Tag: Dubai

  • دبئی میں‌ جوڑے کی ویڈیو بنانے والے شخص کو عبرت ناک سزا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں ایک بے روزگار ایشیائی شہری پڑوس میں رہائش پذیر جوڑے کی ویڈیو بناتے ہوئے پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں کراما اپارٹمنٹ میں ایک شخص خفیہ طریقے سے پڑوس میں رہائش پذیر ایک جوڑے کی ویڈیو بناتے ہوئے پکڑا گیا، عدالت نے اسے 2 ماہ قید کی سزا کے ساتھ ساتھ قید کے اختتام پر ملک بدر کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

    متاثرہ شخص نے دبئی کی فوجداری عدالت کو بتایا کہ 26 سالہ ایشیائی شہری نے رات کو ان کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موبائل فون سے ویڈیو بنانے کی کوشش کی، جس پر میں نے اسے پکڑ لیا۔

    دی نیشنل نیوز کے مطابق متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ انھوں نے پولیس کو کال کرنے سے قبل ویڈیو بنانے والے شخص کو پکڑا، وہ فلیٹ کے پارٹیشن کی جپسم کی دیوار میں موجود سوراخ سے موبائل کے ذریعے ویڈیو بنا رہا تھا، اہل کار آدھی رات کے بعد اپارٹمنٹ پہنچے اور اس شخص کو گرفتار کر لیا گیا جس نے 25 سیکنڈ کی ویڈیو ریکارڈنگ کا اعتراف کیا۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اپارٹمنٹس کا اشتراک غیر قانونی ہے، لیکن جوڑے نے کہا کہ وہ مالی مشکلات کی وجہ سے علیحدہ فلیٹ کرائے پر نہیں لے سکتے۔ اس صورت حال کے پیش نظر دبئی میں متعدد غیر ملکی کوئی ایک فلیٹ کرائے پر حاصل کر کے اس کے کمرے شیئر کر لیتے ہیں۔ پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ آیا فلیٹ کو ذیلی لیز پر دینے کے لیے مالک مکان یا کرایہ داروں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی یا نہیں۔

    ایشیائی شہری نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا غلط ہوا، عدالت سے رحم کی درخواست کرتا ہوں، میرا مقصد پڑوسی جوڑے کی پرائیویسی میں خلل ڈالنا نہیں تھا۔ تاہم عدالت نے اسے دو ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔

  • دبئی نے عالمی سطح پر بڑا اعزاز حاصل کر لیا

    دبئی نے عالمی سطح پر بڑا اعزاز حاصل کر لیا

    دبئی شہر نے عالمی سطح پر بڑا اعزاز حاصل کر لیا ہے، دنیا کے 100 بہترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحت، پائیداری اور اقتصادی کارکردگی کے لیے شہروں کی درجہ بندی کرنے والی ایک تحقیق کے مطابق دبئی دنیا کا دوسرا بہترین شہر ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس درجہ بندی میں پیرس نے دوسری بار دنیا کے بہترین شہر ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے، خوشبوؤں کا شہر اور فرانس کا دالحکومت پیرس سیاحوں کی پہلی پسند قرار پایا ہے، یعنی پہلے ورلڈ کپ کا فائنل اور اب فرانس کے پاس کرہ ارض کے بہترین شہر ہونے کا بھی اعزاز آ گیا ہے۔

    ٹاپ سو شہروں میں دبئی کو دوسرا بہترین شہر قرار دیا گیا ہے، جب کہ ایمسٹرڈیم تیسرے نمبر پر ہے، چوتھے نمبر پر میڈرڈ، پانچویں پر روم اور لندن چھٹے نمبر پر آیا، ساتویں پر میونخ اور آٹھویں پر برلن براجمان ہوا ہے، بارسلونا نویں نمبر پر جب کہ نیویارک 10 ویں نمبر پر آیا ہے۔

    یہ رپورٹ یورو مانیٹر انٹرنیشنل کی ٹاپ 100 سٹی ڈسٹینیشنز رینکنگ نے ڈیٹا انٹیلی جنس کمپنی ٹرانسپیرنٹ انٹیلی جنس کے اشتراک سے جاری کی ہے۔

