Tag: Dubai

  • آئی سی سی کا پانچ روزہ اجلاس دبئی میں شروع

    آئی سی سی کا پانچ روزہ اجلاس دبئی میں شروع

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بورڈ کا پانچ روزہ اجلاس دبئی میں شروع ہوگیا ہے، اجلاس کے دوران کرکٹ میں بہتری کیساتھ محمد عامر کے معاملے پر بھی بحث ہوگی۔

    دبئی میں شروع ہونے والے آئی سی سی بورڈ کے پانچ روزہ اجلاس میں اینٹی کرپشن کوڈ، اینٹی ڈوپنگ، ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں کے ضابطہ اخلاق سمیت کرکٹ میں مزید بہتری کیلئے بحث کی جائیگی۔

     آئی پی ایل کیس کی سماعت کے بعد این سری نواسن پہلی بار اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔ اجلاس میں متنازعہ کرکٹر محمد عامر کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے پر بھی فیصلہ ہوگا۔

     آسٹریلوی کرکٹر فل ہیوس کی موت کے بعد کھلاڑیوں کی حفاظتی اقدامات پر بھی اجلاس میں غور کیا جائیگا کہ کس طرح ہلمٹ کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

  • محمد حفیظ کا بولنگ ٹیسٹ چھ فروری کو ہوگا

    محمد حفیظ کا بولنگ ٹیسٹ چھ فروری کو ہوگا

    دبئی : آئی سی سی نے معطل آف اسپنر محمد حفیظ کےبولنگ ایکشن کی جانچ کیلئے چھ فروری کی تاریخ دے دی۔معطل آف اسپنر محمد حفیظ ورلڈ کپ میں بولنگ کروا سکیں گے یا نہیں، فیصلہ چھ فروری کو ہوگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کی جانچ کیلئے چھ فروری کی تاریخ دے دی ہے۔

    پروفیسر محمد حفیظ کا ایکشن گذشتہ سال اکتوبر میں غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔ برسبین میں آئی سی سی کی منظور شدہ بائیو مکینک لیب میں حفیظ کا ایکشن ٹیسٹ چھ فروری کو لیا جائے گا۔

    کلیئر ہونے کی صورت میں حفیظ ورلڈ کپ میں بولنگ کرسکیں گے۔

  • عزیر جان بلوچ کی پاکستان حوالگی کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا

    عزیر جان بلوچ کی پاکستان حوالگی کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا

    کراچی: متحدہ عرب امارات حکومت عذیر بلوچ کی حوالگی کیلئے تیار ہیں لیکن حکومتِ سندھ کی عدم دلچسپی سے معاملہ اٹک گیا، تاحال کوئی ٹیم دبئی روانہ نہیں کی گئی۔

    دبئی میں گرفتار ہونے والے کالعدم امن کمیٹی اور لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر جان بلوچ کی پاکستان حوالگی کا معاملہ کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت ملزم کو پاکستان کے حوالے کرنے پر رضا مند ہے لیکن حکومت سندھ کی عدم دلچسپی نے معاملہ لٹکا دیا ہے، انٹر پول حکام عزیر بلوچ کو حوالے کرنے کیلئے پاکستانی ٹیم کے منتظر ہیں تاہم حکومت سندھ نے کوئی ٹیم تاحال دبئی روانہ نہیں کی ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اُن کا کام کو آرڈینیشن ہے، ملزم جس کو مطلوب ہو وہیں کی ٹیم جاتی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ عزیربلوچ کی حوالگی کا معاملہ سیاسی کشمکش کا شکار ہورہا ہے۔

    انتیس دسمبر دو ہزار چودہ کوعزیر بلوچ کو مسقط سے دبئی پہنچنے پر انٹر پول نےگرفتارکیا تھا۔ عزیربلوچ پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے قتل ، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور سو سے زائد دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

  • دنیا بھر میں نئے سال کے استقبال کا سلسلہ جاری

    دنیا بھر میں نئے سال کے استقبال کا سلسلہ جاری

    دنیا بھر میں نئے سال کے استقبال کا سلسلہ جاری ہے، سالِ نو کے موقع پر ہر سو خوشیوں کی بہاریں ہیں۔

    وقت کی سوئی نے جیسے ہی دو ہزار پندرہ کی سوئی کو چھوا تو دنیا کے بیشتر ممالک میں لوگوں کے چہرے کھل اٹھے، دو ہزار پندرہ کا استقبال نہایت پُرجوش انداز میں کیا گیا، دو ہزار چودہ کا آخری سورج سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں غروب ہوا۔

