Tag: Dubai

  • دبئی: درجنوں نایاب کچھوے سمندر میں چھوڑ دیے گئے

    دبئی: درجنوں نایاب کچھوے سمندر میں چھوڑ دیے گئے

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں درجنوں کچھوؤں کو سمندر میں چھوڑا گیا۔ یہ کچھوے معدومی کے خطرے کا شکار ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی میں سی ٹرٹلز یعنی سمندری کچھوؤں کے عالمی دن کے موقع پر معدومیت کے خطرے سے دو چار 21 کچھوؤں کو خلیج عرب میں چھوڑ دیا گیا۔

    جمعے کو ورلڈ سی ٹرٹل ڈے کے موقع پر دی دبئی ٹرٹل ری ہیبلی ٹیشن پروجیکٹ (ڈی ٹی آر پی) نے خلیج عرب میں 15 ہاکس بل اور 6 سبز کچھوے چھوڑے۔

    کچھوؤں کی یہ دو نسلیں جو معدومیت کا شکار ہیں، انہیں پانی میں چھوڑنے سے سمندر کا قدرتی ماحول توازن پاتا ہے، اس پروجیکٹ کا اہم مقصد ہاکس بل کچھوے کی افزائش ہے، جو کہ تشویش ناک حد تک معدومیت کا شکار ہے۔

    جمیرا گروپ کی سی ای او کیٹرینا گیانوسکا نے کہا ہے کہ ہم نے ماحولیاتی تبدیلی کا قیمتی سمندری مخلوق پر براہ راست اثر دیکھا ہے۔

    خلیج عرب میں کامیابی سے چھوڑے جانے والے کچھوؤں میں ایک مادہ سبز کھچوا، جس کا خول کشتی سے ٹکرانے کے باعث ٹوٹ گیا تھا اور زِپی نام کا نر ہاکس بل کھچوا شامل ہیں۔

    زِپی کو اکتوبر 2022 میں ڈی ٹی آر پی نے راس الخیمہ کے ساحل پر نہایت بری حالت میں ریسکیو کیا تھا، وہ پلاسٹک کا کوڑا کرکٹ کھانے کے باعث آنتوں اور پھیپھڑوں کی تکلیف کا شکار تھا۔

    برج العرب کی ڈائریکٹر ایکیورم باربرا لینگ لینٹن اریزابالا لگا کا کہنا تھا کہ کچھوؤں کی اتنی کم تعداد پر اس بات کی یقین دہانی کروانا ضروری ہے کہ ان کی آبادی کو قائم رکھنے کے لیے سب اپنا کردار ادا کریں۔

  • دبئی میں 58 ارب روپے کا ولا خریدنے کے لیے کون آمنے سامنے؟

    دبئی میں 58 ارب روپے کا ولا خریدنے کے لیے کون آمنے سامنے؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں 58 ارب پاکستانی روپے کا ولا فروخت کے لیے پیش کردیا، ولا کو خریدنے کے لیے ایک بھارتی اور ایک روسی شہری آپس میں مدمقابل ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی کے طلال الامارات محلے میں فرسائی محل کی طرز پر تیار کردہ پرآسائش ولا کی نیلامی میں ایک بھارتی اور ایک روسی کے درمیان ٹھن گئی، ولا کی ابتدائی قیمت 750 ملین درہم (58 ارب پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔

    دبئی میں ریئل اسٹیٹ بروکریج فرم نے ایک روز قبل ہی ولا 750 ملین درہم میں فروخت کرنے کی پیشکش کی تھی۔

    ولا کا اندرونی رقبہ 60 ہزار مربع فٹ ہے جو صرف 5 بیڈ رومز پر مشتمل ہے، ماسٹر بیڈروم 4 ہزار مربع فٹ پر بنا ہوا ہے، اتنا بڑا رقبہ بیشتر مکانات سے زیادہ ہے۔ ولا میں زمینی منزل، ڈائننگ ہال اور پلے روم ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیلامی میں ممکنہ طور پر حصہ لینے والا انڈین طلال الامارات ہی میں رہائش پذیر ہے، اس علاقے میں اس کے 3 ولاز ہیں۔

    سنگ مرمر سے بنے ولا کے ایک مربع فٹ کی قیمت 12 ہزار 500 درہم تک ہے، یہ طلال الامارات میں رجسٹرڈ دیگر ولاز کی قیمت کے حوالے سے دگنی ہے۔ یہاں اگست 2022 میں مہنگا ترین مکان 210 ملین درہم میں فروخت ہوا تھا۔

