Tag: Dubai

  • متنازع ٹی ٹین لیگ کو ایک اور دھچکا، سہیل خان نے لیگ سے علیحدگی اختیار کرلی

    متنازع ٹی ٹین لیگ کو ایک اور دھچکا، سہیل خان نے لیگ سے علیحدگی اختیار کرلی

    دبئی: متنازع ٹی ٹین لیگ کو ایک اور جھٹکا لگا ہے، دبنگ خان کے بھائی سہیل خان نے ٹی ٹین لیگ سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تنازعات میں گھری ٹی ٹین لیگ کو ایک اور دھچکا لگا ہے، مراٹھا عربینز کے مالک سہیل خان نے ٹی ٹین لیگ سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، سہیل خان ٹی ٹین لیگ میں ٹیم مراٹھا عربینز کے مالک تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سہیل خان کہتے ہیں کہ سوالات اور الزامات کے بعد ٹی ٹین لیگ کے ساتھ رہنا ٹھیک نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ متنازع ٹی ٹین لیگ پر منفی میڈیا رپورٹس کے بعد سابق بھارتی کپتان اظہر الدین نے بھی ٹیلنٹ ہنٹ کا سربراہ بننے سے انکار کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سابق بھارتی کپتان اظہرالدین کا متنازع ٹی 10 لیگ سے دور رہنے کا فیصلہ

    لیگ کی شفافیت سے غیرمطمئن ٹی ٹین لیگ کے صدر سلمان اقبال پہلے ہی الگ ہوچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ ٹی ٹین لیگ کی شفافیت پر انگلش اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کردیا تھا، انگلش اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹی ٹین لیگ کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں شکایت درج کی جائے گی۔

    احسان مانی کہہ چکے ہیں کہ نہ تو لیگ کے مالک کا پتا ہے، نہ ہی آرگنائزر کاعلم ہے، یہ بھی واضح نہیں کہ پیسا کہاں سے آ رہا ہے، اس تناظر میں ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں کو تحفظ دینا ضروری ہے۔ چیئرمین پی سی بی کے تحفظات کا تا حال کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔

  • دبئی : کروڑوں درہم مالیت کا ہیرا برآمد، ملزم کو سزا

    دبئی : کروڑوں درہم مالیت کا ہیرا برآمد، ملزم کو سزا

    ابو ظہبی : اماراتی ریاست دبئی کی عدالت نے 7 کروڑ 30 لاکھ درہم مالیت کا ہیرا چوری کرنے والے سری لنکن سیکورٹی افسر کو ٹرائل پر بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی عدالت نے کروڑوں درہم مالیت کے ہیرے کی چوری کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایشیائی شہری کو سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر بھیج دیا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مجرم نے دبئی میں امریکی جیولری شاپ میں 9.33 کیرٹ ہیرے کی چوری کرنے کےلیے 3 سیکیورٹی دروازوں کو عبور کیا تھا۔

    دبئی پولیس اور چوری کی تحقیقات کرنے والے عملے کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش اور جیولری شاپ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہونے والی ویڈیو سے پتہ چلا کہ چور کوئی اور نہیں بلکہ جیولری شاپ کا سیکیورٹی افسر ہے جس کا تعلق سری لنکا سے ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تفتیشی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ 37 سالہ سری لنکن سیکیورٹی افسر نے ہیرا چوری کرنے کے بعد دبئی میں مقیم اپنے ایک رشتہ دار کو دیا تھا جس نے ہیرا کارگو کمپنی کے ذریعے جوتے کے ڈبے میں چھپا کر سری لنکا اسمگل کردیا تھا۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا تھا کہ دبئی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 37 سالہ سری لنکن چور کو اس کے 38 سالہ ساتھی کے ہمراہ گرفتار کرکے گذشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں اس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔

    دبئی کی عدالت نے سیکیورٹی افسر کے اعتراف جرم کرنے کے بعد 7 کروڑ 30 لاکھ درہم مالیت کا ہیرا چوری کرنے پر سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

  • قومی ٹیم نے کسی شعبے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی: سرفراز احمد

    قومی ٹیم نے کسی شعبے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی: سرفراز احمد

    دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے کسی شعبے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی، بطور کپتان میری کارکردگی بھی اچھی نہیں رہی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ 2018 سپر فور مرحلے کے چھٹے اور آخری میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 37 رنز سے باآسانی شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

    ٹیم کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کی پرفارمنس بہت بری رہی، میچ کے دوران ہماری بیٹنگ لائن لرکھڑا گئی تھی۔

    ایشیا کپ 2018: پاکستان کو شکست دے کر بنگلہ دیش کی فائنل تک رسائی

    خیال رہے کہ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا چھٹا میچ دراصل سیمی فائنل تھا کیونکہ میچ کی فاتح ٹیم کو فائنل میں بھارت سے ٹکرانا ہے۔

    آج کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا اعلان کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز نے 48.5 اوورز میں 239 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا۔

    واضح رہے کہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ مایوس کن رہی اور صرف 18 کے مجموعی اسکور پر کپتان سرفراز سمیت تین کھلاڑی پویلین روانہ ہوئے، امام الحق 85 ، آصف علی 31 اور شعیب ملک 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

    ایشیا کپ کا فائنل میچ بنگلادیش اور بھارت کے درمیان 28 اپریل کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

  • ایشیا کپ 2018: بھارت افغانستان کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر

    ایشیا کپ 2018: بھارت افغانستان کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر

    دبئی : افغانستان نے ایشیا کپ2018میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کیخلاف سپر فور کا آخری میچ برابر کردیا۔ جاتے جاتے افغان ٹیم نے شائقین کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق صحرائے عرب میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے میلے کے سپر فور مرحلے تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیم افغانستان نے جاتے جاتے کرکٹ شائقین کے دل جیت لیے۔

    دبئی میں کھیلے گئے میچ میں افغان بلے باز بھارت کیخلاف جم کر کھیلے۔ اوپنر محمد شہزاد نے جارحانہ انداز اپنایا اور116گیندوں پر ایک سو چوبیس رنز کی اننگز کھیل ڈالی جس میں11چوکے اور سات چھکے بھی شامل تھے، انہیں مین آف دی میچ کا ایوراڈ دیا گیا، محمد نبی نے بھی ہمت نہ ہاری اور نصف سنچری اسکور کی۔

    وکٹیں جلد کھونے کے باوجود افغان کرکٹ ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو باون رنز بناسکی۔ بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا نے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور یادیو نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ احمد، چاہار اور جادیو نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

    ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے اچھا آغاز کیا لیکن جلد ہی افغان ٹیم کے اسپنرز نے بھارتی بیٹسمینوں کو قابو کرنا شروع کردیا، افغانستان ٹیم کے شاندار کم بیک نے بھارتیوں کو حواس باختہ کردیا۔

    اسپنرز کا جادو چل گیا اور آخری اوور کی پانچویں گیند پر روندرا جڈیجا اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ دے بیٹھے۔ اس طرح افغانستان اور بھارت کا مقابلہ برابر رہا۔ افغانستان کی جانب سے محمد نبی اورآفتاب عالم نے دو جبکہ راشد خان اور جاوید احمدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

  • ایشیاکپ 2018: بھارت نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ایشیاکپ 2018: بھارت نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیاکپ کے آج کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیاکپ 2018 کے سپرفور مرحلے میں بھارت نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا، بھارت نے بنگلادیش کا 174 رنز کا ہدف 37 ویں اوور میں حاصل کیا۔

    میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اور ٹیم کی جیت میں مرکزی اور اہم کردار ادا کیا۔

    دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیشی ٹیم آخری اوور میں 173 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، رویندر جدیجانے 4، بمراہ اور بھونیشور نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

    ایشیا کپ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ، افغان ٹیم کے ہاتھوں‌ بنگلادیش کو عبرتناک شکست

    اس سے قبل ایشیا کپ 2018 کے چھٹے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو 136 رنز سے شکست دے کر دوسرا بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ افغانستان کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے اور مخالف ٹیم کو جیت کے لیے 256 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم ابتداء سے ہی مشکلات میں نظر آئی، شکیب الحسن 32 اور محمود اللہ 27 رنز بناسکے ، 255 رنز کے جواب میں بنگال ٹائیگرز 119 پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