    سال ِ نو کی تقریبات کا آغاز نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے اسکائی ٹاور پر شاندار آتش بازی سے ہوا، جیسے ہی گھڑی نے بارہ بجائے رات میں دن کا سماء پیدا ہوگیا،  نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا میں نئے سال کا استقبال ہوا۔

      دوہزار پندرہ کی آمد کا استقبال سڈنی میں آسمان پر رنگوں کی بہاریں تھیں، آتشبازی کا ایسا مظاہرہ کیا گیا کہ آنکھیں دنگ رہ گئیں۔

    جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہزاروں افراد نے فضاء میں غبارے چھوڑ کر نئے سال کو خوش آمدید کہا، دبئی کے برج الخلیفہ پر سال نو کا استقبال کرنے کیلئے آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، رات کے بارہ بجتے ہی دنیا کے بلند ترین ٹاور سے رنگ ونور کا سیلاب امڈ آیا، جس نے لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑلیا۔

    سال نو کی آمد پر ہانگ کانگ ، بیجنگ اور ماسکو میں بھی آتشبازی نے آسمان پر دلفریب رنگ بکھیر دیئے، دو ہزار چودہ اپنے دامن میں دہشت گردی، ظلم و جبر ،غربت وافلاس اور ناانصافی لئے بیت گیا، دو ہزار پندرہ کا آغاز امیدوں آرزووں اور اس دعا کے ساتھ کہ نیاسال امن وترقی کی نوید لائے۔

  • آئی سی سی نے ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کردی

    آئی سی سی نے ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کردی

    دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے اور پلیئرز رینکنگ جاری کردی ہے۔ نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز میں شکست نے پاکستان کو چھٹی پوزیشن سے محروم کردیا ۔

    شاہد آفریدی ہر شعبے میں رینکنگ بہتر بنانے میں کامیاب رہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کیخلاف شکست رینکنگ میں تنزلی کا سبب بن گئی۔

    قومی ٹیم اب ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں پوزیشن پر آگئی ہے۔ پلیئرز رینکنگ کی بات کی جائے تو بیٹسمینوں کی فہرست میں کیوی کھلاڑی کین ولیمسن پہلی مرتبہ ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے۔

    انجری کے شکار مصباح الحق کی ایک درجہ تنزلی ہوئی۔ محمد حفیظ دو درجہ تنزلی کے بعد بائیس،عمر اکمل اکتیسویں نمبر پر پہنچ گئے، شاہد آفریدی آل راؤنڈر پرفارمنس دکھاتے ہوئے ہر شعبے کی رینکنگ میں بہتری لانے میں کامیاب رہے۔

    بیٹسمینوں کی فہرست میں وہ تیرہ درجہ بہتری کے بعد چوالیس نمبر پر،بولرز میں انکا اٹھارہواں نمبر اور آل راؤنڈز کی فہرست میں آفریدی کا نمبر پانچواں ہوگیا ہے۔ سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہنے کی وجہ سے نمبر ون بولر کی پوزیشن سے محروم ہوگئے ہیں۔

  • آئی ایم ایف سےپاکستان کیلئے ایک ارب دس کروڑ ڈالر قرض کی منظوری

    آئی ایم ایف سےپاکستان کیلئے ایک ارب دس کروڑ ڈالر قرض کی منظوری

    دبئی: انٹرنینشل مانیٹری فنڈ نے پاکستان کیلئے ایک ارب دس کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

     آئی ایم ایف کےواشنگٹن میں ہونےوالے ایگزیکٹو بورڈکےاجلاس میں دی گئی، وفاقی سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نےتصدیق کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ آئی ایم ایف نےپاکستان کی اقتصادی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا ہے۔

    آئی ایم ایف نےپاکستان کیلئےستمبردوہزار تیرہ میں چھےارب ستر کروڑ ڈالر قرض پروگرام کی منظوری دی تھی۔پاکستان چار قسطوں میں اب تک آئی ایم ایف سےدو ارب بیس کروڑ ڈالر وصول کرچکا ہے۔۔ذرائع کے مطابق حالیہ ایک ارب دس کروڑ ڈالر تین روز میں پاکستان کو ملنےسے ملکی زرمبادلہ کےذخائر پندرہ ارب ڈالرتک پہنچ جائینگے۔

