Tag: Dubai

  • دبئی: ڈرائیونگ کے دوران پڑھائی، کار عمارت سے جاٹکرائی

    دبئی: ڈرائیونگ کے دوران پڑھائی، کار عمارت سے جاٹکرائی

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں طالبہ نے ڈرائیونگ کے دوران مطالعہ کرنے کی کوشش کی تاہم سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑا۔

    آپ نے ڈرائیور کی موجودگی میں دوران سفر کتابیں، اخبارات اور دیگر تحریری مواد کا مطالعہ تو کیا ہوگا لیکن دبئی میں ایک طالبہ کو خود سے گاڑی چلانا اور ساتھ پڑھنا لینے کے دینے پڑ گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دبئی میں ایک طالبہ کی گاڑی اس وقت ایک عمارت سے جا ٹکرائی کہ جب اس نے ڈرائیونگ کے دوران مطالعے کی کوشش کی۔

    پولیس کے مطابق طالبہ مطالعے کے دوران گاڑی پر توجہ نہ دے سکی اور کار اچانک دیوار سے ٹکرا گئی خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    پولیس کا مزید کہنا تھا کہ گاڑی جس عمارت سے ٹکرائی وہ عوامی امور کی دیکھ بھال کے لیے مختص ہے جہاں سیکڑوں افراد موجود ہوتے ہیں، اتفاق کی بات یہ کہ ہفتہ وار چھٹی کے باعث وہاں کوئی موجود نہ تھا۔

    دوران سفر ہر کام ترک کرکے ڈرائیونگ پر توجہ دی جائے تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے کی نوبت نہ آئے۔

    انتظامیہ مختلف حادثات کی ایک بڑی وجہ ڈرائیورز کی غفلت قرار دیتے ہیں، ان کے مطابق گاڑی چلاتے ہوئے تمام تر انتظامات ہی ضروری نہیں بلکہ دوران سفر یکسوئی کے ساتھ پوری توجہ دائیں، بائیں اور سامنے کی جانب ہونی جاہیے۔

    دبئی، ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی

    یاد رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں دبئی کے شیخ راشد روڈ پر تیز رفتار وین حادثے کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے تھے، زخمی ہونے والوں میں چار خواتین بھی شامل تھیں۔

  • دبئی کے مینا بازار کا مشہور بریانی والا

    دبئی کے مینا بازار کا مشہور بریانی والا

    متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ہزاروں پاکستانی موجود ہیں جو وہاں پر مختلف کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں، انہی میں سے ایک لیاری کا علی محمد بھی ہے جس کی بریانی علاقے میں نہایت مشہور ہے۔

    پاک لیاری نام کے اس ریستوران کی خاص شے بریانی ہے۔ اس ریستوران کا باورچی علی محمد ہے جو کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھتا ہے۔

    52 سالہ علی محمد سنہ 1986 سے کھانے پکانے کا کام سرانجام دے رہا ہے، لیاری میں اس کی کچن سروس مختلف تقریبات اور شادیوں میں کھانا فراہم کرتی تھی۔

    بعد ازاں علی محمد دبئی آگیا، یہاں بھی وہ اسی شعبے سے منسلک ہے اور اس کے ہاتھ کی ذائقہ دار بریانی ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوتی ہے۔

    علی اپنے گھر کا واحد کفیل ہے، اپنے والد اور بڑے بھائی کی وفات کے بعد وہی اپنے اور اپنے بھائی کی بیوی بچوں کی ذمہ داری اٹھا رہا ہے۔

    وہ بتاتا ہے کہ اس کے والدین اسے اعلیٰ تعلیم دلوانا چاہتے تھے لیکن اسے پڑھائی کا کوئی شوق نہیں تھا۔ وہ اسکول سے بھاگ کر دوستوں سے ساتھ کھیلنے چلا جاتا تھا، تاہم اب اسے نہایت قلق ہوتا ہے کہ اس نے تعلیم کیوں نہ حاصل کی۔