  • بابراعظم کو تیز ترین دو ہزار رنز بنا کر دوسرے پاکستانی بیٹسمین بننے کا اعزازمل گیا

    بابراعظم کو تیز ترین دو ہزار رنز بنا کر دوسرے پاکستانی بیٹسمین بننے کا اعزازمل گیا

    دبئی : پاکستانی بیٹسمین بابراعظم نے45ویں اننگز میں دوہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا، لیجنڈ بیٹسمین ظہیرعباس کے بعد بابراعظم پینتالیسویں اننگز میں دوہزار رنز بنانے والے دوسرے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔

    گرین ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلےباز بابراعظم نے ایک اور کارنامہ اپنی ریکارڈ بک میں شامل کرلیا۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں تیزترین دو ہزار رنز بنا ڈالے۔ نوجوان بلے باز نے ون ڈے کیرئر کی پینتالیسویں اننگز میں نام دو ہزار رنز کے کلب میں شامل کرایا۔

    مزید پڑھیں: بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے

    ہانگ کانگ کیخلاف میچ سے پہلے بابراعظم ایک ہزارنو سو تہتر رنز بنا چکے تھے۔ انہیں ایشین بریڈمین ظہیرعباس کا ریکارڈ برابر کرنے کیلئے ستائیس رنز درکارتھے، سابق انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن بھی یہ اعزاز رکھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: بابر اعظم نے مین آف دی سیزیز کا ایوارڈ ’کراچی والوں‘ کے نام کردیا

  • دبئی: پاکستانی شہری نے رقم واپس نہ کرنے پر دوست کی گاڑی جلا ڈالی

    دبئی: پاکستانی شہری نے رقم واپس نہ کرنے پر دوست کی گاڑی جلا ڈالی

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں مقیم پاکستانی شہری نے رقم واپس نہ ملنے پر دوست کی گاڑی جلا دی، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق دبئی میں مقیم 34 سالہ پاکستانی شہری نے اپنے ہم وطن دوست کی جانب سے رقم واپس نہ ملنے پر اس کی گاڑی جلادی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا، مقدمے کا فیصلہ 20 ستمبر کو سنایا جائے گا۔

    ملزم نے عدالت نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کار کھول کر اس میں کاغذات رکھے اور انہیں آگ لگادی اس کے بعد آگ نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    عدالت میں 34 سالہ پاکستانی شہری کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے دوست کو رقم ادھار دی، جب اپنی زوجہ کے بیمار ہونے پرعلاج کے لیے رقم کی شدید ضرورت پڑی تو دوست سے رقم کی واپسی کا تقاضا کیا تاہم وہ معاملے کو ٹالتا رہا اور میرا فون بھی اٹھانا بند کردیا پھر میں نے غصے میں آکر اس کی گاڑی کو آگ لگادی۔

    رپورٹ کے مطابق 13 جولائی کو پاکستانی شہری نے اپنی گاڑی کمپنی کے قریب پارکنگ میں کھڑی کی تھی، ایک گھنٹے بعد اسے اطلاع دی گئی کہ اس کی گاڑی کو آگ لگ گئی ہے، ملزم کے دوست کا کہنا ہے کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میرا دوست رقم واپس نہ کرنے پر یہ قدم اٹھا لے گا۔

    واضح رہے کہ پولیس کیس کی مزید تحقیقات کررہی ہے جبکہ ملزم پولیس حراست میں ہے جس کے مقدمے کا فیصلہ 20 ستمبر کو سنایا جائے گا۔

  • ایشیاکپ میں شرکت  کے لیے قومی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں دبئی روانہ

    ایشیاکپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں دبئی روانہ

    لاہور: متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں دبئی روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم غیرملکی ایئرلائن کی پروازای کے 623 سے دبئی روانہ ہوئی، ٹیم نے ایونٹ میں اچھا پرفارم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    ایشیاکپ 15 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی، ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 19 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

    خیال رہے کہ ایشیا کپ کی سنہری ٹرافی کی رونمائی گذشتہ دنوں یو اے ای میں ہوئی، چھ ٹیمیوں کے درمیان اس ٹرافی کے حصول کے لیے جنگ ہوگی۔

    ایشیاکپ 2018: چمچماتی ٹرافی کی یو اے ای میں رونمائی

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایشیا کپ کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا تھا۔