  • آئی ایم ایف کے ایگزیکیٹو بورڈ کا اجلاس 17دسمبر کو ہوگا

    آئی ایم ایف کے ایگزیکیٹو بورڈ کا اجلاس 17دسمبر کو ہوگا

    کراچی: انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ کے ایگزیکیٹو بور ڈ کا اجلاس سترہ دسمبر کو ہوگا،اجلاس میں پاکستان کیلئے پچپن کروڑ ڈالر کی دو اقساط کی منظوری متوقع ہے۔

    عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ایگزیکیٹو بورڈ کا اجلاس میں سترہ دسمبر کو واشنگٹن میں ہوگا۔وزارت خزانہ زرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان کےلیے پچیپن کروڑ ڈالر کی دو اقساط کی منظوری کا امکان ہے۔

    وزارت خزانہ کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کی معاشی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، آئی ایم ایف سے رقم ملنے پر زرمبادلہ ذخائر پندرہ ارب ڈالر تک پہنچنےکا امکان ہے۔

  • دبئی: پاکستانی اوربھارتی گلوکاروں نے میلہ لوٹ لیا

    دبئی: پاکستانی اوربھارتی گلوکاروں نے میلہ لوٹ لیا

    دبئی : ریڈ بل کی جانب سے دبئی میں میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی اور بھارتی گلوکاروں نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ کنسرٹ میں شریک لوگوں کی بڑی تعداد نے دونوں ممالک کے موسیقاروں کو دل کھول کر داد دی۔

    دبئی جو بھارتی اور پاکستانی شہریوں کے لیے دوسرا ہوم گراؤنڈ سمجھا جاتا ہے اورجہاں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان کرکٹ کے متعدد مقابلے بھی منعقد ہوچکے ہیں مگر اس بار نہ تو دونوں ممالک کے سیاستدان یہاں تھے اور نہ ہی یہاں روایتی حریفوں میں کرکٹ کا مقابلہ ۔

    بلکہ اس بار یہاں اسٹیج سجا، دونوں ممالک کے گلوکاروں کی پرفارمنس کے لیےجس میں پاکستان کی جانب سے متعدد ایوارڈز جیتنے والے بینڈ اسٹرنگز اور بھارتی بینڈ ایفوریا نے پرفارمنس دی اور شائقین موسیقی کے دل موہ لیے۔

    اس موقع پر دونوں ممالک کے گلوکاروں کی پرفرمنس پر شائقین نے خوب ہلہ گلہ کیا اور انھیں دل کھول کر داد دی کنسرٹ میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

  • خام تیل کی قیمت میں کمی، حکومت کو 27 ارب روپے کی بچت

    خام تیل کی قیمت میں کمی، حکومت کو 27 ارب روپے کی بچت

    کراچی: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی سے وزارت پانی و بجلی اور پاور سیکٹر کو گزشتہ ماہ میں ستائیس ارب روپے کی بچت ہوئی۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں وزارت پانی و بجلی حکام نے بتایا کہ نومبر کے مہینے میں خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے باعث پاور سیکٹر کو ستائیس ارب روپے کی بچت ہوئی ہے ۔اجلاس میں پاور سیکٹر کی موجود صورت حال اور زیر گردش قرضوں کا مسئلہ بھی زیر غور آیا۔

    وزارت پانی و بجلی حکام کے مطابق عالمی قیمتوں میں کمی سےبجلی کی پیداواری لاگت میں سب سے زیادہ کمی ہوئی ہے، گزشتہ چھ ماہ کے دوراں فرنس آئل کی قیمت میں پچیس فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری

    کراچی: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے ، ایران نے خام تیل کی قیمت چالیس ڈالر فیل بیرل تک گرجانے کی پیش گوئی کردی ۔

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت پانچ سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے،عالمی منڈی میں نیو یارک کے خام تیل میں ایک ڈالر کمی کے بعد باسٹھ ڈالر فی بیرل جبکہ نارتھ برینٹ کی قیمت چھیاسٹ ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے، ایران کا کہنا ہے کہ اوپیک اور امریکہ میں اختلاف جاری رہا تو خام تیل کی قیمت چالیس ڈالر فی بیرل تک گر سکتی ہے،رواں سال کے دوران خام تیل کی قیمت میں پینتیس فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