    اس کا مداوا وہ اس طرح کر رہا ہے کہ اپنی دونوں بیٹیوں اور بیٹے کو اعلیٰ تعلیم دلوا رہا ہے۔

    دبئی میں علی کی بریانی نہایت مقبول ہے اور اسے بہترین بریانی کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ وہ کہتا ہے، ’دنیا میں ہزاروں لوگ بریانی بناتے ہیں، میں بھی وہی اجزا اور اشیا استعمال کرتا ہوں۔ یہ خدا کی مہربانی ہے کہ اس نے اسے اس قدر ذائقہ دار بنا دیا کہ اس کی وجہ سے میں بے حد خوش اور خوشحال ہوں‘۔

  • پی ایس ایل فور: میگا ایونٹ کا آغاز چند دن کی دوری پر، شائقین بےتاب

    پی ایس ایل فور: میگا ایونٹ کا آغاز چند دن کی دوری پر، شائقین بےتاب

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے سیزن فور کے آغاز میں صرف چھ دن رہ گئے، شائقینِ کرکٹ کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ سیزن فور کے آغاز میں صرف 6 روز باقی رہ گئے، میگا ایونٹ کے لیے ٹیموں کی دبئی آمد شروع ہوگئی۔

    شائقین کا جوش اور ولولہ عروج پر پہنچ گیا، شائقین پی ایس ایل کے آغاز کا بے صبری سے اتنظار کررہے ہیں، دنیا بھر سے اسٹارز کی کہکشاں دبئی میں سجنا شروع ہوگئی۔

    کراچی کنگز کے آل راؤنڈ سکندر رضا پی ایس ایل کو یاد گار بنانے کے لیے بے تاب ہیں، میچ کے لیے خوب جم کر پریکٹس کررہے ہیں۔

    لاہور قلندرز نے بھی دبئی میں ڈیرے ڈال لیے ہیں، ایونٹ میں شریک فرینچائزز کے کھلاڑی مرحلہ وار دبئی پہنچ رہے ہیں، ایونٹ کا آغاز چودہ فروری کو رنگارنگ تقریب کے ساتھ ہوگا۔

    پی ایس ایل فور اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا، احسان مانی

    دوسری جانب چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے گذشتہ روز کہا کہ اس بار آٹھ میچ پاکستان میں ہوں گے، فرنچائز کو تین سال کی محنت کا فائدہ اب نظر آنا شروع ہوگا، ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کی آمد سے اچھا پیغام گیا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل انتظامات سے متعلق غور کیا گیا، بورڈ اراکین نے چیئرمین پی سی بی کو بتایا کہ پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ 18 جنوری کو لانچ کیا گیا، پی سی بی کی ٹیم پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے لیے دن رات محنت کررہی ہے۔

  • دبئی میں شامی شہری نے دس لاکھ امریکی ڈالر جیت لیے

    دبئی میں شامی شہری نے دس لاکھ امریکی ڈالر جیت لیے

    دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خانہ جنگی کا شکار ملک شام کے شہری نے دس لاکھ امریکی ڈالر (12 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) لاٹری میں جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق روزگار کے لیے بیرون ملک مقیم شام کی کاروباری شخصیت نے دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ڈیوٹی فری لکی ڈرا سے خریدی گئے لاٹری ٹکٹ سے 10 لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم اپنے نام کرلی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ قسمت بدلنے کا لاٹری ٹکٹ 40 سالہ اسماعیل نامی شامی تاجر نے چھٹیوں کےلیے شام جانے سے قبل 7 جنوری کو خریدا تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں سے دبئی کے رہائشی شامی شہری اسماعیل پر دس لاکھ امریکی ڈالر جیتنے کی خبر سن کر بیک وقت تذبذب اور خوشی کے حالت طاری تھی۔

    اسماعیل نے اماراتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میرا چھٹا لاٹری ٹکٹ ہے لیکن مجھے یقین نہیں تھا کہ میں اتنی بڑی رقم جیت پاؤں گا، یہ میرے لیے تعجب تھا‘۔

