرب شہر بھی امارات اور فلائی دبئی کی پروازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

  • دبئی کے شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے اہم ترین تجویز

    دبئی کے شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے اہم ترین تجویز

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں دبئی کے ایوان صنعت و تجارت نے تجویز دی ہے کہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقامہ فیس اور ریاستی خلاف ورزیوں پر مقرر تمام جرمانے منسوخ کردیے جائیں جبکہ ٹیکس میں بھی کمی کی جائے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی ایوان تجارت نے اقامہ فیس میں کمی، جرمانوں کی منسوخی، ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں 2 فیصد اور بجلی و پانی کے بل میں 50 فیصد کمی کی تجویز دی ہے۔

    دبئی ایوان صنعت و تجارت نے تجویز دی کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس یا تو 2 فیصد تک کم کردیا جائے یا ٹیکس کی ادائیگی 2020 کے آخر تک ملتوی کردی جائے۔

    ایوان تجارت نے موجودہ مرحلے کے لیے تعمیری اقتصادی اسکیمیں تیار کرنے کے لیے وسیع البنیاد اقتصادی کونسل تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے، ایوان کا کہنا ہے کہ کسٹم ڈیوٹی نیز پانی، بجلی و خدمات فیس رواں سال کے آخر تک 50 فیصد تک کم کردی جائیں۔

    دبئی ایوان صنعت و تجارت نے نجی اداروں کی طرف سے موجودہ عالمی بحران سے نمٹنے کے لیے جو تجاویز شیخ احمد بن سعد آل مکتوم کو پیش کی ہیں وہ یہ ہیں۔

    سرکاری ادارے اور اس کے ماتحت کمپنیاں ٹھیکے داروں، سامان درآمد کرنے والے تاجروں اور مستحق افراد کو مقررہ بجٹ کی قسطیں جلد از جلد ادا کریں۔

    حد سے زیادہ غیر ملکی عملے کو وطن واپس بھجوانے میں کمپنیوں کی مدد کی جائے، غیر ملکی ورکرز کی بے دخلی کے اخراجات کے لیے فنڈ فراہم کیے جائیں۔

    تجارتی لائسنسوں کے اجرا اور توسیع کی فیس 2020 تک یا تو منسوخ کردی جائے یا 50 فیصد تک کم کردی جائے۔

    دبئی میں کام کرنے والے تمام اداروں پر مقرر مارکیٹ فیس 2.5 فیصد سنہ 2020 کے آخر تک معطل کردی جائے۔

    کسٹم ڈیوٹی 2020 کے آخر تک 50 فیصد تک کم کردی جائے۔

    پانی بجلی اور خدمات فیس 50 فیصد تک کم کردی جائے۔

    ویلیو ایڈڈ ٹیکس کم کر کے یا تو 2 فیصد کردیا جائے یا ادائیگی 2020 کے آخر تک ملتوی کردی جائے اور کمپنیوں کی کیش پوزیشن بہتر بنانے کے لیے اس حوالے سے تمام جرمانے ختم کردیے جائیں۔

    اقامہ فیس کم کردی جائے، جن لوگوں کے اقامے ختم ہوگئے ہوں ان کے اقاموں میں توسیع کردی جائے۔ جن کے اقامے منسوخ ہوگئے ہوں وہ بھی سال رواں کے آخر تک بڑھا دیے جائیں اور اس حوالے سے تمام جرمانے منسوخ کردیے جائیں۔

    اقامے سے متعلق سہولت سرمایہ کاروں، عام افراد اور ان کے خاندانوں، سب کو دی جائے۔

    سنہ 2020 کے آخر تک وفاقی و ریاستی خلاف ورزیوں پر مقرر تمام جرمانے منسوخ کردیے جائیں۔

    دکانوں کے کرایوں کے معاہدے کسی شرط یا جرمانے کے بغیر منسوخ کرنے کی اجازت دی جائے۔