  • دبئی: سائیکل کی سواری مفت ملے گی

    دبئی: سائیکل کی سواری مفت ملے گی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ہفتہ 10 جون کو مفت سائیکل فراہم کی جائے گی، دبئی کے ہر علاقے میں 45 منٹ کے لیے کریم بائیک کے تمام اسٹیشنوں پر مفت سائیکلیں دستیاب رہیں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات دبئی میں ہفتہ 10 جون 2023 کو 45 منٹ تک مفت سائیکل فراہم کی جائے گی۔

    دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ماحول دوست وسائل کے استعمال کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، اس کے تحت دبئی کے ہر علاقے میں 45 منٹ کے لیے کریم بائیک کے تمام اسٹیشنوں پر مفت سائیکلیں دستیاب رہیں گی۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جو لوگ 45 منٹ سے زیادہ وقت کے لیے سائیکل استعمال کرنا چاہتے ہوں وہ سائیکلیں کرائے پر حاصل کر سکیں گے۔

    دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ماحولیات کے عالمی دن کے حوالے سے یہ اقدام کیا ہے جو ہر سال 5 جون کو منایا جاتا ہے۔

    دبئی اتھارٹی نے سائیکل پروگرام چھٹی کے دن رکھا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں شریک ہو سکیں، ہفتے کو سرکاری ملازم چھٹی پر ہوں گے اسی طرح پرائیوٹ سیکٹر کے بیشتر ملازمین کی بھی تعطیل ہوگی۔

  • دبئی: یورپی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ

    دبئی: یورپی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ

    ریاض: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں یورپی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، رواں برس یورپ سے 60 لاکھ سے زائد مسافروں نے دبئی کا رخ کیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی کی سیاحت کے حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ میں مغربی یورپ سے 13 لاکھ سے زائد سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا۔

    جنوری 2023 سے اپریل تک دبئی میں آنے والے سیاحوں میں سب سے زیادہ تعداد مغربی یورپ سے آنے والوں کی تھی جن کا تناسب مجموعی طور پر 22 فیصد رہا۔

    گزشتہ چار ماہ کے دوران مجموعی طور پر دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد 60 لاکھ سے زیادہ رہی۔

    مغربی یورپی سیاحوں کے بعد دوسرے نمبر پر جرمنی سے آنے والے سیاح تھے جن کی تعداد 2 لاکھ 69 ہزار رہی جبکہ تیسرے نمبر پر فرانس رہا جہاں سے سیاحت کے لیے 1 لاکھ 35 ہزار افراد دبئی پہنچے۔

    اٹلی سے دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد 1 لاکھ 4 ہزار تھی جس کے ساتھ اٹلی سے دبئی کی سیاحت کا نمبر چوتھا رہا۔

    سروے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سال جنوری سے اپریل کے درمیانی عرصے میں 8 ممالک سے سیاح دبئی آئے جن کی تعداد کرونا وبا سے قبل یعنی 2019 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    جن 8 ممالک سے سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا ان میں امریکا، کینیڈا، جرمنی، روس، عراق، قازقستان، بھارت اور ایران شامل تھے۔

    رواں برس کے ابتدائی 4 ماہ میں جنوبی ایشیا سے 963 ہزار سیاح متحدہ عرب امارات آئے۔

    جی سی سی ممالک سے 842 ہزار جبکہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ سے 7 لاکھ 82 ہزار سیاح امارات آئے ہیں۔

  • یہ خاتون روزانہ 70 لاکھ کی شاپنگ کیوں کرتی ہیں؟

    یہ خاتون روزانہ 70 لاکھ کی شاپنگ کیوں کرتی ہیں؟

    بازار جاکر شاپنگ کرنا دنیا بھر کی خواتین کا سب سے پسندیدہ مشغلہ ہے صرف یہ ہی نہیں بلکہ خریداری کرنا خواتین کی کمزوری بھی کہلاتا ہے۔

    بعض خواتین تو شاپنگ کی اتنی شوقین ہوتی ہیں کہ معمولی سی چیز کی خریداری پر اپنا خاصا وقت اور پیسہ خرچ کردیتی ہیں اس کے باوجود ان کے دل کو تسلی نہیں ہوتی۔

    کچھ ایسی ہی صورتحال دبئی میں رہنے والی ایک خاتون کی ہے جن کے بارے میں مشہور کہ وہ یومیہ 70 لاکھ سے زائد رقم کی شاپنگ کرتی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صودی نامی خاتون کے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر لاکھوں فالوورز ہیں جو ان کی طرز زندگی دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں۔