    دبئی ڈیوٹی فری لاٹری انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سنہ 1999 سے شروع ہونے والی میلینئم میلینئر لاٹری میں دس لاکھ امریکی ڈالر جیتنے والا ساتواں شامی شہری ہے۔

    مزید پڑھیں : دبئی : اردن کے شہری نے 10 لاکھ امریکی ڈالر کی لاٹری جیت لی

    یاد رہے کہ دو ماہ قبل ملازمت کے سلسلے میں متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے والے اردنی شہری نے 19 برس بعد دبئی کے عالمی ہوائی اڈے پر ڈیوٹی فری ملینیئر لاٹری سے 10 لاکھ امریکی ڈالر جیتے تھے۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 48 سالہ مروان طہٰ جب بھی دبئی کا سفر کرتا تھا ڈیوٹی فری ریفل لاٹری کا ٹکٹ خریدتا تھا اور سنہ 1999 سے اب تک 300 ٹکٹ خرید چکا تھا۔

  • مدرسے میں تشدد کی وائرل ویڈیودبئی کی نہیں، حکام

    مدرسے میں تشدد کی وائرل ویڈیودبئی کی نہیں، حکام

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے متعلقہ ادارے نے مدرسے کے طالب علم پر تشدد کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کے اسلامک افیئرز اور فلاحی سرگرمیوں کے محکمے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہوں کو رد کرتے ہیں، مدرسے میں قرآن کے طالب علم پراستاد کے تشدد کی ویڈیو کا دبئی سے کوئی تعلق نہیں ہے‘‘۔

    جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ دبئی کے کسی بھی مدرسے میں پیش نہیں آیا۔ ساتھ ہی ساتھ یہ ویڈیو کئی سال پرانی ہے اور پہلے بھی کئی بار سوشل میڈیا پر شیئر ہوچکی ہے ۔

     

    View this post on Instagram

     

    دائرة الشؤون الإسلامية والعمل الخيري بدبي تنفي ما يتم تداوله في وسائل التواصل الإجتماعي عن واقعة الضرب لأحد طلاب مراكز التحفيظ في إمارة دبي، وتأكد بأنّ هذه الواقعة لم تحصل في دبي، وأنها تم تداولها أكثر من مرة في وسائل التواصل، وهي منتشرة منذ عدة سنوات في مواقع الانترنت الأخرى. ‏كما أنّ الدائرة من خلال حرصها على المراكز وطلابها، وعملها الإشرافي والميداني الذي يقع ضمن مهامها؛ ملتزمة بالرقابة على جميع المساجد ومنتسبيها، ومراكز التحفيظ في إمارة دبي، ورعاية طلابها والإشراف على مدرسيها في ضوء الضوابط والمواصفات المحلية والعالمية المتعلقة بإقامة المراكز واستدامتها على أرقى المستويات.

    A post shared by إسلامية دبي (@iacaddubai) on

    اسلامک افیئرز اور فلاحی سرگرمیوں کے محکمے کا کہنا تھا کہ ان کے زیر اہتمام تمام مذہبی سنٹر ز، مساجد اور مدارس کے اساتذہ، طلبہ اور عبادت گزاروں کے لیے انتہائی سخت قواعد وضوابط نافذ ہیں۔ انہی قواعد کے تحت مذہبی معلمین کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ ہے کہ اگر وہ مقامی اور عالمی تدریسی اصولوں کی خلاف ورزی کریں گے تو انکے خلاف انتہائی سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ اماراتی شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بچہ بندھے ہاتھوں مسجد میں بھاگتا ہے تو استاد اس کا پیچھا کرتا ہے جبکہ باقی طالب علم موقع پر کھڑے تماشا دیکھ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کہا جارہا تھا کہ یہ دبئی کے کسی مدرسے کی ویڈیو ہے۔