    اس رینکنگ کے لیے 6 اہم شعبوں میں شہروں کا موازنہ کیا گیا، جن میں اقتصادی اور کاروباری کارکردگی، سیاحت کی کارکردگی، سیاحت کا انفرا اسٹرکچر، سیاحت کی پالیسی اور کشش، صحت اور حفاظت، اور پائیداری شامل ہیں۔

    لاس اینجلس امریکا کا دوسرا بہترین شہر قرار پایا تاہم مجموعی طور پر 14 ویں پر ہے، سڈنی 32 ویں نمبر پر ہے، لیکن میلبورن (34 واں) سے آگے ہے، اور ایڈنبرا 54 ویں نمبر پر ہے، جب کہ اس کے برعکس ٹائم آؤٹ کی درجہ بندی میں اسے 2022 کا دنیا کا بہترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

    اس فہرست میں پاکستان کا کوئی شہر نہیں ہے تاہم پڑوسی ملک بھارت کا شہر دہلی 77 ویں نمبر پر آیا ہے۔

  • دبئی سمیت 6 ممالک میں بڑا آپریشن، منشیات کا ’سپر کارٹیل‘ ختم کر دیا گیا

    دبئی سمیت 6 ممالک میں بڑا آپریشن، منشیات کا ’سپر کارٹیل‘ ختم کر دیا گیا

    دبئی: یورپ میں ایک تہائی کوکین سپلائی کرنے والا برطانوی منشیات فروش دبئی سے گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 6 انتہائی مطلوب برطانوی، ڈچ، ہسپانوی اور فرانسیسی شہریوں کو، جنھیں ’ڈرگ لارڈز‘ کے نام سے جانا جاتا تھا، دبئی میں گرفتار کیا گیا ہے، یہ ایک ’سپر کارٹیل‘ تھا جو یورپ کی کوکین کی تجارت کا ایک تہائی کنٹرول کرتا تھا۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق منشیات فروشی کے برطانوی سرغنہ کو اسپین سے فرار ہو کر دبئی پہنچنے پر گرفتار کیا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق منشیات فروشوں کا سرغنہ اسپین میں بیٹھ کر منشیات کا دھندہ چلا رہا تھا، اسپین، فرانس، بیلجیئم، نیدرلینڈز اور متحدہ عرب امارات میں بھی 30 ٹن سے زائد منشیات ضبط کی گئیں۔

    پانچ ممالک میں چھاپوں کے دوران گروہ کے 49 مشتبہ ارکان کو گرفتار کیا گیا، یوروپول کے مطابق ایک بہت بڑی منشیات سپر کارٹیل کو ختم کر دیا گیا ہے جو یورپ کی کوکین کی ایک تہائی تجارت کو کنٹرول کرتا تھا۔

    اسپین میں 15 افراد کو گرفتار کیا گیا، جہاں تفتیش کاروں نے 24 ملین یورو کے اثاثے بھی ضبط کیے، دبئی میں گرفتار افراد میں سے ایک برطانوی شہری بھی ہے، جسے ہسپانوی پولیس نے ’تنظیم کا سربراہ‘ قرار دیا ہے۔

    ’یورپی سپر کارٹیل‘ کے نام سے موسوم یہ گینگ انڈر ورلڈ میں ڈرگ لارڈز کے نام سے جانا جاتا تھا، اور اس کا پورے یورپ میں نیٹ ورک تھا، خیال کیا جاتا ہے کہ ان کے مافیا کی بدنام زمانہ شخصیات سے روابط ہیں۔

  • دبئی میں پاکستانی شہری کے لیے اعزاز

    دبئی میں پاکستانی شہری کے لیے اعزاز

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ایک پاکستانی کو ٹریفک کنٹرول کرنے پر اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس کے کمانڈر جنرل عبد اللہ المری نے دبئی کے ایک چوراہے پر ٹریفک کو کنٹرول کرنے والے پاکستانی شہری عباس خان کو اعزاز سے نوازا ہے۔

    عباس خان نے دبئی کے ایک چوراہے پر ٹریفک جام کو دیکھتے ہوئے رضا کارانہ طور پر ٹریفک کو منظم کیا۔

    مقامی شہریوں اور تارکین وطن نے عباس خان کے اس اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جسے بے حد سراہا گیا۔