    خاتون کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ شاپنگ، کھانے پینے اور سفر پر بے دریغ پیسا خرچ کرتی ہیں اور انہیں خاص طور پر مہنگے بیگز، قیمتی گاڑیاں اور خوبصورت اور مہنگی جگہوں پر جانے کا شوق ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق سودی اور ان کے شوہر اکثر بیرون ملک چھٹیاں بھی ساتھ گزارتے ہیں اور اس دوران بھی ان کا طرز زندگی شاہانہ ہوتا ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق صودی برطانیہ میں پیدا ہوئی تھیں اور 6 سال کی عمر میں دبئی آگئی تھیں جبکہ ان کے شوہر جمال کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔

    رپورٹس کے مطابق دونوں کی ملاقات دبئی کی ایک یونیورسٹی میں ہوئی اور انہوں نے 2 سال پہلے شادی کی ہے۔

  • دبئی کی سیاحت میں ریکارڈ اضافہ

    دبئی کی سیاحت میں ریکارڈ اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں سیاحت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، 60 لاکھ سے زیادہ سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا ہے کہ شعبہ سیاحت کی کارکردگی میں غیر معمولی بہتری آئی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا تھا کہ سال رواں کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران 6.02 ملین غیر ملکی سیاح دبئی آئے، یہ تعداد 2022 کے ابتدائی 4 ماہ کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہیں۔

    محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا ہے کہ 2022 کے مقابلے میں سال رواں کے دوران سیاحوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ رواں برس کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران سب سے زیادہ سیاح بھارت سے آئے، ان کی تعداد 8 لاکھ 6 ہزار سے زیادہ ریکارڈ کی گئی جبکہ 4 لاکھ 74 ہزار روس سے، 3 لاکھ 91 ہزار برطانیہ سے اور 3 لاکھ 52 ہزار سعودی عرب سے آئے۔

    محکمہ سیاحت نے توجہ دلائی کہ دبئی میں سال رواں کے دوران ہوٹل 80 فیصد مصروف رہے جبکہ 2022 میں اسی عرصے کے دوران ہوٹل 76 فیصد تک مصروف تھے۔

  • دبئی کی بندرگاہ پر کشتی میں آگ بھڑک اٹھی

    دبئی کی بندرگاہ پر کشتی میں آگ بھڑک اٹھی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کی بندرگاہ پر کشتی میں آگ بھڑک اٹھی جس پر فوری طور پر قابو پالیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی سول ڈیفنس نے بر دبئی کی بندرگاہ پر ایک کشتی میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا۔

    دبئی سول ڈیفنس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہفتے کی صبح 9 بجے کشتی میں آگ لگنے کی اطلاع ملی جس پر فوری طور پر ٹیمیں روانہ کی گئیں۔

    اتحاد فائر اسٹیشن کی ٹیمیں 6 منٹ کے اندر بر دبئی بندرگاہ پہنچیں، بعد ازاں میری ٹائم ریسکیو سینٹر، الکرامہ اور الراس فائر اسٹیشن کی ٹیموں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

    ریسکیو اور فائر فائٹرز کی ٹیموں نے 45 منٹ کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا کر کولنگ آپریشن شروع کیا، آتشزدگی کے واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہییں ملی۔

    واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • دبئی میں چاند زمین پر آجائے گا

    دبئی میں چاند زمین پر آجائے گا

    متحدہ عرب امارات پہلے ہی بہت سی انوکھی اور حیران کن عمارات تعمیر کرچکا ہے اور اب وہ چاند جیسی عمارت تعمیر کرنے جارہا ہے۔

    کینیڈا سے تعلق رکھنے والے مائیکل ہینڈرسن نے 5 ارب ڈالرز کا ایک منصوبہ پیش کیا ہے جس کے تحت دبئی میں عام افراد کے لیے چاند کو تعمیر کیا جائے گا۔

    اس منصوبے کے تحت 30 میٹر بلند ایک عمارت کے اوپر 274 میٹر بلند چاند کو تعمیر کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ دبئی وہ شہر ہے جو پہلے ہی دنیا کی بلند ترین عمارات سمیت کئی عماراتی عجائب کا گھر ہے۔

    اس منصوبے کو مون کا نام دیا گیا ہے اور یہ چاند بنیادی طور پر ہوٹل یا ریزورٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا، مون ریزورٹ ان کارپوریشن نامی کمپنی کے ذریعے منصوبے کے لیے سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔

    مائیکل ہینڈرسن کا کہنا ہے کہ مون دنیا کا سب سے بڑا برانڈ ہے اور 8 ارب افراد اس کے بارے میں جان چکے ہیں حالانکہ ہم نے ابھی کام بھی شروع نہیں کیا۔