    خیا ل رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ’جعلی اور من گھڑت خبریں‘ پھیلانے کو خلاف قانون جرم تصور کیا جاتا ہے اور قانون میں اس کے لیے قید اور جرمانے دونوں کی سزائیں موجود ہیں۔ جرمانے کی حد زیادہ سے زیادہ دس لاکھ درہم بھی ہوسکتی ہے۔

  • پی ایس ایل فور: افتتاحی تقریب اور میچز کی ٹکٹیں فروخت کے لیے پیش

    پی ایس ایل فور: افتتاحی تقریب اور میچز کی ٹکٹیں فروخت کے لیے پیش

    دبئی: پاکستان سپر لیگ سیزن فور کی افتتاحی تقریب اور دبئی میں ہونے والے میچز کی ٹکٹیں فروخت کے لیے پیش کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب چودہ فروری کو رات آٹھ بجے دبئی میں ہوگی، جس کے لیے ٹکٹیں فروخت لیے پیش کردی گئیں۔

    پاکستان سپر لیگ کی سپر ڈوپر افتتاحی تقریب کی ٹکٹوں کی قیمت بیس درہم سے دو سو نوے درہم تک رکھی گئی ہے، دبئی میں ہونے والے میچز کی ٹکٹ بھی آن لائن خریدے جاسکتے ہیں۔

    پاکستان سپر لیگ کے ٹکٹس ’کیو ٹکٹ ڈاٹ کام‘ پر دستیاب ہی۔ پاکستان سپر لیگ کی ستاروں سے سجی افتتاحی تقریب چودہ فروری کو رات آٹھ بجے دبئی میں ہوگی۔

    پی ایس ایل فور: متبادل کھلاڑی کے لیے ڈرافٹنگ 24 جنوری کو ہوگی

    خیال رہے کہ پی ایس ایل فور کے متبادل کھلاڑی کے انتخاب کے لیے ڈرافٹنگ چوبیس جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگی۔

    ڈرافٹنگ میں سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کے متبادل کا بھی انتخاب کیا جائے گا، تمام فرنچائز اپنے اکیسویں کھلاڑی کا انتخاب بھی کریں گی۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے شیڈول کا اعلان کیا جاچکا ہے، پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔

    پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔

  • دبئی میں‌اے آر وائی دیسی اینڈ مور ریسٹورنٹ کا افتتاح

    دبئی میں‌اے آر وائی دیسی اینڈ مور ریسٹورنٹ کا افتتاح

    ابوظبی : اماراتی ریاست دبئی میں اے آر وائی دیسی اینڈ مور ریسٹورنٹ کا افتتاح ہوگیا جس میں بریانی اور نہاری سمیت تمام لزیذ کھانے دستیاب ہوں گے۔

    اے آر وائی گروپ کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں مقیم پاکستانیوں، سیاحت کےلیے ہم وطنوں اور غیر ملکی عوام کی سہولت کے لیے ایسے ریسٹورنٹ کا افتتاح کیا گیا ہے جہاں تمام اقسام کے کھانے پیش کیے جائیں گے۔

    افتتاحی تقریب میں اے آر وائی کے چیئرمین صدر محمد اقبال اور صدر و سی ای او سلمان اقبال بھی شریک تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دیسی اینڈ مور ریسٹورنٹ میں بریانی اور نہاری سے لے کر پاستا سمیت تمام ملکی و غیر ملکی کھانے دستیاب ہوں گے۔

    صدر و سی ای او سلمان اقبال کی جانب سے 100 درہم خرچ کرنے والے سہولت کارڈ ہولڈرز کو 100 لوائلٹی کوئن، پی ایس ایل ٹکٹ اور اے آر وائی جیولرز پر 50 فیصدر ڈسکاؤنٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    افتتاح کے موقع پر ریسٹورنٹ میں کھانا تناول کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ دیسی اینڈ مور میں بہت لذیز اور بہترین کھانے رکھے گئے ہیں جس کی تعریف بیان سے باہر ہے۔