    دبئی پولیس کے کمانڈر جنرل عبداللہ المری نے عباس خان کے اس اقدام اور دبئی سے اس محبت کی قدر کرتے ہوئے ان کی عزت افزائی کی، عبداللہ المری نے کہا کہ عباس خان کی کاوشیں قابل قدر ہیں، انہوں نے جو کچھ کیا بہت اچھا اور اچھے انداز میں کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عباس خان نے اپنے اس اقدام کے ذریعے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ فرض شناس ہیں اور دبئی کے معاشرے کے لیے محبت کا جذبہ رکھتے ہیں۔

  • دبئی: ’مثالی‘ ڈرائیورز کے حوالے سے اہم خبر

    دبئی: ’مثالی‘ ڈرائیورز کے حوالے سے اہم خبر

    دبئی: محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ دبئی میں ’مثالی‘ ڈرائیوروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    الامارات الیوم کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی محکمہ ٹریفک کے قائم مقام ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمعہ سویدان نے کہا ہے کہ معاشرے میں ٹریفک آگہی بڑھ رہی ہے، اور مثالی ڈرائیوروں کے گراف میں اضافہ ہونے لگا ہے۔

    انھوں نے کہا 2021 کے دوران 12 ہزار 351 مقامی شہریوں نے محفوظ ڈرائیونگ کی، ان میں سے کسی پر کوئی ٹریفک خلاف ورزی ریکارڈ نہیں کی گئی، اور پابندی کا تناسب 161 فی صد رہا۔

    بریگیڈیئر جمعہ سویدان کے مطابق 18 سے 30 برس تک کے مثالی ڈرائیورز کی تعداد 25 ہزار رہی۔

    انھوں نے بتایا ’اس سال 2 لاکھ 44 ہزار 446 ڈرائیوروں نے ٹریفک نظام کی پابندی کی جب کہ 2021 کے دوران ان کی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار 896 تھی، اور 2020 میں ایک لاکھ 37 ہزار 269 اور 2019 میں 87 ہزار 562 مثالی ڈرائیور ریکارڈ پر آئے تھے۔‘

    گزشتہ سال ٹریفک نظام کی پابندی کرنے والے مقامی ڈرائیوروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ بریگیڈیئر جمعہ سویدان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ٹریفک نظام کی بیش تر خلاف ورزیاں نوجوان کر رہے تھے، اب ان کے یہاں خلاف ورزیوں کی شرح کم ہو گئی ہے۔

  • دبئی کے کمرشل بینکوں کی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار

    دبئی کے کمرشل بینکوں کی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار

    دبئی: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے دبئی میں کمرشل بینکوں کی انتظامیہ سے ملاقات کی، کمرشل بینکوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی دبئی میں کمرشل بینکوں کی انتظامیہ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان کے لیے کمرشل فنانسنگ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خزانہ نے پاکستان میں معاشی اصلاحات کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔

    وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کمرشل بینکوں نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، کمرشل بینکوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

  • دبئی : پاکستانی شہری نے ایک لاکھ درہم جیت لیے

    دبئی : پاکستانی شہری نے ایک لاکھ درہم جیت لیے

    دبئی : متحدہ عرب امارات میں پاکستانی شہری نے ایک لاکھ درہم جیت لیے، ہفتہ وار محظوظ قرعہ اندازی میں تین خوش قسمت شرکاء نے ایک ایک لاکھ درہم حاصل کیے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کی محظوظ نامی کمپنی کی ہفتہ وار قرعہ اندازی میں تین خوش قسمت غیرملکی شہریوں نے فی کس ایک لاکھ درہم جیت لیے۔

    مذکورہ کمپنی کی یہ 55 ویں لائیو قرعہ اندازی تھی، جس میں تین خوش قسمت تارکین وطن نے اپنا قیمتی انعام وصول کیا، اس موقع پر ان کی خوشی قابل دید تھی۔

    خلیج ٹائمز کے مطابق برطانیہ سے انس، پاکستان سے محمد اور بھارت سے قدیر نے پہلا انعام اپنے نام کیا، ان کے جیتنے والے ریفل نمبر بالترتیب 23208857، 23038820 اور 23136429 تھے۔

    اس کے علاوہ 23 شرکاء کے 5 میں سے 4 نمبرز میچ کیے جنہوں نے 10 لاکھ درہم کا دوسرا انعام حاصل ہوئے ہر ایک نے 43 ہزار 478 درہم جیتے۔