    اس منصوبے کے لیے مائیکل ہینڈرسن نے پام جمیرا میں چاند کی شکل کا ریزورٹ تجویز کیا ہے جس میں 4 ہزار کمرے ہوں گے اور 10 ہزار افراد قیام کر سکیں گے، جبکہ ایک لونر کالونی بھی قائم کی جائے گی تاکہ مہمانوں کو ایسا لگے کہ وہ حقیقت میں چاند پر چل رہے ہیں۔

    مختلف راتوں میں یہ عمارت کبھی مکمل، کبھی آدھی اور کبھی ہلال کی شکل میں جگمگاتی نظر آئے گا۔

    خیال رہے کہ اس منصوبے کے بارے میں پہلی بار رپورٹ ستمبر 2022 میں سامنے آئی تھی مگر اب زیادہ تفصیلات جاری کی گئی ہیں، البتہ مائیکل ہینڈرسن نے فی الحال چاند کی تعمیر کے آغاز کی تاریخ کے بارے میں نہیں بتایا۔

  • دبئی: دکان سے پتلون چرانے پر یورپی شہری کو سزا

    دبئی: دکان سے پتلون چرانے پر یورپی شہری کو سزا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ایک یورپی شہری کو ایک دکان سے پتلون چرانا مہنگا پڑ گیا، عدالت نے جرم ثابت ہوجانے پر سزا سنا دی۔

    اردو نیوز کے مطابق یورپی شہری کو دبئی میں معروف کمپنی کی پتلون کی چوری مہنگی پڑگئی، عدالت نے قید و جرمانے کا حکم سنا دیا۔

    یورپی شہری کو 13 سو 75 درہم قیمت والی پتلون پسند آگئی تھی، اس نے کاؤنٹر پر شرٹ کی قیمت 575 درہم ادا کردی اور پتلون بیگ میں چھپا کر شاپنگ سینٹر سے باہر نکل آیا۔

    شاپنگ سینٹر کے نمائندے نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یورپی شہری نے پسندیدہ پتلون لے کر چینجنگ روم میں جا کر پتلون بیگ میں ڈال لی اور شرٹ چیک کرنے کے بعد باہر آیا اور کاؤنٹر پر اس نے صرف شرٹ کی قیمت ادا کی اور باہر نکل گیا۔

    دبئی کورٹ نے الزام ثابت ہوجانے پر یورپی شہری کو ایک ماہ قید اور مسروقہ پتلون کی قیمت ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

    یورپی باشندے نے پولیس اسٹیشن میں چوری کی واردات کے حوالے سے اقبالی بیان ریکارڈ کروادیا۔

    عدالت نے رحمدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ایک ماہ قید اور ریاست سے بے دخلی کی سزا سنائی، پتلون کی قیمت جمع کروانے کا بھی حکم دیا۔

  • امارات میں سیاحوں کا رش، ہوٹلوں کا کاروبار بڑھ گیا

    امارات میں سیاحوں کا رش، ہوٹلوں کا کاروبار بڑھ گیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ہوٹلوں کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ اضافہ کرونا وبا کے دوران کاروبار کم ہوجانے کے بعد ہوا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کے ہوٹلوں کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ سال رواں کے آغاز سے ہوٹلوں کا کاروبار 30 فیصد تک بڑھ گیا ہے، یہ 2019 کے دوران ہونے والے کاروبار کو پیچھے چھوڑ گیا ہے۔

    عربیین ٹریول مارکیٹ ایگزیبیشن میں شرکت کے موقع پر ہوٹلوں کے ذمہ داران نے کہا کہ سال رواں کے دوران ہوٹلوں کی بکنگ میں توجہ طلب حد تک اضافہ ہوا ہے، 10 سے 30 فیصد تک ہوٹلوں کی آمدنی بڑھی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ سال رواں کی دوسری ششماہی کے دوران ہوٹلوں کی آمدنی میں شرح نمو مزید بڑھے گی۔

    اٹلانٹس دبئی میں سیلز مینیجر ایمن بکوش کا کہنا تھا کہ سال رواں کے شروع سے دبئی کے ہوٹلوں میں بکنگ توجہ طلب حد تک بڑھی ہے، سنہ 2019 کے مقابلے میں سیاحوں نے 25 فیصد زیادہ خرچ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریستورانوں، ہوٹلوں کی سہولیات اور ہوٹلوں کے مختلف اداروں پر سیاحوں کے خرچ کا تناسب بڑھا ہے۔

    ایمن بکوش نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں 187 سے زائد ممالک کے لوگوں نے دبئی کے ہوٹلوں میں بکنگ کروائی، ان میں روس، برطانیہ اور یورپی ممالک کے سیاح سرفہرست ہیں۔