  • بھارتی شہری کی اماراتی کمپنی میں 22 لاکھ درہم کی خرد برد، مقدمہ درج

    بھارتی شہری کی اماراتی کمپنی میں 22 لاکھ درہم کی خرد برد، مقدمہ درج

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی کمپنی میں غبن کے الزام میں بھارتی شہری پر چار ساتھیوں سمیت فردِ جرم عائد کردی گئی، ملزم پر 22 لاکھ درہم کی خرد برد کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کی عدالت نے ایک پبلک کمپنی میں فنانشل اورایڈمنسٹریٹو مینجر کی حیثیت سے کام کرنے والے 49 سالہ بھارتی شہری پر اس کی غیرموجودگی میں فردِجرم عائد کی ہے، ملزم اپنے ساتھیوں سمیت مالی بے قاعدگیوں میں ملوث تھا۔

    ملزم کے ساتھ مزید چار ملزمان کو شریکِ جرم قرار دیا گیا  ہے  جن میں 51 سالہ فلپائنی نژاد شخص، دو بھارتی شہری جن کی عمریں 38 سال بتائی گئیں ہیں اور  مرکزی ملزم کی 44 سالہ بہن شامل ہے۔ عدالت میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے بالترتیب 70 ہزار درہم، ساڑھے گیارہ ہزار درہم، 35 ہزار درہم اور 19 ہزار درہم  کمپنی کے حساب میں خرد برد کرکے غبن کیے۔

    عدالت کی جانب سے عائد کی جانے والی فردِ جرم کے مطابق ملزمان کی یہ کارروائیاں جنوری 2011 سے فروری 2011 تک جاری رہیں۔ ان کے خلاف البارشا پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    غبن کے معاملات کے ایک ماہر کے مطابق، خرد برد کرنے کے لیے طے شدہ طریقہ کار سے انحراف کیا گیا اورریکارڈز میں وسیع پیمانے پر بے قاعدگیا ں بھی کی گئیں ہیں۔ مقدمے کی آئندہ سماعت تین فروری کو ہوگی۔

  • دبئی: لکڑی کی فیکڑی میں ہولناک آتشزدگی

    دبئی: لکڑی کی فیکڑی میں ہولناک آتشزدگی

    دبئی : اماراتی ریاست کے صنعتی علاقے میں واقع میں فیکڑی میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے عمارت کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے علاقے الجبیل میں واقعے لکڑی کے بکس بنانے والی کمپنی میں جمعے کے روز اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لےلیا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دبئی سول ڈیفینس کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث نذر آتش ہونے والی عمارت سے دھوائیں کے شدید کالے بادل اٹھتے ہوئے دور سے نظر آرہے ہیں۔

    دبئی سول ڈیفینس کے ترجمان نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ ’ہمیں صبح 9 بج کر 21 منٹ پر الجبیل کے علاقے سے آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

    دبئی سول ڈیفینس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائرفایٹرز دس منٹ میں جائے حادثہ پر پہنچ گئے تھے، عفریت کی شکل اختیار کرنے والی آگ پر قابو پانے میں جبل علی، دبئی انوسٹمنٹ اور دبئی پارک فائر اسٹیشن کا عملہ شامل ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں تاحال کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے صنعتی علاقے میں جانے والی تمام سڑکیں بند کردیں ہیں تاکہ ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملے کو ریسکیوں آپریشن میں مشکلات پیش نہ آئیں۔

    مزید پڑھیں : شارجہ : گودام میں ہولناک آتشزدگی

    خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل اماراتی ریاست کے صنعتی علاقے میں واقع میں گودام اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی جس نے لکڑی کے گودام کی عمارت کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔

    مزید پڑھیں : شارجہ : رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 7 سالہ بچہ ہلاک

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے علاقے القولایا میں واقع کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود 7 سالہ بچہ جھلس کر ہلاک ہوگیا تھا۔