    سولہ رکنی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، امام الحق، فخر زمان، شان مسعود، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حارث سہیل، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، عثمان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ اب تک ایشین کپ کے چودہ ٹورنامینٹ‌ہوچکے ہیں، جن میں‌ سے دو میں پاکستان نے فتح اپنے نام کی، سب سے زیادہ ٹورنامینٹ بھارت نے اپنے نام کیے۔

  • گاندھی جی دبئی میں، بھارتی رہنما سے مشبابہ شخص کی تصویر وائرل

    گاندھی جی دبئی میں، بھارتی رہنما سے مشبابہ شخص کی تصویر وائرل

    دبئی: بھارتی کے ممتاز سیاسی رہنما گاندھی جی دبئی پہنچ گئے، جہاں انھیں موبائل مارکیٹ میں دیکھ کر سب حیران رہ گئے.

    اگر آپ اس خبر کا حقیقت سمجھ رہے ہیں، تو ذرا ٹھہریں، یہ کانگریسی رہنما موہن داس کرم چند گاندھی کا تذکرہ نہیں، بلکہ ان سے مشبابہ ایک ضعیف شخص کا ذکر ہے، جس کی تصویر فیس بک پر پوسٹ ہوتے ہی وائرل ہوگئی.

    گبر سنگھ حیدری مارکیٹ، کراچی میں

    ممتاز شخصیات سے مشبابہ افراد کی تصاویر انٹرنیٹ پر بے حد مقبول ہیں، جنھیں سیکڑوں بار شیئر کیا جاتا ہے، وہ فقط سوشل میڈیا تک محدود نہیں‌ رہتیں، بلکہ میڈیا تک پہنچ جاتی ہیں.

    ایسی ہی ایک تصویر چند روز قبل وائرل ہوئی تھی، جس میں‌ بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم ’شعلے‘ کے ولن گبر سنگھ سے مشابہ شخص کو حیدری مارکیٹ، کراچی کی مارکیٹ میں دیکھا جاسکتا تھا.

    اب ایسی ہی ایک تصویر دبئی سے سامنے آئی ہے، جس میں گاندھی سے ملتے جلتے ایک صاحب دکھائی دے رہے ہیں.

  • دبئی کی نجی ایئرلائن کے ذریعے امریکا جانے والے مسافر بیمار

    دبئی کی نجی ایئرلائن کے ذریعے امریکا جانے والے مسافر بیمار

    نیویارک/دبئی : متحدہ عرب امارات کی امریکا جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز  ای کے 203 کا عملہ درجنوں مسافر وں سمیت دوران پرواز اچانک بیمار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی نیویارک پہنچنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں اچانک ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی، جب جہاز کے پائیلٹ نے پرواز کو رن وے پر لینڈ کرنے سے قبل ہی ایئر ٹریفک کنٹرولر کو بتایا کہ طیارے میں سوار کئی مسافر اور عملہ شدید بیمار ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کو مسافروں اور جہاز کے عملے کے بیمار  ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملے سمیت متعدد ایمبولینس رن وے پر پہنچ گئی۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا تھا کہ دبئی سے امریکی شہر نیویارک جانے والے طیارے اے 380 میں 500 مسافر سوار تھے جن میں متعدد مسافروں نے اچانک تیز بخار اور کھانسی کی شکایت کی۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز نیویارک پہنچنے والے نجی اماراتی ایئر لائن فلائٹ نمبر ای کے 203 جان ایف کینیڈی بین الااقوامی ہوائی اڈے پہنچی کو ریسکیو اہلکاروں بیمار مسافروں اور عملے کے افراد  کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے جہاز کا کنٹرول سنبھال لیا۔

    دوسری جانب نجی ایئرلائن کی جانب ٹویٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ پرواز کے نیویارک لینڈ کرتے ہی تمام مسافروں کی مقامی ہیلتھ اتھارٹی کے ذریعے چیک اپ کروایا گیا جبکہ عملے کے 7 افراد اور 3 مسافروں کو مزید طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    نجی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ 9 مسافروں کو ایئرپورٹ پر ہی مزید چیکنگ کے لیے روک کر دیگر مسافروں کو جانے کی اجازت دے دی تھی۔