    اس کے علاوہ 350 درہم کا تیسرا انعام 1 ہزار 378 دیگر شرکاء نے جیتا جن کے 5 میں سے 3 نمبروں میں مماثلت تھی، یوں قرعہ اندازی میں 1 ہزار 404 شرکاء مجموعی انعامی رقم میں سے 17 لاکھ 82 ہزار 300 درہم جیت گئے۔

    اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دو کروڑ درہم کا سب سے بڑا انعام اب بھی باقی ہے، جو حاصل کرنے کے لیے محظوظ میں شرکت کرنا آسان ہے۔

    اس مقصد کے لیے تمام آنے والوں کو محظوظ ڈاٹ اے ای کے ذریعے اندراج کرانا چاہیے اور 35 درہم میں پانی کی بوتل خریدنا ہوگی، خریدی گئی ہر بوتل کے لیے شرکاء سب سے بڑا انعام، دوسرا انعام یا تیسرا انعام جیتنے کے موقع کے لیے محظوظ کی عظیم الشان قرعہ اندازی میں حصہ لے سکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی کی یہ بوتل خریدنے والے خود بخود ہفتہ وار ریفل ڈرا میں بھی شامل ہوجائیں گے جہاں تین خوش قسمت فاتحین کو ہر کسی کو ایک لاکھ درہم گھر لے جانے کی ضمانت دی جائے گی۔

  • چمگادڑ کے نام سے مشہور خطرناک مجرم دبئی پولیس نے کیسے پکڑا؟

    چمگادڑ کے نام سے مشہور خطرناک مجرم دبئی پولیس نے کیسے پکڑا؟

    ابو ظہبی: دبئی پولیس نے منشیات کے خطرناک ڈیلر کو گرفتار کرلیا جو دبئی میں دی بیٹ (چمگادڑ) کے نام سے مشہور تھا، ملزم دبئی میں بھیس بدل کر کام کر رہا تھا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے منشیات کے خطرناک ڈیلر کو گرفتار کیا ہے جو دبئی میں دی بیٹ (چمگادڑ) کے نام سے مشہور تھا۔

    دبئی پولیس کے ماتحت انسداد منشیات کے قائم مقام ڈائریکٹر بریگیڈئیر خالد بن مویزہ نے بتایا کہ الخفاش کی گرفتاری پولیس کی بڑی کامیابی ہے، اس کے لیے خصوصی آپریشن کیا گیا جو مسلسل 10 روز تک جاری رہا۔

    دی بیٹ کا تعلق منشیات کے بین الاقوامی گروہ سے ہے اور وہ دبئی میں بھیس بدل کر کام کر رہا تھا اور پکڑا نہیں جا سکا تھا، اس کے قبضے سے 200 کلو گرام نشہ آور اشیا برآمد ہوئی ہیں۔

    انسداد منشیات کے قائم مقام ڈائریکٹر نے بتایا کہ گزشتہ دنوں منشیات کا کاروبار کرنے والے کئی ایشیائی باشندے پکڑے گئے تھے، ان کے خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگایا گیا جہاں وہ ممنوعہ اشیا زیر زمین چھپا کر رکھتے تھے۔

    تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملزمان کو ایک شخص منشیات سپلائی کرتا ہے جو دی بیٹ کے نام سے مشہور ہے، تاہم اس کی شکل و صورت سے کوئی واقف نہیں تھا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ منشیات کا اصل سرغنہ امارات سے باہر مقیم ہے اور دی بیٹ اس کا نائب ہے اور وہ سوشل میڈیا کی مدد سے منشیات کا دھندا چلا رہا تھا۔

    دبئی پولیس نے سرغنہ کی نشاندہی اور اس تک رسائی کا منصوبہ بنایا، اس دوران ایک شخص کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔

    ابتدا میں اس نے خود کو نشئی ظاہر کر کے چکمہ دینے کی کوشش کی، اسی دوران پولیس کے سراغ رسانوں نے معلوم کرلیا کہ زیر حراست شخص ہی الخفاش ہے۔

    دی بیٹ نے دو گاڑیاں رکھی ہوئی تھیں، ایک سے وہ سفر کرتا تھا جبکہ رہائشی عمارت کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی کو وہ منشیات کے گودام کے طور پر استعمال کر رہا تھا۔

  • گولڈن اقامہ ہولڈر: نئے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے تین شرائط

    گولڈن اقامہ ہولڈر: نئے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے تین شرائط

    دبئی: گولڈن اقامہ ہولڈر کے لیے نئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے تین شرائط رکھی گئی ہیں۔

    الامارات الیوم کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی ٹرانسپورٹ اینڈ روڈز اتھارٹی نے کہا ہے کہ گولڈن اقامہ ہولڈرز شرائط پوری کر کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔

    اتھارٹی کے مطابق گولڈن اقامہ ہولڈرز کو ریاست میں نیا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے تین شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

    پہلی شرط اپنے ملک کے مؤثر ڈرائیونگ لائسنس کی کاپی، دوسری شرط نظری امتحان پاس کرنا اور تیسری شرط روڈ ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔

    دبئی میں روڈ ٹیسٹ ڈرائیونگ اسکول کے باہر سڑک پر گاڑی چلوا کر لیا جاتا ہے۔

    امارات کی کسی اور ریاست کے ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر کے حوالے سے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اگر دبئی کے علاوہ امارات کی کسی اور ریاست سے اقامہ جاری ہوا ہو، تو ایسی صورت میں دبئی سے ڈرائیونگ لائسنس جاری کرانے کی درخواست دیتے وقت بھی بعض دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔

    ان میں دبئی میں مکان کے کرایے کے معاہدے یا کمپنی کے کاروباری لائسنس کی کاپی اور اقامہ جاری کرنے والے ادارے کی دستاویز شامل ہیں، دبئی میں کارکن کے ہیڈکوارٹر کی موجودگی ثابت کرنے والا کمپنی کا خط بھی دینا ہوگا۔

    واضح رہے کہ دبئی میں 21 برس سے کم عمر افراد کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی فیس سو درہم جب کہ 21 برس اور اس سے زیادہ امیدواروں کی فیس 300 درہم ہے۔

    ’الابتکار و المعرفہ‘ فیس 20 درہم لی جاتی ہے۔

  • دبئی میں اب بغیر ڈرائیور کے ٹیکسیاں چلیں گی

    دبئی میں اب بغیر ڈرائیور کے ٹیکسیاں چلیں گی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں جلد بغیر ڈرائیور ٹیکسیاں سڑکوں پر دکھائی دیں گی، بغیر ڈرائیور ٹیکسیوں کا تجربہ جمیرا ون زون سے کیا جائے گا۔

    خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے عہدیدار خالد العوضی کا کہنا ہے کہ جلد دبئی کی سڑکوں پر ڈرائیور لیس ٹیکسیاں نظر آئیں گی۔

    خالد العوضی کا کہنا ہے کہ متعدد مقامات پر خود کار 5 ٹیکسیاں تجرباتی طور پر چلائی جائیں گی، بغیر ڈرائیور ٹیکسیوں کا تجربہ جمیرا ون زون سے کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈرائیور لیس ٹیکسیوں کا تجربہ آئندہ چند ہفتوں میں اور سال رواں کے اختتام سے قبل شروع کردیا جائے گا۔

    اتھارٹی الخیلج کمرشل زون اور سٹی سینٹر میں اسمارٹ گاڑیاں چلانے کے لیے میپ تیار کر رہی ہے، جمیرا ون زون کا اضافہ بھی اس میں ہو گا۔ یہ نقشے جولائی میں ہی تیار کرلیے گئے تھے۔

    العوضی نے جیٹیکس 2022 نمائش میں شرکت کے موقع پر کہا کہ اتھارٹی نے جیٹیکس کے اپنے اسٹال پرعوام کو دکھانے کے لیے خود کار ٹیکسی سجائی گئی ہے، یہ سان فرانسسکو میں زیر استعمال ان دسیوں ٹیکسیوں میں سے ایک ہے جو وہاں عام ہو چکی ہیں۔

    اس طرح کی مزید 4 ٹیکسیاں لائی جائیں گی اور دبئی میں ان کا تجربہ ہوگا۔

    العوضی کا کہنا تھا کہ جیٹیکس میں جو کروز ٹیکسی دکھائی جا رہی ہے وہ اسمارٹ گاڑی ہے اور یہ سان فرانسسکو میں 50 ہزار میل کا سفر طے کر چکی ہے، اس سے وہاں کے لوگ سفر کر چکے ہیں۔